سورج کی سنہری کرنیں افق کے پار ڈوب گئیں، اور آسمان پر شام کی سرخی پھیل گئی۔ ہلکی ٹھنڈی ہوا کے جھونکوں نے ماحول کو مزید خاموش اور پراثر بنا دیا۔ اس وقت، پرندوں کا جھنڈ اپنے گھونسلوں کی جانب اڑان بھر چکا تھا۔ ایک ایک کر کے سب پرندے اپنے محفوظ آشیانوں میں پہنچ گئے تھے۔ سب کا سفر مکمل ہوا، مگر ایک چھوٹی سی مینا پیچھے رہ گئی تھی۔
مینا کو سارا دن اڑنے اور کھیلنے کا شوق تھا، وہ کبھی ایک درخت پر تو کبھی دوسرے درخت پر چہچہاتی اور خوشی سے اڑتی۔ اس کھیل میں مگن، وہ بھول گئی کہ شام کا وقت قریب آچکا ہے اور اس کے امی ابو اور سبھی ساتھی جا چکے ہیں اور وہ اکیلی رہ گئی ہے۔ اندھیرا بڑھنے لگا، اور وہ خوف سے تھرتھرانے لگی۔
مینا نے اپنی چھوٹی سی چونچ سے اپنے جھنڈ کو آواز دی، مگر سب جا چکے تھے۔ چاروں طرف سناٹا تھا، اور خزاں رسیدہ درخت کے پتےسرد ہوا کے جھونکوں سے لرز رہے تھے۔ مینا نے ایک خالی درخت کی ٹہنی پر بیٹھ کر رات گزارنے کا فیصلہ کیا۔ وہ سردی سے ٹھٹھرتی رہی ،ہوا کی تیز لہروں نے اس کے ننھے پروں کو چیر کر رکھ دیا۔ خوف و تنہائی کے عالم میں، اس نے آنکھیں موند لیں اور اپنے جھنڈ کے بارے میں سوچنے لگی ۔
رات کے اس گہرے سکوت میں، میناکو سبق مل چکا تھا کہ اپنی آزادی کے باوجود، کچھ اصولوں پر عمل کرنا کتنا ضروری ہوتا ہے۔ خواہشوں پر قابو کر کے اپنے والدین کی ہدایت پر عمل کرنے میں ہی بھلائی ہے، تاکہ ہم محفوظ رہیں۔
“Morality is freedom.”
٭ ٭ ٭


0 Comments