ہاجرہ بانو (کانپور)
صبح تقریباً ساڑھے سات آٹھ بجے میں ایک تحریکی ساتھی کو فون ملا رہی تھی۔ حسنِ اتفاق فون اورنگ آباد لگ گیا۔ ایک نامانوس مگر پیاری آواز میری سماعتوں سے ٹکرائی۔ میں نے پوچھا: آپ کون؟ جواب ملا: مبشرہ! میں نے فوراً پوچھا: مبشرہ فردوس، ھادیہ میگزین کی ایڈیٹر؟
کہا: جی ہاں۔
خوبصورت احساس کا ایک لطیف فرحت انگیز جھونکا مجھے عجب سرور کی کیفیت سے دیر تک سرشار کرتا رہا۔اچانک گفتگو ہوجانے پر دل دیر تک خوشی محسوس کرتا رہا۔
محترمہ مبشرہ فردوس نے فرمائش کی ھادیہ ای میگزین کے بارے میں اپنے تاثرات لکھوں۔ مجھے لکھنا تو آتا نہیں ہے، تھوڑے پس و پیش کے بعد لکھنے کا وعدہ کرلیا۔
جس دن سے میں نے ھادیہ میگزین کا اشتہار جی آئی او کے ساتھ دیکھا تھا، بے چینی سے ھادیہ کے منظر عام پر آنے کا انتظار کررہی تھی۔ تاکہ اپنی آنکھوں سے دختران ملت کی کوششوں و کاوشوں کو دیکھ سکوں۔اللہ تعالیٰ نے نصیب کیا،الحمد للہ۔
آج جب ابلیس بھی اپنے تمام لشکر سمیت زندگی کی ہر ہر سطح پر نت نئے فتنوں اور چیلنجز کے ساتھ نہ صرف اپنی کامیابی کے جھنڈے لہرا رہا ہے، بلکہ طاقت و قوت اور گھمنڈ کے نشے میں چور مظلوم انسانیت کو بھی للکار بھی رہا ہے۔
خِضر بھی بے دست و پا، الیاس بھی بے دست و پا
میرے طوفاں یم بہ یم، دریا بہ دریا، جُو بہ جُو
ایسی صورتِ حال میں دل میں یہ احساس ہوتا ہے کہ ہماری تعلیم یافتہ خواتین کی صفوں سے کچھ ایسی فکر و نظر کی حامل خواتین اٹھیں جو جاء الحق کی تفسیر بن کر باطل سے زندگی کے ہر محاذ پر پنجہ آزمائی کرتی نظر آئیں اور دین مصحف کی روشنی میں جدیدیت سے مغلوب ذہن و فکر کے بے راہ روی کے صبا رفتار گھوڑوں کو مہمیز کرسکیں۔
اللہ تعالیٰ کا شکر و احسان ہے کہ مارچ کا پہلا شمارہ نظر و نواز ہوا دیکھ کر دل باغ باغ ہوگیا۔ ماشاء اللہ اب پانچواں شمارہ بھی آگیا ہے بعض مصروفیت کی وجہ سے ابھی دیکھ نہیں سکی ہوں۔امید ہے گزشتہ شماروں کی طرح یہ بھی اپنی انفرادیت کے اعتبار سے مفید ہوں گے۔ الحمد للہ تقریباً ہر موضوع پر مضامین بہت خوب موجود ہیں۔
قاری کے ذوق اس کی دلچسپی کا خاص خیال رکھا گیا ہے۔ خوشی کی بات یہ ہے کہ کچھ ایسے جدید عنوانات، جن سے خواتین کا دائرہ کار بالکل خالی تھا اور اس طرح کے عنوان ان کی دسترس سے بہت دور نظر آتے تھے۔ مبارکباد کی مستحق ہیں، محترمہ خان مبشرہ فردوس صاحبہ اور دیگر قلم کار خواتین، جنھوں نے نئی جہتوں پر قدم رکھا اور بڑی خوبی سےمیگزین کی خصوصیت کو بر قرار رکھا۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ھادیہ کے تمام معاوین کی بصارت و بصیرت کی گہرائیوں کے ساتھ ان کی صلاحیتوں میں بھی مزید اضافہ عطا فرمائے اور آئندہ ایسے باصلاحیت افراد ھادیہ کی ٹیم کو ملتے رہیں،آمین۔
آپ سے ٹیلی فون پر رابطہ واقعی یادگار تھا۔ کبھی نہ ملنے والوں کو بھی ھادیہ نے اس طرح جوڑ رکھا ہے کہ پہلی گفتگو میں بھی اپنائیت کا احساس ہوتا ہے۔ اللہ تعالیٰ ھادیہ کے قارئین کو اسی طرح جوڑے رکھے، آمین۔
آپ کی رائے ادارے کے لیے حوصلہ بخش ہے۔ امید ہے کہ آپ کا قلمی تعاون آگے بھی جاری رہے گا۔
شکراً جزیلا
Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

۲۰۲۱ ستمبر