عائشہ حبیب (حیدرآباد )
محترمہ ایڈیٹر صاحبہ!
السلام علیکم ورحمۃاللہ وبرکاتہ
’’دوڑو، زمانہ چال قیامت کی چل گیا۔‘‘
فتنوں کے اس دور میں، جب کہ دشمن قیامت کی چال چلتا صاف نظر آرہا ہے، ہمارے گھروں کا یہ حال ہے کہ اسلامی تعلیمات کے فُقدان کے سبب ہمارے بچے بے راہ روی کا شکاراور ہر وقت موبائل فون لیے غیر ضروری لغویات میں مصروف نظر آتے ہیں۔دورِ حاضر میں مسلم قوم کو سوشل میڈیا کا اسیر بنا دیا گیا ہے ۔ان کےلیے سوشل میڈیا حرزِجان بن چکا ہے ۔ایسے حالات میں قوم و ملّت کے درد مند افراد اور دانشورں کے لیے بہت زیادہ چیلنجز درپیش ہیں کہ کس طرح اپنی نسل کو اس دلدل سے نکالیں، جس میں لاشعوری طور پر وہ دھنستی چلی جارہی ہے۔کس طرح اپنے بچوں کو بچائیں ؟کس طرح انہیں اسلامی تہذیب سے روشناس کروائیں؟کس طرح ان کی ترجیحات کو بدلا جائے؟ کس طرح انھیں اسلامی تعلیمات سے دلچسپی دلائیں ؟کس طرح ان کے دل میں شعائراللہ کی حرمت اور محبت پیدا کی جائے؟ یہ ایک تشویشناک صورتِ حال ہے،جس کا احساس دانشوروں کو ہورہا ہے۔ لیکن سمتِ سفر متعین نہیں ہورہی کہ کس طرح اغواء شدہ ذہن و دل آزاد کرائے جائیں ؟
ایسے میں ماہنامہ’ ھادیہ‘ امید کی کرن بن کر ابھر آیا ہے ، جس کے ذریعہ ہم ان نامساعد حالات میں بہترین رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں ۔
جوانوں کو مری آہِ سحر دے
پھران شاہیں بچوں کوبال وپردے
خدا یا ! آرزو میری یہی ہے
میرا نورِ بصیرت عام کردے
ان دنوں جہاں سوشل میڈیا پر اسلام اور مسلمانوں کے خلاف طوفانِ بد تمیزی جاری ہے، وہیں ھادیہ ای میگزین امّتِ مسلمہ کی ایک ایسی ٹیم کی تشکیل دینے میں مصروف نظر آتی ہے کہ جو اسلام کے دفاع کے لیے انفرادی اور اجتماعی نہج پر اپنا فریضہ انجام دے سکے۔
آج کے اس ترقی پسند اور جدّت پسند ماحول میں جہاں قدیم اسلامی لٹریچر کو ’دقیانوسی ‘ اور Out dated کہنے کا رواج چل پڑا ہے، وہیں ھادیہ میگزین جدّت پسندی کے پہلو بہ پہلو قدیم مصنفین کے بیش بہا قیمتی لٹریچر کو ، ان کی کاوشوں اور جاں فشانیوں کی ایک عظیم و شان دار داستان کو اپنا رہنما بنائے ہوئے نظر آتی ہے ۔
میگزین کی ٹیم کی جانب سے تحریروں کی Audio read out کی پیشکش مجھے بہت پسند ہے۔ کیوں کہ اس کے ذریعہ باوجود مصروفیت کے بآسانی مضامین سے مستفید ہو سکتے ہیں ۔
’ماہنامہ ھادیہ‘ کے اکتوبر( 2021 )کا شمارہ نظر نواز ہوا۔ ماشااللہ ! تمام مضامین بہترین ہیں اوربڑی محنت سے لکھے گئے ہیں۔اس قسم کے معلوماتی مضامین سے عوام میں اسلامی شعور کوبیدار کیا جاسکتا ہے ۔
گزارشات
ھادیہ میگزین کے قلم کاروں کو کوئی مشورہ دینا،چاند کو آئینہ دکھانے کے مترادف ہوگا۔ لیکن پھر بھی میرے ذہن میں جو باتیں ہیں، وہ آپ کے گوش گزار کرنا چاہتی ہوں ۔ آپ حضرات کا ان خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے:
*صحابہ ؓ اور صحابیات ؓ کے اہم واقعات یا تحریکی رہنماؤں کے اہم واقعات پیش کرنے کے لیے ایک الگ سے زمرہ کی شروعات ہونی چاہیے۔ کیوں کہ ہمارے اسلاف کی سیرت اور واقعات جو اثر ڈال سکتے ہیں، وہ کام بے جان افسانے نہیں کرسکتے۔
* میگزین کے بعض مضامین کے اختتام پر معلومات میں تشنگی باقی ہے، اس لیے مضامین کو تفصیلی اور معلومات کو مدلّل ہونا چاہیے ۔
* ہر تحریر، صاحبِ تحریر کے دل و دماغ کی عکّاس ہوتی ہے۔ اسی لیے تحریر محض تحریر نہ ہو، بلکہ صاحبِ تحریر کے دل کی گہرائیوں سے نکلی ہوئی آواز اور معاشرہ کی اصلاح کی تڑپ اپنے اندر رکھتی ہو ۔
* خواتین کو عائلی زندگی کے فرائض کی یاددہانی کے ساتھ ساتھ معاشرے کی اصلاح اور سماج کی بھلائی کے کاموں کی طرف بھی کتاب و سنت کے ذریعہ رہنمائی کروائی جائے۔
* میگزین کی جانب سے مقابلوں کا آغاز کیا جانا چاہیے ۔ مثلاً : کوئز یا تحریری مقابلہ، جس کا عنوان ایک ماہ پہلے دیا جائے اور عمدہ تحریر کو میگزین کے اگلے شمارہ میں جگہ دی جائے، یا کسی مضمون پر ’تبصرہ‘ کروایا جائے۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس میگزین کی کوششوں کو حق کی راہ میں قبول فرمائے، اس کی سرگرمیوں کو اسلام اور مسلمانوں کے حق میں فائدہ مند بنائے،اس سے وابستہ تمام افراد کو اخلاص و للّٰہیت کا پیکر بنائے،ان کی صلاحیتوں میں اضافہ فرمائے اور اس میگزین کی ہر تحریر میں وہ اثر پیدا فرمائے جو امّت کے تنِ مردہ میں زندگی پیدا کرسکے ، آمین۔

وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ
خوشی ہوئی کہ آپ نے ھادیہ سے متعلق اپنے تجاویز و مشورے پیش کیے ہیں۔ بہترین مشورے ہیں، اس پر عمل کی پوری کوشش کی جائے گی ۔
ھادیہ کو اسم بامسمی بنانے میں آپ کی مشاورت کا اھم رول ہے۔ امید ہے تعاون بنارہے گا ۔
ھادیہ ٹیم تہہ دل سے آپ کی ممنون ہے ۔
جزاک اللہ خیرا کثیرا
ایڈیٹر ھادیہ ای- میگزین

Comments From Facebook

1 Comment

  1. Ruqaiya

    Mashaallah bohot behtareen

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نومبر ٢٠٢١