دسمبر۲۰۲۴
اجتماع ارکان میں ادراک شوکیس
زمرہ : ادراك

اجتماع ارکان، حیدرآباد کے موقع پر بسائی گئی ایک نگری کا نام ’’ ادراک تحریکی شوکیس ‘‘تھا۔ چار دن کا یہ شوکیس دل میں بس گیا ،دل نہیں چاہتا تھا کہ وہاں سے لوٹا جائے ۔

اٹھ کر تو آ گئے ہیں تری بزم سے مگر
کچھ دل ہی جانتا ہے کہ کس دل سے آئے ہیں

ہر گوشہ مقصد سے جوڑ کر بنایا گیا تھا، افتتاح بدست امیر جماعت عمل میں آیا۔ ادراک کے درمیان کانفرنس ہال میں امیر جماعت نے خطاب فرمایا۔ اس افتتاحی سیشن میں محترم قیم جماعت نے بتایا کہ ادراک دراصل ہماری رپورٹ کا حصہ ہے۔ اجتماع ارکان میں کاموں کی رپورٹ تو آدھے گھنٹے میں پیش نہیں ہوپائے گی ،لیکن تحریک کے افراد کے سبھی کام آپ یہاں ماڈلز اور چارٹ کے ذریعہ سے دیکھ سکتے ہیں ۔نائب امیر جماعت ایس امین الحسن صاحب نے بتایا کہ ادراک ایک نیو آئیڈیا ہے، تاکہ آئیڈیاز انٹرچینج ہوں،ہر زون جو نئے کام کررہا ہے، اسے بغور دیکھے۔ ہر ایک کے پاس نیا آئیڈیا ہے اور یہاں سب ایک دوسرے سے اکتساب کریں ،اور بتایا کہ اس نگری کو جو آپ اتنی ترتیب سے سجا دیکھ رہے ہیں، اس کے پیچھے عتیق الرحمٰن صاحب سکریٹری اور ان کی ٹیم کی تین ماہ کی جہد مسلسل ہے،امیر جماعت نے عتیق الرحمٰن صاحب کو ’’ صاحب ادراک ‘‘کا لقب دیا ۔
عتیق الرحمٰن صاحب نے اپنی گفتگو میں نہایت خوب صورتی سے ادراک پویلین کے کیٹیگریز کو پیش کیا۔
یہ خوب صورت سی نگری، واللہ! جہاں سے لوٹنے کا دل نہیں کرتا تھا ۔زمر (میرا بیٹا) آخری دن رونے لگا کہ یہاں سے واپس نہیں جائیں گے ۔
یہ ادراک شوکیس ، جنھیںہم نے صبح وشام بس دوڑتے ہوئے دیکھا، چوں کہ ہمارا سی آئی او کا شوکیس تھا، اس شوکیس کی ہر ضرورت کو دوڑ دوڑ کر صاحب ادراک نے پورا کیا۔ بندۂ خدا نے نہ دن میں چین لیا نہ رات میں سکون کی سانس لی ، صاحب ادراک کی محنتوں اور مشقتوں کی منہ بولتی تصویر یہ شوکیس انسانی نفسیات کو اتنا خیال رکھ کر بنایا گیا تھا کہ بہ یک نظر انسان ٹوڈی، تھری ڈی ماڈلز کے ذریعہ سب کچھ جان لیتا تھا ۔
یہاں ہم نے علامہ کی اس بات کا مطلب ہلکا سا سمجھا ہے :

جہاں بانی سے ہے دشوار تر کار جہاں بینی
جگر خوں ہو تو چشم دل میں ہوتی ہے نظر پیدا

ادراک شوکیس کا ہر Pavelion اپنی طرف کھینچتا تھا ۔جوں ہی گیٹ سے داخل ہوں تو تکبیر پر نگاہ پڑتی ہے،یہ دراصل ادراک شوکیس کے تین Pavilion تھے ۔پہلے پویلین میں تکبیر ،تفکیر، دوسرے پویلین میں تطہیر ، تنویر ، تیسرا پویلین تعمیر کا تھا۔ہر کیٹیگری میں اس نوعیت کے کاموں کی وضاحت کرتے ہوئے دس بائی دس کے کیوبکلز مربع نما شاپ بنے ہوئے تھے ۔

تکبیر :

تکبیر ،جیسا کہ نام سے واضح ہے گیٹ کے داخل ہی پر تکبیر پر نظر پڑتی۔اسلامک فاؤنڈیشن سینٹر پر نگاہ ٹھہر جاتی ہے۔
آپ سر اٹھاکر دیکھیں تو Dharmic Jan morcha آپ کو روک لیتاہے ، ایک نظر اٹھائیے اور دوسری نگاہ میں آپ کام اور نوعیت جان لیجیے! اتنی باریکی سے ہمارے منتظمین نے کام کیا تھا کہ ارکان کے پاس اجتماع کے درمیانی وقفے میں تیس منٹ ہے، ہر شاپ کو تین منٹ مل سکتے ہیں، تو تین منٹ میں کیسے پیغام پہنچے ؟اسی لحاظ سے ماڈل ،رنگ اور نوعیت تھی ۔
آپ ذرا سا آگے بڑھیے! سد بھاؤنا منچ ہے، جو آپ کو یک جہتی کا احساس دلاتا ہے،یہ میرا پیارا ملک اور اس میں موجود ہر انسان عظیم ہے ، انسان دوستی اور انسانیت سے محبت ، رب العالمین کے حقیقی نائب ہونے کا احساس دلاتا ہوا ۔ مسجد پرچلیے! سامنے ہی ہے، آپ نگاہ تو اٹھائیے ،جناب لے آئیے انھیں قریب،جو مسجد کے تقدس کو نہیں جانتے، انھیں سمجھائیے کہ کیسے ہم آقا غلام ، امیر غریب ،اس در پر یکساں کھڑے ہوجاتے ہیں؟یہ جگہ ہے جہاں ہمارے سر اپنے رب کے حضور جھک جاتے ہیں ۔
اس طرح ملٹی لنگوول دعوت، مختلف زبانوں میں دعوت کے گوشے بھی آپ کو لسانی تفاخر سے نکال کر انسانوں کی مختلف زبانوں اور ترسیل کے مختلف طریقوں سے روشناس کرواتے ہیں ، کیسی لاجیکل ترتیب ہے؟ ملاحظہ فرمائیے! مدعو کی مختلف زبانوں سے نکلیے اور جانیے کہ ڈیجیٹل دعوتی سورس کیا ہوتا ہے؟ قرآن پروچن اور دعوہ وھیل بھی اپنی نوعیت کے خوب صورت گوشے ہیں۔ دعوت پر ہرگوشہ یہاں موجود تھا اور ہر گوشے میں ایک شارح تعینات تھا ۔
اسی پویلین میں دوسرا موضوع تھا ۔تکبیر اور تفکیر تھا۔

پہلا پوویلین:تکبیر ، تفکیر

اس پویلین میں دو بڑے گوشے تھے: تکبیر اور تفکیر ،تکبیر میں جملہ آٹھ دعوتی تعارفی گوشے تھے ۔
ادارہ تحقیق و تصنیف پر ہم رکے اور قدم تھم گئے، وہاں اشہد الاسلام ندوی صاحب موجود تھے اور رضی الاسلام ندوی صاحب اور برادر سالم برجیس ۔
اشہد صاحب کو سلام کیا ، بعد ازسلام ہم نے کہاکہ مولانا! آپ کا جمعے کا خطبہ اور دوران خطبہ لاٹھی کا تھامنا ہمیں بہت کلاسیکی انداز کا لگتا ہے ۔مولانا مسکرادیے۔
تحقیق و تصنیف کی چھ نئی کتابوں سے مولانا نے واقف کروایا۔ رضی الاسلام ندوی صاحب کی نئی کتاب ،، تصور اقامت دین تفہیم و توضیح،، اس کتاب پر ھادیہ کے پرنٹ ایشو میں ریویو لکھا گیا ہے اس ادارے کی دیگر کتب سے واقفیت حاصل کرتےہوئے ہم آگے بڑھے ۔
وہی قریب ہی تصنیف اکیڈمی کا گوشہ کھڑامسکرا رہا تھا۔اسے جانتے تو تھے، تاہم یہاں ہم مشاہدے کے دورے پر تھے، اس کے ذمہ دار ڈاکٹر محی الدین غازی صاحب ہیں ۔
CSR پر وزٹ کے لیے گئے تو سکریٹری ادارہ ڈاکٹر رضوان صاحب سے ملاقات ہوئی۔ وہاں ڈاکٹر عائشہ علوی صاحبہ بھی موجود تھیں، یہ سائنٹسٹ جتنے بڑے ہی، دونوں میاں بیوی اتنے ہی زیادہ خاکسار ہیں۔ عائشہ علوی صاحبہ تو کمال کی خاتون ہیں، واقعی پرسنلی متاثر ہوں ، پڑھتی ہوں انھیں، عقل حیران ہوتی ہے، دونوں ہی جینیٹکس اسٹڈی میں ڈاکٹریٹ حاصل کرچکے ہیں۔ ان کی کتاب سے بھی وہاں تعارف ہوا،بلکہ رضوان بھائی ہمیں وائٹ ڈاٹ پبلکیشن لے گئے، اور وہاں اپنی کتابیں جو دونوں میاں بیوی نے لکھی ہیں،عنایت کیں۔کتاب اپنی نوعیت کی یونیک کتاب ہے،کتاب کا نام ہے:
“Pathways To hope Islamic perspective on suicidology”
چوں کہ یہ کتاب ہمارے سبجیکٹ سے متعلق کتاب ہے ،سوسفر میں ہی مطالعے کاآغاز کرچکےتھے۔
اسی گوشے میں تحریکی میگزین اور رسائل و جرائد کا تعارف کرواتے ہوئے ہمیں شعبۂ میڈیا سے احمد علی صاحب ملے تو جناب! یہ زندگیِ نو ، ھادیہ ، اورا ، ریڈیئینس ،دعوت ، کانتی ، اور بھی بے شمار رسائل و جرائد کا تعارف کروارہے تھے، ساتھ ہی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کا:
’’ سوشل میڈیا پر تحریک کی آواز بنیں !‘‘
“!Be the Voice of Tehrik on social media”
کی پرچی تھماتے جاتے تھے ۔
Personalities of islamic Moment کا گوشہ تو جیسے پیروں کو بریک لگ گیا ہو ، ہمارے یہ اکابرین جو عنقریب ہی ہم سے بچھڑ گئے ان کی یاد چشم زدن میں تازہ ہوگئی ، میری پہلی نظر ڈاکٹر نجات اللہ صدیقی پر ٹھہر گئی ، پہلے سے محبت تو تھی ہی، امیر جماعت نے اپنی تحریر و تقریر میں اس عظمت رفتہ کے کھونے کا احساس دلایا کہ یوں لگتا ہے صدیاں جس شخصیت کو یاد رکھیں گی وہ ہمارے سامنے ہی سے تو ابھی ابھی اٹھ کر گئی ہے ۔ان شخصیات میں رفعت صاحب مرحوم ، مولانا جلال الدین عمری صاحب ، صدیق حسن صاحب ، رفیق قاسمی صاحب ،مولانا نصرت صاحب ،جن کی تعلیم و تعلم پر گفتگو کے الفاظ اب بھی کانوں میں تازہ ہیں ۔

دوسرا پویلین :تطہیروتنویر

دوسرے پویلین میں میں دو گوشے: تطہیر و تنویر لگائے گئے تھے۔ حسب مراتب و کاز ان کے نام بھی تقسیم کیےگئے تھے۔ تطہیر کا نام آتے ہی صاحب ماہر تطہیر ایس امین الحسن صاحب نظروں میں آجاتے ہیں ۔اولین نگاہ تو QA weekly planning پر پڑتی ہے، چوں کہ اسے جانتے ہی ہیں تو ایم ڈی آر پر آگے بڑھ گئے ، MDR داعی ،مربی، رہ نما؛یہ مرکز کا پروجیکٹ ہے اور پڑھتے ہوئے آپ سمجھ گئے ہیں کہ اس کے ذمہ دار محترم ایس امین الحسن صاحب ہیں ۔کیا ہی خوش کن سماں تھا! جو ایم ڈی آر کا تھا، قدم ٹھہر جاتے، تسخیر کا سا عمل ہوتا ،سسٹر عمارہ فردوس ، ڈاکٹر نکہت عروج شاہین صاحبہ اورنزہت سہیل صاحبہ سے ملاقات ہوئی ۔ اتنا خوب صورت سا درخت تھا، جس پر ایم ڈی آر کے منتخبہ گروپ میں ایم ڈیی آر کورس کے دوران جو جن کتابوں کا مطالعہ کروایا گیا تھا ، ان کتابوں کو پھلوں کی مانند درخت پر آویزاں کیا گیا تھا ، چھوٹے چھوٹے درختوں پر مقاصد اورطریقۂ کار بھی تھے۔ عمارہ، میری بہن اور ڈاکٹر نکہت عروج بھابھی ہیں ،ان کو خوب سرگرم تو دیکھا لیکن دونوں ہی ساری کوششیں صیغہ ٔراز میںرکھے ہوئے تھیں ۔پوچھنے پر کہتیں کہ آپ ہمارے ایکسپو میں تشریف لائیے یہاں کچھ نہیں بتایا جائے گا ، اور واقعی امین صاحب کی سچے استاد کی سی لگن ، اور طلبہ کی دھن کا ایک حسین امتزاج تھا یہ MDR،مربی کی تڑپ تھی کہ تحریک کو افراد ملیں ، علم کے حصول کے لئے طلبہ کی تڑپ تھی ۔
ترے سینے میں ہے پوشیدہ راز زندگی کہہ دے
مسلماں سے حدیث سوز و ساز زندگی کہہ دے
ایم ڈی آر کے ساتھ’’ سوال پوچھیے قرآن کے ذریعہ‘‘ یہ بھی اپنی نوعیت کا منفردگوشہ تھا۔
تنویر میں آجائیے! بیٹھیے،تشریف رکھیے، یہاں اس گوشے میں دنیا کو ضیاپاش کرنے والے اداروں سے متعارف ہوئیے کہ ان اداروں کی کرنیں نہ صرف بر صغیر ہندوپاک میں، بلکہ یورپ و امریکہ میں علم کی روشنی بکھیر رہی ہیں ۔
Islamic Institute of Islamic research،یہاں اب تک کے فارغ طالبات کا تصویری کولاژتھا اور شارح نے بتایا کہ عصری علوم کے طلبہ کو دینی و عصری تعلیم کے امتزاج کے ساتھ اسلامی اسکالر بنانے کا یہ ادراہ ہے ۔
جامعۃ الفلاح کو تو جانتے ہیں۔ ہمارے میاں جی خود وہاں سے فارغ ہیں۔ جامعۃ الفلاح کے شعبۂ طالبات کی بچیاں ھادیہ ای میگزین میں مستقل تحریری تعاون کرتی ہیں ۔
جامعہ اسلامیہ شانتا پورم سے بھی واقفیت ہوئی، کچھ تو شبلی ارسلان صاحب کی فیس بک پوسٹ سے واقف ہی تھے، وہاں بھی جان لیا ۔
نظر اٹھاتے ہی نالج ورلڈ پر نظر رک گئی ، مرکزی تعلیمی بورڈ کی کارگزاری سے ایک زمانہ واقف ہے، تیزگام ہے، تعلیمی محاذ پر محترم تنویر صاحب کا تو مائنڈ میک اپ ہی گویا تعلیمی نہج پر کیا گیا ہے ۔
شریعہ کاؤنسل سے تواپنے ہر دل عزیز مولانا محترم رضی الاسلام ندوی صاحب کی وجہ سےواقفیت ہے۔ ھادیہ ای میگزین کے مولانا بورڈ ممبر ہیں، اس حوالے سے شریعہ بورڈ میں سوالات کے جوابات شائع کیے جاتے ہیں ہیں ۔

تیسراپویلین:تعمیر

جہاں بانی کے کام کرنے والے تازہ دم مرکب کی طرح دوڑے جاتے ہیں، منزل کی تڑپ میں تیزگام ہوتے ہیں ،شوکیس میں تیسرا پوویلین ہے اور عنوان ہے تعمیر۔ مشرق کی جانب نگاہ اٹھائیے! SIO نظر آئے گا، طلبہ تنظیم کا ہے، نیشنل صدر رمیز کے الفاظ سماعت پر اب بھی تازہ ہیں ۔مشن، وژن اور لگن صدر کے لفظ لفظ سے مترشح ہے۔ سچ کہوں تو SIO کو دیکھ کر تحریک اسلامی کا ، صالح اجتماعیت کا مستقبل روشن ترین نظر آتا ہے۔ وہ زمین پر نوجوان بچے ہیں اور حوصلے بلند ہیں، نگاہیں عقابی ہیں،آسمان پر کمند ڈالنے کا حوصلہ رکھتے ہیں، انھیں دیکھ کر دل دعا دیتا ہےکہ رب کریم! ان سے اسلامی تحریک کے غلبے کا خوب کام لے ۔
GIO فیڈریشن کی صدر تنظیم سے ملیے! شوکیس میں ان کی گیلری دیکھیے ! اندازہ کیجیے، لوگ اپنی بیٹیوں کے لیے یا تو گرہستی کے محدود خواب رکھتے ہیں یا زمانے میں بے راہ روی یا جارحیت در آتی ہے ۔
یہاں ان بچیوں میں بے پناہ صلاحتیں ہیں اور صالحیت کے تو کیا ہی کہنے !سچے اور پیارے دل کی یہ بچیاں پلکوں پر اسلامی اجتماعیت کی تقویت کے خواب رکھتی ہیں،یہ پاکیزگی یہ سنجیدگی و متانت دیکھ کر دل باغ باغ ہوتا ہے۔ جی آئی اوفیڈریشن کی صدر سمیہ روشن ، عزائم بلند ، خواب دیکھنے والی روشن آنکھیں ، اسم بامسمی ، بڑوں کا حد درجہ احترام ، اخلاص للہیت ، سچائی لگن اور محبت کا مرصع ہے، دل سے اس بچی کےلیے دعا نکلتی ہے ۔
شعبۂ خواتین کے گوشے میں نہایت خوب صورتی سے حلقۂ خواتین کے کاموں کا تعارف تھا ۔واللہ کامیاب مہم کے فوراً بعد اتنی خوب صورتی سے ان کے ذمہ داروں نے اسے روشن رکھا تھا۔ شعبۂ خواتین کا تنظیمی خاکہ ، انجام دی جانے والی سرگرمیاں ، اس کے جرائد ورسائل ، اور شعبۂ خواتین کی مشاورتی کمیٹی کے ممبران کی تفصیلات موجود تھیں۔
یوتھ ونگ کا بھی یہاں سے تعارف حاصل کریں، یہ مشن سے جڑے لوگ جب ایس آئی او سے فارغ ہوتے ہیں تو یوتھ ونگ میں رہ کر میدان عمل میں پیش پیش ہوتے ہیں۔ ملک و ملت کی بھلائی، خدمت خلق اور سیاسی محاذ پر بھی صالح اجتماعیت کے نمائندہ ہوتے ہیں ۔FDCA کا تعارف مکمل کیا ہی تھا کہ APCR نمایاں سا لکھا ہوا بالکل راہ داری میں نظر آیا ۔
ندیم بھائی کو دیکھ کر مجھےعلامہ شبلی کے ’’الفاروق‘‘ میں پڑھے ہوئے یہ جملے یاد آتے ہیں :
’’ دور عمر میں عمرفاروق اعظم کا سب سے بڑا کارنامہ یہ تھا کہ انتظام و انصرام چلانے کے لیے جو حکام منتخب کیے گئے تھے، وہ اپنے اپنے کاموں کے بے حد ماہر اور مشاق تھے۔ یوں کہیے کہ دور عمرفاروق نے حکومتی نظام کے کل میں نہایت موزوںپرزے استعمال کیے گئے تھے ، افراد کی شناخت اور اس کام کا ماہر و مشاق جنوں پرور ہونا لازم ہے اور ان کا انتخاب ہی قیادت کی آدھی کامیابی ہے ۔‘‘
ندیم بھائی جیسے APCR کے کام ہی کے لیے بنے ہیں۔ بھول بھلیاں جیسا تعارفی گوشہ تھا ،قدم بڑھاتے جائیے اور مظلوموں کی دادرسی کی داستانیں سنتے جائیے! تصاویر سے چیخیں بلند ہوتی ہیں اور زخم پر APCR مرہم رکھنے کی دعوت دیتا ہے ۔
CIO کا بھی گوشہ ہے۔ یہ شعبۂ اطفال یعنی بچوں کا شعبہ ہے ،جس میں 5 سے 14 سال کی عمر کے بچے اپنی تنظیم میں مشن کے سانچے میں ڈھلے اسلام کے نائٹس بن کر نکلیں گے۔ مضبوط اور طاقت ور اسلامی تحریک کی سربراہ بنیں گے ۔یہ اللہ کی زمین پر اللہ کے نمائندے اور انسانیت کے خیر کے پیغام کے علم بردار ہوں گے،یہ سارا پیغام تھری ڈی3D ٹوڈی 2Dماڈل کے ذریعہ آویزاں تھا ۔بچوں کی تنظیم، بچوں کے لیے ،بچوں کے ذریعہ۔یہاں لوگ آتے اور بچوں کے لئےCIO کے لوگو کی ٹی شرٹ اور کیپ لے کر ضرور جاتے تھے ۔
سی آئی او کے عقب میں RIFA chamber تھا۔ ڈیجیٹل اسکرین کے ذریعہ تعارف حاصل کرنے کا نظم تھا ،تاہم اصل رفا ہ کا تعارف تو رفاہ کے بزنس سیکٹر میں ان کی شاپ دیکھ کر ہی آپ کرسکتے ہیں۔پورے پروجیکٹ میں اہم بات یہ کہ رفا نے انتہائی ضرورت مندوں کو روزگار سے جوڑنے کا جو کارنامہ انجام دیا ہے، بس اسے انسانیت سے سچی محبت ہی کا نام دیا جاسکتا ہے ۔
بہن عمارہ نے کہاکہ آپ غور تو کریں، کیسے کیسے افراد کو انھوں نے بزنس سے جوڑ کر اعتماد بلند کیا کہ بس انھیںاس کا اجر اللہ ہی دے سکتا ہے، اس کا بدلہ بندے کی بساط میں نہیں ۔ساحل پر کھڑے ہوکر بس باتیں بنائی جاسکتی ہیں، سمندر کی گہرائی تو غواص ہی جانتا ہے ۔
امیر جماعت کی کتاب ’’امت مسلمہ کی تمکین ‘‘کے الفاظ نگاہ میں آنے لگے اور نائب امیر جماعت کے لیے دل سے دعا نکلی ۔

یہ جو ہم لوگ ہیں احساس میں جلتے ہوئے لوگ
ہم زمیں زاد نہ ہوتے تو ستارے ہوتے

SMART نامی شفیع مونس اکیڈمی پر بھی ہم گئے، اور پروجیکٹ سمجھتے ہوئے لوٹ آئے ۔
مسجد العلماء ، میڈیا کی سرگرمیاں، سوشل میڈیا ٹیم سے تعارف حاصل کیا ، اوقاف کے گوشے میں تصویری جھلکیاں عکس بندیاں آپ کو ورطۂ حیرت میں ڈالنے کے لیے کافی ہیں ۔میڈیا ون میں چوں کہ زبان ملیالی تھی، تاہم تصاویر تو سب سے سب کچھ کہتی ہیں، ٹیب تھے جگہ جگہ اور تعارف حاصل کرنے کا ڈیجیٹل طریقہ تھا ۔
ٹیچرز تنظیم AIITA کاتعارف لیا اور میں ریاستوں کے نمایاں کام کا جائزہ لینے لگی۔ہر ریاست کا اپنا نمایاں کارنامہ تھا۔ مہاراشٹر کی ایک بستی’’ ہتھروں‘‘ تھی، جو ایک مثالی بستی ماڈل تھا ، جماعت نے ماڈل گاؤں کا جو ماڈل دیا تھا وہاں سیاسی اور سماجی سطح جماعت کی کوششوں سے تبدیلی واقع ہوئی، اقدارپر مبنی سیاست اور مثالی سماجی خاکہ ، جماعت کے مشن کا عملی ماڈل بہترین تھا۔ کرناٹک کی ایمبولنس تھی ، گوا کا تارے زمین پر بچوں کا میگزین ۔
ادراک تحریکی شوکیس، ہم وہاں سے لوٹے کچھ قیمتی موتی مٹھی میں دبائے پارۂ زر کی طرح کہ یہ ادراک کی ٹیم کی کاوشوں کا بہترین گوشہ تھا اور یادوں کا خوبصورت گل دستہ،بالکل بابا یحییٰ خان کے اس اقتباس کی مانند :
’’سمندر سب کے لیے ایک جیسا ہی ہوتا ہے، لیکن کچھ لوگ اس میں سے موتی تلاش کر لیتے ہیں ، کچھ مچھلیاں پکڑ لیتے ہیں اور کچھ کو سمندر سے کھارے پانی کے سوا کچھ بھی نہیں ملتا ۔
بادل سے برسنے والا پانی ایک جیسا ہی ہوتا ہے ۔زرخیز زمین اسی پانی سے سبزہ اگا لیتی ہے ،صحرا کی ریت اس پانی سے اپنی پیاس بجھاتی ہے اور وہی پانی چکنے پتھروں کو محض چھو کر گزر جاتا ہے ۔اللہ کی رحمت ہر دل کے لیے ایک جیسی ہے،اب یہ ہم پر ہے کہ ہم پر اس کا کتنا رنگ چڑھتا ہے، اور اللہ کا رنگ سب رنگوں سے بہتر ہے ۔‘‘

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

1 Comment

  1. سمیرا شاہین

    Alhamdulillah

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے