دسمبر۲۰۲۴
عالمی یوم ایڈز (World AIDS day)

ہر سال یکم دسمبر کو ورلڈ ایڈز ڈے منایا جاتا ہے۔ پہلی مرتبہ سن1988 ء
میں اس مرض کی تشخیص کی گئی۔ 2024 ءکو WHOنے اس کا نعرہ:
“Put people first!”(لوگوں کو پہلے رکھو!) دیا ہے۔

ایڈز ڈے منانے کی وجہ

ایڈز جیسے مہلک مرض سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر کے بارے میں آگاہی اور لوگوں کو معلومات فراہم کرنا اہم وجہ ہے۔ساتھ ہی غلط فہمیوں سے باخبر کرنا اور مریضوں کی مدد کرنا ہے ۔مریضوں کو مایوسی سے نکال کر زندگی کی طرف لانا اور ان کی وجہ سے مزید ایڈز کے مریضوں میں اضافہ نہ ہو، ان سب اسباب پر روشنی ڈالنا بھی ایڈز ڈے منانے کی ایک وجہ ہے۔اپنے بازو یا سینے پر لال ربن لگا کر لوگ ان مریضوں کو ہمت دیتےاور حوصلہ بندھاتے ہیں۔

اعداد وشمار

یونیسیف رپورٹ کے مطابق گذشتہ سال ایک لاکھ 10 ہزار بچے اور 19 سال تک کی عمر کے نوجوان ایڈز کا شکار ہوئے ہیں، ہندوستان میں ہی 24 لاکھ ایڈز کے مریضوں کی تشخیص ہو چکی ہے ۔

ایڈز کے اسباب

یہ مرض ایچ آئی وی وائرس کے ذریعے پھیلتا ہے جو انسانی مدافعتی نظام کو شدید نقصان پہنچاتا ہے ۔

ایچ آئی وی وائرس کیا ہے؟

ایچ آئی وی ایسا وائرس ہے جو انسان کے مدافعتی نظام کو کم زور کرتا ہے، جس سے انفیکشن اور بیماریوں سے لڑنا مشکل ہو جاتا ہے، اس وائرس کے حملے کے بعد جو بھی بیماری انسانی جسم میں داخل ہوتی ہے، وہ نہایت سنگین اور مہلک صورت اختیار کر لیتی ہے، اس کے جراثیم کو ایچ آئی وی کہتے ہیں۔ یہ وائرس امیون System پر حملہ کرنے کے بعد اس میں موجود CD4خلیات کو ختم کرنا شروع کر دیتے ہیں، سی ڈی فور خلیات جو کہ انفیکشن کے خلاف جسم کی قوت مدافعت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اگر اس کا علاج نہ کیا جائے تو انسان ایڈز کا شکار بن سکتا ہے ۔

اہم نکتہ: ایڈز اور HIV میں فرق

ہیلتھ لائن کی رپورٹ کے مطابق ایچ آئی وی چھوٹے جراثیم کی طرح ہے، جو لوگوں کو بیمار کر سکتا ہے۔ جب کوئی شخص اس وائرس کا شکار ہوتا ہے تو یہ ایڈز نامی سنگین حالت کا باعث بن سکتا ہے۔ ضروری نہیں کہ جو شخص ایچ آئی وی کا شکار ہو وہ لازماً ایڈز کا شکار ہو۔ ایچ آئی وی کے شکار مریض ایڈز کے بغیر سالوں تک زندہ رہ سکتے ہیں اور جدید علاج کی مدد سے ایسے مریض معمول کی زندگی گزار سکتے ہیں،لیکن اگر کسی شخص میں ایڈز کی تشخیص ہوتی ہے تو اس کا مطلب ہے اس سے پہلے سے ہی ایچ آئی وی ہے۔

ایڈز کے ذرائع

ایچ آئی وی وائرس ایک انسان سے دوسرے انسان میں غیر محفوظ جنسی تعلقات، سوئی یا بلیڈ کے آپس میں استعمال یا انفیکشن والے خون سے منتقل ہو سکتا ہے ،دراصل یہ وائرس زیادہ تر خون اور جنسی رطوبتوں میں پایا جاتا ہے،لیکن اس کے علاوہ یہ جسم کی دوسری رطوبتوں یعنی تھوک آنسو،پیشاب اور پسینے میں بھی پایا جاتا ہے ،مگر بیماری پھیلانے کے اسباب صرف خون اور جنسی رطوبت ہی بنتے ہیں۔ماں سے بچے میں یہ مرض حمل میں یا دوران پیدائش یا دودھ پلانے کے دوران منتقل ہو سکتا ہے۔

علامات

ایچ آئی وی کی تشخیص کے کافی عرصے بعد ایڈز کی علامات واضح ہوتی ہیں اور ان کا دوسری بیماریوں کے علامات سے فرق کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ سردرد، بار بار بخار ہونا، رات کو پسینہ آنا،، تھکاوٹ، متلی، وزن میں کمی، جلد پر دھبے، نمونیا وغیرہ واضح علامات کا ظہور ہوتا ہے ۔سوجن اور لمف نوڈس کا بڑھنا منہ کے زخم یا السر کا واقع ہونا

تشخیص

خون کے معائنےکے ذریعہ اس مرض کی تشخیص کی جاتی ہے۔

کیا اس مرض سے بچاؤ ممکن ہے؟

اس مرض کا کوئی مکمل علاج سامنے نہیں آیا ہے،لیکن جدید دوائیں ایڈز کے حملے اور اس کی علامت پر قابو پانے میں مددگار ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ صحت مند طرز زندگی جیسے اچھی نیند، اچھی غذا ،صحت مند وہ پر فضا ماحول، سگریٹ نوشی اور دیگر منشیات و نشہ آور چیزوں کے استعمال سے مکمل پرہیز ،کسی بھی قسم کے انفیکشن سے بچاؤ کی کوشش وغیرہ؛ ایڈز پر قابو پانے میں مدد دے سکتی ہے۔ جنسی تعلقات کو محدود رکھنا اور استعمال شدہ سوئی بلیڈ وغیرہ کو فوراً ضائع کر دینے سے ایڈز کی روک تھام میں مدد ہو سکتی ہے ۔
خوش قسمتی سے اینٹی ریٹرو وائرل تھیراپی یا اے آر ٹی بھی دستیاب ہے،جو مریضوں کے انفیکشن کو ناقابل شناخت شرح تک پہنچانے میں مددگار ہوتی ہے، اور ایسے مریض طویل و صحت مند زندگی گزار سکتے ہیں ۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے