’’پیسوں کا قانون جان لو تو دعا دوگے، نیا موبائل فون آپ کو صرف دوماہ خوشی دے گا ، نئی گاڑی آپ کو چھ ماہ خوشی دے گی، نیا لباس آپ کو پہلی مرتبہ پہننے تک خوشی دے گا، لیکن اگر چاہتے ہیں کہ خود کو محتاجی کی حالت سے بچائیں، دوسروں سے مدد مانگنے کی نوبت سے اہل خاندان کو محفوظ رکھیں، تو پیسے کی بچت اور اسے اچھی جگہ انویسٹ کرنا عقل مندی ہے ۔پیسے کو خرچ کرنا ایسا ہی ہے جیسے اپنے پاس کےنقد پیسوں کو لاحاصل چیزوں پر خرچ کرنا۔‘‘ ایک ویڈیو میں ایک کوچ نوجوان بچوں سے خطاب کررہا تھا ۔
بہت حد تک یہ بات درست ہے۔ جو بھی چیز ہم خریدتے ہیں، جو غیر ضروری ہو ،وہ کچھ عرصے بعد کوڑا کرکٹ بن جاتی ہے۔ ضروری چیز کو خریدنا ناگزیر ہوتو بلاشبہ خریدنا چاہیے، لیکن شاپنگ دن بہ دن ایک فیشن اور ایک اسٹیٹس سمبل بنتا جارہا ہے ۔خصوصاً خواتین میں شاپنگ میں بے دریغ پیسہ خرچ کرنا ایک نفسیاتی مرض کی شکل اختیار کرچکا ہے ۔
شاپنگ چاہے روایتی بازار سے ہو، یا آن لائن شاپنگ کا جنون ہو ،یا شاپنگ مال میں شاپنگ کی جارہی ہو،شاپنگ مال کا سسٹم ہی کچھ اس طرز کا ہوتا ہے کہ وہاں انسان سامان سے پیسوں کو بدلنے پر تیار ہوجاتا ہے، جیسے کسی نے دماغ کو ہائی جیک کرلیا ہو، ضروری چیز تو پرے ہوجاتی ہے انسان غیر چیزوں کا انبار اٹھالیتا ہے اور اگر پیسوں کی مجبوری کی وجہ سے اس چیز کو رکھ بھی لے تو ایک حسرت اس سے جڑ جاتی ہے، اور انسان بعد کے لیے من ہی من منصوبہ بنالیتا ہے ۔بچے ساتھ ہوں تو یوں سمجھیں کہ بچوں کی خوشی کے لیے چیزیں خریدنامائیں فرض اولین سمجھ لیتی ہیں ۔نفسیاتی اعتبار سے ایک صارف کے دماغ کو اپنے آپ آمادہ کرنے کی خاص جگہ شاپنگ مال ہے، انسان کی نفسیاتی کا مس یوز جتنا شاپنگ مال میں ہوتا ہے، کہیں نہیں ہوتا ۔ چکاچوند ایسی ہوتی ہے کہ اپنے وارڈروب میں موجود کپڑے بندے کو یاد نہیں آتے، ہر چیز پرانی اور خستہ نظر آتی ہے ۔کاؤنسلنگ کے دوران شوہر جب بیوی کی شاہ خرچی کی شکایت کرتے ہیں تو ان خواتین کو ملال بھی ہوتا ہے اور ساتھ ہی شوہر کی کنجوسی کی وہ شاکی بھی ہوتی ہیں، اس کلچر نے ہر گھر میں خاموشی کے ساتھ فساد ڈال رکھا ہے ۔یہی نہیں، شاپنگ مال میں اگر کوئی مضبوط خاتون بچ بھی جائے تو بچے ان کے مخالف باتیں کرنے لگتے ہیںکہ مما تو ہر چیز سے روکتی ہیں، پرانے زمانے کی ہیں ۔
رہی سہی کسر انسان میں شکر گزاری کو ختم کرکے آماجگاہ حسرت بنادینے میں ایسے Vlog رول پلے کرتے ہیں، جو خواتین کو خوب صورت گھر، کچن اور ڈرائنگ روم کے نئے ڈیکوریشن کے ساتھ بنائے ہوئے نت نئے ڈیزائن دکھلاتےرہتے ہیں۔ ان سب چیزوں کو دیکھنے کے بعد بندے کو حقیقی دنیا سے زیادہ وہی مصنوعی دنیا سرور دیتی ہیں ۔پچھلے دنوں کالج میں کچھ بچیوں نے والدین کی شکایتوں کا پلندہ کھولا، اس میں اہم یہی بات تھی کہ چیزیں نہیں بدلتے، پرانے سامان سے انھیں آبسیشن ہے ، گھر کو ڈیکور کرنے مزاج نہیں ہے، ہر وقت پیسوں کا رونا روتے ہیں ۔یہ شکایت نہیں تھی ،بلکہ ایسے ولاگ دیکھ کربچے شکر گزاری،والدین کا احترام سب بھول کر ان کے مدمقابل شاکی بن کر کھڑے ہوجاتے ہیں ۔
آن لائن شاپنگ بھی کچھ اسی طرح سے انسانی دماغ کو ماؤف کردیتی ہے ۔ہم جو بھی ڈیوائس یوز کررہے ہیں، اس کا الگورتھم اس طرح ہوتا ہے: ہماری عمر، دل چسپی ، پسند ناپسند ، فرینڈ لسٹ ،ان کا ٹرینڈ، ان کی آن لائن شاپنگ، آرڈر لسٹ؛ یہ مل کر ایک ماحول بنالیتے ہیں اور سوشل میڈیا کے ذریعہ اسی طرح کے کمرشیل ایڈز ہمارے دماغ کو ہائی جیک کر لیتے ہیں ۔اسی طرح کا ایڈ سامنے آتا ہے اور ایک صارف کے لیے یہ اٹیک بہت خطرناک ثابت ہوتا ہے اور وہ آرڈر کردیتا ہے ۔
اسی طرح کئی خواتین ایک صارف کی حیثیت سے اس جال میں پھنس جاتی ہیں، اس پر ہمیں گفتگو کرنے اور بیداری پھیلانے کی ضرورت ہے ۔
احساس محرومی
احساس محرومی کی شکار خواتین ضرورت سے زیادہ خرچ کرتی ہیں ۔ماضی میں ضرورت یا خواہش پوری نہ ہونے کی وجہ سے جب پیسہ آتا ہے تو انسان توازن برقرار رکھنے کے بجائے اپنی تمام خواہشات پوری کرنا چاہتا ہے۔اسے یوں محسوس ہوتا ہے کہ اس چیز کا خریدنا اسے خوشی دے سکتا ہے، خوشی کی تلاش میں خواتین خود کو مجبور پاتی ہیں اور روک نہیں پاتیں ۔
آپ نے نوٹس کیا ہوگا کہ بعض گھروں میں کسی لاری والے یا آواز لگانے والے کو خالی جانے نہیں دیتے ۔تنگی سے گزارنے والی خواتین اپنی دبی حسرتوں کو پوری کرنے کے لیے شاپنگ کا سہارا لیتی ہیں۔
خود اعتمادی میں کمی
بعض خواتین سماجی نفرت جھیلنے کی وجہ سے بھی شاپنگ کا سہارا لیتی ہیں، جیسے وہ پستہ قد ہونے یا موٹاپے یا مافی الضمیر کے اظہار کی وجہ سے اپنا اعتماد کھودیتی ہیں ،اس لیے شاپنگ کے ذریعہ اپنی کم زوری پر کنٹرول پانے کی کوشش کرتی ہیں، وہ چیزیں خریدتی ہیں جن کے ذریعہ وہ دوسروں کو متوجہ کرسکیں،اسی وجہ سے اکثر ایسی خواتین برانڈ کاؤنشیس ہوتی ہیں،برانڈیڈ چیزیں خرید کر نمود و نمائش کا سہارا لیتی ہیں۔
جذباتی محرکات
جذباتی محرکات خواتین کو بے دریغ خرچ کروانے کا ذریعہ ثابت ہوتے ہیں۔مثلاً کسی شادی بیاہ میں لوگوں کو دکھانے کے لیے بہت زیادہ خرید و فروخت کی جاتی ہے، جنونی شاپنگ کی جاتی ہے، پیسے کے ذخیرے کو پورے جنون کے ساتھ خرچ کردیا جاتا ہے ۔ اکثرخواتین بچوں کی برتھ ڈے میں جذباتی ہوکر کافی زیادہ خرچ دیتی ہیں یا تحائف دیتے ہوئے جنون کی حد تک شاپنگ کرلیتی ہیں،پیسے کم ہوجانے پر شرمندہ ہوتی ہیں ۔
تکلیف دہ ماضی سے نکلنے کے لیے شاپنگ
ماضی کی تکالیف کو بھلانے کے لیے خریداری کو ایک ذریعہ بنانا بھی ایک نفسیاتی مرض ہے۔ بیوہ خواتین یا وہ خواتین جن کے شوہر گلف میں مقیم ہیں اور وہ تنہائی کی شکار ہیں ، یا وہ خواتین جن کے شوہر سخت اور ترش مزاج ہوتے ہیں اور بیوی پر دباؤ کی پالیسی بروئے کار لاتے ہیں، ایسی خواتین پیسے آنے کے تاک میں ہوتی ہیں ،جیسے ہی پیسہ ہاتھ میں آتا ہے،انھیں شاپنگ اینگزائٹی ہونے لگتی ہے اور وہ آنے والی رقم کو خرچ کرنے کے منصوبے بنانے لگتی ہیں ،حتیٰ کہ وہ ضرورت سے زائد چیزیںخرید کر بعدمیں شاپنگ گلٹ کا شکار ہوتی ہیںاورشرمندگی محسوس کرتی ہیں ۔
طالب علم اپنے اوپر پڑنے والےدباؤ میں شاپنگ کا سہارا لیتے ہیں۔ایسے طلبہ جو گھر سے دور رہتے ہیں، وہ بھی جنونی شاپنگ کرتے ہیں اور اپنے فرسٹریشن کو نکالنے کی کوشش کرتے ہیں ۔
معاشرتی دباؤ میں جنونی شاپنگ
معاشرتی دباؤ دو طرح سے غیر محسوس طریقے سے ہوتا ہے ۔مثلاً کسی خاتون کی تین بیٹیاں ہوں تو معاشرہ اسے احساس دلاتا ہے کہ اس کے پاس بیٹا نہیں ہے۔ رفتہ رفتہ اس خاتون کی دماغی صحت متاثر ہوتی ہے اور وہ معاشرے کواپنی بچیوں کی پراعتماد پرورش کا احساس دلانے کے لیے جنونی خریداری کا شکار ہوجاتی ہیں ۔
فیشن اور ٹرینڈز کا اثر بھی خواتین زیادہ قبول کرتی ہیں۔ معاشرے میں نشست و برخاست کے لیے فیشن اور شوز ، پرس ، کاسمیٹکس ، آوٹ فٹس ، اور زیوارات پر بے دریغ پیسہ خرچ کرتی ہیں ۔اسی پر اکتفا نہیں ہوتا، گھر کا ڈیکوریشن ، کچن کے لیے مختلف کراکری، قالین، صوفے اور نہ جانے کیا کیا؟ بس یوں ہوتا ہے کہ پیسہ کمایا ہی اس لیے جارہا ہے کہ اسے پار لگادیا جائے ۔مذکورہ بالا تمام رویے دراصل انسان کی شخصی کم زوریاں ہیں، ان کم زوریوں پر قابو پانے کے بجائے فرار کا راستہ اختیار کرناکہیں سے بھی ان کا حل نہیں ہے۔
ذہنی دباؤ اور جنونی شاپنگ
اینگزائٹی، ڈپریشن یا فرسٹریشن کو دور کرنے لیے بھی خواتین شاپنگ کے لیے نکلتی ہیں۔ مختلف چیزوں میں ان کا دماغ وقتی طور پر الجھ جاتا ہے اور چیزوں کو حاصل کرنے کے بعد کچھ دیروہ ذہنی راحت محسوس کرتی ہیں ، اکثر ایسا بھی ہوتا ہے کہ پیسے کی کمی انھیں اندر سے پریشان کرتی ہے، تاہم وہ راحت ملنے کے احساس کی وجہ سےکوئی بھی چیز خریدنے کا فیصلہ کرلیتی ہیں ۔دیگر نفسیاتی مسائل میں بھی خریداری سے راحت محسوس ہوتی ہے ۔
مارکیٹنگ کا اثر
مارکیٹنگ بھی خریدار کے نفسیات سے کھیلنے جیسا عمل ہے۔ مثلاً کچھ گھروں میں بزنس کرنے والی خواتین بھانپ لیتی ہیں کہ دو رشتے دار خواتین میں خاموش تقابل چلتا ہے ،بس وہ انھیں خریدنے پر اکسانے کے لیے کہتی ہیں کہ آپ کی فلاں رشتے دار تو اتنی رقم باتوں باتوں میں خرچ کر دیتی ہیں، مجھ سے بہت ساسامان لیتی ہیں ۔تبھی سامع خواتین بھی خریداری کرلیتی ہیں ۔
آن لائن شاپنگ کسی کو بھی متعدی مرض کی طرح لگ جاتا ہے، اس جنون میں نہ انسان اپنی ضرورت دیکھتا ہے نہ نفع و نقصان، جنونی انداز میں بس خریدلیتا ہے ۔اشتہارات بھی کچھ اس نوع کے ہوتے ہیں کہ وہ لاحاصل چیز کو سب سے بڑی ضرورت محسوس کرواتے ہیں ۔
خریداری یہ تمام صورتیں دراصلCumpulisve buying disorder (CBD)
کی مثالیں ہیں ۔ ایک ریسرچ اسٹڈی کے مطابق عام پبلک میں 5.8% لوگ اس ڈس آرڈر کا شکار ہوتے ہیں، اس میں بھی 80%خواتین اس ڈس آرڈر کا شکار رہتی ہیں۔
بیسویں صدی میں سب سے پہلے اس ڈس آرڈر کی درجہ بندی اپنے نصاب میںBleuler (1) and Kraepelinنے کی تھی،یہ ڈس آرڈر عرصے تک سرد خانے میں رہا، اکیسویں صدی کے اواخر تک ان ہی دونوں حضرات نے CBD کا تجربہ کیا کہ کس طرح لوگ مقروض ہوکر قعر مذلت میں گر جاتے ہیں، انھوں نے ہی CBD پیرامیٹر اسکیل ترتیب دیا ۔اب ڈیجیٹل دور میں نفسیاتی امراض نے مزید جکڑ لیا اور کارپوریٹ کلچر نے ہر فرد کواس ڈس آرڈر کا شکار بنادیا ہے۔
زندگی اور شخصیت پر اس کے اثرات
اس ڈس آرڈر کا شکار انسان کبھی پیسوں کی منصوبہ بندی نہیں کرپاتا ہے، ہمیشہ مالی مسائل کا شکار رہتا ہے، آؤٹ آف بجٹ چیزیں اسے پریشان رکھتی ہیں، اس ڈس آرڈر کے مریض کو ہمیشہ مقروض دیکھا گیا ہے۔ اسی لیے قرآن مجید میں اللہ رب العالمین کا فرمان ہے :
’’فضول خرچ لوگ شیطان کے بھائی ہیں۔ ‘‘(سورۃ بنی اسرائیل)
خاندان کے افراد کے دکھاوے کے لیے اگر شاپنگ جنون بن جائے تو سمجھیے کہ رشتوں سے بھی تعلق میں گرہ لگ جاتی ہے۔ خود اعتمادی میں کمی پیدا ہوتی ہے، ذہنی دباؤ اور مستقل فکر لاحق ہوتی ہے ۔بچوں کے تعلیمی مسائل پر خرچ کے لیے فکر مندی گھیر لیتی ہے اور ایسے شخص کو ناگہانی بیماری ہوتو وہ قلاش رہتا ہیں ۔خریداری کا جنون گھر کو بھی کباڑیے کی شکل دے دیتا ہے، گھر میں غیر ضروری اشیاء کا انبار لگ جاتا ہے۔
روک تھام کی تدابیر
سب سے پہلے اس بات کا اندازہ لگایا جائے کہ آپ کی پچھلے ماہ کی خریداری میں کون سی چیزیں شامل تھیں ؟ کیا وہ استعمال ہوئی یا صرف رکھی ہیں؟جب تناسب لاحاصل اور غیرضروری چیزوں کا زیادہ نظر آئے، تو فوراً محسوس کریں کہ ہم اس ڈس آرڈر کا شکار ہیں ، ان چیزوں کے استعمال تک کچھ نہ خریدنے کی قسم کھالیں ۔
اپنے شوہر سے بات کریں کہ آپ کی عادت بدلنے تک پیسہ اختیار میں نہ دیں بلکہ ان ہی کے پاس رہے، روزانہ خود سے کہیں کہ چیزوں میں ضائع کرنےکے بجائے پیسہ جمع کرنا ہے ۔
خریدنے کا دل چاہے تو گولڈ خریدیں ،اس طرح آپ پیسہ انگیج کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے ۔
شدید ڈپریشن پیسے کے خرچ یا خریداری سے کم ہورہا ہوتو کسی مشیر یا کاؤنسلر سے مدد لیں ۔ان سے تھیراپی ضرور لیں ۔
ایسی محفلوں میں بیٹھنے کے گریز کریں جو آپ کو میک اپ اور خریداری کا تقابل کرواکر جیب خالی کروالیتے ہیں ۔
متبادل سرگرمیوں کا سہارا لیں ۔ خود بھی چھوٹا بزنس کریں، تاکہ آپ کو پیسےکی قدر اور اس کے بچت کی اہمیت کا اندازہ ہوسکے ۔
مشورے
خریداری کے جنون سے نکلنے کے لیے ضرورت کیا ہے؟ اس پر سوال اٹھائیں ۔
کیا یہ چیز بار بار استعمال میں آنے والی ہے؟ اس پرمطمئن ہوجائیں ۔
شاپنگ مال میں کبھی چکر نہ لگائیں، ان کو دیکھنے کے بعد ہماری چیز پرانی اور خستہ نظرآتی ہے ۔
تعمیری کام میں خود کو مصروف کریں ۔
یاد رکھیں! شادی بیاہ کی فضولیات میں پیسہ اتنا خرچ نہ کریں کہ آپ کی فیملی قرض کے بوجھ سے اپنے زندگی کے دن کم کرلے، حقیقت پسند بنیں۔
یاد رکھیں! ہندوستان میں مسلمان امت کی احساس کہتری سے نکلنے کی جگہ صرف تعلیم ہے، اگر ہم نے اپنے بچوں کی تعلیم کے لیے پیسہ پس انداز نہ کیا تو ہم اپنے بچوں کے ساتھ بے وفائی کررہےہوں گے ۔
٭ ٭ ٭


Bohot khub article ????
Bhot h behtareen article hai..waqt k zaroorat bhi
Halet e hazera ki roshni yeh rahnumai karega.
Moujuda halat ki roushni men yeh article brethren rahnumai kar raha hain.jazakallahu khair.
Jazakillahu khair bht hi behtareen tareeqe se aapne ek aise mauzoo ka khulasa kiya h jo mauzoo qabil e zikr bhi nhi lagta khawateen ko
خواتین جس دھاندلی سے مردوں کی حلال کمائی کو اڑاتی ہیں اس پے استعجاب ہوتاہے کیا وہ جانتی نہیں کے مارکیٹ میں نکل کر کام کرنا معاش کی تگودو کرنا چاہے وہ بڑا ھو یا چھوٹا کتنا محنت کش و پرمشقت کام ہے ۔۔۔۔جس دن یہ شاہ خرچ بیبیاں خریداری کرنے نکلتی ہیں اور ایک ایک پیسے کو جس بیدردی سے خرچ کرتیں ھوئی لدی پھندی واپس اتیں ہیں اس دن کھانا بنانے کی ہمت بھی نہیں جٹا پاتیں
اس دن باہر سے کھانا آتا ہے یعنی جس رقم کو حاصل کرنے میں ایک آدمی مہینوں محنت کرتا ہے کچھ لمحوں میں یہ رقم ایک دوسرے کی دیکھا دیکھی اور اچھا دکھانے کے چکر میں تمام ہو جاتی ہے
سارا مارکیٹ عورت کی اس نفسیات سے چل رہا ناک کی کیل سے لیکر معمولی بالوں میں لگانے والے کلپ تک مارکیٹ میں ہزاروں لاکھوں کا کاروبار کر رہا ہے ۔۔۔مُسلمِ عورتوں کا یہ شغف خانگی بنیادوں کو کمزور کرنے کی ایک خاص وجہ ہے