دسمبر۲۰۲۴
بازار کے اتارچڑھاؤ کے بیچ سنورتی زندگی

امجد حسین جمشیدپور کے جگ سلائی کے رہنے والے ہیں۔ آدتیہ پور کے املی چوک میں ان کی جوتے چپل کی دکان ہے۔ قریب دس سال پرانی اس دکان کا نام انھوں نے اپنی بیٹی کے نام پر نغمہ فٹ ویئر رکھا ہے۔ اس کاروبار سے پہلے وہ کھلونے اور بیگ بیچنے کا کاروبار بھی کرچکے ہیں۔ بیوی، تین بیٹے اور ایک بیٹی پر مشتمل ان کا چھوٹا سا خاندان ہے۔
امجد تقریباً پانچ سال پہلے الخیر کے ممبر بنے۔ امجد کی بستی میں الخیر کے جمشیدپور برانچ کے شکیل رہتے ہیں۔ ان ہی کے ذریعے امجد الخیر سے متعارف ہوئے۔ الخیر نے جب امجد کے علاقے میں کام شروع کیا تو امجد اور ان کے آس پاس کے کئی دکان دار الخیر کے ممبر بننے والے اولین لوگوں میں تھے۔ اس وقت الخیر کے ذمہ داروں نے لوگوں کو اس سوسائٹی سے متعارف کرایا اور اس سے جوڑا تھا۔
الخیر کا ممبر بننے کے بعد کے شروعاتی دنوں کو یاد کرتے ہوئے امجد کہتے ہیںکہ پہلے ہم لوگوں نے ڈیلی ڈیپازٹ اکاؤنٹ میں پیسے جمع کرنے شروع کیے۔ اس میں میں روزانہ پچا س سے سو روپے جمع کرنے لگا۔ اس کھاتے میں لین دین اچھا رہا تو مجھے الخیر سے قرض ملنا بھی شروع ہوگیا۔ میں آج بھی ڈیلی ڈیپازٹ اکاؤنٹ چلا رہا ہوں۔
بچت کھاتے میں امجد کم سے کم سو روپے روزانہ جمع کرتے ہیں۔ یہ پیسے الخیر کے ڈیلی کلکٹر کے ذریعہ روزانہ جمع ہوتے ہیں۔ ان پیسوں کو نکالنے میں امجد کو کوئی دقت نہیں ہوتی۔ انھیں جب بھی پیسوں کی ضرورت ہوتی ہے، انھیں ان کی جمع رقم آسانی سے مل جاتی ہے۔ امجد گھر یلو ضرورتوں کے لیے کبھی بھی کھاتے میں جمع پیسوں کا استعمال نہیں کرتے ہیں، ہمیشہ کاروبار کے لیے ہی پیسے نکالتے ہیں۔ وہ بتاتے ہیں کہ کبھی مال لانے کے لیے پیسہ گھٹ گیا تو بچت کھاتے سے پیسہ نکال کر دکان کے لیے استعمال کرلیتے ہیں۔

بلاسودی قرض سے کاروبار بڑھا اور گھر میں خوش حالی آئی

امجد نے الخیر سے تین بار قرض لیا ہے۔ ہر بار انھیں قرض آسانی سے مل گیااور اس سے ان کا کاروبار بھی بڑھا۔ ایک بار انھوں نے اپنے کاروبار کے لیے اپنی بیوی کے نام سے قرض لیا۔
امجد نے پہلا قرض بیس ہزار روپے کا سال 2015 ءکے اپریل مہینے میں لیا تھا۔ دوسرا بھی بیس ہزار کا لیا۔ چوتھا پچاس ہزار کا لیا۔ پہلا اور دوسرا قرض انھوں نے آٹھ ماہ کی طے شدہ مدت میں لوٹا دیا تھا۔ پچھلا قرض جسے انھوں نے سال 2018 ءمیں لوٹایا تھا ،اس میں انھیںتھوڑی پریشانی ہوئی ،کیوں کہ نوٹ بندی کے بعد کاروبار بہت متاثر ہوا اور بازار کی حالت پست رہی۔
جب تک امجد اپنا پچھلا قرض واپس کررہے تھے تب تک وہ صرف لون اکاؤنٹ(قرض کی مد) میں ہی پیسے جمع کر رہے تھے۔ کاروبار میں مندی کی وجہ سے وہ بچت کھاتے میں پیسہ جمع نہیں کرپارہے تھے۔ قرض واپس کرتے ہی انھوں نے بچت کھاتے میں پیسے جمع کرنے شروع کر دیے۔
امجد نے ہر بار اپنے کاروبار کے لیے ہی قرض لیا ہے، اس سے ان کا کاروبار بھی بڑھا اور گھر میں خوش حالی بھی آئی۔ وہ کہتے ہیںکہ قرض کی رقم سے دکان میں مال بڑھا اور اس سے کاروبار میں اضافہ ہوا۔ ہر بار قرض سے کاروبار میں فائدہ ہوا ہے۔ میں نے اس سے اپنے لیے سرمایہ بھی جمع کیا ہے۔ پہلے قرض سے میں نے پانچ ہزار کی پونجی جمع کی تھی۔ کاروبار بڑھا تو اگلی بار زیادہ بڑا قرض لیا، پھر کاروبار اور زیادہ بڑھا تو اس کی مدد سے کچھ اور پیسے جمع کر کے میں نے اپنا گھر بنایا۔ ساتھ ہی بچوں کی پڑھائی اور ضروری علاج میں بھی مدد ملنے لگی۔ تہوار کے سیزن میں امجد کو قرض کی ضرورت پڑتی ہے، اس دوران کاروبار میں بھی تیزی رہتی ہے۔ جمشید پور شہر اور اس کے آس پاس آدی واسی آبادی اچھی خاصی ہے۔ بات چیت کے دوران امجد نے بتایا کہ آدی واسیوں کے تہوار آنے پر دکان میں رونق بڑھ جاتی ہے، باقی وقت کاروبار موٹا موٹا ہی چلتا ہے۔
عام طور پر کاروباری بڑے قرض کی خواہش رکھتے ہیں مگر امجد کا معاملہ تھوڑا الگ ہے۔ نوٹ بندی اور دیگر وجوہ سے کاروبار میں آئی مندی انھیں بڑا قرض لینے سے روکتی ہے۔ امجد کہتے ہیںکہ جب بازار صحیح تھا تو آگے بڑھتے چلے گئے، لیکن نوٹ بندی کے بعد بازار تھوڑا ٹوٹ گیا ہے۔ قرض لیں گے تو واپس کرنے کی بھی ٹینشن بنی رہے گی، اور کیا پتہ بزنس بڑھے گا بھی یا نہیں۔ وہیں قرض لینے کے بعد چکانے میں دیر ہوگی ،جس سے سوسائٹی کے سامنے کریڈٹ خراب ہوجائے گا اور پھر قرض نہیں لے پاؤں گا۔
دراصل امجد کو یہ لگتا ہے کہ پچھلا قرض چکانے میں دیر ہونے سے ان کی ساکھ خراب ہوگئی ہے، اور اس لیے انھیں نیا قرض نہیں ملے گا۔ اس وجہ سے وہ نئے قرض کی درخواست دینے میں ہچکچاتے ہیں۔

الخیر کا طریقۂ کار آسان ہے

ایک سرکاری بینک میں امجد کا تقریباً پندرہ سال پرانا کھاتہ ہے۔ اس کھاتے میں وہ وقتاً فوقتاً پیسے جمع کرتے ہیں اور نکالتے ہیں، تا کہ یہ کھاتہ چلتا رہے۔ انھوں نے بینک سے کبھی قرض لینے کی کوشش نہیں کی۔ اس کی وجہ بتاتے ہوئے امجد کہتے ہیںکہ بینک سے قرض لینے کا پروسیس بہت لمبا ہے اور اس سے جڑی تمام باتوں کو ہم جیسے لوگ پورا نہیں کرسکتے۔ اسی وجہ سے میں نے کبھی بینک سے قرض لینے کی کوشش نہیں کی۔ وہیں الخیر سے قرض لینے کے آسان طریقۂ کار پر گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ پیسے کی جب بھی ضرورت ہوئی، الخیر کام آیا ہے۔ میں نے جب بھی قرض کے لیے درخواست دی تو ہم جیسے لوگوں کی درخواست کو الخیر نے ایک ہفتے میں اپنی میٹنگ میں منظور کرلیا۔ پھر بینک چیک کی سیکورٹی پر ہمیں قرض مل گیا۔
امجد، الخیر کی عام میٹنگ اور دیگر میٹنگوں میں شامل ہوتے ہیں، حالاں کہ مانگو میں ہونے والی الخیر کی گزشتہ میٹنگ میں وہ شامل نہیں ہوسکے۔ امجد بتاتے ہیںکہ میٹنگ کی خبر ہمیشہ بروقت مل جاتی ہے، اب تک میں ان میں دوبار شامل بھی ہوچکا ہوں، اور وہاں جاکر مجھے بہت اچھا لگتا ہے۔ میں وہاں اپنی بات بھی رکھتا ہوں اور میٹنگ میں کہی گئی باتوں کو سمجھنے کی کوشش بھی کرتا ہوں۔
الخیر سے جڑنے کے بعد امجد کو کاروبار کے لیے سرمایہ ملنے لگا، اس سے ان کی دکان اور گھر میں بہتری آئی۔ یہ سب دیکھ کر امجد کے کچھ دوست، رشتے دار اور قریبی دکان دار الخیر کے ممبر بنے ہیں، اور بطور ممبر بلاسودی قرض لے کر اور اسے وقت پر واپس کرکے زندگی بہتر بنارہے ہیں۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے