اسلام کے داعی کو گرچہ کانٹوں پہ سلایا جاتا ہے
اسلام ابھرتا ہے اتنا، جتنا بھی دبایا جاتا ہے
پتھر بھی برستے ہیں اس پر اور خوں بھی بہایا جاتا ہے
معصوم نہتوں کے اوپر بارود گرایا جاتا ہے
حق پر جو مٹیں ان لاشوں کو عزت سے اٹھایا جاتا ہے
اے قلب حزیں! تب شکر سے سر سجدے میں جھکایا جاتا ہے
برباد گھروں، اسکولوں میں کیا خوب پڑھایا جاتا ہے
سلطان صلاح الدیں بننے کا خواب دکھایا جاتا ہے
پھر عزم و شہادت کا پرچم اونچا لہرایا جاتا ہے
تاریخ عزیمت کی عظمت کو درج کرایا جاتا ہے
اے ساجدہؔ! قدس مکرم کو جب خوں سے سجایا جاتا ہے
تب اس کے شہیدوں کو جنت کا مژدہ سنایا جاتا ہے
Comments From Facebook


0 Comments