مئی ۲۰۲٥
کیا دہشت گردوں کا بھی مذہب ہوتا ہے ؟

ہندوستان کے زیرِ انتظام کشمیرکے سیاحتی مقام’’ پہلگام‘‘ میںمسلح افرادکے حملے میں ہندوستانی بحریہ کے افسر سمیت کم از کم۲۶ سیاحوں کی ہلاکت ہوئی۔اس حملے میں ایک کشمیری نوجوان کی بھی جان گئی،جوسیاحوںکو دہشت گردوں سے بچانے کی کوشش کر رہا تھا۔ وادی کشمیر کے لیے یہ ایک بڑا سانحہ ہے، جس نے نہ صرف کشمیر کی معیشت و سیاحت بل کہ ملک بھر میں کشمیریوں اور مسلمانوںکے لیے خوف و ہراس کا ماحول پیداکردیاہے۔

’ ایکس‘ پر اپنے ایک پیغام میں وزیر اعظم نریندرمودی کا کہا:
’’جنھوں نے بھی اس بہیمانہ کارروائی کاارتکاب کیاہے،انھیں انصاف کا سامنا کرنا ہو گا۔ انھیںبخشا نہیں جائےگا۔ اُن کا شیطانی منصوبہ کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ کا ہمارا عزم ناقابل تسخیر ہے اور وہ مزید مضبوط ہو گا۔‘‘
پہلگا م میں حملے کی اطلاعات سامنے آنے کے کچھ ہی دیربعد وزیر داخلہ امت شاہ بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف)کے طیارے کے ذریعے سرینگرپہنچے،جہاں انھوںنے گورنرہاؤس میںگورنر،جموں کشمیرکے وزیر اعلیٰ، فوج، انٹیلیجنس (Inteligence)اور پولیس کے اعلیٰ حکام کے ساتھ خطے کی سکیورٹی اور سلامتی کی صورتحال پربات چیت کی ہے۔
لیکن ان سب اقدامات کا کیا نتیجہ نکلتا ہے، اس کا ملک بھر کی عوام انتظار کر رہی ہے۔۲۰۱۴ کے بعد سے ملک بھر میں لگ بھگ۲۵ سے زائد دہشت گردانہ حملے ہو چکے ہیں۔ اور اگر خصوصی طور پر جموں کشمیر کو دیکھا جائے تو سری نگر ، بارہمولہ،آننت ناگ، راجوری اور خصوصی طور پر پلوامہ اٹیک اس وادی میں بد امنی اور خوف و ہراس کا مستقل ماحول بنائےہوئے ہیں۔ ہر واقعہ کے بعد حکومتیں ایک دوسرے کو ذمہ دار ٹھہراتی دکھائی دیتی ہیں۔کبھی ملک کی اقلیت کو نشانہ بنایا جاتا ہےتو کبھی پڑوسی ملک پر الزام ڈالنے کی کوشش ہوتی ہے۔
اس کا سب سے زیادہ خمیازہ کشمیری عوام بھگت رہی ہے۔ اس حملے سے پورے علاقے میں خوف کا ماحول ہے۔ سیاحت یہاں کی معیشت کا اہم ترین حصہ جواس حملہ کے بعد حد درجہ متاثرہوئی ہے۔ اس کے علاوہ ملک کے مختلف علاقوں میں جہاں کشمیری طلباء رہتے ہیں، انہیں نفرت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔
جموں و کشمیر طلباء انجمن کے کنوینر ناصر کہویہامی نے کہا :
’’ اتراکھنڈ،اتر پردیش اور ہماچل پردیش سمیت ریاستوں میں کشمیری طلباء کو مبینہ طور پر بدھ کو ان کے کرائے کے اپارٹمنٹس یا یونیورسٹی ہاسٹل چھوڑنے کو کہا گیا۔ ہماچل پردیش کی ایک یونیورسٹی میں ہاسٹل کے دروازے توڑے جانے کے بعد طلباء کو ہراساںکیا گیانیز ان پر جسمانی حملہ کیا گیا۔طلباء کو مبینہ طور پر ’’دہشت گرد‘‘بھی کہا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ صرف سکیورٹی کا مسئلہ نہیں ہےبل کہ یہ ایک مخصوص علاقے اور شناخت سے تعلق رکھنے والے طلباء کے خلاف نفرت اور توہین کی ایک دانستہ اور ہدفی مہم ہے۔‘‘
موجودہ حالات میں مسلمان اس حملہ کے ذمہ دار ٹھہرائے جا رہے ہیں اور سوشل میڈیا پر وائرل بیانیہ ’’دہشت گرد مذہب پوچھ کر لوگوں کو نشانہ بنا رہے تھے‘‘ عام لوگوں کے ذہن میں اس طرح کی باتوں کا نتیجہ محض نفرت اور خوف کو بڑھانا ہے۔
چاہےگولی چلانے والاپگڑی باندھا ہواہو،یاجے شری رام کے نعرے لگانے والاہو، یا لوگوں کو زبردستی کلمہ پڑھانے والا ہو،ان سبھی کا تعلق کسی مذہب سے نہیں ہوتا۔ہندوستان جہاں لوگوں کی اکثریت مذہبی ہے،اگر اپنے اپنے مذہب کا ایک بار مطالعہ کریں تو انہیں معلوم ہوکہ مذہب صلح کو ترجیح دیتا ہے،معافی کو فروغ دیتاہے،بھائی چارہ اور ہمسایوں کی امن و سلامتی کی بات کرتاہے۔پر افسوس سد افسوس کہ اسکے ماننے والے اسی مذہب کے نام پہ سب سے زیادہ خون بہاتے ہیں! انسانی تاریخ گواہ ہے کہ مذہب کے نام پرغیر شعوری لڑائی نے سب سے زیادہ انسانی جانیں لیں ہیں۔ اور اس پر ہوش کے ناخن نہ لئے گئے تو آئندہ بھی جانیں جاتی رہیں گی۔
افسوس کی بات ہےکہ معاملہ بہتر ہوتا دکھائی نہیں دے رہا ہے۔ ایک طرف میڈیا ہے،جو اقلیتوں کو گھیرے میںلیے ہوئےہے، تودوسری طرف حکومت ہے جوخواب غفلت میں ہے!
ایک حادثہ پیش آنے کے بعد حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ سنجیدگی سے اس کی بنیادی وجوہات تلاش کرے اور ایسے اقدامات اٹھائےکہ یہ حادثہ آخری ثابت ہو۔

٭ ٭ ٭

ایک حادثہ پیش آنے کے بعد حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ سنجیدگی سے اس کی بنیادی وجوہات تلاش کرے اور ایسے اقدامات اٹھائےکہ یہ حادثہ آخری ثابت ہو۔

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے