مغربی اتر پردیش کے مسلم اکثریتی شہر سنبھل کے وسط میں ایک اونچے ٹیلے پر تعمیر کی گئی شاہی جامع مسجد محلے کی سب سے بڑی عمارت ہے۔مسجد کے مرکزی دروازے کے سامنے زیادہ تر ہندو لوگ رہتے ہیں، جب کہ اس کی پچھلی دیوار کے ارد گرد مسلمانوں کی آبادی ہے۔ یہ جامع مسجد سولہویں صدی کی یادگار ہے۔ سنبھل میں موجود یہ قریب پانچ سو سالہ پرانی تعمیر ہندوستان کے تحفظ ایکٹ کے تحت آتی ہے۔ یعنی یہ کوئی عام مسجد نہیں،بلکہ ملک کا ایک قدیم اثاثہ ہے۔ برسوں سے یہاں کے مسلمان اس مسجد کو اپنی اذانوں اور نمازوں سے آراستہ کیے ہوئے ہیں۔ ایک دن کسی کو اس شہر میں خیال آتا ہے کہ اس مسجد کے نیچے کیا ہوسکتا ہے، کہیں یہ کسی مندر کا ملبہ تو نہیں اور پھر ایک پوری فائل تیار کی گئی اور پیٹیشن دائر کی گی کہ اس مسجد کی جگہ پانچ سو سال پہلے ایک مندر ہوا کرتا تھا۔
اگر کسی ساتویں جماعت کے بچے کو یہ مندرجہ بالا سطور پڑھ کر سنائی جائیں تو اسے بھی کسی کہانی کا حصہ معلوم ہوں گی، وہ فوراً آپ کو جواب دے گاکہ اتنی پرانی دلیل آج کے حساب سے بے بنیاد ہے،پر افسوس ہمارے بیچ موجود چند شر پسند لوگوں کو یہ باتیں سمجھ نہیں آتیں۔ مزید ہمارا عدلیہ نظام جو فیصلہ سنانے اور انصاف کرنے کے فرق کو بھول چکا ہے اور شاید دستور کے کچھ ایکٹ بھی ہضم کر چکا ہے۔ ہو سکتا ہے سماعت کا طریقہ بدل گیا ہو اور دونوں فریقوں کو سننا ہمارے ججوں کے لیے لازمی نہ رہاہو۔ ساتھ ہی یہ کہ ہمارا کورٹ مقدموں سے خاصا خالی ہے اور اتر پردیش میں جرائم ختم ہو چکےہیں، حال میں کچھ کرنے کے لیے بچا نہیں تو ہمارے وکیلوں نے ماضی کے مدعے کو نکالا اور اپنی تیز کارروائی کا مظاہرہ کیا۔ اسی کا نتیجہ ان کا ایک دن میں کیا ہوا فیصلہ تھا جو ایک پر سکون شہر کو ہنگامے اور خوف کی نذر کر گیا۔ پانچ نوجوانوں کی موت، اور کتنے ہی زخمی لوگوں کا مرکز بن گیا۔
ایڈووکیٹ مسعود احمد کا کہنا ہے کہ حیرت کی بات ہے کہ یہ مقدمہ منگل کی دوپہر عدالت میں دائر کیا گیا، اپوزیشن کو سنے بغیر سروے کرانے کا حکم دے دیا گیا اور سروے بھی اسی دن شام کو کیا گیا جب کہ رپورٹ جمع کرانے کے لیے 29 نومبر تک کا وقت ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ تنازعہ پورے منصوبے کے حصے کے طور پر پیدا کیا جا رہا ہے۔درخواست میں کس کو مدعی بنایا گیا ہے؟ ہندو فریق کی طرف سے دائر درخواست میں حکومت ہند کی وزارت داخلہ، ثقافتی وزارت، آثار قدیمہ کے سروے آف انڈیا، میرٹھ زون سپرنٹنڈنٹ آف آرکیالوجیکل سروے، سنبھل کے ضلع مجسٹریٹ اور مسجد کی انتظامی کمیٹی کو فریق بنایا گیا ہے۔
عدالتی حکم جیسے ہی لوگوں تک پہنچا، ٹیم سروے کرنے مسجد پہنچ گئی۔ مقامی مسلمانوں میں ردعمل کا ہونا فطری تھا، لیکن وہاں کے ایم پی نے لوگوں کو پر سکون کرکے سروے کرانے میں پولس اور انتظامیہ کی مدد کی۔ پھر 24 نومبر کی صبح اچانک سروے ٹیم دوبارہ وہاں پہنچی اور اس ٹیم کے ساتھ لوگوں نے ’’جے شری رام‘‘ کے اشتعال انگیز نعرے لگاۓ۔ ہم کہہ سکتے ہیں کہ اس کے باوجود مسلمانوں کو مشتعل نہیں ہونا چاہیے تھا اور پتھراؤ کا سہارا نہیں لینا چاہیے تھا، لیکن کیا انتظامیہ اور پولیس کو اندازہ نہیں تھا کہ ایسی صورت حال میں بڑے پیمانے پر اشتعال کاپیدا ہونا فطری عمل ہے ۔
شاہی جامع مسجد کی انتظامی کمیٹی کے صدر ظفر علی نے نیوز 18 انڈیا کو بتایا کہ منگل کو کیے گئے سروے میں مسجد کے اندر ہندو مندر کی کوئی علامت نہیں ملی۔مسجد انتظامی کمیٹی کے صدر نے کہا کہ مندر کو گرا کر مسجد بنائی گئی، یہ محض افواہ ہے۔ مسجد کے صدر نے الزام لگایا کہ پولنگ کے دوران انتخابات کو پولرائز کرنے کے مقصد سے جلد بازی میں سروے کرایا گیا۔ اس معاملے کی اگلی سماعت 29 نومبر کو ہوگی، جس میں مسلم فریق اپنا جواب داخل کرے گا۔
جامع مسجد کے صدر ایڈوکیٹ ظفر علی نے پیر کی صبح پریس کانفرنس کرکے پولیس اور ڈی ایم پر سنگین الزام عائد کئے تھے۔انھوں نے کہاکہ سروے کے دوران ٹنکی سے پانی چھوڑنے کی وجہ سے مقامی لوگوں میں یہ افواہ پھیل گئی کہ مسجد میں کھدائی کی جارہی ہے، جب کہ اس دوران مسجد کمیٹی کی جانب سے لاؤڈاسپیکر کے ذریعہ لوگوں کو سمجھانے کی بھرپور کوشش کی گئی۔انھوں نے پولیس عہدیدار پر بھیڑ کے ساتھ گالی گلوچ کرنے اور غیر ضروری لاٹھی چارج کرنے کا بھی الزام عائد کیا۔ انھوں نے کہا کہ پولیس نے فائرنگ کی جب کہ ہجوم کی طرف سے کوئی فائرنگ نہیں کی گئی۔ظفر علی اور ان کے ساتھ مزید چھ افراد کو پولس نے پیر کی دوپہر کو حراست میں لے لیا۔
عدالت میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ بابر نامہ اور آئینہ ٔ اکبری نامی کتابوں میں اس جگہ کا ذکر ہے جہاں آج جامع مسجد ہے۔ وہاں ہری ہر مندر ہوا کرتا تھا۔ یہ اعتراض سب سے پہلے وشنو شنکر جین نے اٹھایا ۔ وشنو شنکر جین اور ان کے والد ہری شنکر جین نے عبادت گاہوں سے متعلق متعدد معاملات میں ہندو فریق کی نمائندگی کی ہے، بشمول گیان واپی مسجد‘کاشی وشوناتھ مندر تنازعہ وغیرہ۔ انھوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس مندر کو مغل بادشاہ بابر نے 1529ءمیں منہدم کر دیا تھا۔
اس اعتراض کا جواب دیتے ہوئے سماج وادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ضیاء الرحمان برق نے کہا کہ سنبھل کی جامع مسجد تاریخی اور بہت پرانی ہے۔ سپریم کورٹ نے 1991 ءمیں ایک حکم نامے میں کہا تھا کہ 1947 ءسے جو بھی مذہبی مقامات کسی بھی حالت میں ہوں، وہ اپنی جگہ پر رہیں گے۔
حیرانی اس بات پر بھی ہے کہ عدلیہ جسے کسی بھی طرح کی سیاست سے آزاد رکھا گیا ہے وہ اس طرح کے مسٔلوں جو چھیڑ رہی ہے۔ سپریم کورٹ کے اپنے 83,000 کیسز زیرالتوا ہیں ، ہائی کورٹ کی بات کریں تو 4.1 ملین کیسز 2014 ءسے ملتوی پڑے ہیں جن میں اب مزید اضافہ ہو چکا ہوگا، ایسے حالات میں سنجیدہ مسئلے کو نظر انداز کر تے ہوئے ایک تفرقہ آمیز مسئلے کی سماعت کرنا اس کے دوہرے معیار کو دکھاتی ہے۔
ہندوستان میں مختلف مذہب کے راجاؤں نے حکومت کی ہے اور کہیں نہ کہیں ہر قوم کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے، لیکن جو زیادتیاں ہمارے پچھلے لوگ کر گئے اس بنا پر مدعے اٹھانا سراسر بے وقوفی ہے۔ واضح رہے کہ 1947 ءکے بعد جتنی بھی مذہبی عمارتیں تھیں ،انھیںعبادت گاہوں کے تحفظاتی ایکٹ کے تحت بدلا یا منہدم نہیں کیا جا سکتا ہے، بلکہ جو بھی شناخت ان کی باقی ہے اور جس مذہب سے جڑی ہیں وہ ان ہی سے متعلق رہیں گی، اس ایکٹ میں رام مندر یا بابری مسجد کے کیس کو علیحدہ رکھا گیا تھا ۔ پر اس ایکٹ سے اندازہ ہوتا ہے کہ ہمارے بزرگ پہلے ہی بھانپ چکے تھے کہ اس ملک میں آئندہ کیا حالات ہوں گے۔ سنبھل صرف ایک علامتی نام ہے اس طرح کے سروے کو اگر سپریم کورٹ لگام نہیں لگاتی ہے تو قوی امکان ہے رامپور، متھرا، مرادآباد اور نہ جانے کتنے اور شہر دنگوں کی زد میں آئیں گے، مزید کتنی لاشیں در گور کی جائیں گی۔
ماضی سے سبق حاصل کرنے کے بجائے اگر اتر پردیش حکومت اس کو کریدنے میں زیادہ دل چسپی دکھائے گی تو وہ دن دور نہیں ہے جب ہم اپنا حال بھی کھو چکے ہوں گے اور پھر سے سو، دو سو سال پیچھے جا چکے ہوں گے۔
٭ ٭ ٭


0 Comments