درس حدیث
زمرہ : النور
التَّائِبُ مِنْ الذَّنْبِ كَمَنْ لَا ذَنْبَ لَهٗ

’’گناہ سے توبہ کرنے والا ایساہے جیسے اس نے گناہ کیا ہی نہیں تھا۔‘‘

سنن ابن ماجہ(۴۲۵۰)

خدا کو سب سے زیادہ خوشی جس چیز سے ہوتی ہے وہ بندے کی توبہ ہے۔توبہ کے معنی ہیں پلٹنا،رجوع کرنا۔بندے کو ہروقت اللہ تعالیٰ کے حضور پلٹنا چاہیے کیوں کہ خدا تعالیٰ بہت زیادہ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ ہے وہ اپنے بندوں کو معاف کرنے کے لئے ہر وقت تیار رہتا ہے۔اس کی رحمت سے کبھی مایوس نہیں ہونا چاہیے۔ہمیشہ امید و یقین ہو کہ میرے گناہ خواہ کتنے ہی زیادہ ہوں خدا کی رحمت اس سے کہیں زیادہ وسیع ہے۔اللہ تعالیٰ نے نرمی کا شیوہ اپنے اوپر لازم کرلیا ہے۔وہ نرم خو ہے،وہ بندےکے پلٹنے کوبہت پسند کرتا ہے لیکن بندے کو چاہیے کہ اپنے گناہوں پر شرمندہ ہو،خدا کے حضور سجدہ ریز ہواور گڑگڑا کر استغفار و دعائیں کرے۔اس گناہ کودوبارہ نہ کرنے کا عزم کرے۔رات دن یہ دھیان رکھے کہ اللہ سے کیے عہد کی خلاف ورزی نہ ہو نے پائے۔
حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ’’خدا دن میں ہاتھ پھیلا تا ہے کہ اگر میرے بندے نے رات میں گناہ کیا ہوتو وہ دن میں میری طرف پلٹ آئے گا اور خدارات میں ہاتھ پھیلاتاہے کہ اگر میرے بندے نے دن میں کوئی گناہ کیا ہو تووہ رات میں اپنے رب کی طرف پلٹ آئے گا۔‘‘
مسلم (کتاب التوبۃ۲۷۵۹)
صرف بڑے گناہ کے بعد ہی توبہ اور اللہ کا خوف نہ ہو بلکہ ہر چھوٹے چھوٹے گناہ پراللہ کے سامنے شرمندہ ہونا چاہیے۔
محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
’’سارے کے سارے انسان خطاکار ہیں اور بہترین خطاکار وہ ہے جو بہت زیادہ توبہ کرنے والا ہو۔‘‘ (ترمذی)
ہر انسان سے غلطی ہو تی رہتی ہے،ہرپل اس سے گناہ سرزد ہوجاتا ہے لیکن اللہ تعالیٰ معافیاں مانگنے والے، معاف کر نے والے اور توبہ کر نے والے بندوں کو پسند کرتا ہے۔کوئی یہ نہ کہے کہ ہم سے غلطی نہیں ہوتی بلکہ اپنے اندر عاجزی و انکساری اور معاف کر نے کا جذبہ پیدا کریں۔خدا نے اپنے محبوب بندوں کی یہ تعریف نہیں فرمائی ہے کہ ان سے گناہ نہیں ہوتے، بلکہ فرمایا ان سے گناہ ہوتے ہیں لیکن وہ اپنے گناہوں پر فوراً نادم ہوتےہیں اور خود کو پاک کرنے کے لیے بے قرار ہو جاتے ہیں۔
سورۃ الزمر (53-54)میں اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے:
’’اے میرے وہ بندےجواپنی جانوں پر زیادتی کربیٹھےہو خدا کی رحمت سے ہرگز مایوس نہ ہو،یقیناً خدا تمہارے سارے کے سارے گناہ معاف فرما دے گا وہ بہت ہی معاف فرمانے والا اوربڑامہربان ہے اور تم اپنے رب کی طرف رجوع کرو اور اس کی فرمانبرداری بجالاؤ اس سے پہلے کہ تم پر کوئی عذاب آپڑے اور پھر تم کہیں سے مدد نہ پا سکو۔‘‘
خدا کے قہر و غضب سے بےفکر بھی نہ ہوؤ، نہ ہی زمین میں اکڑ دِکھاؤ۔ اگر تم بے فکری کے ساتھ زمین پرگناہ کرتے چلے گئے توخداسزادینے میں بہت تیز بھی ہے۔یہ جان لوکہ اس کی سزا سے تمہیں اس کے سوا کوئی نہیں بچا سکتا ہے۔
ابھی ہمارے پاس وقت ہے خدا کا تقویٰ پیدا کریں، نمازوں کی پابندی کریں،تہجد میں اٹھ کرخداکے حضور عاجزی سے کھڑے ہو،روئیں توبہ کریں، خدا توبہ کرنے والے کو سانس اکھڑ نےسے پہلے تک معاف کرنے والا ہے۔دیر نہ کریں ہمارے پاس وقت بہت کم ہے، موت سر پر کھڑی ہے ۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے دور میں ایک موقع پر کچھ جنگی قیدی گرفتار ہو کر آئے۔ان میں ایک عورت بھی تھی جس کا دودھ پیتا بچہ چھوٹ گیا تھا۔ وہ ممتا کی ماری ایسی بے قرار تھی کہ چھوٹے بچے کو پاتے ہی اپنی چھاتی سے لگا کر دودھ پلانے لگی۔اس عورت کا یہ حال دیکھ کر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے صحابہ رضی اللہ عنہ سے پوچھا: ’’کیا تم توقع کر سکتے ہو کہ یہ ماں اپنے بچے کو خود اپنے ہاتھوں آگ میں جھونک دے گی؟۔‘‘ صحابہ رضی اللہ عنہ نے کہا: ’’یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم خود پھینکنا تو درکنار وہ اگر گرتا ہوتویہ جان کی بازی لگا کر اس کوبچائےگی۔‘‘
اس پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’خدا اپنے بندوں پر اس سے بھی کہیں زیادہ رحیم اور مہربان ہے جتنی یہ ماں اپنے بچے پر مہربان ہے۔‘‘توبہ کرتے رہیں۔ صبح سے شام تک نہ جانے انسان سے کتنے گناہ ہوتے رہتے ہیں انسان کو خود اس کا شعور نہیں ہوپاتا۔انسان ہر وقت توبہ کا محتاج ہے اور قدم قدم پر اس سے کوتاہیاں ہوتی رہتی ہے خود نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم دن میں ستر ستراور سوسو بار تو بہ و استغفار کرتے تھے۔

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک مرتبہ میں عشاء کی نماز کے بعد گھر پہنچا تو ایک عورت نے میرے دروازے پر کھٹکا دیا۔ میں نے دروازہ کھولا اور پوچھا کیا چاہتی ہو؟ وہ کہنے لگی میں آپ سے ایک سوال کرنے آئی ہوں۔ مجھ سے زنا کا ارتکاب ہوا نا جائز حمل ہوا،بچہ پیدا ہوا تو میں نے اسے مار ڈالا اب میں یہ معلوم کرنا چاہتی ہوں کہ میرا گناہ معاف ہونے کی کوئی صورت ہے؟ میں نے کہا ہرگز نہیں۔ وہ بڑی حسرت کے ساتھ آہیں بھرتی ہوئی واپس چلی گئی اور کہنے لگی افسوس، یہ حسن آگ کے لئے پیدا ہوا تھا۔ صبح حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے پیچھے نماز پڑھ کر جب میں فارغ ہوا تو میں نے حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم کو رات کا قصہ سنایا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا بڑا غلط جواب دیا ابوہریرہ تم نے اور ایک آیت پڑھ کر سنائی ۔حضور کا یہ جواب سن کر میں نکلا اور اس عورت کو تلاش کرنا شروع کیا رات کو عشاء ہی کے وقت وہ ملی۔ میں نے اسے بشارت دی اور بتایا کہ سرکار رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم نے تیرے سوال کا یہ جواب دیا ہے۔ وہ سنتے ہی سجدہ میں گرگئی اور کہنے لگی شکر ہے اس خدا کا جس نے میرے لیے معافی کا دروازہ کھولا۔پھر اس نے گناہ سے توبہ کی اور اپنی لونڈی کو اس کے بیٹے سمیت آزاد کر دیا۔ سورۃ ھود میں اللہ کاارشاد ہےکہ ’’اور اپنے پروردگار سے معافی مانگواوراسی کے آگے توبہ کرو ۔میرا پروردگار یقیناً رحم کرنے والا اور (اپنی مخلوق سے) محبت کرنے والا ہے۔‘‘ اللہ ہم تمام پر رحم وکرم فرمائے اور ہم سب کو سچی توبہ کر نے والا بنائےہم سب کے صغیرہ و کبیرہ گناہوں کو معاف فرمائے۔
صبح سے شام تک نہ جانے انسان سے کتنے گناہ ہوتےرہتے ہیں انسان کو خود اس کا شعور نہیں ہوپاتا۔انسان ہر وقت توبہ کا محتاج ہے اور قدم قدم پر اس سے کوتاہیاں ہوتی رہتی ہیں۔
Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

جون ۲۰۲۱