أعوذ بِاللٰهِ مِنَ الشَّیطَانِ الرَّجِیمِ
مَثَلُ الَّذِیْنَ یُنْفِقُوْنَ اَمْوَالَهُمْ فِیْ سَبِیْلِ اللٰهِ كَمَثَلِ حَبَّةٍ اَنْبَتَتْ سَبْعَ سَنَابِلَ فِیْ كُلِّ سُنبُلَةٍ مِّائَةُ حَبَّةٍ-وَ اللٰهُ یُضٰعِفُ لِمَنْ یَّشَآءُ-وَ اللٰهُ وَاسِعٌ عَلِیْمٌ(سورہ بقرۃ: ۱۶۱)
ترجمہ: ان لوگوں کی مثال جو اپنے مال اللہ کے راستے میں خرچ کرتے ہیں، ایک دانے کی مثال کی طرح ہے جس نے سات خوشے اگائے، ہر خوشے میں سو دانے ہیںاور اللہ جس کے لئے چاہتا ہے بڑھا دیتا ہے اور اللہ وسعت والا اور سب کچھ جاننے والا ہے۔
یہ سورہ بقرہ کی آیت ہے، جس میں مسلمانوں کو انفاق پر ابھارا جا رہا ہے۔ سورہ بقرہ قرآن کی طویل ترین سورت ہے۔ اس میں ایک طرف تو سابقہ امت مسلمہ کو ان کے منصب سے معزول کیا جا رہا ہے اور ان کے جرائم کی لسٹ بھی بیان کر دی گئی ہے جس کی وجہ سے یہ سزا ان پر مسلط کی گئی ہے، ساتھ ہی نئی امت مسلمہ کی تاجپوشی کی گئی اور انسانیت کی قیادت کی ذ مہ داری سے عہدہ بر آہونے کے لئے انہیں بہت سے احکامات بھی دیے گئے ہیں، جس میں جہاد کا حکم بھی شامل ہے۔ ساتھ ہی یہ بھی واضح کر دیا گیا ہے کہ’’ امت وسط‘‘بنناکوئی آسان کام نہیں ہے۔اس کے لئے بہت کچھ کھونا پڑے گا ، بہت سی قربانیاں دینی ہوں گی ، جان کی ، مال کی، آل و اولاد کو اللہ کے راستے میں قربان کرنا ہو گا۔
اس آیت سے لے کر تقریبا اس سورت کے اختتام تک بات کا رخ ان اساسی معاشی اصولوں کے بیان پر ہے جن پر امت مسلمہ کے اجتماعی نظام کی بنیاد رکھی جانی مقصودہے۔ یہ اجتماعی نظام باہم تعاون پر مبنی ہے ،جس میں عشر، زکات ، صدقہ اور خیرات وغیرہ معاشی تعاون کا ذریعہ ہیں۔
قرآن میں ’’فی سبیل اللہ‘‘ کا لفظ عام یعنی اسلام کے معنی میں بھی آیا ہے۔ اس صورت میں اسلام کی بتائی ہوئی تمام مدوں پر خرچ کرنا فی سبیل اللہ ہے ۔ اور یہ خاص معنوں میں بھی استعمال ہوا ہے، یعنی جہاد پر خرچ کرنا۔جہاد کی تیاری کے لئے بہت زیادہ مالی امداد کی ضرورت ہوتی ہے۔ لہذا قرآن جہاں جہاد کی بات کرتا ہے وہاں انفاق پر بھی ابھارتا ہے۔ کیونکہ بنا انفاق کے جہاد کی تیاری ممکن نہیں ہے۔ اس لیے یہاں دونوں حالات میں خرچ کرنا مراد لیا جا سکتا ہے۔
نبی اکرم ﷺ کے زمانے کے حالات پراگر ہم نظرڈالیں تومعاشرے میں ایسے افراد بھی موجود تھے جوسود لیے بغیرکسی کو مال دینا تصور بھی نہیںکر سکتے تھے۔دوسری طرف ایسے بھی لوگ تھے جو بادل ناخواستہ خرچ کرنے والے تھے،جب کہ بعض ایسے بھی تھے جو خرچ کرکے احسان جتلاتے تھے۔کچھ ایسے بھی تھے جو ردی اور بیکار چیزیں اللہ کی راہ میں دے کر خوش ہو جاتے تھے۔ تاہم ان سب کے ساتھ ہی ایسے مومنین بھی موجود تھے جو مخلصانہ طور پر اللہ کی راہ میں کھلے اورچھپے دونوں طریقوں سے اپنا بہترین اور پاکیزہ مال انفاق کرنے والے تھے۔
اس آیت میں انفاق فی سبیل اللہ میں بڑھوتری کوایک جیتی جاگتی مثال کے ذریعے سمجھایا گیا ہے ۔ ایک دانہ جو کسان زمین کے اندر ڈالتا ہے اس ایک دانے سے سات بالیاں نکلتی ہیں اورپھر ہر بالی میں سوسو دانے ہوتے ہیں (اس سے زیادہ بھی ہو سکتے ہیں)۔
بالکل اسی طرح اللہ کی راہ میں خرچ کیے ہوئے مال کا اجر و ثواب بے حد اور انسان کے حساب و کتاب سے کہیں زیادہ بڑھ کر ہوگا ۔ اسی مفہوم کی وضاحت ایک حدیث میں بھی ملتی ہے کہ آپﷺ نے فرمایا :نیکیوں کا بدلہ دس گنے سے لے کر سات سوگنے تک ملے گا ۔یہ فرق عمل کی نوعیت، عمل کے زمانے اور عمل کرنے والے کے ظاہری و باطنی حالات پر مبنی ہوگا۔پھر انفاق کرتے وقت انسان کے احساسات کیا تھے اس کا بھی اجر پر اثر پڑے گا۔ ایک نیکی پوری خوش دلی اور جوش و خروش کے ساتھ کی گئی ہو اور دوسری سرد مہری اور نیم دلی کے ساتھ ۔اسی حساب سے اجر و ثواب بھی ہوگا۔ جس طرح ایک کاشتکار ایک گندم کے دانے سے سات سو دانے اسی وقت حاصل کرسکتا ہے جب کہ دانہ بھی عمدہ قسم کا ہو، زمین بھی اچھی ہو اور کاشتکار بھی کھیتی باڑی میں ما ہرہو تبھی اسے بہترین فصل مل سکتی ہے۔ بعینہ انفاق کرنے والے کے اخلاص، نیک نیتی، رزق حلال اور حالات کی تنگی و کشادگی کے مطابق وہ کم یا زیادہ اجر و ثواب کا مستحق ہوگا۔
پھر اللہ تعالیٰ فر ما رہا ہے کہ یہ معاملہ صرف سات سو تک ہی محدود نہیں ہے بلکہ اللہ جس کے لئے چاہتا ہے مزید اضافہ کردیتا ہے۔ اللہ کا یہ چاہنا اس کے عدل اور حکمت کے عین مطابق ہوتا ہے اور یہ بڑھوتری وہ انہیں کی کرتا ہے جو اس کے مستحق ہوتے ہیں۔
آخر میں اللہ تعالیٰ اپنی دو صفات کا ذکر کر رہا ہے کہ اللہ بڑی ہی وسعت والا اور سب جاننے والا ہے۔ اس کے یہاں تنگی نہیں ہے اور نہ عطا کرنے سے اس کے خزانے میں کوئی کمی واقع ہوگی۔ وہ تو انسان کی سوچ، خیالات اور ہاتھ تنگ ہوتے ہیں جس کی وجہ سے وہ صدقہ و خیرات اور انفاق سے قدم پیچھے کر لیتا ہے۔ اوراللہ کا علم حاضر غائب سب پر محیط ہے تو اس کی راہ میں خرچ کرنے والا اپنے اجر و ثواب کی طرف سے پوری طرح مطمئن رہے۔
یہ اور اس قسم کی دوسری آیات جو انفاق کی ترغیب کے لئے قرآن مجید میں نازل فرمائی گئیں اور یہ آیت لَن تَنَالُوا الْبِرَّ حَتَّىٰ تُنفِقُوا مِمَّا تُحِبُّونَ کے بعد تو صحابہ کرام ؓ میں راہ خدا میں خرچ کرنے کا جذبہ بے پناہ بڑھ گیا، ساتھ ہی خلق خدا کی خدمت کا جذبہ اور خود کے لئے صدقہء جاریہ چھوڑ کر دنیا سے رخصت ہونا یہ تمام محرکات ان پر اس قدر حاوی ہو گئے تھے کہ روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ زیادہ تر صحابہ کرام نے اپنی اپنی حیثیت کے مطابق اپنی جائداد میں کچھ نہ کچھ ضرور راہ خدا میں وقف کیا۔ اور مسلمانوں میں وقف کرنے کا ایک سلسلہ شروع ہو گیا جو اس قدر بڑھ گیا اور اوقاف کی جائدادیں اس قدر زیادہ ہوگئیں کہ حکومت وقت کو اس کے انتظام و انصرام کے لئے باقاعدہ ڈپارٹمنٹ اور قوانین بنانے پڑے اور ایسا بھی وقت آیاکہ حکومت کی طرف سے یہ اعلان کروانا پڑا کہ اب کوئی بنا حکومت کی اجازت کے کچھ بھی وقف نہیں کر سکتا ہے اور حکومت یہ طے کرے گی کہ وقف کی کن امور میں ابھی ضرورت ہے۔
چنانچہ وقف کرنے کی شروعات خودنبی اکرمﷺ کے ذریعے ہوئی،جب آپﷺ نے دو یتیم بچوں سے خود اپنے پیسوں سے زمین خریدی اور مسجد نبوی کی بنیاد رکھی۔ اس سے ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ وقف اسلام کی عبادات میں سے ایک عبادت ہے ۔نبی اکرم ﷺ نے فرمایا کہ انسان کے مرنے کے بعد اس کے عمل کا سلسلہ ختم ہو جاتا ہے سوائے تین اعمال کے، صدقہ جاریہ، نیک اولاد اور ایسا علم جس سے فائدہ اٹھایا جائے۔ تو وقف کی حیثیت صدقہ ء جاریہ کی ہے۔ اسلام ہی وہ مذہب ہے جس نے انسانوں کے اندر بے غرض اور بے لوث جذبات کو پروان چڑھایا، آخرت کی ابدی زندگی میں بہترین بدلے کا وعدہ کرکے انہیں مادی دنیا کے مال و اسباب سے اس قدربے نیاز کر دیا کہ اللہ کے لئے اجر و ثواب کے حصول کے لئے انہوں نے اپنے بہترین مالوں کو راہ خدا کے لئے وقف کر دیا۔
پھر یہ سلسلہ رکا نہیں چلتا ہی رہا۔ لوگوں نے اپنے ذاتی اموال سے مدرسے، ہاسپٹل،مسافر خانے، شفا خانے، ہاسٹل،کتب خانے، سڑکیں ، کنواں وغیرہ بنوایا۔ اپنی املاک کو بیواؤں، یتیموں اور لاوارثوں کے لئے وقف کردیا۔ وقف کے ذریعے مسلمانوں میں یہ آگاہی ہوئی کہ ہر کام کے لئے حکومت وقت کی طرف ہی نہیں دیکھتے رہنا ہے بلکہ اپنی جائداد کے ذریعے خلق خدا کی خدمت عوام کو بھی کرنی چاہیے۔
یہ سلسلہ اس وقت بھی بڑی شد ومد سے جاری و ساری تھا جب اسلام ہندوستان میں آیا اور حکومت حاصل کی۔ اگر چہ دینی اعتبار سے مسلمان زوال سے زیادہ قریب تھے لیکن حکمراں طبقے، امراء حضرات اور عوام میں سے خوشحال لوگوں نے اپنی بڑی بڑی جائدادیں آنے والی نسلوں کی فلاح و بہبود کے لئے وقف کیں۔ مساجد، قبرستانیں، مزاریں،خانقاہیں اور مدارس کے لئے ہزاروں ہزاروں ایکڑ زمینوں کو وقف کیا گیا اور پھر ان تمام کے انتظامات کو چلانے کے لئے بھی الگ سے جائدادیں وقف کی گئیں، تاکہ یہ مدارس وغیرہ خود انحصار رہیں۔ اس جذبے کی وجہ سے ہم دیکھتے ہیں کہ ہندوستان میں کڑوڑوں ایکڑ وقف کی زمینیں ہیں جن پر اب حکومت کی بری نظر ہے ۔ وہ انہیں ہڑپنے اور نگلنے کے لئے قانون لا رہی ہے۔ بل پاس بھی ہو چکا لیکن سپریم کورٹ کی طرف سے کچھ مسلمانوں کی تسلی کا سامان ہوا ہے۔ اللہ تعالیٰ آگے بھی حالات کو مسلمانان ہند کے حق میں بہتر بنائے رکھے ۔ آمین
قرآن میں انفاق پر جس اجر و ثواب کا ذکر ہوا ہے وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ وقف کرنا مسلمانوںکے لیے عبادت ہے۔اوردستورہندکےمطابق ہندوستان میں رہنے والے ہرشہری کو اپنے مذہب پرعمل کرنے،اپنی شریعت پر چلنے اور اس کے مطابق زندگی گزارنے کی پوری آزادی ہے اور کوئی بھی اس حق کو ان سے سلب نہیں کر سکتا۔وقف کے احکامات واضح طور پر فقہ کی کتابوں میں موجود ہیں جن سے یہ واضح ہوتا ہے کہ وقف کی املاک کو وہیں پر استعمال میں لانا جس کے لئے اسے وقف کیا گیاہے۔ وہ کسی ایک شخص کی جائداد نہیں ہے ، اس پر کسی کے مالکانہ حقوق نہیں ہوں گے بلکہ وہ خاص اللہ کے لئے ہے اور اللہ کی رضا کے لئے اسے اس کے بندوں کی فلاح و بہبود کے کام میں (جس کے لئے اسے وقف کیا گیا ہے)استعمال کیا جائے گا۔اب اگر حکومت کسی بھی قسم کا پروپیگنڈہ کرکے ان اوقاف کو مسلمانوں کے ہاتھوں سے چھین کر خود اس کی مالک بننے کا خواب بن رہی ہے تو ایسا کرنا مسلمانوں کے حق پر ڈاکہ ڈالنے، ان کی ایک عبادت کے حق کو چھیننے، انہیں ان کے ورثے سے محروم کرنے،خود دستورہند کی خلاف ورزی کرنے اور انہیں مزید معاشی طور پر کمزور کرنے کے مترادف ہے۔
حکومت ہند کی چالبازیوں کے نتیجے میں، آج کی مہا ماری کے دور میں مسلمانوں کے اندر جو تھوڑا بہت انفاق کرنے کا جذبہ ہے شاید وہ بھی ختم ہو جائے اور مسلمان بڑے اجر و ثواب سے محروم ہو جائیں ، ساتھ ہی اپنی آنے والی نسل تک اپنے ورثہ کو منتقل نہ کرکے انہیں اپنے آباء و اجداد کی میراث سے محروم بھی کر دیں۔
٭ ٭ ٭
وقف کرنے کی شروعات خودنبی اکرمﷺ کے ذریعے ہوئی،جب آپﷺ نے دو یتیم بچوں سے خود اپنے پیسوں سے زمین خریدی اور مسجد نبوی کی بنیاد رکھی۔ اس سے ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ وقف اسلام کی عبادات میں سے ایک عبادت ہے ۔


0 Comments