جولائی ۲۰۲۴

حترمہ ایڈیٹر صاحبہ
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
آن لائن ریڈرز کے لیے ھادیہ ای میگزین ایک عظیم شاہ کار ہے ۔ جدید تکنیک کا مثبت مصرف اس کے ہر ایڈیشن میں دکھائی دیتا ہے۔
جہاں عام طور پر میگزین کے نام پر فلمی کہانیاں دیکھنے کو ملتی ہیں، وہیں اس میگزین کا ہر مضمون بالکل اپنے نام کی طرح تربیت اور علم و نصیحت سے بھرا ہے ۔ خواتین کے لیے یہ میگزین ایک نایاب تحفہ ہے، اور سب سے خوب صورت بات تو یہ ہے کہ گھر بیٹھے یہ ہم تک پہنچ جاتا ہے، اور اس کا مقصد خواتین کو جدید دور سے ہم آہنگ کروانا ہے ۔ ہر ماہ کی طرح جون مہینے کا شمارہ بھی بے حد معلومات سے بھرا ہے ۔ تمام عنوانات اپنے دائرے میں اہمیت رکھتے ہیں۔
درسِ قران میں سورۃ الاسراء آیت نمبر 23 اور 24 کا خلاصہ پیش کیا گیا،جس میں ایک اللہ کی عبادت، والدین کے ساتھ نیک سلوک، بوڑھے ماں باپ کو اف نہ کرنے کا حکم، ان سے احترام کے ساتھ گفتگو، اور ان کے لیے دعائیں کرنے کا حکم اللہ نے ہمیں دیا ہے۔ درسِ حدیث کے تحت اولاد کی تربیت، اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر روشنی ڈالی گئی ہے ، عید الاضحی کے موقع سے آداب قربانی اور ماحولیات کا تحفظ کی نسبت سے جو باتیں بتائی گئیں اس میں ڈسپلن ، ماحول کے تحفظ کے تعلق سے حساسیت ، اور اس کے لیے کیے گئے اقدامات ، ہمارا رویہ کیا ہو ؟ چند تجاویز کے ساتھ ایک پیغام دیا گیا ہے ۔ صحت اور صلاح کے تحت برین ٹیومر کو ڈاکٹر فوزیہ امین صاحبہ نے بہت آسان زبان میں عام لوگوں کو سمجھا دیا کہ برین ٹیومر ہے کیاہے؟ اس کے سمٹمز کیا ہیں؟ اس کے اقسام کتنے ہیں؟ اس کے کتنے اسٹیجز ہیں؟اور کب اس کا علاج ممکن ہے ؟
گھر بیٹھی خواتین کو اسمارٹ فون سے پیسے کمانے کے ذرائع بتا کر اور دل چسپی پیدا کی جا رہی ہے کہ وہ کس طرح انسٹاگرام، یوٹیوب ، گرافکس ڈیزائن ، بلاگنگ وغیرہ سے پیسے کما سکتی ہیں۔
یہاں پر تمام عنوانات پر گفتگو کی جائے یہ ممکن نہیں ہے، تمام عنوانات علم اور معلومات کا خزانہ ہیں لیکن جو وقت کی ضرورت ہے وہ عنوان ہے: ’’غیر محفوظ خواتین، لٹتی عصمتیں ذمہ دار کون ؟‘‘یہ عنوان ہمیں آگاہ کرواتا ہے کہ نسوانیت کے ساتھ کیا ہو رہا ہے ۔ حکومت تحفظ کے لیے کیا کر رہی ہے اور کون کون سے قوانین خواتین کے تحفظ کے لیے بنے ہیں، انھیںہمارے لیے جاننا کتنا ضروری ہے ، انتظامی اقدامات کیا ہیں اور سماجی اقدامات کیا ہونے چاہئیں؟
ایڈیٹر ھادیہ محترمہ خان مبشرہ فردوس صاحبہ نے ہمیں بڑی ہی خوب صورتی سے یہ بتا دیا کہ ایسے ماحول میں خواتین کو کیا کیا کرنا چاہیے؟ کس طرح تیار رہنا چاہیے؟ اور ظلم کے خلاف ہمیشہ اپنا حوصلے بلند رکھنا چاہیے ۔
ھادیہ کی ٹیم قابل مبارکباد ہے، اللہ آپ کے عزائم کو پروان چڑھائے ، اس میگزین کے ذریعہ خواتین تربیت یافتہ اور جدید دور سے ہم آہنگ ہو رہی ہیں۔ اللہ آپ تمام کی کوششوں کو کامیاب کرے اور اجر عظیم عطا فرمائے، اور دل کی عمیق گہرائیوں سے دعاء ہے کہ ھادیہ خوب ترقی پائے ۔ ( آمین!)

عزیزی صحیفہ!
انسیت نامہ موصول ہوا، دلی مسرت ہوئی ، سب زیادہ خوشی کی بات یہ ہے کہ ھادیہ کے مضامین آپ کے لیے مفید ہیں ۔اللہ رب العالمین اسے بامقصد بنانے میں باشعور قارئین سے مزید نوازے ۔
آپ کی قدر شناسی ہمارے لیے باعت افتخار ہے۔
اللہ آپ کو بہتر بدلہ عطاکرے۔
والسلام
جزاک اللہ

ایڈیٹر ھادیہ

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے