ملک میں کرونا وائرس کے معاملوں میں کمی واقع ہوگئی ہے لیکن ماہرین کے مطابق 6سے 8ہفتوں کے وقفہ سے ملک میں کرونا کی تیسری لہر کے بھی سر اٹھانے کے خدشات ہے۔اسی کے ساتھ ملک میں ٹیکہ اندوزی کے عمل میں بھی کافی تیزی آگئی ہے۔جس میں مسلم طلبہ تنظیم ایس آئی او نے تعاون کرتے ہوئے ڈیجیٹل دنیا سے دور غریب و متوسط طبقہ تک ٹیکہ اندوزی کو ممکن بنانے ’’ٹیکہ سب کے لئے‘‘مہم کا آغاز کیا۔
ملک میں کرونا کا زور تو ختم ہوتا نظر آیا مگر اتر پردیش الیکشن کے قریب آتے ہی نفرت کے ووٹ بٹورنے والوں کی سیاست نے مزید زور پکڑا،ملک میں اور خصوصاً یو پی میں لگاتار اسلاموفوبیا اور ماب لینچنگ کے معاملات سامنے آنے لگے۔ایک انسانیت سوز واقعہ کے مطابق غازی آباد سے تعلق رکھنے والے ایک عمر رسیدہ شخص عبدالصمد کو شر پسند دردندوں کی بھیڑ نے اغواء کر داڑھی کاٹ لی اور جئے شری رام کے نعرے لگوانے پر مجبور کرتے ہوئے پیٹ کر لہو کردیا۔قابل مذمت بات یہ ہے کہ شر پسندوں نے سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں یہ بھی اعتراف کیا کہ اس سے قبل بھی وہ ہزاروں مسلمانوں کو قتل کرچکے ہیں۔
اسی کے ساتھ اترپردیش الیکشن کا بگل کان میں پڑتے ہی یوگی حکومت نے بھی اپنی مسلم دشمنی کا کارڈ کھولتے ہوئے نو مسلم عالم دین عمر گوتم اور داعی اسلام مولانا جہانگیر قاسمی کو ملک سے غداری اور ہزاروں ہندوؤں کو جبرا مذہب تبدیل کروانے کے سنگین کے سنگین الزامات لگاتے ہوئے اے ٹی ایس کے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔
اے ٹی ایس نے تعزیرات ہند کی دفعات 420، 120بی، 153اے، 153بی، 295، 511وراترپردیش کے مذہبی ممنوعہ آرڈیننس 2020کے تحت لکھنؤ کے اے ٹی ایس تھانے میں مقدمہ درج کیا ہے۔
اس میں عمر گوتم اور جہانگیر قاسمی کے علاوہ نامعلوم افراد کو بھی ملزم نامزد کیا گیا ہے۔اے ٹی ایس کا الزام ہے کہ دونوں علمائے دین غیر مسلم گونگے بہرے افراد، خواتین اور بچوں کا اجتماعی طور پر مذہب تبدیل کروا رہے تھے۔
پولیس کا دعویٰ ہے کہ انھوں نے بڑی تعداد میں غیر مسلم خواتین کا مذہب تبدیل کرایا ہے اور ان کی شادی مسلمانوں سے کروائی ہے۔ واضح رہے کہ محمد عمر گوتم، خود ہندو خاندان میں پیدا ہوئے تھے اور سنہ 1984میں انھوں نے اسلام قبول کیا تھا۔
ایک جانب دہلی ہائی کورٹ نے نوجوان قیادت آصف اقبال تنہا، دیوانگنا کالیتا اور نتاشا ناروال جنھیں تقریباً ایک سال پہلے سی اے اے مخالف تحریک کو کمزور کرنے کی خاطر دہلی فسادات کے الزام میں جیل میں بند کردیا گیا تھا ضمانت پر رہا کردیا۔تو ساتھ ہی دوسری جانب وزارت داخلہ نے ایک نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے جس میں افغانستان ، بنگلہ دیش اور پاکستان سے آئے ہوئے غیرمسلم پناہ گزینوں کے لیے ہندوستان کی شہریت کے لیے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ اس نوٹیفیکیشن میں گجرات ، راجستھان، چھتیس گڑھ، ہریانہ اور پنجاب کے 13اضلاع میں مقیم ہندو ،سکھ ،جین ، بودھ ، پارسی اور عیسائی برادری کے لوگوں کو ہندوستان کی شہریت دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
مذکورہ اضلاع کے کلکٹروں ان پناہ گزینوں کو شہریت کا سارٹیفیکٹ دینے کے مجاز ہوںگے۔
قابل غور بات یہ ہے کہ وزارت داخلہ نے جو تازہ نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے اس میں شہریت آرڈی نینس مجریہ ۱۹۵۵اور ۲۰۰۹ کے تحت بنائے گئے ضابطوں کی پیروی کرنے کی بات کہہ کر اس میں شہریت ترمیمی آرڈی نینس کے ضابطوں کو شامل کرلیا گیا ہے اور صرف غیرمسلم پناہ گزینوں سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ حکومت متنازعہ سی اے اے قانون کوپچھلے دروازے سے نافذ کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
ملک کے غریب عوام لاک ڈائون کی وجہ سے روزی روٹی کے سنگین مسئلہ سے دوچار ہے اور بے روزگاری کے سبب خودکشی کے واقعات میں خطرناک اضافہ پایا گیا۔جس کی ذمہ دار حکومت ہے جس نے عوام کو آسمان چھوتی مہنگائی کا تحفہ دیا ہے۔ مہنگائی سب سے بڑی وجہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر کیاجانے والا اضافہ ہے۔ ملک کے بیشتر شہروں میں پٹرول اورڈیزل دونوں کی قیمتیں 100روپے فی لیٹر سے زیادہ ہوچکی ہیں اور یہ قیمت حکومت خود بڑھارہی ہے۔
اس کے نتیجہ میں دالوں کی قیمتوں میں 12.09فیصد، پیاز میں 3.24، پھلوں میں 20.17، دودھ میں2.51فیصد اور انڈوں، گوشت اور مچھلی کی قیمتوں میں 10.73فیصد اضافہ ہوا ہے۔ کورونا وائرس کاخوف، لاک ڈائون کا عذاب اوراس کے ساتھ بڑھتی مہنگائی کے بوجھ سے ایک طرف عوام زمین بوس ہوتے جارہے ہیں تو دوسری طرف مہنگائی کی یہ دیمک دھیرے دھیرے ملک کی مجموعی معیشت کو بھی نقصان پہنچا رہی ہے۔
عالمی منظر نامہ:
عالمی سطح پر کرونا کے نئے کیسیز میں متواتر کمی کی خوش آئندہ خبر موصول ہوئی۔عالمی صحتی ادارے (WHO) کے ڈائیریکٹر جنرل نے اپنے بیان میں عالمی سطح پر کووڈ 19کے نئے معاملوں میں مجموعی طور پر کمی واقع ہونے کا اظہار کیا ساتھ ہی انھوں نے اس بات کا بھی اعلان کیا کہ ہلاکتوں میں اتنی تیزی سے کمی واقع نہیں ہوئی ہے۔اس کا سبب ویکسین کی وافر مقدار میں عدم فراہمی کو بتایا گیا۔
برطانیہ کے ساحلی تفریحی مقام کاربس بے پر ہونے والی جی سیون کانفرنس میںشریک عالمی رہنماوں نے ویکسین کی ضروریات کو پورا کرنے میں تعاون اور عالمی معیشت کو زیادہ شفاف بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔سات ملکوں کی جی سیون تنظیم کم اور متوسط آمدنی والے ملکوں کو کوویڈ ویکسین کی ایک ارب خوراکیں عطیہ کرے گی۔
جس میں امریکہ ویکسین کی 50کروڑ خوراکیں اور برطانیہ10کروڑ خوراکیں عطیہ کرے گا۔
دو بڑے ملکوں میں سیاسی قیادت کا تختہ پلٹا دکھائی دیا ایران میں ابراہیم رئیسی نو منتخب صدر بنے وہی اسرائیل میں بھی بھی انتخابات کے ذریعہ نے نفتالی بیسینٹ نے بھی نیتین یاہو کے 12سالہ اقتدار کو ختم کرتے ہوئے وزیراعظم کا عہدہ سنبھالا۔ایران کے نو منتخب صدر ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ نہ وہ امریکہ کے صدر جو بائیڈن سے ملاقات کریں گے اور نہ ہی ایران کے میزائل پروگرام اور خطے کے عسکری گروہوں کی حمایت کے معاملے پر کوئی مذاکرات ہوں گے۔صدرمنتخب ہونے کے بعد پیر کو اپنی پہلی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ابراہیم رئیسی نے کہا کہ صدر بائیڈن کو ایران پر عائد پابندیاں ختم کر کے اپنی سنجیدگی ثابت کرنا ہو گی۔
گزشتہ ماہ اسرائیل اور حماس کے درمیان 11روز تک جاری رہنے والی لڑائی کے بعد فریقین مصر کی ثالثی میں ہونے والے جنگ بندی معاہدے کو توڑتے ہوئے اسرائیل نے پھر سے غزہ پر ہوائی حملہ کیا۔جسے فلسطینی علاقوں سے آتش گیر غبارے چھوڑے جانے کا ردِعمل قرار دیا جا رہا ہے۔کشیدگی میں اضافہ اس وقت ہوا جب منگل کو سیکڑوں اسرائیلی قدامت پسند قوم پرستوں نے مشرقی یروشلم میں مارچ کیا۔تجزیہ کاروں کے مطابق ایسے موقع پر ریلی نکالنا اسرائیل کی نئی حکومت کے ساتھ ساتھ جنگ بندی کے کمزور معاہدے کا بھی امتحان تھا۔
طالبان نے حالیہ عرصے میں افغانستان کے شمالی علاقوں میں بڑے پیمانے پر حملوں کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ اور کئی دیہاتی علاقوں پر مشتمل41اضلاع پر طالبان قابض بھی ہوگئے ہے۔ یہ سب ایسے موقع پر ہو رہا ہے جب امریکہ سمیت دیگر غیر ملکی افواج افغانستان سے انخلا میں مصروف ہیں۔خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق منگل کو طالبان نے افغانستان اور تاجکستان کے درمیان سرحدی مقام شیر خان بندر پر قبضہ کیا تھا۔ یہ اہم ترین سرحدی گزرگاہ صوبہ قندوز کے صوبائی دارالحکومت سے صرف 50کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔ صوبائی دارالحکومت کے اردگرد کے علاقوں پر طالبان کا کنٹرول مضبوط ہونے کے ساتھ یہ خدشات بڑھتے جا رہے ہیں کہ قندوز شہر پر بھی حملہ ہو سکتا ہے۔تجزیہ نگاروں کے مطابق حالات اگر یہی رہتے ہے تو آنے والے دو تین سالوں میں طالبان افغانستان پر قبضہ کر اپنی حکومت قائم کرلے گے۔ واضح رہے کہ طالبان نےکسی بھی طرح کے سمجھوتہ سے انکار کرتے ہوئے افغانستان میں اسلامی حکومت قائم کرنے کے دیرینہ عزائم کا اظہار دنیا کے سامنے کیا ہے۔
سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے ٹوئٹر پر وزارت حج اورعمرہ کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رواں برس سعودی شہری اور ملک میں مقیم 60ہزار افراد کو حج کرنے کی اجازت دی جائے گی۔جبکہ غیر ملکی زائرین اس سال بھی حج نہیں کرسکے گے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ حج کرنے کے خواہش مند زائرین کی عمر 18سے 65برس کے درمیان ہونی چاہیے جب کہ انہیں کرونا ویکسی نیشن مکمل کرنا ضروری ہو گا۔
مہنگائی سب سے بڑی وجہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر کیاجانے والا اضافہ ہے۔ ملک کے بیشتر شہروں میں پٹرول اورڈیزل دونوں کی قیمتیں 100روپے فی لیٹر سے زیادہ ہوچکی ہیں اور یہ قیمت حکومت خود بڑھارہی ہے۔
0 Comments