عورتوں کو اللہ تعالیٰ نے بہت سی خصوصیات سے نوازا ہے اور ان کے لیے حصولِ کمال و علم کی بے شمار راہیں کھول دی ہیں۔مردوں کے ساتھ مزاحمت اور مقابلہ آرائی کے بغیر ہی وہ بڑے بڑے کارنامے انجام دے سکتی ہیں۔ضرورت صرف اس بات کی ہے کہ ان میں بلند حوصلہ اور عزم و ہمت ہو ،وہ اپنے لئے صحیح میدانِ کار کا انتخاب کریں۔
عصرِ حاضر میں مسلم معاشرے میں عورتوں نے اپنے لئے صحیح میدان کار کا انتخاب کر کے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔اور مسلم معاشرے میں لڑکیوں کو دبانے، تعلیم سے بہرہ ور نہ کرنے کے خلاف آواز اٹھانے والوں کے منہ پر زور دار طمانچہ رسید کیا ہے ۔مسلم لڑکیوں نے تقریباً تمام ہی میدانوں میں حصہ لیا اور بازی بھی ماری ہے۔
نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے والیوں میں تازہ ترین مثال ریاستِ مہاراشٹر کی ذیلی راجدھانی ناگپور کی رہنے والی افراح خان کی ہے۔افراح خان جے ای ای مین امتحان میں ہندوستان میں تیسرے، مہاراشٹر میں دوسرے، اور ودربھ میں پہلےمقام پر جگہ بنانے میں کامیاب رہی ہیں۔بے شک یہ قوم وملت کے لیے بہت خوشی کی بات ہے۔
افراح بچپن ہی سے ذہین اور محنتی طالبہ رہی ہیں۔ انہوں نے جماعت دہم کا امتحان
90.02فیصد سے کامیاب کیا ہے۔فی الحال وہ بارہویں جماعت میں زیر تعلیم ہیں اور بورڈ امتحانات میں شرکت کرنے والی ہیں۔ساتھ ہی جے ای ای ایڈوانسڈ کی تیاری بھی کر رہی ہیں۔
افراح اس کامیابی کا راز یہ بتاتی ہیں کہ انہوں نے اس امتحان کی تیاری جماعت ششم ہی سے شروع کر دی تھی۔اور اس کے لیے محنت کر رہی تھیں۔اسی وقت سے وہ اپنی بنیاد مضبوط کرنا شروع کر چکی تھیں۔وہ کہتی ہیں کہ دسویں کے بعد دو سال میں میڈیکل یا انجینئرنگ داخلہ امتحان یعنی انٹرنس امتحان کی تیاری اور پھر کامیابی بہت مشکل ہے اس کے لیے پہلے سے تیاری اور ہدف کا تعین کر لینا چاہیے۔اس امتحان میں کامیابی حاصل کرنا ان کی جاگتی آنکھوں کا خواب تھا ۔اس خواب کو شرمندۂ تعبیر کرنے کے لئے نیندیں بھی قربان کرنی پڑیں۔
اس امتحان کی تیاری میں ان کے والدین ،دونوں بڑے بھائیوں اور ان کے اساتذہ نے رہنمائی کے ساتھ ساتھ بہت مدد بھی کی ہے۔جب بھی کوئی سوال سمجھ نہیں آتا یا حل نہیں ہو پاتا تو وہ ان لوگوں کے پاس پہنچ جاتیں، اور وہ اسے سمجھا نے کے ساتھ ساتھ حل بھی کر دیتے۔اپنی کامیابی کو وہ انہیں لوگوں کی طرف منسوب کرتی ہیں۔
افراح آن لائن کلاسز کے علاوہ فجر کے بعد تھوڑا آرام کرتیں ،پھر۸سے۱۰ گھنٹے سیلف اسٹڈی کرتیں۔ایسا نہیں کہ انہوں نے غیر نصابی سرگرمیوں کو چھوڑ دیا تھا، غیر نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ انھوں نے یہ کامیابی حاصل کی ہے۔
افراح کا اگلا ہدف جے ای ای ایڈوانسڈ کی تیاری ہے۔ اور وہ پر امید ہیں کہ وہ اس مرحلے کو بھی ان شاء اللہ آسانی سے عبور کر لیں گی۔ آگے وہ آئی آئی ٹی کمپیوٹر سائنس میں بیچلر اور ماسٹرز کرنا چاہتی ہیں۔افراح نے طلبہ کے لئے پیغام دیا ہے کہ ’’محنت کرتے رہیں ،سمجھ کر پڑھنے کی عادت ڈالیں، اپنا ہدف متعین کریں اس کے حصول کے لئے محنت کرتے رہیں کیونکہ کامیابی کا کوئی شارٹ کٹ نہیں ہے ۔‘‘
افراح کی کامیابی سے سبق ملتا ہے کہ کوشش کرنے والے کے لئے کچھ بھی ناممکن نہیں، اگر آپ طالبہ ہیں تو آپ کو دلچسپی کے مطابق ہدف متعین کرنا ہے اور اس کے حصول کے لئےکوشاں ہونا اولین شرط ہے ،ان شاءاللہ کامیابی آپ کا مقدر ہو گی۔اور اگر آپ والدین ہیں تو اپنے بچوں کو مختلف شعبوں کے بارے میں بتائیں انہیں بچپن سے محنت کی عادت ڈالیں ،ہدف کو پانے کی کوشش میں ان کا مکمل ساتھ دیں۔پھر وہ دن دور نہیں ایک نہیں بلکہ افراح جیسی کئی لڑکیاں ہمارے معاشرے میں جنم لیں گی۔ان شاء اللہ
افراح نے طلبہ کے لئے پیغام دیا ہے کہ
ـ’’محنت کرتے رہیں ،سمجھ کر پڑھنے کی عادت ڈالیں، اپنا ہدف متعین کریں
اس کے حصول کے لئے محنت کرتے رہیں کیونکہ کامیابی کا کوئی شارٹ کٹ نہیں ہے ۔‘‘
0 Comments