ہریالی اور سبزہ کسے اچھا نہیں لگتا۔سبز پودے لہلہاتے دیکھ کر آنکھوں میں تراوٹ اور طبیعت میں شگفتگی محسوس ہوتی ہے۔آپ نے اکثر دیکھا ہوگا کہ لوگ باغبانی کے شوقین نہ بھی ہوں تب بھی ان کے گھر کے کسی کونے میں اپارٹمنٹ کے زینے یا بالکنی میں ، دفاتر کے کاریڈور میں،اسپتالوں کی انتظار گاہ میں خوبصورت انڈور پلانٹس ضرور رکھے نظر آتے ہیں۔
ہم سب ہی جانتے ہیں کہ انڈور پلانٹس آرائش اور سجاوٹ کا کام دینے کے ساتھ ساتھ فضائی آلودگی کو دور کرنے میں معاون ہوتے ہیں۔ کاربن ڈائی آکسائیڈ کو جذب کرتے ہیں اور ماحول کو کثافت سے پاک کرنے میں مدد کرتے ہیں۔ یہ نہ صرف کاربن ڈائی آکسائیڈ بلکہ مضر صحت مادوں کے خلاف فلٹر کا کام کرتے ہیں بلکہ درجہ حرارت کو معتدل رکھنے میں بھی معاون ثابت ہوتے ہیں۔
ہمارے گھر میں بھی کچھ ایسے ہی انڈور پلانٹس سالوں سے موجود ہیں۔ایک ہی جیسے انداز میں لگے ہوئے ہیں۔ کم روشنی میں بھی خوش ہیں۔ نہ بہت ذیادہ پانی مانگتے ہیں، نہ بہت ذیادہ توجہ۔ چپ چاپ فضا کے زہریلے مادے جذب کرکے اسے خوشگوار ، صاف اور تروتازہ بنائے جاتے ھیں۔ان کے دم سے ہمارے گھر میں رونق ہے،تازگی ہے۔
آج صبح اپنے ان پودوں کو پانی دیتے ہوئے خیال آیا کہ ہماری زندگی میں بھی تو ایسے بہت سے لوگ ان ہی انڈور پلانٹس سے مشابہت رکھتے ہیں۔وہ جو بہت خاموشی سے دل کے کسی کونے میں جگہ بنا لیتے ہیں۔ہمارے مخلص ، ہمارے خیرخواہ۔جو نہ ہم سے کوئی غرض رکھتے ہیں اور نہ کوئی توقعات۔ جن کا زندگی میں شامل رہنا ہمارے اردگرد کی فضا کو خوشگوار بنادیتا ہے۔بڑے ہی غیر محسوس طریقے سے وہ ہماری فضا میں پھیلے زہریلے اور منفی اثرات کو جذب کیے جاتے ہیں۔ہمیں حوصلے کی تھپکیاں دیئے جاتے ہیں۔ہماری ہمت بندھائے جاتے ہیں۔وہ انڈور پلانٹس جیسے لوگ کہ جن کی تعریف آگے بڑھنے کا جذبہ بڑھاتی ہے اور جن کی تنقید ہماری اصلاح کر کے ہمیں بہتر انسان بناتی ہے۔جب جب ان کی جانب دیکھیں آنکھوں کی بینائی بڑھتی محسوس ہوتی ہے۔جب جب انھیں سوچیں دل میں ایک یہ اطمینان محسوس ہوتا ہے کہ وہ آس پاس ہیں۔ جو صرف موسم بہار کے ساتھی نہیں بلکہ ہر سردوگرم میں بھی ان کی محبت اور انکی دوستی کا شجر یکساں سرسبز ہی رہتا ہے۔ اگر کبھی ہماری توجہ ان پر کم کم بھی ہو تو یہ شکوہ نہیں کرتے۔ ہمیں اپنے تعاون کی آکسیجن فراہم کرتے رہنا بند نہیں کرتے۔ جو ناسازگار فضا کی تپش کو دور کر کے ماحول کو ٹھنڈا کر دیتے ہیں۔
ایسے انڈور پلانٹس نما ساتھی ہم سب کی زندگی میں کئی ایک ہیں۔ ان کا زندگی میں ہونا بھی کتنی بڑی نعمت ہے۔ یہی تو ہماری طاقت ہیں ۔زندگی ان کے دم قدم سے آسان ھے ، گلزار ہے ۔یہ سطریں پڑھتے ہوئے کتنے شناسا چہرے یقیناً آپ کی نظروں میں بھی گھوم رہےہونگے ۔ اللہ ان سب کو ہمیشہ سرسبز اور شاداب رکھے۔ یونہی ہماری زندگیوں میں شامل رکھے۔
دوسری جانب اصل سوچنے کی بات یہ ہے کہ کیا ہم بھی ایسی اہلیت رکھتے ہیں؟ کیا ہم بھی کسی انڈور پلانٹ سے مشابہت رکھتے ہیں؟ اپنے اردگرد کی فضائی کثافت کو دور کرکے ماحول میں خوشگواریت اور تازگی لانا جانتے ہیں؟
کیا ہم کسی کا حوصلہ بڑھانا ، کسی کی ہمت ، کسی کی تقویت بننا جانتے ہیں؟ کیا ہمارے ساتھیوں کی زندگی بھی ہمارے دم سے خوشگوار ہے؟ پُر رونق ہے اور گلزار ہے؟؟
اِن ڈور پلانٹس Indoor plants
زمرہ : تدابیر و تراکیب
Comments From Facebook
جون ۲۰۲۱
0 Comments