عن اسماء بنت ابی بکر قالت، قام رسول اللہ صلّی اللہ علیہ وسلم خطیبافذکر فتنۃ القبر التی یفتن فیہا المرء ، فلما ذکر ذلک ضج المسلمین ضجۃ.(بخاری)
(حضرت اسماء رضی اللہ تعالیٰ عنہا کہتی ہیں ، ایک دن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے تقریر فرمائی، جس میں قبر کے امتحان کا ذکر کیا تو مسلمان پھوٹ پھوٹ کر روئے۔)
ابو داو‘د کی ایک حدیث ہےکہ حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کو جہنم کی یاد آئی تو رو پڑیں ، آں حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے پوچھا کہ روئی کیوں؟
انھوں نے کہا کہ جہنم کی یاد آئی تو روناآ گیا ، اے اللہ کے رسول!( صلی اللہ علیہ وسلم) آپ قیامت کے دن اپنی بیویوں کو یاد کریں گے ؟
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
’’تین مواقع ایسے ہیں جہاں کوئی کسی کو یاد نہیں کرے گا۔ایک وہ موقع جب اعمال تولے جارہے ہوں گے ، اس دن ہر شخص کو اپنی پڑی ہوگی کہ اس کا ترازو ہلکا ہوتا ہے یا بھاری ، دوسرا وہ موقع جب اعمال کے نتائج کا کاغذ ہاتھ میں دیا جائے گا ، دائیں ہاتھ میں یا پیٹھ کے پیچھے سے بائیں ہاتھ میں اور تیسرا موقع وہ ہے جب جہنم پر پل صراط رکھا جائے گا اور آدمی اس پر سے گزرے گا۔‘‘
عن عبداللہ بن عمر عن النبی صلی اللہ علیہ وسلم قال: مالی و للدنیا ، انما مثلی و مثل الدنیا کمثل راکب قال فی ظل شجرۃ فی یوم صائف ثم راح و ترکھا.
(مسند احمد)
(حضرت عبدااللہ بن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں ، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
’’ مجھے دنیا سے کیا دل چسپی ؟ میری اور دنیا کی مثال ایسی سمجھو جیسے کوئی مسافر گرمی کے زمانے میں کسی درخت کے سائے میں تھوڑی دیر کے لیے دوپہر میں سو رہتا ہے ، پھر اس درخت اور اس کے سائے کو چھوڑ کر اپنی منزل کی طرف چل دیتا ہے ۔‘‘
ایک اور حدیث مسند احمد ہی کی ہے کہ حضرت عبدااللہ بن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کہتے ہیں، رسول اللہ صلّی اللہ علیہ وسلم نے میرے جسم کے بعض حصے کو پکڑ کر فرمایا :
’’ اے عبداللہ ! تم دنیا میں اس طرح رہو گویا کہ تم اجنبی مسافر ہو، بلکہ راستہ چلنے والے کی طرح دنیا میں رہو ، اور اپنے آپ کو مردوں میں شمار کرو ۔‘‘
ان احادیث کا مطلب یہ ہے کہ کم سے کم دنیا اور سامان دنیا کی فکر کرو ، اپنے آپ کو ہلکا پھلکا رکھو۔ یہ سمجھ کر اس دنیا میں رہو کہ یہ تمھارا وطن نہیں ہے ، تمھارا وطن تو آخرت ہے اور تم اس دنیا میں پردیسی ہو یا مسافر ہو ۔
اس طرح زندگی گزارنا صرف اسی شکل میں ممکن ہے جب کہ آدمی زندہ رہتے ہوئے اس بات کا یقین رکھے کہ اسے بالآخر مرنا ہے ۔فکر آخرت ہی انسان کو رب کی معرفت سے ہمکنار کرتی ہے، اور انسان یہ سوچنے پر مجبور ہوجاتا ہے کہ اس کائنات کا خالق ومالک ایک رب العالمین ہے،اور یقینا ایک روز ہماری دنیاوی زندگی ختم ہوکر رہے گی، اور ہم سب کو دنیا میں کیے گئے تمام کاموں کا حساب کتاب دینا ہی ہوگا۔
جب انسان کے اندر یہ احساسات پیدا ہوجاتے ہیں تو پھر وہ اپنی زندگی کو اللہ کی امانت تصور کرتا ہے، اور اس کو آخرت کی جواب دہی کا احساس ستاتا رہتا ہے ۔
اللہ تعالی نے قرآن مجید میں متعدد مقامات پر قیامت کی ہولناکیوں کا تذکرہ فرمایا ہے ۔چناں چہ سورۂ بقرہ، آیت نمبر: 47 میں روز قیامت کا نقشہ اس طرح کھینچا گیا ہے :
’’اور اس دن سے ڈرو جب کوئی کسی کے کچھ کام نہیں آئے گا ،اور نہ کسی کی سفارش منظور کی جائے گی اور نہ کسی سے کسی طرح کا بدلہ قبول کیا جائے گا ،اور نہ لوگ مدد حاصل کرسکیں گے۔‘‘
رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے :
’’میں نے تمھیں قبروں پر جانے سے منع کیا تھا ، اب تم ان کی زیارت کیا کرو، تاکہ تمھیںآخرت یاد آئے۔‘‘(صحیح بخاری)
فکر آخرت کا احساس انسان کو بہت ساری برائیوں سے روکتا ہے ۔ اس کے دل کے اندر ایک خوف ، ایک ہیبت طاری رہتی ہے، جو اس کو اچھے اعمال کرنے پر ابھارتی ہے اور برائیوں سے دور رکھتی ہے ۔
موجودہ دور میں جب کہ ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا کے بہت سارے ذرائع سے انسان جڑا ہوا ہے ، تو ایسی صورت میں اگر انسان کے اندر اللہ تعالیٰ کا خوف اور فکر آخرت نہ ہو تو وہ بہت ساری برائیوں میں ملوث رہتا ہے ،اور ساتھ ہی شیطان بھی اس کو مستقل بہکاتا رہتا ہے ۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہم کو فکر آخرت کی توفیق عطا فرمائے اور برائیوں سے دور رکھے ،آمین!
٭ ٭ ٭


0 Comments