دسمبر۲۰۲۴
زیورات کی زکوٰۃ کے چند مسائل

سوال :
میرے پاس سونے کے کچھ زیورات ہیں۔ میں ان کی زکوٰۃ نکالنا چاہتی ہوں۔ براہِ کرم اس سلسلے میں میرے چند سوالات کے جوابات مرحمت فرمائیں:

(1) کیا زیورات کی زکوٰۃ ان کی قیمتِ خرید(Cost price) پر واجب ہوتی ہے یا قیمتِ فروخت (Selling price) پر ؟ کیوں کہ دونوں کی قیمتیں مختلف ہوتی ہیں ۔

جواب :
(1)سونے کی قیمت میں عموماً اضافہ ہوتا رہتا ہے ، اس لیے سونے کے زیورات کی مالیت بھی بڑھتی رہتی ہے۔ کوئی طلائی زیور اگر آج خریدا جائے تو چار پانچ برس کے بعد اس کی قیمت زیادہ ہو جاتی ہے۔ دوسرے الفاظ میں اس کی قیمتِ خرید اور قیمتِ فروخت میں فرق ہو جاتا ہے ۔

زکوٰۃ کسی چیز کی موجودہ مالیت اور قیمت پر عائد ہوتی ہے۔ اس کا حساب نکالنے کا آسان طریقہ یہ ہے کہ جس وقت زکوٰۃ نکالنی ہو ، دیکھا جائے کہ اُس وقت اگر زیورات کو فروخت کیا جائے تو ان کے کتنے روپے ملیں گے؟ اسے اپنے دیگر مال (جس پر زکوٰۃ عائد ہوتی ہو) میں شامل کر کے کل کی زکوٰۃ نکالی جائے ۔

(2) کیا زیورات کی زکوٰۃ نقد ادا کرنی ضروری ہے؟ یا ان ہی میں سے کوئی چھوٹا زیور مثلاً انگوٹھی یا بُندے یا ناک کی کیل وغیرہ کوبہ طورِ زکوۃ نکالا جا سکتا ہے؟ اگر کوئی زیور زکوٰۃ میں نکالا جاسکتا ہے تو اس کی شکل کیا ہو گی؟

جواب :
زیورات کی زکوٰۃ نقد نکالنی ضروری نہیں ہے۔ کسی بھی شکل میں نکالی جا سکتی ہے ۔اگر کسی عورت کے پاس رقم یا کوئی دوسری چیز زکوٰۃ نکالنے کے لیے نہ ہو تو وہ اپنے زیورات میں سے کسی چھوٹے زیور کو بہ طورِ زکوٰۃ نکال سکتی ہے۔ وہ کسی غریب اور مستحق کو وہ زیور دے دے ، پھر اُس شخص کو اختیار ہوگا کہ وہ چاہے تو اسے اپنے پاس باقی رکھے ، یا اُسے فروخت کرکے اس کی رقم اپنے کام میں لائے ۔

(3) کسی زیور کو خریدنے کے بعد ایک برس سے قبل ہی اس کو فروخت کردیا اور حاصل ہونے والی رقم میں کچھ اور پیسے ملا کر دوسرا زیور خرید لیا تو زکوٰۃ کب واجب ہوگی؟ پہلے والا زیور خریدے ہوئے ایک برس پورا ہونے پر یا جب دوسرے زیور کو خریدے ہوئے ایک برس مکمل ہو جائے تب؟

جواب :
کسی زیور کو فروخت کرکے دوسرا زیور خرید لیا ہو تو بعد میں خریدے گئے زیور کی زکوٰۃ نکالنے کے لیے ایک برس انتظار کرنے کی ضرورت نہیں ، بلکہ سابق زیور کی مدّتِ خریداری کا اعتبار کیا جائے گا ۔
زکوٰۃ نکالنے کا طریقہ یہ ہے کہ کوئی وقت طے کر لیا جائے۔ مثال کے طور پر اگر کوئی عورت طے کرلے کہ وہ ہر برس 15رمضان کو زکوٰۃ نکالا کرے گی تو اسے ان تمام زیورات کی زکوٰۃ نکالنی ہوگی جو اس کے پاس 15رمضان کو ہوں ، چاہے کچھ زیورات پر ایک برس مکمل ہوگیا ہو اور کچھ پر ابھی ایک برس مکمل نہ ہوا ہو ۔

٭ ٭ ٭

ویڈیو :

Comments From Facebook

1 Comment

  1. Sania Shamim

    Assalamualaikum wrahamtullah wbrakatuhu

    Sir mai ko zakaat ke muzo pr comment nhi kr rahi
    Mera ek sawal hai ke Mera bacha do mah ka hone wala hai inshallah lekin abhi tak wo apni maa ka dudh nahi pi rha mera bachha dudh dhundta hai but jaise hi dudh ko uske muh me dalte hn wo mere se dur bhag jata hai aur khub rota hai abhi philhal usko formula de rahe hn
    Iske wajh se mai hamesha zehni tanao me rahti hun
    Sir agar iska koi rohani hal hai to meri rahnumai farmain e

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے