دسمبر۲۰۲۴
تحریر کا سفر تحریک تک

السلام علیکم قارئین !
میرا نام ’’تحریر‘‘ ہے۔میں ریاست مہاراشٹر کے ایک چھوٹے سے شہر اردھاپور میں رہتی ہوں۔ میری ایک بہن بھی ہے جس کا نام ’’تقریر‘‘ ہے، جو اپنے بلند وبالا آہنگ اور اندازِ بیاں سے ہر کسی کی پسندیدہ ،ہر خاص و عام کی چہیتی بنی ہوئی ہے، اور عوام الناس کے جم غفیر میں اپنا رعب جمادیتی ہے،اور میں وہ خاموش سمندر ہوں جس کی موجیں صرف ادیبوں اور با ذوق افراد کے قلوب میں ہلچل پیدا کر تی ہیں۔ میں اسی سوچ و حسرت میں غلطاں تھی کہ مجھے میری عزیز مربی مبشرہ فردوس باجی صاحبہ کی طرف سے رائٹرز ورکشاپ کے لیے بلاوا آیا ،بلکہ یہ ’’القلم‘‘ کے خالق کا کرم تھا جس نے مجھ پر رحم کیا، مجھے ہدایت دی اور مجھے اپنے وجود سے روشناس کرانے کے لیے ایسے اسباب بنائے کہ عقل دنگ رہ گئی ۔ ورکشاپ تو ایک بہانہ تھا ،اصل میں رب العزت کو مجھے میرے مقصد وجود سے خبردار کروانا تھا،اور میرے خاندان اور برادری کے دیگر افراد سے ملوانا تھا ۔
دو دن کی سفر و مشقت کے بعد 23 اگست 2024 ءکا وہ پہلا دن تھا ،جس میں رائٹرز ورکشاپ کا آغاز رضی الاسلام ندوی صاحب کے درس قرآن سے ہوا۔ آپ کا درس مجھ پر چھایا جا رہا تھا، آپ نے قرآن کریم میں مجھے میرے ایک اور نام ’’کَتَبَ‘‘ سے متعارف کروایا اور بتایا کہ قرآن پاک میں 10 بار رب تعالیٰ نے اس نام سے میرا ذکر فرمایاہے۔ میری خوشی کی انتہا ءنہ رہی کہ اپنے دین کی اشاعت میں زبان کے ساتھ قلم کی اتنی اہمیت ہے، اور آپ کے اس قول نے میرے ایمان و محبت اور حوصلے میں اضافہ کردیا کہ تقریر وقتی جذبات ضرور پیدا کرتی ہے لیکن تحریر کے اثرات دوررس ہوتے ہیں ،علم حاصل کرنے کے دو اہم ذرائع زبان اور قلم ہیں لیکن تحریر سب سے زیادہ سیکھنے کے اثرات باقی رکھتی ہے ۔انھوں نے مجھے یاد دلایا کہ موسیٰ علیہ السلام بے شک بڑے خطیب تھے ،لیکن انھیں جو تورات عطا کی گئی وہ ’’الواح‘‘ پر لکھی ہوئی تھی ۔اللہ اللہ! میرے رب نے مجھے الواح پر کندہ کیا تھا، مجھے اپنی قسمت پر رشک آرہا تھا۔ محترم کی ایک بات نے مجھے بہت افسردہ کیا کہ تحریر کے میدان میں مردوں کے بہ نسبت خواتین کی تعداد بہت کم ہے۔محترم اس بات پر زور دیتے رہے کہ لکھنے والی عورتوں کی تعداد بڑھ جائے تو اس کے بہترین نتائج دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔ میں نے ٹھان لیا تھا کہ جہاں تک ممکن ہو،میں اس پر کام کروں گی ۔ آپ کا درس ورک شاپ کے اگلے مرحلے کا اشتیاق بڑھاتا جارہا تھا۔ نگاہیں منتظر تھیں ،شائستہ رفعت صاحبہ کی ،جنھوں ورکشاپ کے مقاصد کو واضح کیا، میں ہمہ تن گوش ہو کر اس آواز کو سن رہی تھی جو ہال میں دل پذیر انداز میں گونج رہی تھی:
’’ہمارا سفر بہت لمبا ہے، اور مقاصد بہت بڑے ہیں۔ آزادی سے پہلے اور آزادی کے بعد وہ جس نے دلوں کو حوصلہ دیا، انقلاب برپا کیا، وہ تحریریں ہی تھیں ۔‘‘

 محترمہ کا ایک ایک لفظ مجھے یہ سوچنے پر مجبور کررہا تھا کہ آج گم راہیوں اور جاہلیت کے زندان میں قید اس انسانیت پر کہاں تک میں نے کام کیا؟
بار بار دل و دماغ پر اثرانداز ہوتی یہ باتیں ذہن کے بند دریچوں کو کھولنے والی تھیں، جس کا زنگ آلود قفل امیر جماعت سید سعادت اللہ حسینی صاحب کے کلیدی خطاب نے کھولا ۔آپ نے مجھے میرے محاذوں سے آگاہ کیا ، میرا مقام و مرتبہ بتایا ۔وہ نایاب موتی جو میرے آباء و اجداد کے علمی خزانوں میں موجود ہیں، جن کی شہادتیں آج بھی پڑھی جاتی ہیں اور قلوب میں جوش و ولولہ پیدا کرتی ہیں، ان سے مجھے روشناس کروایا۔آپ نے صحافت میں میری یک روزہ زندگی پر گفتگو کی تو کتابوں کی دنیا میں موجود خاندان و برادری کے دیگر افراد کا تذکرہ کیا، میرے کم زور سے دل میں بڑے بڑے منصوبے بننے لگے تھے ،لیکن ایک جھجھک سی تھی جو مجھے زنجیر کی طرح باندھے آگے بڑھنے سے روک رہی تھی ۔پھر امیر جماعت کے یہ الفاظ مجھے حوصلہ دینے لگے :
’’رائٹر کو تنقید سے گھبرانا نہیں چاہیے ، ہر بڑے مصنف پر تنقید کی جاتی ہے ۔‘‘
یک لخت ہی ذہن پست ہمتی سے نکلنے لگا تھا،پھر ایک اُمنگ سی دل میں پیدا ہونے لگی تھی۔۔کس قدر شکر و تعریف اس رب کی جس نے اتنی بڑی بڑی شخصیتوں سے میری رہ نمائی کروائی، مجھے حوصلہ دیا ۔ میں اب رکنے والی نہ تھی ۔ آپ کے مشورے میں نے گانٹھ باندھ لیے تھے ۔جس میں ایک خاص مشورہ علم کے لیے بجٹ مختص کرنےاور اپنی لائبریری بنانے سے متعلق تھی،لیکن ان سب کاموں میں مجھے رکاوٹ محسوس ہونے لگی تھی۔ کیا میں اپنے وجود کا احساس دلانے میں کامیاب ہو پاؤں گی ؟ کیا میں ایک انقلاب برپا کرپاؤں گی ؟ کیا اقامت دین کے لیےمیں استقلال سے کام کر پاؤں گی ؟
’’آپ بہت اچھے قلم کار بن سکتے ہیں۔‘‘ تصنیفی اکیڈمی کے سکریٹری محی الدین غازی صاحب کی آواز نے مجھے ان سوالوں سے آزاد کردیا تھا۔
’’آپ قلم کے ذریعے دین کی خدمت کرسکتے ہیں ۔ آپ قلم کے ذریعے اللہ کو راضی کرسکتے ہیں ۔‘‘
اللہ اللہ! کیسے وہ ذات میرے دل کی ہر بات سن لیتی تھی ۔ کیسے اس رب کا شکر ادا کروں جس نے مجھ پر احسانِ عظیم کیا تھا؟ مجھے ضائع ہونے سے بچا لیا تھا۔
’’علم بالقلم کی نعمت پر لکھنے والے بہترین شکر ادا کرسکتے ہیں۔‘‘ محی الدین غازی صاحب کے جملے نے مجھے شکر و حیرت کی آخری انتہا پر پہنچادیا تھا ۔ ایک حیات جس سے میں بے خبر تھی ۔وہ وجود جسے تلوار کی دھار بننا تھا ،کسی بچے کا کھلونا چکا تھا ، لیکن رب کو یہ منظور نہ تھا، وہ مجھ سے عظیم کام لینا چاہتا تھا۔
جناب عتیق الرحمٰن صاحب نے مجھے ذہنی ورزش کروائی، مجھے آگے کے حالات کے لیے تیار کیا ، میرے ذہن کو ایکٹیو رکھنے کے لیے مشقی زادِرہ ساتھ دیا تھا ۔

