دسمبر۲۰۲۴
مکافات عمل

میں کافی دیر سے اپنے کیبن کی کھڑکی سے اس لڑکی کو بہ غور دیکھ رہی تھی۔اچھے ناک نقشے اور گورے رنگ کے ساتھ ساتھ وہ دراز قد بھی تھی۔اس کے جسم پر معمولی لباس تھا۔مگراس کے چہرے کی معصومیت اور اس کا وضع دار انداز صاف ظاہر کر رہا تھا کہ وہ کسی اچھے خاندان سے تعلق رکھتی ہے۔میں اس سے ملنے کے لیےبے چین تھی، مگر چاہ کر بھی مریضوں کی لمبی قطار کے درمیان سے اسے اندر نہیں بلا سکتی تھی۔ابھی دس مریضوں کے بعد اس کا نمبر آنا تھا۔
مریضوں کی جانچ کرتے کرتے اور دوا کی پرچیاں لکھتے وقت بھی میرے ذہن سے وہ لڑکی نہیں اتر رہی تھی۔خدا خدا کر کے اس کا نمبر آیا۔وہ اندر آئی تو بے حد گھبرائی ہوئی تھی۔میں نے نئی پرچی اٹھا کر اس کا نام جاننا چاہا تو اس نے نام بتانے کے بجائے کہا کہ میں مریضہ نہیں ہوں۔
’’پھر مریضہ کون ہے اور تم یہاں کیوں آئی ہو ؟ ‘‘ میرا سوال سنتے ہی وہ رونے لگی۔روتے روتے اس نے بتایا کہ اس کی ماں بے حد بیمار ہے۔علاج کے لیےاس کے پاس پیسے نہیں ہیں اور نہ مریضہ کو ساتھ لانے کا کوئی انتظام۔ میں نے سوالیہ نظر سے اسے دیکھا تو کہنے لگی:
’’ دراصل میں نے آپ کی بہت تعریف سنی ہے۔آپ بات کرنے کی فیس تو نہیں لیں گی۔یہ سوچ کر چلی آئی ۔ میرے محلے کی خواتین آپ کی ہم دردی و غریب نوازی کے گن گاتی ہیں۔ان کی باتیںسن کر مجھے ہمت ملی۔‘‘مجھے ہنسی آگئی۔
’’خیر، بتاؤ کیا تکلیف ہے مریضہ کو؟‘‘
’’ڈاکٹر! دراصل کچھ دنوں سے ہمارے گھر کے حالات بے حد خراب ہیں۔والد نہیں رہے میرے۔بڑے دو بھائی اپنی اپنی بیویوں کے ساتھ ہم ماں بیٹی سے منہ موڑ گئے۔میں ایک اسٹور میں ملازمت کر کے اپنی تعلیم اور گھر کا خرچ چلاتی ہوں۔ میری والدہ دن رات بیٹوں کے غم میں گھلتی رہتی ہیں۔ انھیں دیکھ کر لوگ کہتے ہیں کہ اب نہیں بچیں گی۔آپ انھیں دیکھ لیجیے، بڑی مہربانی ہو گی۔آپ کے ہاتھ میں شفا ء جو ہے۔‘‘
’’یہ بھی تمہارے محلے کی عورتیں کہتی ہیں؟ ‘‘میں نے مسکرا کر کہا تو وہ بھی مسکرا اٹھی۔
میں نے اس سے کہا:
’’ دیکھو میں اپنے شفاء خانہ کے علاوہ کہیں مریض دیکھنے نہیں جاتی۔مگر اب تم کو منع نہیں کروں گی۔‘‘
میں نے ڈرائیور کو آواز دی اور اس کے ساتھ گاڑی میں بیٹھ گئی۔ راستے میں اس سے سوالات کرتی رہی اور وہ سر جھکائے جواب دیتی رہی۔اس کا گھر قریب آیا تو وہ ممنون نگاہوں سے مجھے دیکھتے ہوئے بولی:
’’ہمارا گھر بہت چھوٹا ہے، آپ کچھ خیال تو نہیں کریں گی؟‘‘ میں نے اسے تسلی دی۔
’’ مریضہ کو دکھائیے ،گھر سے کیا لینا ہے؟‘‘وہ خوش ہوگئی ۔
گھر کے اندر اندھیرا ساتھا۔ایک چھوٹا سا کمرہ۔کونے میں ایک پلنگ پر مریضہ پڑی تھی۔لڑکی نے لائٹ جلائی تو میں نے دیکھا مریضہ سوکھ کر کانٹا ہو گئی تھی۔چہرہ مرجھایا ہوا آنکھیں اندر کو دھنسی ہوئی، بے حد کم زور آواز میں وہ لڑکی سے بات کرنے لگی۔نبض دیکھتے ہوئے مریضہ کا چہرہ بہ غور دیکھا تو میرے جسم میں گویا 440 وولٹ کا جھٹکا لگا۔مریضہ بھی مجھے دیکھنے لگی۔اس سے پہلے کہ وہ مجھے پہچانے، میں نے اس کی جانچ مکمل کی اور پرچی لکھ کر اپنے پاس ہی رکھ لی۔لڑکی کو میں نے بتایا کہ میرا ڈرائیور دوائی دے جائے گا۔میں تیزی سے اٹھ کھڑی ہونے لگی تو مریضہ نے میرا ہاتھ پکڑ لیا۔
’’تمھارا نام ؟تم کچھ جانی پہچانی …‘‘ میں نے بے اختیار اس کا ہاتھ جھٹک دیا۔اور تلخی سے کہا:
’’میں اس شہر میں نئی ہوں،یہاں مجھے کوئی نہیں جانتا۔‘‘یہ کہہ کر میں تیزی سے باہر آگئی۔
میرے اندر جھماکے سے ہونے لگے۔بابا ،امی، بہن اور بھائی، ایک ایک کر کے میری نظروں کے سامنے تھے۔میرا پیارا بچپن، میرے بابا مجھے بے حد چاہنے والے۔میری امی دن رات دین کی باتیں سکھانے والی بات بات پر اللہ سے ڈرانے والی میری ماں۔پڑھا لکھا کر اپنے بچوں کو اچھا انسان بنانے کے خواب دیکھتے رہے میرے ماں باپ۔بھائی جیسے جیسے بڑا ہونے لگا خود غرض اور بے حس ہونے لگا۔دیکھتے دیکھتے بڑی بہن کی شادی ہوگئی۔ والدین ابھی اس ذمہ داری سے ابھرے بھی نہیں تھے کہ خود غرضی، بے حسی، لالچ اور بے ایمانی کا سیلاب جو بھائی کی شادی کی شکل میں آیا تھا ہمارے گھر کو لے ڈوبا۔ میرے گھر آنے والی دلہن کی خوشی میں والدین محبتیں لٹاتے رہے،اور انھیں پتہ ہی نہیں چلا کہ کب ان کی جڑیں بڑی خوب صورتی سے کاٹ دی گئیں۔
ہوش تو اس وقت آیا جب پتہ چلا کہ بابا کی محنت کی کمائی سے بنا گھر گروی پڑا ہے اور قرض دار گھر تک پہنچ گئے۔ بابا نے ایک دل کے دورہ میں ہی ہار مان لی۔اور امی پر سکتہ طاری ہوگیا۔پھر وہ بھی جانبر نہ ہو سکیں،اور میں جو سب سے چھوٹی الھڑاور نادان ہوا کرتی تھی،اچانک سمجھ دار اور سیانی ہو گئی۔
امی بابا کا گھر فروخت ہو گیا۔ میرے وجود کو ایک بوجھ تسلیم کر لیا گیا اور ان حالات میں میری استاد نے جو خود بھی اس دنیا میں اکیلی تھیں،مجھے اپنا لیا۔انھوں نے میری تعلیم کے سلسلہ کو آگے بڑھایا اور میں نے ان کی خدمت اور تعلیم کو اپنی زندگی کا مقصد بنا لیا۔میری استاد مجھے لے کر دوسرے شہر آگئیں۔خدا کے کرم سے میں ایک کام یاب ڈاکٹر بن گئی۔میری محسن نے مجھے اکیلا نہیں چھوڑا۔اپنے آبائی شہر واپس لا کر اپنے مکان میں ہی انھوں نے میرا مطب شروع کروایا۔ میرے اس مطب میں خواتین کی بھیڑ رہنے لگی اور میں ایک مطمئن زندگی گزارنے لگی تھی کہ اس لڑکی کے مطب میں آنے سے میری زندگی میں بھونچال آگیا۔
گاڑی جس تیزی سے دوڑ رہی تھی میرا دماغ اسی تیزی سے کڑی سے کڑی جوڑ رہا تھا۔ وہ لڑکی میرے بھائی کی بیٹی تھی اور وہ مریضہ میرے بھائی کی بیوی۔جس کی وجہ سے میں نے اپنے والدین کھوئے، اپنا گھر کھویا، خون کے رشتے کھوئے۔آج میرے سامنے اس حال میں تھی۔اللہ کی مصلحت بھی عجیب ہے۔
دوسرے دن میں جیسے ہی مطب میں داخل ہوئی وہ لڑکی پھر میرے سامنے تھی۔وہ میرا شکریہ ادا کرنے آئی تھی۔کہنے لگی:
’’کل آپ چلی گئیں ،میں آپ سے شکریہ کہنے چلی آئی اور یہ گزارش بھی کرنی ہے آپ سے کہ آپ ہی میری امی کا علاج کریں،میں آپ کی فیس ادا کرنے کی کوشش کروں گی۔ویسے میری امی کو بیماری کیا ہے؟‘‘اس نے سوال کیا۔
میرے دل میں آیا کہ کہہ دوں کہ یہ تو مکافات عمل ہے،مگر میں نے خود کو روک لیا۔ میں نے ذرا سا مسکرا کر اس سے کہا:
’’کوئی خاص بات نہیں، کم زوری ہے۔ٹھیک ہو جائیں گی وہ۔بس تم پابندی سے دوا دیا کرو ان کو۔دوا اس مطب سے تم کو مفت مل جا یا کرے گی۔ ‘‘وہ خوش تو ہوئی مگر اس کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔وہ کہنے لگی:
’’میں آپ کا شکریہ کس طرح …‘‘ میں نے اس کی بات کاٹ دی۔
’’اس کی ضرورت نہیں ،بس تم اپنی تعلیم جاری رکھو۔یہی تمھارا واحد سہارا ہے۔تم بے ججھک یہاں آیا کرو۔میں تمہاری ہر مدد کروں گی۔‘‘وہ مجھے دیکھنے لگی اور میں دوسرے مریض کی طرف بڑھ گئی ۔
شام کا وقت ہو رہا تھا۔ مسجد سے دینی درس کی آواز آرہی تھی:
’’والدین اور استاد کا ادب کرو۔بہن بیٹی کی عزت کرو۔عورت کو وراثت میں ان کا حق دو۔ہمیشہ سچ بولو۔دوسروں پر ظلم نہ کرو۔کسی کا حق نہ مارو۔حشر کے دن جب میزان قائم ہوگا۔ہر ایک کو اس کی نیکی اور بدی کا حساب دیا جائے گا۔ ‘‘

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے