مئی ۲۰۲٥
وقف مسلمانوں کی دینی اور ملی وجود کی بنیاد
زمرہ : ادراك

 وقف ترمیم بل اب نیوایکٹ (New Act) میں بدل چکا ہے۔ گویہ ہندوستان کے مسلمانوں کے لئے اب تک کی آنے والی آزمائشوں میں سب سے کڑی آزمائش ہےتاہم ہمارا ایمان ہے کہ ہر آزمائش اللہ ہی کی طرف سے ہے۔یہ ایک موقع ہے کہ ہم مسلمانوں کی عظمت رفتہ سے انجان اور ماضی کے جس نعمت غیر مترقبہ سے ناواقف تھے یا یوں کہیں جو ہماری آنکھوں سے اوجھل رہا ۔ اب نئے وقف ایکٹ کے حوالے سے موقع ملا کہ ہم اسلام کی اس عظیم نعمت اور اجتماعی سرمائے کی رحمت پر بات کریں وقف کی اہمیت اور اس کے دیر پا اثرات کو نہایت باریکی سےسمجھنے کی کوشش بھی کریں ۔

 اسلام فطرت انسانی کا لازمہ ہے۔روئے زمین پرپیدا ہونے والے دل کی آواز اسلام ہے۔ جلد یا بدیر وہ اس کی طرف لوٹے گا یہ ہمارا یقین ہے۔ آج خود غرضی سے مملو دلوں پربے کلی اوردماغی صحت کے بگڑتے ماحول میں ہم اچھی طرح سمجھ سکتے ہیں کہ جب انسان مادی حصول کے ساتھ بے کلی محسوس کرتا تھا تو اللہ تعالیٰ کی راہ میں زمین یا مال یا دنیا کی چیز وقف کرکے قرار پالیتا تھا ، یا سماجی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے اپنی ذات پرمعاشرتی مفاد کو ترجیح دیتا تو مال وقف کردیا کرتا۔ صدقہ، خیرات ، زکوۃ کے ساتھ وقف بھی ایک طرح سے تصرف کی آزادی کے باوجود انسانیت کے لیے وقف کرکے دل کے قرار حاصل کرنے اور قربِ الہی کا ذریعہ تھا۔مادے کے حصول کی تڑپ ایک مدت تک ہے۔ انسان کا اس سے بے زار ہوجانا فطری بات ہے۔مسلمانوں کی اس روایت پر دنیا کے ہرمذہب نے وقف کے طریقے پر عمل کیا۔ جو عمل قانون فطرت ہوتا اس کی طرف ہر انسان کا لوٹنابھی یقینی ہوتاہے۔ اسی لئے آج ہم دیگر مذاہب میں بھی وقف کرنا پاتے ہیں۔ہندوستان      میں بھی مسلمانوں کی طرح ہر مذہب کا اپنا وقف بورڈ موجود ہے۔ اگرچہ کہ مسلمانوں کے پاس اس کی زیادہ وجہ مال کو اللہ کی راہ میں خرچ کرنا اسلامی شریعت اور تہذیب کی روایت ہے ۔
محترم سعادت اللہ حسینی( امیر جماعت اسلامی ہند) نے ’’زندگئی نو‘‘ میں وقف سے متعلق مضمون میں لکھا ہے:
’’وقف کا نظام خود اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے قائم فرمایا تھا، اورپہلا وقف بھی آپ ﷺ نے ہی فرمایا تھا۔ ’’مخیریق بن نصیر ‘‘نامی ایک یہودی ربی (جنھوں نے بعض روایات کے مطابق اسلام قبول کر لیا تھا)نے’’ غزوہ احد‘‘ میں مسلمانوں کی حمایت میں لڑتے ہوئے یہ وصیت کی تھی کہ اگر میں مارا جاؤں تو میری جائیداد محمد ﷺ کے لیے ہو گی۔چناں چہ وہ جنگ میں وفات پا گئے اور ان کے سات باغات آں حضرت ﷺ کی ملکیت میں آگئے ۔ آپ ﷺ نے ان باغات کو اللہ کی راہ میں وقف قرار دے دیا، اوراس طرح وقف کے اس منفرد اور شاندار نظام کا مبارک افتتاح فرمایا ۔‘‘
تاریخ میں ہم نے پڑھا ہےکہ’’ ابو دحدہ‘‘ گھر آئے اور اپنی بیگم کو گھر کے باہر سے آواز دی ،’’ بیگم باہر نکل آو ۔ یہ گھر جس باغ میں ہے وہ باغ میں نے اللہ تعالیٰ کی راہ میں وقف کردیا ۔‘‘ اسی طرح ’’مامون رشید‘‘ کی بیگم کا واقعہ ’’نہر زبیدہ‘‘ کے حوالے سے’’ شب جائے کہ من بودم ‘‘۔ شورش کاشمیری نےبیان کیاکہ نہر زبیدہ مامون رشید کی بیوی نے اپنی ذاتی رقم سے بنوائی تھی۔ جب نہر مکمل ہوچکی اور زبیدہ بہ نفس نفیس خود معائنے کے لیے تشریف لائیں۔ منشی اپنے حساب کتاب کے ساتھ حاضرہواکہ اتنا خرچ ہواہے، اتنی اشرفیاں باقی ہیں، توزبیدہ نے اپنے ہاتھ میں اشرفیاں لیں۔دونوں سے نہرمیںیہ کہتے ہوئے بہادیں ’’ ترکنا حساب لیوم الحساب ‘‘۔( میں نے اس حساب کتاب کو ترک کیا ،یوم حساب کے لیے)
ایسی بے شمار مثالیں موجود ہیں،جو اللہ تعالیٰ کی راہ میں وقف کے طور پر اسلامی تاریخ میں سامنے آتی ہیں ۔
خیبر کی مفتوحہ زمینوں میں سے جو زمینیں حضرت عمرؓ کے حصے میں آئی تھیں، انھیں آپ ؓ نےوقف فرمادیا۔
حضرت عثمان غنی رضی اللہ نے مدینہ میں پینے کے پانی کا کنواں وقف کیا ، وہیں عبدالرحمن بن عوف میں اپنی زمینیں اور باغ وقف کیا ۔ وقف کی روایات اموی اور عباسی دور سے لے کر عثمانیوں تک پھیلی ہوئی ہے اور ہندوستان میں غلامان خاندان قطب الدین ایبک سے لے کر بابر اور مغلوں تک محیط ہے ۔
وقف کی اس پاکیزہ روایات میں جہاں کتب خانے ، خانقاہیں ،باغ ، سرائے شفاخانے ،شاہراہیں، محل گھر ، زمینیں،جائیدادیں،کنویں،مسافرخانے وغیرہ شامل ہیں، وہیں وقف نے مسلمان حکمرانوں کے زمانے میں غیر سرکاری طور پر انسانی فلاح و بہبود کے لیے وقف کے ذریعہ سماج کی خدمت بھی کی ہے۔یہ تاریخی حقیقت ہے کہ غیر سرکاری فلاحی اداروں کے تصور کو مسلمانوں ہی نے اوقاف کے نظام کے ذریعے دنیا میں بڑے پیمانے پرعام کیا ہے۔
اسی طرح خواتین نے بھی اپنے وراثتی مال کو انسانوں کی فلاح و بہبود کےلیے وقف کیا۔’’ فاطمہ الفہری‘‘نے دنیا کی پہلی لڑکیوں کی یونیورسٹی ان کے وراثتی مال سے تعمیر کیا۔ اسی طرح ان کی بہن نے دمشق میں پہلی مسجد کی تعمیر کو’’ عائشہ الفہری‘‘ نے اپنے والد سے ملنے والی وراثت کو وقف کرکے تعمیر کیا۔
مساجد کی زمینیں بھی خواتین ہندوستان میں بھی وقف کرتی رہیں ہیں۔

وقف کیا گیا مال اللہ کی راہ میں مفاد عامہ کے لیے صرف کیا گیا وہ مال ہے جس پر تصرف کی آزادی کسی کو نہیں ہے۔ وقف کردینے کے بعد نہ وہ مال واپس لیا جاسکتا ہے نہ بیچا جا سکتا ہے۔یہاں تک کہ اس میں تصرف کا حق حکومت کو بھی نہیں رہتا ۔
دنیا میں پھیلے ہوئے وسیع وعریض سرمائے کا واحد مالک اللہ تعالیٰ ہے۔ اللہ نے جس کے اختیار میں تصرف کی آزادی بخشی، اگر وہ شخص وقف کردے تو وہ مال اب کسی شخص کی نہیں بل کہ انسانیت کی فلاح و بہبود میں ہی رہے گا ۔
حتی کہ حکومت وقت بھی اس میں تصرف کا حق نہیں رکھتی ۔

سعادت اللہ حسینی صاحب کادرج ذیل اقتباس مزید سمجھنے میں سہولت بخش ہوگا: ’’وقف دور صحابہ ہی میں ایک عام رجحان بن چکا تھا۔بعد کے ادوار میں وقف کے اس نظام نے اسلامی تہذیب کی ایک منفر د خصوصیت اور عوامی فلاح وبہبود کے ایک بڑے وسیع اور مہتم بالشان انتظام کی شکل اختیار کر لی۔ اصحاب خیر بڑے پیمانے پر عوام کی ضرورتوں کی تکمیل کے لیے سامنے آئے۔اسلامی تاریخ میں وقف پبلک لیجسلیٹر (Public Legislature) کے ساتھ ساتھ عوامی خدمات کے ایک مستقل سیکٹر کے طور پر ابھرا۔ دولت مند افراد نے نہ صرف غریبوں اوربے سہاروں کی مدد کی تکمیل کو اپنی ذمے داری محسوس کیا،بلکہ ریاست کے ساتھ تعاون اور اس کی ذمے داریوں میں شراکت کو بھی اپنے مال کا اہم مصرف سمجھا۔ یتیموں ، بیواؤں اور دیگر ضرورت مند افراد کی حاجت روائی، مسجدوں، خانقاہوں وغیرہ کی تعمیر و انتظام اور دیگر مذہبی امور کے ساتھ ساتھ تعلیم،معاشی فلاح و بہبود، طب اور عوامی صحت اور ان کے علاوہ عوامی و شہری سہولیات کی فراہمی کی خاطر بھی اپنی بڑی بڑی جائیدادیں وقف کیں۔اوقاف کے اس وسیع نیٹ ورک نے اسلامی تاریخ میں بڑا اہم کردار ادا کیا۔یہ ایک رجحان ساز ادارہ تھا اور اس نے ساری دنیا میں عوامی فلاح و بہبود کے بالکل نئے رجحانات کو عام کیا۔ ان اداروں نے اسلام کی انسانیت دوستی، غریب پروری،مساوات اور تکریم آدمیت کی قدروں کی بڑی طاقت ور اور مؤثر عملی شہادت پیش کی۔ زندگی کے مختلف شعبوں سے متعلق اسلام کی منفرد قدروں کو بھی بڑے پیمانے پر متعارف کرایا اور ان قدروں کو ادارہ جاتی سطح پر برت کر ان کے حق میں ٹھوس عملی شہادت بھی پیش کی۔ آنے والے زمانوں میں وقف کے اس تصور نے دنیا بھر کی تہذیبوں پر گہرے اثرات ڈالے۔ حکومتوں کی پالیسیوں کو متاثر کیا اور اسلام کی بعض اہم قدروں کو ساری دنیا میں مقبول کرانے اور ان پرہمہ گیر عالمی اتفاق رائے پیدا کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ‘‘
ہندوستان میں وقف کی بے شمار جائیدادیں ہندوستانی مسلمانوں کا اجتماعی سرمایا ہیں۔آزادی کے بعد اس سرمائےکو اوقاف بورڈکے تحت رکھا گیا تھا ۔ بورڈ پرپورا اختیار اس کمیونٹی کا رہے گا جس کا اوقاف ہوگا۔ہندوستان میں نہ صرف مسلمانوں کے اوقاف ہیںبلکہ کرسچن، سکھ ، پارسی سبھی کے ہیں، البتہ مسلمانوں کے اوقاف زیادہ ہیں۔ا وقاف بورڈ کے قانون میں ترمیم نئی بات نہیں ہے بلکہ قانون میں ترمیم اس لیے کی جاتی ہے کہ اوقاف کی زمینیں جن کی ذمہ داری ہے ان پر چیک رکھی جائےکہ وہ قبضہ نہ کرلیں ، یا اس وقف سے حکومت یا کوئی ادارہ یا شخص فائدہ اٹھارہا ہوتو وہ اس پر قابض نہ ہوجائے۔ اوقاف کی حفاظت کے لیے بورڈہے اور قانون میں ترمیم بھی اسی لیے کی جاتی ہے کہ زیادہ محفوظ بنانے کے لیے تحدید لگائی جائے ۔آخری ترمیم۲۰۱۳ میں کی گئی تھی ۔
بنیادی طور پر قانون میں جوترمیم کی جاتی ہے وہ اس لیے کی جاتی ہے کہ پہلے سے موجود قانون میں جو کمزوری ہے،اس کو دور کیا جائے اور قانون کو مزید مستحکم ،طاقتور ،موثر ،نتیجہ خیز اور مفید بنایا جائے ۔اس لیے تبدیلیاں ہو سکتی ہیں لیکن یہ جو بل انہوں نےپیش کیا اور جسکو انہوں نے بعد میں قانون میں تبدیل کردیا ہےدراصل تبدیل شدہ قانون اوقاف کو محفوظ بنانے کے بجائے قابض کو تقویت دینے والا قانون ہے۔اس میں یہ بات کہی گئی کہ اوقاف گھر، زمین یا کسی بھی استعمال میں رکھنے والا شخص بارہ سال تک اپنے تصرف میں رکھے اور کسی نے کوئی آبجیکشن (Objection)نہ لیا تو وہ اس کا مالک بن جائےگا ۔چاہے وہ کوئی شخص ہو، تنظیم ہویا ادارہ یا حکومت خود اس زمین کی مالک بن جائے گی۔
مثال کے طور پر کوئی ریلوے یا ائیرپورٹ کی زمین ہے، وہ وقف کی زمین ہے۔ وقف بورڈ حکومت کے تعاون کے لیے وہ دیتا ہے تو پچھلے قانون کی رو سے حکومت کو لیز پر دی گئی ہے۔ چونکہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے ہے اس لیے وقف حکومت کی معاونت کرے گا لیکن موجود قانون حکومت کو اس زمین کا مالک بنادیتاہے۔ چونکہ بارہ سال سے حکومت کی تحویل میں رہی ہے ۔پہلے چونکہ وقف کا تھا۔ حکومت کسی کو بیچنے کا حق نہیں رکھتی تھی۔ اب حکومت اس ائیر پورٹ کو کہیں اور شفٹ کرکے وہ زمین کسی بزنس مین کو بیچ سکتی ہےیا کسی فرد کے پاس وقف بورڈ سے لیا گیاکرائے کا گھر یا اس کی فیکٹری وقف کی زمین پر ہے، نئے قانون کی رو سے وہ مالک بن جائے گا ۔

اب جو لوگ وقف کی زمین پرچاہے حکومت ہوچاہے،پرائیوٹ پراپرٹی، پارٹیز اگر وہ پہلےسے اس پر قابض ہیں اور کوئی ان پر اعتراض نہیں ہوا ہے تو وہ تو اب حکومت کی پرائیویٹ پراپرٹی پرائیویٹ پارٹی کی ہو جائے گی۔ یہ قانون جائیدادوں کو وقف کو واپس دلانے کے بجائے قابضین کی مدد کرے گا، جبکہ پہلے قانون میں قابض کو نان بیل ایبل سزا (Non Bailable Offence) ا دوسال تک سنائی جاتی تھی۔ اب اس نئے قانون میں وقف کی جانب سے مقدمہ دائر ہونے پر چھ ماہ کی بیل ایبل سزا کردی گئی ہے، جو ایک طرح سے مجرم کے لیے جرم میں آسانی ہے ۔بلکہ دوسری طرح دیکھیں تو وقف کی زمین اس قانون کی رو سے وقف کو بے حیثیت کرنے کی سازش ہے۔

پہلی ترمیم

 یہ کہ بارہ سال کی تحویل پر کرایہ دار یا قابض مالک بنے گا۔

دوسری ترمیم

 کہ اگر کوئی مقدمہ وقف چلائے تو مجرم کو چھ ماہ کی سزا اور ضمانت میں بھی نرمی ۔

 تیسری ترمیم وقف بائے یوزر

وقف بائے یوزر کا قانون پہلے سے موجود ہے، وہ یہ کہ جو زمین قبرستان ،
مساجد درگاہ ،امام بارگاہ،یاخانقاہ کے استعمال میں ہے اسکے چاہے قدیم ڈاکیومنٹس آپ کے پاس ہو، نہ ہو چونکہ علی اعلان یہ زمین اسی مقصد سے استعمال میں ہے اس لیے وہ زمین وقف کی مانی جائے گی ۔ اسے’’ وقف بائے یوزر ‘‘کہا جاتا تھا۔
نئے قانون میں وقف بائے یور ہٹا دیا گیا۔کہا گیا وقف بائے یوزر وہی زمین ہوگی جس کے دستاویز موجود ہوں۔ جس کے نہ ہوں اسے حکومت کو اختیار ہوگا وہ وقف کی زمین نہیں ہوگی ۔یہ ایسا شب خون اس قانون نے مسلمانوں پر مارا ہے جس کی رو سے وہ قدیم جائیدادیں جس کے دستاویز نہیں ہیں وہ وقف سے نکل جائیں گی۔ اب چونکہ وقف کی جائیدادیں قدیم ترین ہیں اور کاغذات نہیں ہیں وہ سب مسلمانوں کے ہاتھ سے نکل گئیں ۔

چوتھی ترمیم

وقف کرنے والے پر مسلمان ہونے کی تحدید لگادی گئی کہ کوئی غیر مسلم وقف نہیں کرسکتا ہے۔ ہندوستان کی تاریخ میںمسلمان اور ہندو شیر وشکر ہوا کرتے تھے اور غیر مسلم بھی وقف کردیا کرتے تھے۔ وہ سب لوٹادی جائے گی ۔

پانچویں ترمیم

وقف بورڈ کے پینل کی ہے، جس میں پہلے بورڈ ممبر کا مسلمان ہونا لازم تھا۔ اب بورڈ پینل ہی کو چھ ممبر سرکاری اور چار ممبران مسلم۔ ان میں بھی دو خواتین کی تحدید لگا کر اسے کمزور ترین کردیا۔ یوں سمجھیے کہ یہ کوشش کی گئی ہے کہ مکمل وقف مضبوط ترین ادارہ کمزور کرکے مسلمانوں سے چھین لیا جائے۔ تاہم مسلمان تنظیموں کا قانونی طور پر مقدمہ لڑنے اوراحتجاج کرنے کا فیصلہ ایک تاریخی فیصلہ ہے۔ اس میں پوری ذمہ داری کے ساتھ ہر فرد کو متحد ہوکر کھڑا ہونا چاہیے ۔
کسی بھی قانون میں ترمیم کے نام پر اس سرمائے کو مسلمانوں سے چھیننا یا اس سرمائے کے معاملات میں مداخلعت کرنا بھی ایک ظالمانہ سلوک ہے۔ اس کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنا ہر مسلمان کا فریضہ ہے۔ وقف کرنے والوں نے اسے وقف کردیا اور دنیا سے رخصت ہوگئے۔ برساہا برس تک اللہ نے اسے مسلمانوں کے اختیار میں دیا اس کی حفاظت اس کے تصرف پر پورا اختیار دیا۔ ہر کمیونٹی میں جہاں ایماندار ، دیانت دار ، خدا ترس لوگ ہوتے ہیں وہیں خائن بھی ہوسکتے ہیں، لیکن ان کی خیانت یا نظم کی کمزوری کی وجہ سے ہمیں یہ اختیار نہیں کہ ہم اس ظلم کو برداشت کرلیں اور ملی سرمائے کو لوٹتے ہوئے دیکھتے رہیں۔ طاقتور چند لوگ مل کر ہندوستان کے جمہوری نظام کو اس حد تک ہامال کردیںکہ ملک کی اقلیتوں پر ظلم کرنے لگیں۔ ان سے جینے کی آزادی چھین لیں ۔ہمیں ہرحال میں ظلم کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنا چاہیے۔ ہمیں مجرمانہ خاموشی کو توڑ کر حق کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے ۔مسلم پرسنل لا بورڈ اور دیگر تنظیمیں متحد ہوکر اپنے جائز حق کو منوانا چاہتی ہیں۔ ہماری جنبش سے بھی اس اتحاد کو خطرہ پیدا ہوا تو اللہ رب العالمین کے نزدیک جوابدہ ہونا ہوگا ۔ حالات ناگفتہ بہ ہوں تو اتحاد سب سے بڑی قوت اور اجتماعیت سب سے بڑا سہارا اور اعتماد سب سے بڑا ہتھیار بن جاتا ہے ۔
یقینا ہم طاقتوروں کے سامنے سرمائے اور قوت کے اعتبار سے کم ہیں، لیکن قوت ایمانی، آزمائش،یقین اور اعتماد جو کہ سب سے بڑی طاقت ہے، اس میں کم نہیں ہیں۔مسللمانوںکی صفوں میں انتشار دراصل ایک مومنانہ روش نہیں ہے ۔ہمیں اتحاد کی ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے ۔

٭ ٭ ٭

کسی بھی قانون میں ترمیم کے نام پر اس سرمائے کو مسلمانوں سے چھیننا یا اس سرمائے کے معاملات میں مداخلت کرنا بھی ایک ظالمانہ سلوک ہے۔ اس کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنا ہر مسلمان کا فریضہ ہے۔ وقف کرنے والوں نے اسے وقف کردیا اور دنیا سے رخصت ہوگئے۔ برساہا برس تک اللہ نے اسے مسلمانوں کے اختیار میں دیا اس کی حفاظت اس کے تصرف پر پورا اختیار دیا۔ ہر کمیونٹی میں جہاں ایماندار ، دیانت دار ، خدا ترس لوگ ہوتے ہیں وہیں خائن بھی ہوسکتے ہیں، لیکن ان کی خیانت یا نظم کی کمزوری کی وجہ سے ہمیں یہ اختیار نہیں کہ ہم اس ظلم کو برداشت کرلیں اور ملی سرمائے کو لوٹتے

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے