میرے بیٹے نے انگیٹھی سے کوئلہ لے کر ہمارے نئے لائٹ براؤن صوفہ پر لگا دیا۔ نشان کو چھوئے بغیر اس پر نرم ہاتھوں سے کافی سارا سوڈا ڈال کر قریب آدھا گھنٹہ چھوڑ دیا، اس کے بعد ویکیووم سے صاف کر لیا۔ وہ نشان وہاں سے بالکل غائب تھا۔
ایک وقت تھا کہ میری کچن کیبنٹ میں کلینرز کی ایک لمبی لائن ہوتی تھی:
Window Cleaner, Wood Furniture Cleaner, Floor Cleaner, Bathroom Disinfectant, Fabric Softener, Oven Cleaner تمام کلینرز پہلے ہواکرتے تھے۔
پھر ایک ایک کرکے سب سے جان چھڑوالی ہے۔ ایک تو رنگ رنگ کے کیمیکلز سانس کے ذریعے اندر نہیں جاتے اور پھر خرچے کی بچت الگ۔ بیک ٹو نیچر سیریز میں آج یہی بات ہو گی کہ صاف ستھرا گھر کیمیکلز کے بغیر کس طرح ممکن بنائیں۔ ہر ریسیپی میں بازار سے ملنے والا عام سرکہ اور میٹھااس سوڈے کا استعمال ہے ۔
1۔ All-purpose cleaner
(لکڑی کا فرنیچر، کچن کاؤنٹر، فریج، باتھ رومز، شیشے، فرش، ٹی وی (لیپ ٹپ، ٹیبلٹ) سکرین کے لئے)
ایک اسپرے والی بوتل میں آدھا پانی، آدھا سرکہ اور چند قطرے ڈش سوپ کے ملا لیں۔ اب مکس کر کے رکھ لیں۔ سرکہ چوں کہ Antiseptic ہوتا ہے، تو جراثیموں کا خاتمہ بھی کرتا ہے۔ میں پانچ لیٹر والی سرکے کی بوتل لا کر اس میں لیموں یا کینو کے چھلکے ڈال کے رکھ دیتی ہوں۔ اس سے اس کے اندر پیاری سے خوشبو بھی آنے لگتی ہے۔ اگر آپ ایسا نہیں کرنا چاہتے تو بھی فکر کی بات نہیں، کیوں کہ سرکہ بذاتِ خود کسی بھی بو کو ختم کرتا ہے۔ آپ کے گھر سے سرکے کی کوئی اسمیل نہیں آئے گی۔ اسکرین صاف کرنے کے لیے اسکرین کے بجائے کپڑے پر سپرے چھڑکیں اور نرمی سے اسکریں صاف کر لیں۔ کھڑکیوں پر اسپرے کر کے ونڈ واسکریں صاف کرنے والے چھوٹے وائپر سے وائپ کر لیں۔
2۔ Fabric softener
چوں کہ سرکہ ہر طرح کی خوشبو کا خاتمہ کرتا ہے ، اس لیے کپڑے دھوتے وقت آخری پانی میں سرکہ استعمال کر لیں۔ اس سے ڈٹرجنٹ پوری طرح کپڑوں سے نکل جاتا ہے اور کپڑے بہت نرم ہوتے ہیں، ساتھ ہی ڈٹرجنٹ کی تیز خوشبو بھی ختم ہو جاتی ہے۔
3۔ Oven cleaner
مائیکرو ویو اون صاف کرنے کے لیے ایک کھلے برتن میں گرم پانی اور کچھ سرکہ (یا لیموں کے ٹکڑے، رس) ملا کر اندر رکھیں اور 2، 3منٹ کے لیے اوون چلا دیں۔ بند ہونے کے بعد بھی کچھ دیر اوون کو بند ہی رہنے دیں۔ سرکے والی بھاپ اندر اپنا کام کر دے گی۔ آپ کو بس ایک جاذب کپڑا لے کر اسے خشک کر لینا ہے۔ اسی طرح گیس اوون کا بھی حال برا ہو جاتا ہے۔ اسٹرانگ کیمیکلز کے بجائے رات کو اس کے ’فرش‘پر سوڈا ڈال کر پوری لیئر بنا لیں۔ پانی تھوڑا تھوڑا ڈالیں اور لیپ سا کر لیں۔ رات بھر رہنے دیں۔ صبح بس وائپ کر لیں۔ نہ رگڑنا پڑے گا، نہ تیز کلینرز سونگھنے پڑیں گے۔
4۔ لکڑی کے فرنیچر کی پالش :
لکڑی کا فرنیچر چمکانے کے لیے اور پانی کے داغ مٹانے کے لیے سرکہ اور زیتون کا تیل ایک جتنے لیں۔ کسی چھوٹی سے ڈھکن والی بوتل میں ڈال کر شیک کریں کہ ایک جان ہو جائے اور پھر فرنیچر صاف کر لیں۔ ساتھ ہی دوسرے صاف کپڑے سے چمکاتے جائیں۔
پالش کا بنیادی اصول یاد رکھیں: کم پالش، زیادہ مالش!
