عید الاضحٰی کے موقعے پر جہاں ہر جانب گوشت کی بہار ہوتی ہے وہیں طرح طرح کے پکوانوں کی خوشبو گلی کوچے سے آتی ہوئی محسوس ہوتی ہے۔ لیکن ہم میں سے بہت سے افراد گوشت کھاتے ہوئے صحت کا خیال نہیں رکھ پاتے اور زیادہ تیل مسالوں والا گوشت کھاکر بیمار پڑجاتے ہیں۔ لیکن اسی گوشت کو اگر ہم باربی کیو طریقے سے بناتے ہیں تو یہ لذت سے بھرپور ہونے کے ساتھ ساتھ ہمارے لئے فائدے مند بھی ہوتا ہے۔
باربی کیو کا اپنا ایک منفرد ذائقہ ہوتا ہے اور تقریبا ہر گھر میں اس کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ اس کے لئے آپ کو ایک عدد انگیٹھی یا گہری پرات جس میں انگارے تیار کئے جاسکیں اور چند سلاخوں کی ضرورت ہوتی ہے جس میں گوشت کی بوٹیوں یا قیمے کو پرو کر انہیں دہکتے کوئلوں کی آنچ پر بھوناجا سکے۔ باربی کیو ایک مقبول اور آسان طریقہ ہے اور صحت کے لئے مفید بھی۔امپیریئل کالج لندن کے ماہرین کی جدید تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ مصالحہ لگا کر میرینٹ کیا ہوا اور ہلکی آنچ پر پکا گوشت ذائقے دار ہوتا ہے جبکہ ہلکی آنچ پر کھانے پکانے میں تیل بھی کم استعمال ہوتا ہے۔چنانچہ ہم دیکھتے ہیں کہ باربی کیو بنانے میں تیل کے چند قطرے ہی استعمال ہوتے ہیں جس کی وجہ سے یہ زیرو آئل کھانوں میں شمار ہوتا ہے اور چکنائی سے پرہیز کرنے والے افراد بھی اسے شوق سے کھاسکتے ہیں۔
آگ پرگوشت پکاتے وقت ہمیشہ ادرک لہسن کا استعمال ضرور کریں کیونکہ ادرک لہسن کا پیسٹ گوشت کے موجود مضر اجزاء کو ناکارہ بنانے میں مدد دیتا ہے جبکہ دل کی شریانوں میں چربی جمنے سے روکتا ہے۔لہسن کے استعمال سے گوشت کی بساند بھی دور ہوجاتی ہے۔باربی کیو بنانے وقت ایک بات کا خیال رکھیں کہ گوشت کو بہت زیادہ نہیں جلائیں کیونکہ ایسا کرنے پر ایسے کیمیکلز پیدا ہوتے ہیں جو صحت کیلئے خطرناک ہوسکتے ہیںباربی کیو میں تکّے یا سیخ کباب بنانے کا طریقہ نہایت آسان ہے۔ذیل میں آپ کو چند تراکیب بتائی جارہی ہیں ۔
بہاری تکہ بوٹی
اجزا:
• بیف، آدھا کلو (باریک پارچے بنے ہوئے)
• دہی، سو گرام
• پپیتا( پسا ہوا) دو کھانے کے چمچے
• پیاز ایک عدد (کٹی اور فرائی کی ہوئی)
• ادرک کالی مرچ( پسی ہوئی ) دو کھانے کے چمچے
• سفید زیرہ، ایک چائے کا چمچ (بھنا اور پسا ہوا)
• لال مرچ (کُٹی ہوئی) ایک کھانے کا چمچ یا حسب ذائقہ
• گرم مسالہ( پسا ہوا)ایک چائے کا چمچ
• ہلدی ،آدھا چائے کا چمچ
• بیسن، چار کھانے کے چمچے (بھنا ہوا)
• سرسوں کا تیل(دھواں دینے کے لئے)
• نمک، حسب ذائقہ
• گارنشنگ کے لئے،سلاد کے پتے تین سے چار عدد،کھیرے دو سے تین عدد،ٹماٹر دو سے تین عدد
ترکیب:
ایک بڑے پیالے میں بیف کے پارچے اور تما م اجزاء شامل کرکے اچھی طرح ملالیں،اب اسے دو سے تین گھنٹے کے لئےرکھ دیں۔اس کے بعد گوشت کو سیخ میں پرو کر انگاروں پہ بھون لیں۔دھیان رہے کہ آگ میں نہ جلائیں بلکہ کوئلے کی آنچ پہ ہی بھونیں۔ جب گوشت اچھی طرح سنک جائے تو چند قطرے سرسوں کا تیل ڈال کر دھواں دیں۔لیموں نچوڑ کر،سلاد کے پتوں، کھیرے اور ٹماٹروں کے ساتھ گرم گرم بہاری تکہ بوٹی سرو کریں۔ نان شیرمال کے ساتھ یہ خاص مزہ دیتے ہیں۔ اسی ترکیب سے آپ قیمے کے سیخ کباب بھی بنا سکتی ہیں۔
باربی کیو فوائل چانپ
اجزا:
• ہرا دھنیا(چوپ کیا ہوا)۔1/4 گڈی
• پسی ہوئی کالی مرچ۔ آدھا چائے کا چمچ
• پسی ہوئی ہلدی۔ایک چائے کا چمچ
• پسی ہوئی لال مرچ۔ایک کھانےکا چمچ
• پسا ہوا لہسن، ادرک۔2 کھانے کے چمچ
• پسا ہوا کچا پپیتا۔3 کھانے کے چمچ
• نمک۔ حسب ذائقہ
• سرسوں کا،تیل۔3 کھانے کے چمچے
• سجانے کے لئے سلاد پتے، ٹماٹر، پیاز، کھیرا، لیموں
ترکیب:
چانپوں پر پپیتا اور نمک لگا کر 15منٹ کے لئے رکھ دیں۔ اس میں باقی تمام اجزاء ملائیں۔ المونیم فوائل کے ٹکڑوں پر ایک ایک چانپ رکھ کر اسے لپیٹ لیں۔ انگیٹھی پر کوئلے گرم کریں، اس کے اوپر جالی رکھیں اور جالی کے اوپر چانپیں رکھ دیں اور تھوڑی تھوڑی دیر کے بعد انہیں پلٹتے رہیں۔ 15 منٹ بعد چانپ کو کھول کر دیکھیں۔ اگر وہ اچھی طرح سے گل گئی ہو تو باقی چانپیں اتار لیںبصورت دیگر، انہیں مزید 5منٹ تک پکائیں اور تیل کے چند قطرے ڈال کر دھواں دے دیں۔مزیدار چانپیں سلاد پتے، ٹماٹر،کھیرے، پیاز اور لیموں سے سجا کر پیش کریں۔
بسم اللہ الرحمن الرحیم ہ اسلام عليكم و رحمت اللہ وہ برکاتہ ہ یہ وقت مجھے مرغے بائلر کی کن ٹکی مسالے لگاکر کتنی دیر انتظار کر ین تلنے کے لے