مئی ۲۰۲٥
ٹی ٹائم
زمرہ : ٹی ٹائم

موسیقی کی تدفین

عالمگیر کی نیک نفسی کے ثبوت میں اتنا لکھناکافی ہے کہ مغلوں میں یہ واحد بادشاہ ہے کہ’’ رحمۃ اللہ علیہ‘‘کہلاتا ہے۔جتنی کتابیں اس کی صفائی میں لکھی گئی ہیں کسی اور بادشاہ کی صفائی میں نہیں لکھی گئیں۔شراب نہ پیتا تھا نہ پینے دیتا تھا۔ گانا نہ سنتا تھا اور نہ سننے دیتا تھا۔تاریخوں میں آیا ہے کہ لوگوں نے ایک جنازہ تیار کیا اور لے چلے۔ بادشاہ نے پوچھا: ’’یہ کس کا جنازہ ہے؟ لوگوں نے کہا موسیقی کا۔عالمگیر رحمۃ اللہ علیہ نے کہا: ’’اس کو اتنا گہرا دفن کرنا کہ پھر نہ نکل سکے۔‘‘
کبھی کبھی گانا سنتے ہوئے جب فلمی موسیقی پر سر دھنتے ہوئے ہم سوچتے ہیں کہ کاش لوگوں نے اس دانش مند بادشاہ کی اس بات پر عمل کیا ہوتا، یعنی ذرا زیادہ گہرا دفن کیا ہوتا۔

ٹھگی کا انسداد

جس زمانے کا یہ ذکر ہے اس زمانے میں ملک میں ٹھگی بہت ہو گئی تھی۔ ٹھگ لوگوں کو راہ چلتے لوٹ لیتے تھے۔آخر والیٔ ملک نے محکمہ انسداد ٹھگی قائم کیا اور یہ قانون بنایاکہ سب عمال اور اہلکار لوٹ کے مال میں سے حصہ وصول کیا کریں۔ لوگوں کی ہچکچاہٹ دورکرنے اور حوصلہ بڑھانے کے لیے والی نے خود حصہ لینا شروع کردیا۔ٹھگوں نے جب دیکھا کہ ہمارے پاس تو کچھ بچتا ہی نہیں بل کہ پلے سے دینے کی نوبت آگئی ہے تو ٹھگی سے توبہ کی اور رفتہ رفتہ اس کا بالکل انسداد ہو گیا۔

شان دار ماضی

ماضی کی کئی قسمیں مشہور ہیں۔ سب سے زیادہ مشہور’’ شاندار ماضی‘‘ ہے۔ جس قوم کو اپنا مستقبل ٹھیک نظرنہ آئے وہ اس صیغے کو بہت استعمال کرتی ہیں۔ فعل ماضی، ماضی میں کسی شخص نے جو فعل کیا ہو اسے فعلِ ماضی کہتے ہیں۔ کرنے والا عموما اسے بھولنے کی کوشش کرتا ہے لیکن لوگ نہیں بھولتے۔

فعل حال

یہ بھی دو طرح کا ہوتا ہے، اچھا حال اور برا حال۔ بیمار کا حال عموما براحال ہوتا ہے، لیکن ان کے دیکھے سے جو منہ پر رونق آجاتی ہے تو وہ سمجھتاہے اچھا ہے۔

فعل مستقبل

جو لوگ آج کاکام کل پرٹالتے ہوں ان کے ہر فعل ’’کو فعلِ مستقبل‘‘ کہا جاتا ہے۔میں یہ کروں گا، میں وہ کروں گا فعل مستقل ہی کی مثالیں ہیں۔ الیکشن وغیرہ کے دنوں میں ساری گفتگو عموما مستقبل کے صیغوں ہی میں ہوتی ہے۔

الجبرا

یہ ایک قسم کاحساب ہے۔ چونکہ طالب علم اس سے گھبراتے ہیں اور جبراً پڑھایا جاتا ہے، اس لیے ’’الجبرہ ‘‘کہلاتا ہے۔

ماخوذ: اردو کی آخری کتاب
مولفہ: ابن انشا

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے