طیبہ فاطمہ کالج اسٹوڈنٹ

محترمہ ایڈیٹر صاحبہ
السلام علیکم !
بلا شبہ ھادیہ ای میگزین اپنے نام کی طرح فکروعمل کے ہر میدان میں واقعی بہت زیادہ مفید ثابت ہو رہا ہے۔علم،معلومات ،خیالات وجذبات ،احساس و عمل میں اضافہ اور مثبت تبدیلی کاباعث بن رہا ہے۔اس کے تمام ہی مضامین واقعی نئی امنگ اور نئے موضوعات کے ساتھ بہت دلچسپ ہیں۔البتہ ابھی مجھے جس بات نے جھنجھوڑ کر رکھ دیا وہ محترمہ مبشرہ صاحبہ کی تحریر بعنوان ’ہم کدھر جارہے ہیں؟ ‘ہے۔واقعی بہت اچنبھا ہوا کہ انجانے طورپر ہی سہی ہم لوگ بھی اکثر بچوں کوخود مشورہ دےبیٹھتے ہیں کہ تصویر لو یاہم خود لے لیتے ہیں۔جس سے بعد میں ان کے اندر ریاکاری کی عادت پروان چڑھتی ہے اور وہ اپنے اطراف و اکناف سے بے خبر تصویریں لینے اور لوگوں دکھانے کے مقصد میں مگن رہتے ہیں۔تربیت کے متعلق فکرمند افراد سے بھی کبھی ایسی غلطیاں سرزد ہوتی ہیں۔
اس کے علاوہ محترمہ تسنیم فرزانہ صاحبہ کی تحریر’ اسوۂ ابراہیمی۔ خود سپردگی،جان نثاری ‘ بہت بہترین تھی۔ بلاشبہ وہ اسوۂ ابراہیم علیہ السلام کی پوری زندگی کا مطالعہ تھا۔اور اندازبیاں نہایت مؤثر تھا، جو مختصر اور مکمل تھا۔ واقعی آج کے پر آشوب دور میں ابراہیمی نظر پیدا ہوتی ہے تو وہ امام بننے کا مستحق قرار پاتی ہے۔لیکن تحریر میں کہیں پر بھی حضرت ہاجرہ ؑ کا ذکر نہیں ہوا، جب کہ سکھائے کسی نے اسماعیلؑ کو آدابِ فرزندی ؟
حضرت اسماعیلؑ کا قربانی کے لیے تیار ہونا گویا حضرت ہاجرہ کی تربیت کا نمونہ تھا۔اس کے بعد محترم امیر جماعت سیدسعادت اللہ حسینی صاحب کا تحقیقی مقالہ ’ اصلاح معاشرہ و سوشل انجینئرنگ ‘بہت معلوماتی اور نئی طرز وفکر کا لگا۔جس میں انہوں نے شادی کی تقریبات کے مثبت مقاصد کے اس حصے میں جو بزرگ کی مثال دی، واقعی وہ بہت ہی زیادہ نئی اور اچھی لگی ۔اگر اس طرح ہر خاندان کے عمر رسیدہ افراداپنے خاندان میں ایسا ماحول بنائیں تو فضول رسم ورواج اور رشتے داروں کی معاشی پریشانیاں ختم ہوں گی، ان شاء اللہ۔
تدریجی سوشل انجینئرنگ میرے لیے ایک نیا اور بہت عمدہ مضمون تھا۔ اس کے علاوہ بہنیں پوچھتی ہیں کے کالم میں مولانا رضی الاسلام ندوی صاحب کی قرآنی حوالے سے دی گئی مکمل بات بہت زیادہ پسند آئی اوایک بہترین اور مثالی بیوی بننے میں مددگار بھی ثابت ہوگی۔اس کے علاوہ مبشرہ صاحبہ کی تحریر ’ خواتین بہتر ہوم منیجر ‘ سےمجھے حوصلہ افزائی اور تحریک ملی اور اپنی کفایت شعاری کے نئے نئے امور کو سمجھنے میں مدد ملی۔
ھادیہ کے تمام ہی مضامین بہت بہترین ،جوش اور امنگ پیدا کرنے والے ہیں۔تازہ ترین ملکی و غیر ملکی خبروں کی معلومات دیتے ہیں ۔جو مجھے سب سے زیادہ پسند ہے ۔جو خواتین یا نوجوان لڑکیاں آن لائن نہیں آ سکتی ہیں، وہ ھادیہ میگزین کا نام سن کر رشک کرتی ہیں۔ آج بھی ہماری گھر کی سبھی خواتین ای میگزین کے بجائے ہارڈ کاپی میگزین ہی کی منتظر ہیں ۔اس لیے ہمارامطالبہ ہے کہ اگر اس کی باقاعدہ ہارڈ کاپی جاری کریں تو زیادہ بہتر ہو گا ۔ہم لوگ ھادیہ کے پرنٹ شکل میں آنے کے منتظر ہیں ۔شکریہ

بہن طیبہ!
وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ
آپ کی رائے پڑھ کر خوشی محسوس ہوئی کہ آپ توجہ کے ساتھ ھادیہ میگزین پڑھتی ہیں ۔آپ کی تجویز قابل غور ہے۔ دعا فرمائیں کہ اللہ تعالیٰ منتظمین کو اس تجویز پر عمل کو آسان فرمائے، آمین۔ پسندیدگی کا شکریہ
ایڈیٹر ھادیہ ای ۔ میگزین

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اگست ۲۰۲۱