دوران ورکشاپ میرے خاندان و برادری کے دیگر افراد سے ملاقات ہوئی۔میری پھوپھی غزل، میر ی خالہ نظم اور میرے خاندان کے پیارے پیارے بچوں کو دیکھ کر تو دل ہی باغ باغ ہوگیا تھا ،ان سب کا نام اشعار تھا ۔ کوئی خوش مزاج تھا تو کوئی چنچل ، کوئی خاموش تو کوئی غم زدہ ،ان سے دوری کہ وجہ سے ان کی باتیں سمجھنے میں مشکل تو آرہی تھی، لیکن سمجھ سے باہر نہ تھی ۔یہ سب بھی یہاں دور دور سے سیکھنے آئے تھے۔چچا مضمون کا مزاج خشک لیکن کھرا تھا،البتہ چچی افسانہ کی تو باتیں ہی ختم نہ ہوتی تھی،اور ان کی باتوں سے دل بھی نہ بھرتا تھا ۔ وقت تیزی سے گزرتا گیا۔کئی بڑی بڑی شخصیات نے میری تربیت و رہ نمائی کی تھی ۔
خان یاسر صاحب نے قارئین کا ساتھ تعلق مضبوط کرنے کے طریقے بتائے ، مجھے اپنی علالت کا ڈر تھا کہ یہ علالت میری راہ میں رکاوٹ نہ بنے، لیکن قربان جاؤں اس رب پر، جس نے اسی تحریک سے میرے علاج کے لیے ایسے ڈاکٹرز بھی میسر کیے جو بروقت کم زوریوں کے دور کرنے میں پیش پیش رہتے ہیں ۔ خان یاسر صاحب سے تو یہ بھی معلوم ہوا کہ وقت آنے پر میرا پوسٹ مارٹم بھی کیا جاتا ہے۔ خوف بھی تھا اور تجسّس بھی۔ فکری ارتقاء و فکری مضبوطی کے لیے ذہن کو ایکٹیو رکھنا بھی ضروری تھا۔ جناب عتیق الرحمٰن صاحب کا برین اسٹورمنگ سیشن نے ذہن کو جو تازگی و فرحت عطا کی تھی ،وہ ورک شاپ کے باقی سیشنز کے لیے کارآمد ثابت ہورہی تھی۔ محترمہ فاطمہ تنویر صاحبہ نے ایک آیت کے ذریعے علم و قلم کے استعمال پر اور میری منصوبہ بندی پر مہر لگادی تھی۔ہاں! ایک ہی تو مقصد تھا :

لتکونَ للعٰلمین نذیراً

(تاکہ آپ لوگوں کے لیے ڈرانے والے ہوجائیں۔)
اسی دوران مجھے پتہ چلا کہ میرے آباء کی دو شاخیں ہیں، ایک بنو شعر اور دوسرے بنو نثر ۔ ڈاکٹر خالد مبشر صاحب نے مجھےان کی تاریخ بتائی، ورنہ اس سے پہلے مجھے ان سے مکمل واقفیت نہ تھی ۔مجھے میرے احباب و اقارب کے بارے میں جان کر بے حد خوشی ہورہی تھی ۔ کیسے اعلیٰ نسب سے تعلق تھا سب کا، خلیل احمد صاحب نے پریس نوٹ میں اپنے کام سے میری آگاہی کروائی،اس میں اپنا مقام بنانے اور رہنے کا سلیقہ سکھایا ۔
عزیزہ مبشرہ فردوس باجی نے بچوں کی دنیا میں کاموں سے مجھے آگاہ کیا ، مجھے اندازہ نہیں تھا کہ کہانیوں کی شکل میں بچے مجھ سے اتنی محبت کرتے ہیں۔میں ان ہی خوش فہمیوں میں تھی کہ ڈاکٹر حسن رضا صاحب کی آواز کانوں سے ٹکرائی۔ آپ مجھے ایک الگ ہی دنیا میں لے گئے تھے۔ صحافت کی دنیا،جس میں میری زندگی صرف ایک دن کی تھی، اس دنیا میں میری جذباتی تحریری بہنیں موجود تھیں،جو یاتو خوف پیدا کرنے کا کام کررہی تھیں ،کوئی مبالغہ آرائی اور کوئی بے بنیاد خبروں کا ڈھیر لگارہی تھیں، کچھ ہنگامی بہنیں بھی موجود تھیں اور کچھ خشک مزاج مضامین کی شکل میںصاف وبےلاگ اپنا مدعا بیان کررہی تھیں ۔
ابھی میرا سفر مکمل بھی نہیں ہوا تھا کہ ڈاکٹر حسن رضا صاحب مجھے اس دنیا سے نکال لائے ،پھر مجھے اداریہ کی مشق سکھانے لگے تھے ،جو کافی حد تک سمجھ آگیا تھا، لیکن محمد سلمان صاحب نے بروقت انٹری کی اور ہمیں ورک شاپ کے اگلے مرحلے پر لے گئے اور انھوں مجھے بیانیہ (Narrative ) سے متعارف کروایا اور ان کی تین بہنوں سے بھی میری ملاقات کروائی ۔
وقت تیزی سے گزرتا جارہا تھا،آخر وہ وقت بھی آگیا جب محترمہ ثنا فرحین صاحبہ نے میرےآباء و اجداد کی تاریخ بتائی، مجھے تاریخِ اسلام کے جھروکوں میں لے گئیں ۔ سب سے خاص بات جو محترمہ نے بیان کی، جس نے میرے آنسوں رواں کردیے وہ بات تھی کہ سب سے پہلی تصنیف لوح محفوظ ہے،جس کا مصنف خود اللہ ہے۔ رب تعالیٰ بھی مجھے تحریر کرچکا ہے، ہاں! میں تحریر ہوں ،اپنے اللہ کی پیاری ۔
میرے رونگٹے کھڑے ہوگئے تھے ،میرا پرزہ پرزہ اس کی بزرگی اور اس کی رحمت کا شکر گزار تھا ۔ عرفان وحید صاحب کی مشکور ہوں، جنھوں نے جدید ٹیکنالوجی (اے آئی) کا استعمال مجھے سکھایا ۔ اللہ اعجاز اسلم صاحب کو سلامت رکھے ،جنھوں نے تحریر کا فن سکھلایا،میری خوب رہ نمائی کی، اپنی شخصیت کو نکھارنے کے طریقے سکھائے ۔دھیرے دھیرے وقت نے کروٹ لی اور ورک شاپ اپنے اختتام کو پہنچا۔
جس کے آخر میں محترمہ ’’رحمت النساء باجی‘‘ نے اپنے اختتامی خطاب و دعا کے ساتھ مجھے الوداع کہا ۔ ان تین دنوں میں میں نے بہت کچھ سیکھا ،جس پر ایک تحریری کتابچہ مرتب کیا جاسکتا ہے، اور لوٹے تو ایک مقصد ،ایک لگن، ایک حوصلہ، ایک چاہ کے ساتھ لوٹے، ان شاءاللہ ایک انقلابِ عظیم برپا کریں گے ۔
مجھے زادراہ اور ہوم ورک کے طور پر جو کچھ دیا گیا،میں ساتھ لےآئی، جس میں مجھے خود کی اور اپنے باصلاحیت رفقاء کی ٹریننگ و تربیت کرنی تھی ،ایک مشن،ایک انقلاب کے لیے ،یہ سفر ختم ہوا تھا ایک نیا سفر شروع ہونے کے لیے۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

2 Comments

  1. صائمہ عِشال

    السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ۔بیت ہی جاذب اور خوبصورت تحریر۔۔

    Reply
  2. ڈاکٹر صبا انوری

    بہت بہترین تحریر ۔
    الحمداللہ جماعت اسلامی میں بہت ہی بہترین خصوصیات اور ا علی اخلاق واوصاف شخصیت کے حامل افراد موجود ہیں ۔

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے