دسمبر۲۰۲۴
ڈیجیٹل دور کی جنریشن زی کی شخصیت سازی کے چند زریں اصول

ابتدائے آفرینش سے ہی یہ کرۂ ارض بہ یک وقت مختلف نسلوں کی آماجگاہ رہا ہے ،جہاں ایک دوسرے کی ہم راہی میں سامان زیست کی فراہمی اور فرحت و انبساط کے وسائل کا فروغ ان کا مطمح نظر رہا ہے۔
اسّی کی دہائی سے 1996 ءتک اس گلشن ارض پر اپنی خوشبو بکھیرنے والی نسل کو جنریشن وائی جب کہ یورپ اور امریکہ میں 1997ء سے 2012ء کے عشرے میں پیدا ہونے والی نسل کو محققین نے جنریشن زی کا نام دیا، جب کہ بر صغیر پاک و ہند میں ٹیکنالوجی چوں کہ ذرا دیر سے آئی تو یہاں یہ نسل 2000ء کے بعد کی ہے۔
جنریشن وائی کی تہذیب و ثقافت جنریشن زی سے یکسر مختلف تھی ،جہاں مشترکہ خاندانی نظام کارواج تھا ۔ جہاں بڑوں کا احترام اور چھوٹوں سے شفقت ایک خاص امتیاز کی حیثیت رکھتی تھی ۔ اس وقت بزرگوں کی بات حرف آخر سمجھی جاتی تھی اور کسی بھی نوعیت کے اختلاف کو بد تہذیبی میں شمار کیا جاتا تھا۔
جنریشن وائی اور جنریشن زی کے بچوں کا اگر موازنہ کیا جائے تو ان میں بے شمار فرق کو محسوس کیا جا سکتا ہے، چناں چہ جنریشن وائی کا مشغلہ گلی اور محلے کے بچوں کے ساتھ جسمانی کھیل کود ہوا کرتا تھا جس میں سائیکلنگ، آنکھ مچولی اور پکڑم پکڑائی وغیرہ قابل ذکر ہیں تو وہیں جنریشن زی نے سوشل میڈیا، انٹرنیٹ، وائی فائی، اسمارٹ فون، لیپ ٹاپ وغیرہ کی دنیا میں خود کو مشغول کر رکھا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ جنریشن وائی میں جہاں باہمی تعاون، صبر و تحمل وغیرہ کی صفات بدرجۂ اتم پائی جاتی تھیں وہیں آج جنریشن زی بےصبری، توجہ میں کمی، مختصر المدت دل چسپیوں، غصہ اور اینٹی سوشل رویے کی خاص شکار ہے۔ کیوں کہ یہ نسل ایک ایسے ماحول میں پروان چڑھ رہی ہے جسے ڈیجیٹل دور کے انقلاب سے تعبیر کر سکتے ہیں ،جہاں مالیاتی عدم استحکام، گلوبل وارمنگ کی وجہ سے بگڑتی ہوئی موسمیاتی تبدیلیاں اور کووڈ 19 کی مہلک وبا نے اس صورت حال کو مزید سنگین بنادیا۔ چناں چہ دونوں جنریشن کے خیالات ایک دوسرے سے یکسر مختلف ہیں ،لہٰذا جنریشن وائی اگر اہل خانہ کے ساتھ وقت گزاری اور گھر کے بنے لذیذ کھانوں کو باعث فخر سمجھتی تھی تو آج کی زی نسل کی ترجیحات یکسر تبدیل ہو چکی ہیں، جن کے نزدیک ہوٹلنگ، فاسٹ فوڈ اگر معیار زندگی شمار کیا جاتا ہے تو ٹی وی و انٹرنیٹ کے سامنے وقت گزاری اور تنہائی پسندی ان کی ترجیحات کا حصہ بنتی جارہی ہیں۔
جنریشن وائی نے چوں کہ ڈیجیٹل انقلاب اپنے سامنے رونما ہوتے دیکھا لیکن انھیں اپنی زندگی کے وہ ایام بھی یاد ہیں جب ڈیجیٹل آلات کے بغیر بھی وہ ایک خوش گوار اور پر لطف زندگی سے محظوظ ہوتے تھے۔ لہٰذا زی نسل کے مقابلے میں جنریشن وائی کے لیے راہ اعتدال اختیار کرنا کچھ زیادہ مشکل کام نہیں ہے۔
جب کہ جنریشن زی کے لیے اعتدال پسندی ایک مشکل امر معلوم ہوتا ہے،کیوں کہ یہ نسل اپنی ذاتی زندگی میں مداخلت کی قطعی حامی نہیں اور نہ ہی دوسروں کے مسائل میں خود کو ملوث کرنا اس کا شیوہ ہے، لیکن اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ انھیں اپنے گھر والوں، دوستوں یا آس پاس بسنے والوں کے مسائل سے خاطر خواہ رغبت نہیں، البتہ اپنی بقا، ترقی اور خوشی کے پہلو پر یہ نسل توجہ مرکوز کرنے کو خاص اہمیت دیتی ہے۔
جنریشن وائی کے بالمقابل جنریشن زی زیادہ لبرل، روشن خیال اور سیکولر سمجھی جاتی ہے، لہٰذا دنیا کے بہت سے مسائل پر آواز اٹھانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتی، کیوں کہ گلوبل وارمنگ کے مسائل اورایل جی بی ٹی کے حقوق سے یہ نسل قدرے واقفیت رکھتی ہے اور اس قسم کے معاملات پر سیر حاصل گفتگو کرنے میں اسے خاص مہارت بھی حاصل ہے ۔ آن لائن معلومات ہونے کے باعث اس نسل کو بہت سے پہلوؤں کا بخوبی علم ہے۔ چناں چہ ہم دیکھتے ہیں کہ عالمی مسائل پر آواز اٹھانے کے ساتھ ساتھ کبھی بے مہار آزادی کا نعرہ بلند کیا جاتا ہے تو کبھی آزادی نسواں کے لیے سر توڑ کوشش بھی اس نسل کا خاص وطیرہ بنتا جا رہا ہے۔ کہیں شخصی آزادی کا تصور پیش کرکے یہ نسل شادی کے بندھن سے پہلو تہی کرتی نظر آتی ہے اور اپنی شخصی آزادی اور کیریئر بنانے میں دل چسپی کا مظاہرہ کرتی نظر آتی ہے۔
یہ جنریشن جہاں ایک طرف شخصی آزادی کا نعرہ بلند کرتی ہے تو دوسری طرف حالات اور ذاتی ترقی کے مسائل کے پیش نظر خود کو ایک بند گلی میں بھی محسوس کرتی ہے، جس کی وجہ سے یہ نسل اسٹریس، ڈپریشن اور متعدد نفسیاتی الجھنوں اور عارضوں کا شکار بھی ہے۔
اپنے تابناک کیریئر کی خواہاں نسل ہندوستان کی اس خستہ حال معیشت کی دوڑ میں اپنے خوابوں کی تعبیر جب نہیں پاتی ہے تو بعض اوقات مایوسی کو گلے لگا کر خود کشی کا انتہائی قدم اٹھاتی ہے، تو کبھی تشدد اور انتہا پسندی کی جانب مائل نظر آتی ہے۔
یاس و تشدد کی اس منجدھار میں پروان چڑھنے والی نسل اعتدال کی روش سے خود کو دور رکھتی ہے تو والدین اور بچوں کے درمیان دوری اور خلاء بڑھتا چلا جاتا ہے ۔اس نسل زی کو راہ اعتدال پر لانے کے لیے متعدد اصول کارآمد ثابت ہو سکتے ہیں۔
جنریشن چاہے جو بھی ہو،درحقیقت ہر دور کے اپنے تقاضےہوتےہیں، جو بدلتے وقت کے ساتھ تبدیل ہوتے رہتے ہیں، لہٰذا ان کے درمیان خلا ءکو دور کرنے کے لیے پچھلی نسلوں کو نئی نسل سے ہم آہنگی پیدا کرنے میں پہل کرنی ہو گی۔ جس کے لیےوالدین مثبت کردار ادا کر سکتے ہیں، اس طور پر کہ انھیں زیادہ سے زیادہ وقت دیں اور اسلامی نہج پر ان کی تربیت کے خطوط استوار کریں، جس کے واضح دلائل ہمیں سیرت نبوی میں ملتے ہیں کہ نبی اکرمﷺ نے بلا تفریق طفل و بزرگ ہر ایک پر یکساں توجہ مرکوز کی اور ان کے مسائل کو حل کرنے میں دل چسپی کے مظاہر پیش کیے۔
نسل نو کے روزمرہ کے مسائل توجہ اور دل چسپی سے سننے کی عادت ڈالنی ہوگی اور گفتگو کے دروازے ہمیشہ کھلے رکھنے ہوں گے ،ورنہ جب تک ہمیں ان کی نفسیاتی الجھنوں کا اندازہ نہیں ہوگا، ہم انھیں مناسب مشورے دینے میں ناکام ثابت ہوں گے۔
اس نسل کو راہ اعتدال پر لانے کے لیے گھر کے ماحول کو موزوں بنانا ضروری ہے۔ ہمیں اپنے دور کی اچھائیوں اور اعلیٰ روایات کا رونا رونے کے بجائے خود کو رول ماڈل بنانا ہوگا ،اور نئی نسل کی بات سننے پر توجہ دینی ہوگی ورنہ یہ نسل والدین سے مزید دور ہوتی چلی جائے گی۔ جیسا کہ سیرت نبوی کے جھروکوں سے اس خوب صورت صفت کا ادراک ہوتا ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کسی کی جانب کس طرح سے ہمہ تن گوش ہوجایا کرتے تھے، کیوں کہ سامع کی یہ صفت کہنے والے یا سائل کی خود اعتمادی میں فروغ کا سبب بنتی ہے،جب کہ اس کے برعکس باتوں کو نظر انداز کرنے کی عادت سے کہنے والے کی انا مجروح ہوتی ہے اور وہیں سے بغاوت کی راہ ہموار ہوتی ہے۔

والدین بالکل چھوٹی عمر کے بچوں کے ہاتھوں میں موبائل بالکل نہ دیں، کیوں کہ یہ عادت رفتہ رفتہ جڑ پکڑتی ہے اور پھر ایک تناور درخت کی شکل میں اس قدر پختہ ہوجاتی ہے کہ اس کا اکھاڑ پھینکنا مشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن بھی ہوجاتا ہے۔ جیسا کہ عام مشاہدہ ہے کہ والدین خود کو جسمانی مشقت سے بچانے کے لےیا دوست و احباب کے ساتھ محفل جمانے کے لیے بڑی حد تک اس کے ذمہ دار قرار پاتے ہیں اور جب یہ عادت پختہ ہوجاتی ہے تو اس وقت ہوش کے ناخن لیتے ہیں لیکن اس وقت بہت دیر ہوچکی ہوتی ہے۔
سوشل میڈیا کے بڑھتے رجحانات پر قابو پانے کے لیے والدین کو اپنے بچوں کے لیے وقت مقرر کرنا ہوگا کہ وہ دن میں ایک یا دو گھنٹے سے زیادہ سوشل میڈیا یا موبائل کا استعمال نہ کریں اور اس مسئلے کے حل کے لیے پہلے خود والدین کو رول ماڈل پیش کرنا ہوگا کہ وہ اپنی اولاد کے سامنے بلا ضرورت تا دیر موبائل فون کا استعمال نہ کریں ورنہ’’ لم تقولون مالا تفعلون ‘‘ کے مصداق وہ خود عند اللہ قابل مواخذہ ہوں گے، نیز نسل نو کے لیے قائم کردہ یہ پالیسی ناکامی سے دوچار ہوگی۔
بچپن سے ہی بچوں کے اندر کتب بینی کا شوق پیدا کریں اور مطالعہ اور اس کے فوائد سے روشناس کروائیں، لیکن اس شوق کو پروان چڑھانے کے لیے گھر میں کتب بینی کے ماحول کو فروغ دینا ہوگا اور والدین کو خود کبھی تفسیر قرآن، کبھی دروس حدیث اور اسلامی تعلیمات کے حلقات کا اہتمام کرنا ہوگا ،تاکہ نسل نو اسے دیکھ کر اپنانے کی کوشش کرے۔
نسل نو کو درپیش مسائل اور چیلنجز پر گہری نظر رکھنا اور اس کے متبادل حل پیش کرنا بھی والدین کی خاص ذمہ داری ہے، جہاں والدین نسل نو سے بے جا آزادی کے موضوعات پر تبادلۂ خیال کریں اور بے لگام آزادی کے شرعی نقصانات کے ساتھ ساتھ نفسیاتی اور طبی نقصانات کے پہلو سے بھی آگاہ کریں،تاکہ یہ نسل ایک طرف خوف الٰہی سے لرزہ ہو تو دوسری طرف حب الٰہی کے جذبے سے سرشار ہو ،اور ہر چیز کو شریعت کی روشنی میں پرکھتے ہوئے خود کو طبی و جسمانی نقصانات سے بچانے کے لیےفکر مند ہو۔
اس کی ایک حد تک ذمہ داری حکومت وقت پر بھی عائد ہوتی ہے کہ ملک کی معیشت کو بہتر، مذہبی منافرت اور شدت پسندی پھیلانے سے اجتناب اور روزگار کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ حصول علم کی تحریک میں مؤثر کردار ادا کرے۔
خلاصہ یہ کہ جنریشن زی کی شخصیت سازی میں اسلامی تعلیمات کو مد نظر رکھتے ہوئے باہمی ذہنی ہم آہنگی کو پیش نظر رکھنا ہی مربی کے لیے کارآمد ثابت ہو سکتا ہے۔ اللہ تعالیٰ اس نسل نو کوگردش زمانہ سے محفوظ رکھے اور اسلامی حدود کی پاسداری کی توفیق عطا فرمائے،آمین!

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

1 Comment

  1. سید سلطان محی ادین

    اچھا اور معلوماتی مضمون ہے ،اس طرح کے مزید مضامین وقت کی ضرورت ہے ،نئے زاویوں اور مختلف مضامین کی ضرورت ہے

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے