ہاشمی ادیبہ مسکان

السلام علیکم
الحمدللہ ثم الحمدللہ ماہ نامہ ھادیہ ای میگزین اپنے مقصد و محنت کے اعتبار سے عروج کی طرف گامزن ہے ۔
ہادیہ کی اشاعت کے پس پردہ جو مقصد کارفرما ہے وہ محض مسلم خواتین کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا،ان میں دینی شعور پیدا کرنا ہے جو کہ موجودہ دور کی اہم ضرورت ہے۔اپریل کا ماہ نامہ جب تک زیر مطالعہ رہا بس ایک احساس یہی ذہن میں گھر کر گیا کہ واقعی بہترین تحریری صلاحیتیں رکھنے والی ہماری بہنیں اپنے قلم سے اس مقصد کی کامیابی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔
آغاز میں ایڈیٹر صاحبہ کا مضمون عنوان کے اعتبار سے اپنے آپ میں ایک کشش رکھتا ہے گویا قاری پڑھنے پر مجبور ہوجائے کہ آخر دانش و ادراک کے دروازے کیسے کھلیں گے، جس میں قرآن و رمضان کی اہمیت و افادیت پر بہترین انداز میں روشنی ڈالی گئی۔
درسِ قرآن کے ذریعہ بھی محترمہ ثروت سلمیٰ نے بہترین رہنمائی کی۔ایثار، صدقہ،انفاق فی سبیل اللہ اور فانی دنیا کی حقیقت کو واضح کرتے ہوئےقرآن کی آیتوں کے حوالے سے قارئین کو دعوت فکر دی گئی۔
فرحت الفیہ صاحبہ نے بھی درسِ حدیث کی روشنی میں روزہ کی اہمیت و فوائد کو اجاگر کیا۔
ماہ رواں کی پر مسرت خبر جس میں دہشت گردی کے الزام میں گرفتار کیے گئے تقریباً ۱۰۰سے زائد لوگوں کو باعزت بری کرنے پر ان کے مشکل حالات و مسائل سے واقف کراتے ہوئے اپنے مضمون کے ذریعہ بریرہ ایمن نے مبارکباد پیش کی پھر ایک مضمون میں حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے محترمہ شہیمہ نے بھی بہترین انداز میں جمہوریت پر چڑھے فاشزم کو بے نقاب کیا۔
بشریٰ ناہید نے بھی رمضان کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے قارئین کے فکری شعور کو جگایا کہ رمضان جیسا ماہ عظیم جس کا ہر لمحہ قیمتی ہے اسے سوشل میڈیا پر ضائع کرنا محض بے وقوفی ہے۔اسی انداز میں تسنیم فرزانہ صاحبہ نے بھی رمضان اور خواتین کی صحت کو لے کر بہترین رہنمائی کی ماشاء اللہ۔
ام مسفرہ کی میں از حد شکر گذار ہوں کہ ان کی قلم اور طرز نگارش نے کچھ یوں اثر کیا کہ اس مختصر لیکن جامع گوشۂ مطالعہ سے نظر ہی نہیں ہٹی میں نے یہ کتاب پڑھی نہیں تھی لیکن ہادیہ میں موجود اس مختصر تبصرے نے کافی دلچسپی پیدا کردی اللہ اجر عظیم عطا فرمائے۔خواتین پر ہورہے ظلم کے خلاف اقدام کے عنوان سے صدف صبیح نے جو حقائق بتائے ہیں وہ بھی قابل ذکر ہیں۔
دیگر قابل فخر قلم کاروں نے بہترین بہت بہترین طرز پر اپنے اپنے اسلوب سے اپنی تحریروں کا حق ادا کیا۔
اولاد کا مستقبل آپ کے ہاتھ اس عنوان کے تحت ڈاکٹر نازنین سعادت کی راہنما اور کاؤنسلنگ کرنے والی تحریر سبھی والدین کیلیے پڑھنا ضروری ہے۔
طنز و مزاح کالم کے لئےسلمیٰ آپی کو ڈھیروں مبارک باد۔
غرضیکہ میگزین میں سماجی، معاشی تعلیمی، حفضانِ صحت ملکی و عالمی سبھی موضوعات شامل ہیں، اللہ مزید ترقی عطا کرے اور اس شمارے کے لیے ھادیہ کی پوری ٹیم مبارک باد کی مستحق ہے۔
یوں لگتا ہے کہ ہادیہ کئی دلوں کی دھڑکن بن چکی اور آنکھیں و دل بس اب اگلے شمارے کے منتظر رہنے لگے ہیں۔
اللہ تعالی آپ تمام کو اجر عظیم سے نوازے قلم کو مزید تقویت دے۔ آمین

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مئی ۲۰۲۱