دسمبر۲۰۲۴
ساحل کو چھوکر …(پہلی قسط)

ایک دل کش صبح تھی جب وہ نازک لڑکی، جو چہرے پر فکر کے سائے سجائے ہوئے تھی،’’الطاف ویمنز کالج‘‘ کے آہنی گیٹ سے داخل ہوئی۔ لمبا دوپٹہ سنبھالے، ایک کندھے پر بیگ لٹکائے اور دوسرے ہاتھ میں فائل تھامے، وہ واقعی ایک جاذب نظر وجود تھی۔ اس کے گلابی چہرے پر پریشانی کی لکیریں واضح تھیں، جیسے اس کی دل کی حالت اس کے چہرے پر لکھی ہو۔
اچانک، ایک چمکدار سرخ گاڑی تیزی سے گیٹ کے اندر داخل ہوئی۔ گاڑی نے لڑکی کے قریب سے گزرتے ہوئے، اس کے دوپٹے کو اپنی گرفت میں لے لیا۔ دوپٹہ ایک جھٹکے سے اس کی گردن پر خراش چھوڑتے ہوئے ہوا میں لہرا گیا۔
’’سی…!‘‘ درد کی شدت نے اس کی آنکھوں میں آنسو بھر دیے۔ گاڑی کا ڈرائیور، جو اپنی غلطی سے بے خبر تھا، باہر نکل کر ایک مضحکہ خیز مسکراہٹ کے ساتھ اس کی جانب دیکھ رہا تھا۔
’’اففف!‘‘ لڑکی کی آنکھوں میں آنسو چھلک آئے، درد کی شدت واضح تھی۔ نوجوان اپنی آنکھوں سے قیمتی چشمہ اتارتے ہوئے، تضیحک آمیز لہجے میں بولا:
’’محترمہ! اگر آپ ان فیشن زدہ دوپٹوں کو سنبھال نہیں پاتیں، تو انھیں اوڑھتی کیوں ہیں؟‘‘
لڑکی کی آنکھیں جیسے درد کی ندی بن گئیں، غصے سے سرخ ہو کر وہ اس کی طرف مڑی اور بے خودی میں ہاتھ اٹھایا، نوجوان ایک لمحے کے لیے چکراگیا ،وہ غصے میں بھری ہوئی، کسی گھائل شیرنی کی طرح غرائی:
’’بدتمیز!‘‘ اس کی آنکھوں میں آنسوؤں کی لہر اور چہرے پر تشویش کی گہرائیاں تھیں۔دوسرے ہی پل اس نے آنسوؤں کو بے دردی سے اپنی ہتھلیوں میں جذب کیااور دوپٹے کو سنبھال کر سینے پر پھیلایا اور راہداری کی جانب تیز قدموں سے چل دی۔
نوجوان، جو ایک لمحے کے لیے ساکت رہ گیا، زیر لب بڑبڑایا:
’’یہ کیا بلا تھی؟‘‘

٭ ٭ ٭

راہداری کافی طویل اور سنسان تھی، جہاں کی دیواریں گاندھی جی ،جواہر لال نہرو ،سرسید احمد خاں کی رنگین تصاویر سےمزین تھیں۔راہداری کے بالکل وسط کی دیوار پر ہندوستان کا خوب صورت ساآویزاںنقشہ بھی اس راہداری کی خوب صورتی بڑھا رہا تھا۔ وہ تیز قدموں سے آفس کے سامنے پہنچی، اس کی الجھی ہوئی سانسیں اس کے سراپے میں ایک انوکھا حسن بھر رہی تھیں۔ اچانک، اس کی سینڈل آخری سانسوں کے ساتھ زندگی سے شکست کھا گئی۔ وہ سراسیمگی میں جھکی اور سیفٹی پن سے اسے ٹھیک کرنے کی ناکام کوشش کی۔ چند لمحوں بعد، جب اس کی سینڈل اپنی شکل میں واپس آئی، تو چہرے پر سکون کی ایک لہر دوڑ گئی۔
سکون زیادہ دیر نہ رہا۔ دور ایک لمبی قطار اس کا منہ چڑاتی نظر آئی۔
’’اتنی لڑکیاں؟ میرا کیا ہوگا؟‘‘ وہ ناامیدی سے بڑبڑائی، جیسے اس کے خواب آہستہ آہستہ چکناچور ہو رہے ہوں۔ لڑکیاں جدید لباس اور گہرے میک اپ میں ملبوس تھیں، جیسے وہ کسی فیشن شو کے لیے آئی ہوں۔ اس نے خشک ہونٹوں پر زبان پھیرتے ہوئے اپنے لباس کا جائزہ لیا، جو کہ اس کی ماں نے دھاگے کی رنگین بوٹیوں سے آراستہ کیا تھا۔
’’مفلسی بھی کس قدر ذلت آمیز شےہے!‘‘ اس نے کرب سے سوچا۔ امید کا دیا روشن رکھنے کی کوشش کرتے ہوئے، وہ کرسی پر بیٹھی اوراس نے آنکھیں بند کرلیں۔ کئی گھنٹے گزرنے کے بعد، آخر کار اس کا نام پکارا گیا۔ وہ ہراساں ہوئی، اپنی ٹوٹی ہوئی چپل کی پروا کیے بغیر زمین پر انھیں گھسیٹا اور آفس روم میں داخل ہوئی۔ جب سامنے بیٹھے شخص کی آنکھوں سے نظر ملی، تو جیسے سانسیں سینے میں دفن ہو گئیں۔ اس کے خواب ایک پل میں کرچیوں کی مانند بکھر گئے۔مژگاں پر سجے ہوئے بوند نما نیلم نے اس شخص کی بے چینی بڑھا دی۔
دراز قد، کھلتی ہوئی سانولی رنگت اور موتیوں جیسے دانتوں کی نمائش کرتی اداس مسکراہٹ،لیکن مژدۂ حیات سناتی آنکھیں ،وہ قدرت کا کوئی شاہ کار تھی۔
’’بیٹھیے!‘‘ کسی باوقار لہجے نے نرمی سے کہا۔ اس نے ماتھے کا پسینہ خشک کیا، لیکن چپل کی’ ’چررر‘‘کی آواز نے فضا میں تناؤ پیدا کر دیا۔ اس شخص کے چہرے پر مسکراہٹ کی ایک لہرسی دوڑ گئی، جس نے اس کی شرم و ندامت کو بڑھا دیا۔
’’آپ کا نام؟‘‘ اس نے شوخ مسکراہٹ کے ساتھ پوچھا، حالاں کہ بایوڈیٹا سامنے کھلا تھا۔
’’جی!ثانیہ فراز۔‘‘ لڑکی نے گھبراہٹ کے ساتھ جواب دیا۔
’’ ’جی ‘آپ کا سرنیم ہے؟‘‘ شخص کی شوخی عروج پر تھی۔
’’جی نہیں!‘‘ثانیہ نے شرارت بھانپ لی۔ ایک اور صاحب نے اس کی ایم اے اور پی ایچ ڈی کی ڈگریوں کا جائزہ لیا اور خوش گوار مسکراہٹ کے ساتھ کہا: ’’ماشاء اللہ، گولڈ میڈلسٹ!‘‘یہ تعریف ثانیہ کے چہرے پر مسکراہٹ بکھیر گئی۔
’’آپ نے صرف درس و تدریس کے پیشے کو کیوں اہمیت دی؟‘‘ کسی رکن نے استفسار کیا۔
’’تدریس میرا دیرینہ خواب تھا۔‘‘ اس نے جلدی میں جواب دیا، جس نے اس شخص کی مسکراہٹ کو دوبارہ بڑھا دیا۔اس بندے نے پہلو بدلتے ہوئے طنزیہ لہجے میں کہا:
’’بہت خوب! محترمہ خوابوں کی باتیں کرتی ہیں، اگر خواب ہی مقصد تھا توکوئی بلند پایہ خواب دیکھتیں ، جیسے کسی سلطنت کی شہزادی جو بلا کی حسین ہو جس کے پاس بیش بہا جوتے ہوں۔ ‘‘
اس فضول گفتگو کا رخ ثانیہ کی ٹوٹی چپل کی جانب تھا۔اس کی آنکھوں کے گوشے تیزی سے بھیگنے لگے ۔اس شخص کی آنکھوں میں بے شمار سوال موجود تھے، ایک رکن نے تیز نگاہوں سے اس شخص کو دیکھا۔
’’ رضا احمد ! کبھی تو سنجیدہ ہوجائیے۔‘‘
’’رضا! ‘‘اس نام کی گونج ثانیہ کے ذہن پرکچھ دیر تک گونجتی رہی۔
’’کوئی بات نہیں! دراصل میری مفلسی کو نشانہ بنایا گیاہے ۔‘‘ثانیہ نے سرد لہجے میں کہا۔اس نے پھر اس مغرور شخص کی طرف دیکھا اور ستواں ناک پھلائے گویا ہوئی:
’’یہ کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے۔فکر اور مسائل تو قوم وملت کے ہیں ،جو کفار کے ظلم تلے بے حال سسک رہے ہیں۔‘‘ثانیہ کچھ توقف بعد وضاحت کرتے ہوئے گویا ہوئی:
’’خیر،دیرینہ خواب کا خلاصہ یہ ہے کہ معمولاتِ زندگی پر غور و فکر کرنا اور اس کے تحت منصوبہ بندی کرنا ایک اچھی عادت ہے۔ میں نے سوچ سمجھ کر اس میدان کا انتخاب کیا ہے جو صرف ایک پیشہ نہیں بلکہ قدرت کی جانب سے ایک اعزاز ہے۔ یہ ایک ایسا منصب ہے جہاں سے ہم قوم کی خدمات بہتر طریقے سے انجام دے سکتے ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ ہر نفس کا پہلا مدرسہ ماں کی گود ہے ۔استاد ایک ایسی ہستی ہے جسے اللہ نے قوم کو سنوارنے کی قوت بخشی ہے۔ بچوں کو تعلیم دینے والے انھیں پیدا کرنے والوں سے بہتر ہیں، کیوں کہ وہ تو صرف بچوں کو زندگی دیتے ہیں جبکہ معلم زندگی کو بہتر طریقے سے گزارنے کا ہنر سکھاتا ہے۔‘‘ثانیہ بغیر کسی توقف کے اپنے خیالات بیان کرتی گئی۔ ایک لمحہ کے لیے اس شخص کی آنکھیں حیرت سے پھیل گئیں۔
’’قابل تعریف، عمدہ خیالات!‘‘ اس کی ذہانت، فطانت اور خوش گفتاری نے تمام ممتحنین کو متاثر کیا۔ سب نے تالیوں سے اس کاحوصلہ بڑھایا۔ ثانیہ کے چہرے پر چھائی خوف کی چادر سرکتی چلی گئی اور اس کے حوصلے لوٹ آئے۔ وہ مضبوط لہجے میں ہر سوال کا جواب دیتی گئی۔ رضا کو اس لڑکی کے لب ولہجے سے اندازہ ہوگیا کہ وہ ارادوں کی کس قدر مضبوط ہے۔ کافی غور و فکر کے بعد، ایک عمر رسیدہ ممبر نے خوشی کے ساتھ فوراً تقرری نامہ جاری کردیا۔ ثانیہ ایک لمحے کے لیے سکتہ میں آگئی، پھر اس نے بغیر آنکھ جھپکائے ممبران کی جانب دیکھا اور تشکر آمیز لہجے میں سب کا شکریہ ادا کیا۔ بے پناہ مسرت سے اس کا چہرہ دمک رہا تھا اور رخسار بھی سرخ ہوگئے تھے، جیسے قوس قزح کا گمان ہو رہا تھا۔ اس کے چہرے کا عکس وجود کے تئیں پھیلی خوشی کا غماز تھا، جس پر رضا کی سیاہ و گہری آنکھیں منجمد ہو کر رہ گئیں۔

