ماہ نامہ ’ھادیہ‘ ای۔میگزین جدید تقاضوں کے پیش نظر، اس امید کے ساتھ کہ یہ خواتین میں فکر وعمل کے لیے راہ ہموار کرے گا، انہیں دور جدید سےہم آہنگ کرے گا اور خواتین کی صلاحیتوں کو جلا بخشنے کا ذریعہ ثابت ہوگا۔
ھادیہ:
لفظ ’ہدایت‘ کے معنٰی راستہ دکھانا اور راستے پر چلانا ہے۔ اسی سے اسم فاعل برائے تانیث لفظ ’ھادیہ‘ ہے، یعنی راستہ دکھانے والی، رہ نمائی کرنے والی ۔
لفظ ’ھادیہ‘ میگزین کے مقاصد کا ترجمان ہے۔ اس لیے اسے میگزین کے نام کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔چوں کہ یہ ماہانہ میگزین ہے اور ای۔میگزین ہے، اس لیے اس کا نام ’ماہ نامہ ھادیہ ای۔میگزین‘ رہے گا۔ تعلیم ، تدبیر ، تعمیر اس میگزین کی اساس ہے۔
ترسیل کے تمام ہی ذرائع استعمال کرتے ہوئے خواتین کے طبع زاد تحریریں، podcastاور ویڈیو طرز میں بھی پیش کی جائیں گی۔
ھادیہ کے مشمولات میں اخلاقی ، سیاسی و نظریاتی ، فکری مضامین ، صحت و صلاح ٹیکنالوجی، قرآن و حدیث، ادب ، تربیت اولاد ، شخصیت و نفسیات ، آرٹس اور کلچر بھی شامل ہے۔
صحافتی دنیا میں خواتین کے مسائل زیر بحث لانا، اسلام اور مسلم سماج پر اٹھنے والے اعتراضات سےمسلم خواتین کو متاثر ہونے سے بچانا اور دیگر امور پر رہ نمائی فراہم کرنا اس کے اہم مقاصد ہیں۔
یہ ان شاء اللہ اپنے قارئین کو ان کا مقصدِ زندگی سمجھانے میں مدد گارثابت ہوگا۔
’ھادیہ ‘ ای۔ میگزین کے پیش نظر اردو قارئین کو روایتی طرزِ فکر کے علی الر غم نئی جہت اورنئے آئیڈیاز پر سوچنے کے لیے آمادہ کرنا ہے۔
ھادیہ کا پہلا شمارہ (مارچ2021) علامہ اقبال کےاس مصرعہ کے عنوان کے ساتھ منظر عام پر آیا ہے:
’’ اٹھ کہ اب بزمِ جہاں کا اور ہی انداز ہے۔‘‘
ھادیہ کا مقصد دورِ جدید میں خواتین سے متعلق تبدیل ہوتے سوچ کے زاویوں اور میدان عمل میں اترنے والی خواتین کے مسائل کا حل خواتین قلم کار کے ذریعہ فراہم کرنا ہے۔
ساتھ ہی اس میں صنفی تفریق، خواتین امپاورمنٹ ، قدامت پرستی، نئی دنیا کے چیلنجیز جیسے موضوعات زیر بحث لائے جائیں گے۔
یہ میگزین ان شاءاللہ زندگی کے ہر شعبے میں پورے اعتماد کے ساتھ خواتین رائیٹرز کے ذریعہ خاندان کی رہ نمائی کرتا ہوا نظر آئے گا۔
اللہ کا شکر و احسان ہے کہ ھادیہ جن نفوس کی تحریک پر معرض وجود میں آیا ان کی کاوشیں خواتین کی بیداری پر شاہد و گواہ ہیں۔
ھادیہ کی قلم کار پر جوش ، دانش مند اور بصیرت مند خواتین کی ٹیم اس کے مقاصد سے روحانی و شعوری اعتبار سے وابستہ ہیں۔
اس کی مجلس ادارت میں چیف ایڈیٹر عطیہ صدیقہ، ایڈیٹر ڈاکٹر خان مبشرہ فردوس اور مجلس ادارت میں ڈاکٹر فاطمہ تنویر،امتہ الحسیب حنا،تحسین عامر، خنساء سبحانی ، سیدہ نزہت فاطمہ رضوی ، صنوبر جیلانی ، سعدیہ ممتاز اور ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی شامل ہیں۔