5۔ کچن سنک کے لیے:
ہفتے دس دن میں ایک بار سوڈا چھڑک کر اس پر سرکہ ڈالیں اور کچھ دیر رہنے دیں۔ اسی سوڈے اور سرکے میں برتن دھونے والا کپڑا sponge، سکاچ برائٹ بھی بھگو دیں۔ کچھ دیر بعد کھولتا پانی ڈالیں۔ اس سے کچن سنک بھی چمک جائے گا اور پائپ میں جما تیل وغیرہ بھی صاف ہو جائے گا۔
6۔ ڈیپ کلیننگ کے لیے:
۱۔کارپٹ/میٹریس:
کچھ کچھ عرصے کے بعد کارپٹ پر سوڈا چھڑک دیا کریں اور ویکیووم کلینر سے صاف کر لیں، اندر تک بہترین صفائی ہو جائے گی۔ کچھ عرصہ پہلےمیرے بیٹے نے انگیٹھی سے کوئلہ لے کر ہمارے نئے لائٹ براؤن صوفہ پر لگا دیا۔ نشان کو چھوئے بغیر اس پر نرم ہاتھوں سے کافی سارا سوڈا ڈال کر قریب آدھا گھنٹہ چھوڑ دیا، اس کے بعد ویکیووم سے صاف کر لیا۔ وہ نشان وہاں سے بالکل غائب تھا۔ کارپیٹ کی طرح میٹریس پر بھی کچھ عرصے کے بعد یونہی ڈھیر سارا سوڈا ڈال کر کچھ وقت کے لیے رکھ دیں اور پھر ویکیووم سے صاف کر لیں۔
۲۔ واشنگ مشین:
کچھ ماہ کے وقفے سے مشین میں دو کپ سوڈا اور ایک کپ سرکہ ڈال کر کھولتے پانی سے صاف کر لیں۔
۳۔ فریج، تولیاں اور بیڈ شیٹس والی الماری میں سوڈا رکھ دیں تا کہ ناگوار سے سمیل نہ آئے۔
سب سے اہم ٹپ:
اگر آپ فیس بک یا واٹس ایپ پر بزی ہو جائیں اور کھانا جل جائے تو گھبرانے کی کوئی بات نہیں۔ برتن خالی کریں اور اس میں زیادہ سوڈا ڈال کر تھوڑا سا پانی ملا کر کچھ دیر ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔ اب یونہی رکھا رہنے دیں جب تک وہ ٹھنڈا ہو جائے۔ اس کے بعد آرام سے صاف کر لیں۔ بغیر کسی محنت کے برتن آرام سے صاف ہو جائے گا۔ اتنی دیر چولہے پر پتیلی میں پانی ڈال کر اس میں سرکہ اور اگر لیموں یا کینو کے چھلکے موجود ہوں وہ بھی ڈالیں اور پکنے دیں۔ کچن سے ساری سمیل ختم ہو جائے گی اور کسی کو کانوں کان خبر نہیں ہو گی۔
میرے گھر میں دعوت ہو تو بھی کھانا پکا چکنے کے بعد ایک بڑی پتیلی میں پانی ڈال کر اس میں لیموں/کینو کے ٹکڑے، دارچینی کی ایک سٹک، تھوڑا سا ونیلا ایسنس ڈال کر رکھ دیتی ہوں۔ اس سے بھی گھر میں پیاری سے مہک آنے لگتی ہے۔ پاکستان میں تو شاید اس کی اتنی ضرورت نہیں لیکن یہاں گھر نسبتاً چھوٹے ہوتے ہیں اور پھر دروازے نہ ہونے کی وجہ سے ہر جگہ کھانے کی خوشبو رچ جاتی ہے۔
0 Comments