٭ ٭ ٭

سفید بادلوں کے نرم ٹکڑے آسمان پر قدرت کی شان دار تخلیق کو جلا بخش رہے تھے۔ ثانیہ کے دل میں چھائی خوشی کی کرنیں چہار سو پھیلی ہوئی تھیں۔
’’یہ تو میرے اندر کی خوش گواری کا اثر ہے، جو ہر چیز حسین دکھائی دے رہی ہے۔‘‘اس نے گنگناتے ہوئے سوچا اور خستہ حال گیٹ کو دھکیلا۔
عمارت، جو کہ قدیم طرز تعمیر کی ایک بدحال مثال تھی۔ گھر کے عقب میں ناریل کے درخت ہوا میں سرگوشیاں کرتے ہوئے جھوم رہے تھے۔ امی کی محنت سے لگائے گئے متعدد پودے اور خوش نما پھولوں کی کیاریاں اپنی بھینی بھینی خوشبو کے ساتھ فضا میں ایک سحر طاری کر رہی تھیں۔ خاص طور پر، رات بھر کی بارش نے انھیںتروتازہ کر دیا تھا، اور مٹی کی خوشبو دماغ کو ایک نئی تازگی بخشتی محسوس ہوئی۔
ایک لمبی سی راہداری سے گزرنے کے بعد دو عدد چھوٹے مربع نما کمرے تھے؛ ایک میں اس کے والدین رہتے تھے، جب کہ دوسرے میں ثانیہ اور اس کی چھوٹی بہن ناز۔ دادی جب گاؤں سے آتیں تو بچوں کو اپنی خواب گاہ کی قربانی دینی ہوتی، اور دادی کے دبدبے اور غصے سے محفوظ رہنے کا ایک طریقہ یہ ہوتا کہ ثانیہ راہداری میں پڑے تخت پر گزارا کر لیتی۔ راہداری میں پہنچ کر اس نے صدا بلند کی:
’’امی!‘‘
امی کچن میں تھیں۔ وہ فوراً باہر آگئیں۔ ثانیہ دوڑ کر امی کے قریب پہنچی اور انھیں اپنی بانہوں میں تھام کر چکر لگانے لگی۔
’’ارے پاگل ہوگئی ہو؟مجھے چکر آرہا ہے۔ ‘‘
’’امی! آج میں بہت بڑی خوش خبری لائی ہوں۔‘‘
’’دیدی ! جاب فائنل ہوئی ناں؟‘‘نازنے پیچھے سے بہن کو تھامتے ہوئے تجسس سے پوچھا ۔
گھر میں اس وقت روزی سے بڑھ کر کوئی اور خوش خبری معنی نہیں رکھتی تھی۔ ثانیہ کے چہرے سے چھلکنے والی خوشی گواہی دے رہی تھی کہ وہ میدان فتح کر آئی ہے۔
’’ہاںزلفی رانی! لیکن تمھیں کیسے پتا چلا؟‘‘اس نے گھوم کر بہن کو گلے لگاتے ہوئے حیرت ظاہر کی۔
’’ آپ کے وجودپر چھائی مسرت چھلکتی دکھائی دے رہی ہے۔ ‘‘
’’زلفی میری جان! ‘‘ثانیہ نے ناز کے بال کھینچتے ہوئے کہا،کیوں کہ جب وہ بہت خوش ہوتی تو ناز کو زلفی رانی کہتی تھی، حالاں کہ ناز کو اس لقب سے بہت چِڑ تھی۔اس کی زلفیں بہت گھنی اور خوب صورت تھیں۔
’’ دیدی ! اس خوشی کے موقع پر زلفی مت کہو۔‘‘
’’ ابو کہاں ہیں ؟‘‘
’’لومیں آگیا۔‘‘
ابو مسکراتے ہوئے قریب پہنچے۔ثانیہ نے ملازمت کی خوش خبری والدین کو سنائی۔امی فرط مسرت سے روپڑیں۔ابو کی آنکھوں کے گوشے بھی بھیگنے لگے۔ثانیہ دھیرے سے مسکراتی ہوئی انگلیوں کے پور وں میں ماں کے آنسو جذب کرنے لگی۔ابو نے پیار سے اس کی پیٹھ تھپتھپائی۔ ثانیہ نے پرسکون گہری سانس لیتے ہوئے ابو کے سینے پر سر رکھا۔ایسا محسوس ہورہا تھا گویا وہ دنیا کے سب سے پُر امن جزیرے میں پہنچ گئی ہو۔
’’رب العالمین کاشکر واحسان ہے۔ ‘‘ ابو نے بھیگے لہجے میں خدا کاشکرادا کیا۔
’’انور کہاں ہے؟‘‘اس نے چھوٹے بھائی کے بارے میں تشویش ظاہرکی۔انور، ثانیہ سے چھوٹا اور ناز سے بڑا تھا۔
’’بھائی کالج سے نہیں لوٹے۔‘‘ناز نے جواب دیا۔ ماحول عجیب ساجذباتی ہوگیا تھا۔ ناز اپنی گھنی زلفوں کو لہراتی ہوئی ادا سے گویا ہوئی:
’’ثانیہ دی!پہلی فرصت میں آپ اپنی اس غریب سینڈل کو رخصت کردیں۔بے چاری نے ایک سال کی وارنٹی کا بھرم رکھتے ہوئے چھ مہینے کی زائد لائف سے بھی نوازا ہے۔خدا کے لیے اس پر رحم کھائیں اور بے چاری کو ریٹائر کردیں، اگر آپ نے ایسا نہ کیا تو یہ روتی بلکتی دم توڑے گی،موت کا الزام آپ کے سر ہوگا۔‘‘وسیم فرازنے ناز کی باتوں پر کھل کر قہقہے لگائے۔امی بھی اپنی ہنسی نہیں روک سکیں ۔ جواب میں ثانیہ شرمندگی سے مسکرائی۔
’’ ارے سن !جب انٹرویو کے لیے وہاں پہنچی تو کچھ ساعتیں پہلے اس کم بخت کی سانسیں تھم گئیں،میری تو جان ہی نکل گئی۔‘‘
’’اللہ خیر!پھرآپ نے کیا کیا؟‘‘ امی بھی گھبرا کر ثانیہ کو دیکھنے لگیں۔جواب میں ثانیہ کھل کھلاکرہنس پڑی۔
’’آپ نے کوئی ترکیب آزمائی؟‘‘نازسراپا استفسار تھی۔
’’ہاں آزمائی ناں۔میں نے جھٹ سے اپنی سیفٹی پین نکال کر اس وفاشعار جوتی میں جان ڈالنے کی کوشش کی۔‘‘ثانیہ نے وضاحت کی۔
’’پھر؟ ‘‘نازنے آنکھیں پھیلاکر اضطراب سے پہلو بدلا۔ثانیہ نے دھیمی ہنسی کے درمیان ناز کی ناک دبائی۔
’’کتناڈراما؟‘‘
’’ جلدی بتائیں ۔‘‘
’’ پھر موت پر زندگی نے سبقت حاصل کرلی ۔‘‘
’’ دیدی زندہ باد !لیکن خدا کے لیے اسے بدل دیجیے۔‘‘نازنے مشورہ دیا۔
’’ ناز کی بچی !دیدی کہنا چھوڑ کر باجی کہو باجی۔‘‘وسیم فراز نے ہمیشہ کی طرح ناز کے کان کھینچے۔
’’ ابو! پرانے دور کی بات نہیں کریں۔‘‘ وہ زچ ہوکربولی۔
’’یہ پھر شروع ہوگئی۔آپ لاکھ کہیں ،لیکن یہ ضدی لڑکی اپنی ہی کرے گی۔‘‘امی نے ماتھا پیٹ لیا۔
’’ امی پلیز! ‘‘نازنے امی کے گلے میں بانہیں ڈال کر اپنا چہرہ ان کے چہرے کے قریب کرلیا۔
’’صرف باتیں ہی بنائے گی یا بہن کو کچھ کھانے بھی دے گی؟ بھوک سے اس بے چاری کی جان نکل رہی ہوگی۔‘‘
’’ہاں ،سچ میں امی ! ‘‘ثانیہ نے ناز کی خوبصورت زلفوں کو الجھادیا۔
’’پتہ نہیں سب کو میری زلفوں سے کیا بیر ہے۔‘‘ناز نے مصنوعی غصہ دکھایا۔
’’ زلفی رانی ! جلدی سے میرے لیے کھانا گرم کر دو۔‘‘ثانیہ نے اسے چھیڑا۔
’’ آپ نے دوبارہ زلفی رانی کہا؟ ‘‘ناز مزید جھنجھلا گئی۔ امی ، ابو بھی بے اختیار ہنسنے لگے۔

٭ ٭ ٭

ثانیہ کے والد وسیم فراز پوسٹ آفس میں کلرک کے عہدے پر فائز تھے۔عہدے کا قد چھوٹا تھا اورضروریاتِ زندگی قدآور۔انور انجینئرنگ فائنل ایئرمیں تھا۔ ناز بی ایس سی سیکنڈ ایئرکی طالبہ تھی۔ثانیہ کی ملازمت سے اس خستہ حال خاندان میں خوش حالی کی امیدیں روشن ہوگئی تھیں۔

٭ ٭ ٭

صبح اذان کے ساتھ ہی ثانیہ جاگ گئی۔وضو کیا نمازِ فجر ادا کی ۔کچھ دیر قرآن شریف کی تلاوت بھی کی۔ پھر کچن کی جانب رخ کیا جہاں امی ناشتا بنا رہی تھیں۔ ثانیہ نے بھی امی کا ہاتھ بٹایا،سبزی بنائی اورساتھ میں ابو کے لیے سلاد بھی تیار کرلیا۔ابو صبح جلد ناشتہ کرنے کے عادی تھے، کیوں کہ وہ آٹھ بجے گھر سے نکل جایا کرتے تھے۔آج کالج کا پہلا دن تھا ،اسے بھی جلد ہی پہنچنا تھا۔
(جاری…)

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

1 Comment

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے