دسمبر۲۰۲۴
تعلیم سے جاہل کی جہالت نہیں جاتی

اشرف المخلوقات کا درجہ انسان کو تعلیم ہی کی بدولت دیا گیا ہے۔انسان چاہے امیر ہو یا غریب ،مرد ہو یا عورت، تعلیم اس کا بنیادی حق ہے، جو اس سے کوئی چھین نہیں سکتا۔تعلیم قوموںاور نسلوں کے عروج و زوال کی وجہ بنتی ہے، یہی تعلیم کسی بھی فرد یا معاشرے کی ترقی کا ضامن ہے، لیکن تعلیم حاصل کرنے کا مقصد صرف یہ نہیں کہ اسکول، کالج، یونیورسٹی سے کوئی ڈگری حاصل کر لی جائے،بلکہ تعلیم کا اصل مقصد حسن اخلاق، تمیز اور تہذیب سیکھنا ہے ،تاکہ انسان اپنی معاشرتی روایات اور اقدار کا خیال رکھ سکے۔
دور حاضر میں والدین کی اولین ترجیح بچوں کو عصری تعلیم سے آراستہ کرنا، ٹیکنیکل تعلیم ،انجینیئرنگ ،وکالت، ڈاکٹری اور مختلف جدید علوم حاصل کروانا ہے۔ آج کے دور کا لازمی تقاضہ بھی یہی سمجھا جاتا ہے۔ کمپیوٹر کے اس دور میں جدید علوم حاصل کرنا تو انسان کے لیے ضروری ہے ہی، لیکن ساتھ ہی ساتھ انسان کو اپنے اخلاق پر توجہ دینے کی بھی اشد ضرورت ہے۔
تعلیم یافتہ لوگوں کو دیکھا جائے تو ان کے اخلاق، آداب و اطوار میں کوئی فرق نظر نہیں آتا۔ تعلیم حاصل کرنے کے بعد صرف ان کی ڈگریوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور تعلیم کا واسطہ صرف بہترین لباس اور ذرائع معاش بن کر رہ گیا ہے۔ جب کوئی بچہ پڑھائی میں اچھا ہوتا ہے،تو استاد اس سے کہتے ہیں کہ یہ بڑا ہو کر ضرور ڈاکٹر یا انجینیئر بنے گا، اور جب کوئی بچہ شرارت کرتا ہے تو اس سے کہا جاتا ہے کہ پڑھو گے نہیں تو تمھیں بڑے ہو کر آٹو رکشہ چلانا پڑے گا،اس لیے بہتر ہے کہ پڑھ لکھ کر کچھ بن جاؤ۔
پڑھ لکھ کرکچھ بن جاؤ سے ان کی مراد صرف بڑا انسان بننا ہے، اخلاق کا کوئی ذکر ان کے الفاظ میں موجود نہیں ہوتا ،اگرچہ یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ پڑھ لکھ کر ایک قابل انسان بننا ہے، لیکن قابلیت کا تعلق اخلاق سے نہیں سمجھا جاتا۔
اساتذہ، طلبہ و طالبات کو صرف امتحانات میں کامیاب ہونے کی حد تک اسباق کا رٹنا سکھا دیتے ہیں اور والدین بھی نمبرات اور مارکس شیٹ کو ہی حصول علم کا مقصد سمجھتے ہیں ،تاکہ انھیں اچھی نوکری مل سکے اور وہ زیادہ سے زیادہ عیش پسندانہ زندگی گزار سکیں۔اس بات میں کتنی سچائی ہے اس کا اندازہ ہم آج کل کے تعلیمی ماحول سے لگا سکتے ہیں جہاں اخلاق ،امانت داری،سچائی، خلوص کی کوئی اہمیت باقی نہیں رہی۔مہنگے سے مہنگا لباس پہننے والا شخص آج کے دور میں عزت دار مانا جاتا ہے ،چاہے اس کے اخلاق، عادات و اطوار کیسے بھی ہوں۔تعلیم انسانوں اور حیوانوں کے درمیان فرق کو واضح کرتی ہے۔ آج انسان کے حالات کو دیکھیںتو تعلیم یافتہ شخص ہی صرف ظاہری طور پر انسان نظر آتا ہے، جب کہ اس کا باطن حیوان سے کم نہیں،تعلیم اس کے وجود پر کوئی اثر نہیں کر سکی۔
تعلیم کے حصول کا مقصد انسانی تعمیر تھا ۔ہمارے لیے جدید علم سیکھنا تو ضروری ہے ہی، لیکن اس کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم بھی اپنی جگہ اہمیت رکھتی ہے،انسان کو انسانیت سے دوستی کے لیے اخلاقی تعلیم کا حاصل کرنا بے حد ضروری ہے۔ اسی تعلیم کی وجہ سے انسان کی زندگی میں خدا پرستی، عبادات، محبت، خلوص، ایثار، خدمت خلق، وفاداری اور ہم دردی کے جذبات پیدا ہوتے ہیں۔اخلاقی تعلیم کی وجہ سے ایک صالح اور نیک معاشرے کی تشکیل کی جاسکتی ہے۔تعلیم کا حقیقی مقصد ہمیشہ انسان کی ذہنی، جسمانی اور روحانی نشوونما کرنا رہا ہے۔ ایک بہترین اور تعلیم یافتہ معاشرے کو وجود میں لانے کے لیے قابل اور مخلص اساتذہ کا ہونا انتہائی ضروری ہے، جو بچوں کو اعلیٰ تعلیم کے حصول میں مدد فراہم کریںاوران کی پوشیدہ صلاحیتوں کوپروان چڑھانے کے لیے ہر وقت کوشاں رہیں،اور انھیں بہترین اخلاق کا پیکر بنائیں۔ ساتھ ہی علم کے حریصوں کو خود اس بات کی فکر ہونی چاہیے کہ ان کا علم ان کی شخصیت بھی بنارہا ہے یا نہیں ؟ ہر وقت انھیں اس بات کا احساس ہوتے رہنا چاہیے کہ وہ تعلیم جو انسان کا صرف ظاہری حلیہ بدل دے ،کیا یہ علم ہے؟

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے