دسمبر۲۰۲۴
غصہ پر قابو

الحمدللہ! اللہ تعالیٰ کا بہت شکر اور احسان ہے کہ اس نے ہمیں انسان بنایا اور اشرف المخلوقات کے درجے پر فائز کیا، اللہ تعالیٰ نے انسانوں کو دنیا میں بھٹکتے ہوئے نہیں چھوڑا، بلکہ ان کی رہ نمائی کے لیے انبیاء اور کتب کا سلسلہ جاری رکھا۔ اسی طرح ہم کو خاتم الانبیاء نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا امتی بنایا اور نعمت قرآن سے سرفراز کیا، اسلام اور قرآن سے بڑھ کر کسی اور نعمت کا ہم تصور نہیں کر سکتے،کیوں کہ خدا نخواستہ اگر اللہ تعالیٰ ہمیں اسلام کی نعمت سے مالا مال نہیں کرتے تو نہ جانے ہم کتنے اندھیروں میں اور ظلمتوں میں بھٹک رہے ہوتے۔
اللہ تعالیٰ نے انسان کو پیدا کیا اور اس میں خیر اور شر کے جذبات بھی رکھ دیے،تاکہ اس بات کی آزمائش کی جائے کہ انسان اپنے کون سے جذبے کو استعمال میں لاتا ہے اور کون سے جذبے پر کتنا قابو پاتا ہے۔ یہ جذبات اللہ تعالیٰ نے ہمارے اندر اس لیے رکھے ہیں تاکہ انسان اپنا ایک مخصوص مزاج بنا سکے، کچھ چیزوں کو پسند کر سکے اور اپنا سکے۔ اگر خوف پیدا ہو تو ان چیزوں سے بچ سکے۔
دنیا کا کوئی بھی انسان احساسات اور جذبات سے خالی نہیں ہے، جذبات ہی زندگی کی اساس اور بنیاد ہیں، جس طرح خوشبو کے بغیر پھول فقط رنگ رہ جاتا ہے اسی طرح جذبات کے بغیر زندگی میں کوئی حسن، کوئی کشش باقی نہیں رہتی ۔
بقول ناسخؔ:

زندگی زندہ دلی کا نام ہے
مردہ دل خاک جیا کرتے ہیں

جذبات کی 48 اقسام ہیں، لیکن بنیادی طور پر ان جذبات کو مثبت جذبات اور منفی جذبات میں تقسیم کیا گیا ہے۔

مثبت جذبات

وہ جن سے آپ کو خود بھی فائدہ ہو دوسروں کو آسانی ملے اور آپ کی دنیا جس سے خوب صورت ہو۔

منفی جذبات

وہ جو آپ کو خود بھی نقصان پہنچائیں اور دوسروں کو بھی اس سے نقصان ملے، ہر وہ جذبہ منفی جذبہ کہلاتا ہے۔
جذبات کا تعلق خیالات سے ہوتا ہے۔ مثبت سوچ مثبت جذبات پیدا کرتے ہیں اور منفی سوچ اور منفی خیالات منفی جذبات پیدا کرتے ہیں ؛یہ عمل ہماری واقفیت کے بغیر ہوتا ہے۔
کسی کے لیے بغض رکھنا ہو یا بدلہ لینا، کسی کو معاف کر دینا ہو یا محبت ہو یا نفرت ہو، سخاوت ہو یا بخیلی ؛یہ سب جذبات ہیںاور جذبات کا ہماری زندگی میں بہت اہم کردار ہے۔
یہ جذبات ہی ہیں جن کا اظہار ہمارے رویوں سے ہوتا ہے، جہاں انسان اپنی خوشی پر خوش ہوتا ہے، وہیں اگر ناپسندیدہ اور خلاف توقع کوئی کام دیکھ لے تو مزاج میں غصہ پیدا ہوتا ہے۔غصہ ایک منفی جذبہ ہے۔انسان کی ذاتی خواہش اور مرضی کی مخالفت کے وقت اس کے اندر پیدا ہونے والے قدرتی منفی جذبے کا نام غصہ ہے۔غصہ ایک نفسیاتی کیفیت کا نام ہے،یہ انسانی فطرت کا حصہ ہے، ہر شخص کے اندر اس فطرت کا وجود ہے۔
ایسا نہیں ہے کہ غصہ امیروں کی دولت ہے اور فقیر و مسکین کو کبھی غصہ نہیں آتا، بلکہ یہ ہر انسان کی صفت ہے ۔بچپن سے لے کر بڑھاپے تک اس کا ظہور ہوتا ہے، جو اس بات کی ناقابل تردید علامت ہے کہ غصہ انسانی فطرت و طبیعت کا جزو لاینفک ہے۔
غیظ اور غضب کی کیفیت سے ہر انسان گزرتا ہے، لیکن ہر شخص کے اظہار کا طریقہ مختلف ہوتا ہے، غصہ ایک منفی جذبہ ہے جس پر بروقت قابونہ پایا جائے تو ہم اکثر دوسروں کے ساتھ اپنا بھی نقصان کر بیٹھتے ہیں۔
قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا:
’’بے شک دین تو اللہ کے نزدیک صرف اسلام ہے۔‘‘
ہمارے دین اسلام نے ہمیں ہر چیز کے بارے میں رہ نمائی فرمائی ہے۔ غصہ ضبط کرنے اور جوش غضب کے وقت انتقام لینے کی بجائے صبر اور سکون سے رہنے کی تلقین کی ہے، تاکہ معاشرہ امن کا گہوارہ بن سکے ۔
غصے کی طرح انسان کی فطرت میں جو بھی جذبات ودیعت کیے گئے ہیں، ان کا ایک مثبت اور ایک منفی پہلو ہے۔ ضرورت ہے کہ ان جذبات(Emotions) میں انسان اعتدال قائم رکھے۔
اپنی ذات میںEmotional balance بنائے رکھنا بہت ضروری ہے، کیوں کہ کسی بھی شخص کا ایموشنل بیلینس Out ہوگا تو اس کی شخصیت Toxic personality میں تبدیل ہو سکتی ہے،ہم سب کو چاہیے کہ اپنی Emotional health پر توجہ دیں،خود پر کام کریںاوریہ Awareness لائیںکہ مجھے اپنی ذات پر کام کرنا ہے، اپنی ذات کو نکھارنا ہے، صرف ظاہری ہی نہیں، باطنی بھی۔
ہم سب کی زندگیوں میں مصیبتیں ،آزمائشیں اور مشکلات آتی ہی رہتی ہیں لیکن جو لوگ Emotionally healthy ہوتے ہیں وہی اس قابل ہوتے ہیں کہ ان چیلنجز کو، Stress اور Responsibilitiesکو ہینڈل کر سکیں۔
اپنے جذبات اور احساسات کو اپنے قابو میں رکھنا ہوگا، چاہے مثبت جذبہ ہو یا منفی جذبہ ۔ آپے سے باہر نہ ہوں تو یہ ہی ہماری صحت کے لیے اچھا ہے۔اپنی ذہانت پر جذبات کو کبھی حاوی نہیں ہونے دینا چاہیے، کیوں کہ جذبات کا صحت پر اثر ہوتا ہے۔ ہم کو اس بات کا احساس ہونا چاہیے کہ ہمیں کب غصہ آرہا ہے اور اس کو کس طرح کنٹرول کرنا ہے؟

Anger types:Irritation,Annoyance,
Frustration,Immense range.

غصے کی اقسام بتائی گئی ہیں اور یہ کچھ Symptoms ہیں۔جیسے پسینہ آنا، غصے میں چیخ و پکار کرنا ، رونے کا دل چاہنا ، دانت پیسنا، ماتھے پر بل پڑنا اور رگیں پھولنا؛ یہ سب علامت ہے اس بات کی کہ کسی شخص کو غصہ آرہا ہے ۔

غصے کے نقصانات

واصف علی واصف رحمۃ اللہ علیہ کا قول ہے :
’’غصہ وہ شیر ہے جو مستقبل کو بکرا بنا کر کھا جاتا ہے۔‘‘
اور یہ بات بالکل درست ہے، کیوں کہ غصے کی حالت میں کبھی کوئی درست فیصلہ نہیں لیا جاتا ،بلکہ غصے میں ہم خود کا بھی نقصان کر بیٹھتے ہیں۔
غصہ ذہنی اور جسمانی صحت کو متاثر کرتا ہے،اور کئی بیماریوں کو جنم دیتا ہے۔جگر (لیور) پر منفی اثر ہوتا ہے۔ بی پی، ڈپریشن جیسی شکایات شروع ہو جاتی ہیں۔چڑچڑاہٹ اور اسٹریس ہارمونز کا نکلنا انسان میں بڑھاپے کو فروغ دیتا ہے، چہرے کی تازگی و بشاشت ماند پڑ جاتی ہے۔کاموں کی صحت پر اثر انداز ہوتا ہے، کاموں کو بہتر انداز میں کرنے کی صلاحیت کم ہو جاتی ہے۔
غصہ ارد گرد کے لوگوں اور گھر والوں سے آپ کے تعلقات کو متاثر کرتا ہے، جس سے مزید مایوسی پیداہو سکتی ہے، کیوں کہ جذبات کےاظہار کا طریقہ ہی شخصیت بناتا ہے۔

غصے کی حالت میں ایسے الفاظ منہ سے نکلتے ہیں کہ ہمیں بعد میں احساس ہوتا ہے کاش میں نے یہ نہ کہا ہوتا!اسی لیے وقت پر اگر کڑوا گھونٹ پی لیا جائے تو بعد میں ندامت سے بچا جا سکتا ہے،کیوں کہ تیر اور تلوار کے زخم تو ٹھیک ہو سکتے ہیں لیکن زبان سے دیے ہوئے زخم اکثر ٹھیک نہیں ہوتے ۔تھوڑی دیر کے لیے رک کر سوچیے کہ میرے منہ سے جو الفاظ نکلنے والے ہیں کیا اس کی وجہ سے کسی کی دل آزاری ہو گی؟
ایک مسلمان کو روز مرہ کی زندگی گزارنے کے لیے ذاتی اور معاشرتی زندگی میں کب کیا رویہ اختیار کرنا چاہیے؟ جب بھی کوئی شخص قرآن اور حدیث کی جانب رجوع کرے گا تو اس کو عدل اور اعتدال کا رویہ اختیار کرنے کا وہ درس ملے گا جو رب العالمین کی رضا اور نبی کے اسوۂ حسنہ کے مطابق ہوگا۔اللہ تعالیٰ مومنین کی صفات بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ وہ غصے کو پیتے ہیں اور پیار سے معاف کرتے ہیں۔
یہ2 step process ہے۔ہوسکتا ہے کوئی شخص وقتی طور پر تو غصے کو پی جائے لیکن بعد میں انتقام لینے کا ارادہ کرلے،لیکن یہاں اللّٰہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ محسنین کی یہ صفت ہے کہ وہ غصے کو پی جاتے ہیں اور معاف بھی کردیتے ہیں۔
ری ایکشن کرنا کوئی مشکل کام نہیں، جانور بھی ری ایکٹ کرتے ہیں لیکن انسان جو اشرف المخلوقات ہے وہ رسپانڈ کرتے ہیں، یعنی وہ سوچ سمجھ کر ایک رسپانس دیتے ہیں۔اس لیے جو چیز آپ کو پریشان کرتی ہے اس چیز کے ہوتے ہی آپ تھوڑی دیر کے لیے رک کر سوچیے کہ مجھے کیا رسپانس کرنا ہے؟کیوں کہ ہم اس دنیا میں اسی لیے بھیجے گئے ہیں تاکہ اس بات کا امتحان لیا جائے کہ کون بہتر عمل کرنے والا ہے۔ سورۂ ملک میں اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتے ہیں:
’’ہم نے زندگی اور موت کو پیدا کیا، تاکہ تمھارا امتحان لیا جائے کہ تم میں سے احسن عمل کون کرتا ہے؟‘‘
اکثر اوقات غصے میں ہم فوراً سے دل کی بھڑاس نکال دیتے ہیں، لوگوں کو برا بھلا کہنا شروع کر دیتے ہیں،لیکن یہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا طریقہ نہیں ہے ۔ذرا سوچیے کہ میں جس سچویشن میں ہوں ،اگر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اس سچویشن میں ہوتے تو کیا کرتے؟حدیث رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا مفہوم ہے:
’’پہلوان وہ نہیں ہے جو کشتی لڑنے میں غالب ہو جائے ،بلکہ اصلی پہلوان تو وہ ہے جو غصے کی حالت میں اپنے آپ پر قابو پا لے، بے قابو نہ ہو۔‘‘
حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ غصہ انسانی فطرت ہے لیکن اس فطرت کو اسلام نے دبا کر اور قابو میں رکھنے کا حکم دیا ہے۔
ایک شخص نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آ کر عرض کرتا ہے کہ مجھے کوئی نصیحت فرمائیے!
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ غصہ نہ ہوا کر۔ کئی مرتبہ سوال دہرانے پر بھی نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اس شخص کو یہی نصیحت کی کہ غصہ نہ ہوا کر۔
نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اس شخص کو غصے سے بچنے کی جو نصیحت کی ،اس کی اہم وجہ یہی ہے کہ غصہ فقط ایک معاملہ نہیں ،بلکہ غصہ اپنے اندر بہت سی برائیوں کا مجموعہ ہے۔علماء نے اسے ام الامراض کا نام دیا ہے۔ غصہ ہر برائی کی چابی ہےجس کی وجہ سے بہت سی برائیاں جنم لیتی ہیںم جیسےلڑائی جھگڑے،شوہر بیوی میں جدائی،اولادوالدین میںدوری، بہن بھائی میں اختلاف، معاشرے میں بگاڑ، دنیا میں ظلم اور بربریت اور فتنہ و فساد کی جڑ غصہ ہی ہے۔
امام غزالی رحمۃ اللہ علیہ کا ایک قول ہےکہ اللہ رب العزت کو ہر طرح کے گھونٹ میں غصے کا گھونٹ پی جانا بہت پسند ہے۔ (احیاء العلوم )

How to manage?

زبان کا صحیح استعمال اور حجت کے وقت خاموش رہنے والا غصے کی آفت سے بچ سکتا ہے ۔ کم سے کم بات کریں ،خود کو اخلاق حسنہ سے مزین کریں اور زبان کی آفتوں سے محفوظ رہیں ۔کچھ جاہلوں کا کام ہی لوگوں کو چھیڑنا اور جذبات برانگیختہ کر کےغصہ دلانا اور فساد پھیلانا ہوتا ہے۔ایسی صورت حال میںقرآن اور حدیث سے ہم کو رہ نمائی ملتی ہے ۔اللہ کا فرمان ہے:

وَعِبَادُ الرَّحۡمٰنِ الَّذِيۡنَ يَمۡشُوۡنَ عَلَى الۡاَرۡضِ هَوۡنًا وَّاِذَا خَاطَبَهُمُ الۡجٰهِلُوۡنَ قَالُوۡا سَلٰمًا ۞

(سورۃالفرقان: 63)
(رحمان کے (اصلی) بندے وہ ہیں جو زمین پر نرم چال چلتے ہیں اور جاہل ان کے منہ کو آئیں تو کہہ دیتے ہیں کہ تم کو سلام۔)
اسی سورۃ میں ارشاد فرمایا:

وَ اِذَا مَرُّوۡا بِاللَّغۡوِ مَرُّوۡا كِرَامًا ۞

(آیت: 73)
(کسی لغو چیز پر ان کا گزر ہو جائے تو شریف آدمیوں کی طرح گزر جاتے ہیں۔)
جہالت پر خاموش رہنا اور بد کلامی پر خاموشی اختیار کرنے سے فتنے سے محفوظ رہیں گے۔حدیث کا مفہوم ہے کہ جس نے خاموشی اختیار کی اس نے نجات پالی۔غصے کی حالت میں شیطان سے اللہ کی پناہ مانگنی چاہیے،کیوں کہ شیطان ہمارا ازلی دشمن ہے، جو ہماری رگوں میں گردش کرتا ہے،اکساتاہے اور اشتعال پیدا کرتا ہے۔سورۂ اعراف میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:

وَاِمَّا يَنۡزَغَـنَّكَ مِنَ الشَّيۡطٰنِ نَزۡغٌ فَاسۡتَعِذۡ بِاللّٰهِ‌ؕ اِنَّهٗ ھُوَالسَمِيۡعُ العَلِيۡم ۞

(آیت: 200)
(اگر کبھی شیطان تمھیں اکسائے تو اللہ کی پناہ مانگو، وہ سب کچھ سننے اور جاننے والا ہے۔)
حدیث میں فرمایا گیا:

اذا غضب الرجل فقال اعوذباللہ سکن غضبہ

(جب آدمی کو غصہ آئے اور اللہ سے پناہ مانگ لے تو اس کا غصہ ٹھنڈا ہو جائے گا۔)
خاموشی اختیار کرلے:

اذا غضب احدکم فلیسکت

(جب تم میں سے کسی کو غصہ آئے تو اسے خاموشی اختیار کرنی چاہیے۔)
اپنی حالت تبدیل کرلیں،کھڑے ہو ں تو بیٹھ جائیں ورنہ لیٹ جائیں۔پانی پی لیا جائے، منہ ہاتھ دھو لے یا پھر وضو کر لے۔
غصہ ہمیشہ اپنے سے کم زور پر آتا ہے لیکن قدرت رکھتے ہوئے معاف کر دینے والے شخص کو جنت کی بشارت دی گئی ہے۔
حضرت سلیمان علیہ السلام بن داؤد اپنے بیٹے کو نصیحت کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ بیٹا زیادہ غصہ بردبار آدمی کو ہلکا کر دیتا ہے۔(احیاء العلوم)
غصہ قابو کرنے کا ایک مفید علاج یہ بھی ہے کہ غصے کے دوران عذاب الٰہی اور اللہ کی قدرت کو ذہن میں دہرائے۔
ایک مرتبہ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ اپنے غلام کو کو ڈانٹ رہے تھے، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ دیکھ کر فرمایا کہ اللہ تم پر اس سے زیادہ اختیار رکھتا ہے، جتنا تم اپنے اس غلام پر رکھتے ہو۔

غصہ کس وقت آنا چاہیے؟

غصہ ایک منفی جذبہ ہے، لیکن اس کا مثبت پہلو یہ ہے کہ جہاں اللہ کی حدود پامال کی جا رہی ہوں، وہاں اس کا استعمال کیا جائے۔جہاں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات پر کیچڑ اچھالا جا رہا ہو، اس بات پر غصہ آئے ۔منکر کو مٹانے میں حد اعتدال میں رہتے ہوئے غصے کا اظہار کیا جائے، جیسا کہ رسول اللہ نے بچوں کو ترک نماز پر مارنے کا حکم دیا ہے۔
برائی دیکھنے پر پہلے ہاتھ سے مٹانے کا حکم ہے، اس وجہ سے ہمیں حق ہے کہ اللہ اور اس کے رسول کی نافرمانی پر غصے کا اظہار کرے، لیکن اتنا غصہ نہ ہو کہ فائدے کی بجائے الٹا نقصان ہو جائے اور اس کے بعد پچھتانا پڑے۔
حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی مثال ہمارے سامنے ہے۔ جب تک انھوں نے اسلام قبول نہیں کیا تھا، ان جیسا انتہا پسند ،تشدد پسند، دلیر اور بہادر کوئی نہیں تھا ،لیکن اسلام قبول کرنے کے بعد جب وہ خلیفہ بنے تو عاجزی، صبر، میانہ روی، اطاعت اور تحمل و برداشت کا دامن کبھی ہاتھ سے نہ چھوڑا۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی قربت نے حضرت عمر ؓکے سینے سے ہر طرح کی ایسی انا پسندی کو نکال دیا جو اسلامی تعلیمات سے ٹکراتی تھی۔
ان سب باتوں سے یہ چیز سمجھ میں آئی کہ غصے میں برداشت سے کام لینا اہل جنت کی صفت ہے ۔ہم کو ہیرے کی مثال اپنے سامنے رکھنی چاہیے کہ وہ کاربن ہے لیکن پریشر سہتے سہتے ہیرابن گیا۔تو اگر ہم ہیرا بننا چاہتے ہیں ،اللہ کی نظر میں محبوب بننا چاہتے ہیں تو غصے کوپینا سیکھنا ہوگا،زبان پر قابو پانا ہوگا۔
اگر ہم چاہتے ہیں کہ اللّٰہ ہم کو معاف کر دے تو لوگوں کو معاف کرنا ہوگا ۔
حدیث کا مفہوم ہے کہ دنیا میں لوگوں پر رحم کیا کرو، تاکہ عرش والا تم پر رحم کرے۔
بقول شاعر:

کرو مہربانی تم اہل زمیں پر
خدا مہرباں ہوگا عرش بریں پر

٭ ٭ ٭

ویڈیو :

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے