مئی ۲۰۲٥
بچوں کا سلسلہ : شخصیات مولانا مودودی

بچوں ! کیا آپ نے کبھی یہ سوچا کہ آپ کے امی ابو بھی بچپن میں شرارتیں کیا کرتے تھے۔اس سلسلے میں کیا آپ نے کبھی اپنے امی ابو سے پوچھا کہ بچپن میں وہ کس طرح کی شرارتیں کیا کرتے تھے۔ ان کے بچپن کی کہانیاں اور قصےکیا آپ نے کبھی جاننے کی کوشش کی ؟ اگر نہیں، تو آج ہی اپنے امی اور ابو سے پوچھیے۔
آپ ہی کی طرح ایک بچہ تھا، جسے اس بات پربڑی حیرت ہوتی تھی کہ ان کے ابو اور امی بھی کبھی بچے تھے۔ بہت سوچنے کرنے کے بعد یہ بات اس بچے کے ذہن میں آئی کہ جتنے لوگ اب بڑے ہوگئےہیں یا بوڑھے ہو چکےہیں وہ بھی کبھی بچے تھے۔ وہ اپنے والد کو دنیا کا سب سے اچھا آدمی اور والدہ کو دنیا کی سب سے اچھی عورت سمجھتا تھا۔ تمام بچوں کی طرح اسے بھی اس وقت بہت مزہ آتا تھا جب وہ بیمار ہوتے تھے یا انھیں کوئی چوٹ لگتی تھی اور والدین اس کے لئے پریشان ہو جاتے تھے۔ والدین کی فکر مندی کو دیکھ کر اسے یہ معلوم ہوا کہ میرے والدین میری بہت فکر کرتے ہیں۔ تب اسے یہ احساس بھی ہوا کہ دوسرے لوگوں اور والدین میں کیا فرق ہوتا ہے۔
اس بچے کا نام تھا ’’سید ابوالاعلی مودودی‘‘۔ اور یہ بچہ آگے چل کا ایک بڑا عالم ، اسکالر اور عظیم رہنما بنا، جس نے کئی کتابیں لکھیں، کئی بڑے کام کئے اور پوری دنیا میں اسلام کو خوب پھیلا یا۔ لوگ ان کو مولانا مودودی کے نام سے جانتے ہیں۔
تو بچوں! مولانا ابوالاعلی مودودی کے ویسے تو بہت سارے کارنامے اور خدمات ہیں ،لیکن کچھ کارناموں کے بارے میں ہم یہاں ذکر کریں گے۔
۱۔ قرآن مجید کی ایک بہت آسان اور عظیم الشان تفسیر’’ تفہیم القرآن‘‘ کے نام سے مولانامودودی نے لکھی،جسے لاکھوں لوگ الگ الگ زبانوں میں پڑھتے ہیں۔ کیا آپ نے کبھی اسے پڑھا ہے ؟ اگر نہیں تو ضرور پڑھیے۔
۲۔ اللہ کے دین کو پھیلانے کے لیے اور لوگوں کو اچھے کام کی طرف بلانے کے لیے انہوں نے ایک جماعت قائم کی۔ بچوں’’ جماعت اسلامی‘‘ کا نام آپ اکثر سنتے ہیں۔ یہ وہی جماعت ہےجسے مولانامودودی نے قائم کیا تھا،جو آج ہندوستان، پاکستان، بنگلہ دیش اور سری لنکا میں اسی نام سے کام کر رہی ہے۔
اس کے علاوہ بھی انہوں نے اردو زبان میں سینکڑوں کتابیں لکھیں،جو پوری دنیا میں لوگ پڑھتے ہیں اورجن سے اچھی اچھی باتیں اور معلومات سیکھتے ہیں۔
مولانا بچپن سے ہی بہت ذہین تھے اور اپنے والدین کے بہت لاڈلے بھی تھے۔ ان کے والدین ان کو پیار سے ’’منا‘‘کہتے تھے۔
مولانا کی ابتدائی تعلیم گھر پر ہی ہوئی۔ پانچ سال کی عمر میں انہوں نے قرآن مجید کی کئی آیات معنی کے ساتھ یاد کر لی تھیں۔ ان کے امی اور ابو کی تربیت کا نتیجہ تھا کہ صرف چار سال کی عمر میں وہ نماز مسجد میں پڑھنے کے عادی ہو گئے۔ اور روزہ کی عمر کوپہنچنے سے پہلے ہی روزہ رکھنا شروع کر دیا تھا۔
۵سال کی عمر میں ایک مرتبہ اپنے ابو کے ساتھ مسجد میں نماز کے لیے گئے تو دیکھا کہ موذن موجود نہیں ہے۔ والد صاحب کی اجازت سے فوراً مکبرپر چڑھ کر اذان دینا شروع کر دیا۔ والد صاحب پریشان تھے کہ ابوالا علی نے کبھی اذان نہیں دی، کہیں کوئی بھول چوک نہ ہو جائے لیکن انہوں نے بلند آواز اور اعتماد کے ساتھ صحیح اذان مکمل کی۔ والد صاحب اور تمام مصلی بہت خوش ہوئے اور ڈھیروں دعائیں دی۔ انھیں کیا پتہ تھا کہ اس بچے کی زندگی کا مقدر ہی اذان دینا ہو گا۔ (یعنی لوگوں کو خیر و بھلائی کی طرف بلانا)
ان کی تعلیم گھر پر ہی ہوئی۔ مولانا مودودی کو باہر کے ماحول اور بری صحبت سے بچانے کے لیے ان کے والدین نے گھر پر ہی تعلیم کا انتظام کیا تھا۔ یوں کہہ لیجیئے کہ مولانا نے ہوم اسکولنگ (Home Schooling)کی تھی۔ انھیں گیارہ سال کی عمر میں آٹھویں جماعت میں داخل کرایا گیا۔ اس وقت اپنی جماعت میں وہ سب سے کم عمر طالب علم تھے۔
والدین ان سے جتنی شفقت و محبت کرتے تھے، تربیت کے معاملے میں وہ اتنے ہی اصول پسند اور انصاف پسند بھی تھے۔ ان کی اسی مثالی تربیت کا نتیجہ تھا کہ مولانا ہمیشہ صاف ستھری زبان بولتے تھے اور بچپن سے ہی با اخلاق اور مہذب عادتوں والے تھے۔ کبھی بد تمیزی کی عادت نہ ہوئی۔ ایک مرتبہ کسی وجہ سے انھوں نے کسی نوکر کی پٹائی کر دی۔ جب والد صاحب کو معلوم ہوا تو انھوں نے نوکرکو بلا کر کہا کہ تم بھی ابوالا علی کو مارو۔بچوں، اس واقعہ سے انھیں ایسا سبق ملا کہ زندگی بھر کسی پر ہاتھ نہیں اٹھایا۔
مولانا مودودی کو اسکول کی کتابوں کے علاوہ دیگر کتا ہیں اور اخبارات پڑھنے کا بھی بہت شوق تھا۔ آٹھویں جماعت میں ہی اپنے زندگی کا پہلا مضمون لکھ دیاتھا۔ ان کے ادبی شوق کو دیکھتے ہوئے ایک صاحب نے انھیں مرزا غالب کے ایک شعر کا مطلب سمجھانے کے لیے کہا۔ مولانا نے کہا کہ اگر میں صحیح مطلب سمجھادوں تو آپ کو مجھے قلفیاں کھلانی ہوں گی۔وہ صاحب مان گئے تو مولانا نے جھٹ سے انھیں مطلب سمجھا دیا۔ چنانچہ وعدے کے مطابق قلفیاں منگائی گئیں۔ کم از کم آٹھ قلفیاں مولانا مودودی نے کھائیں۔
اس طرح والدین کی مثالی تربیت،مولانا کی ذہانت اور ان کی محنت اور کوششوں کا نتیجہ یہ ہوا کہ مولانا مودودی ایک روشن ستارہ بن کر چمکے اور اپنے علم اور عمل سے ساری دنیا کو فائدہ پہنچایا۔
بچوں!آپ کو ان کے بچپن کی کونسی عادت سب سے اچھی لگی، جس کو آپ اپنا نا چاہتے ہیں؟
یہ بھی بتائے کہ آپ نے اپنی پہلی اذان کس عمر میں دی تھی ؟ اگر آج تک اذان نہیں دی ، تو اسے سیکھنے کی کوشش کیجیے۔

٭ ٭ ٭

مولانا کی ابتدائی تعلیم گھر پر ہی ہوئی۔ پانچ سال کی عمر میں انہوں نے قرآن مجید کی کئی آیات معنی کے ساتھ یاد کر لی تھیں۔ ان کے امی اور ابو کی تربیت کا نتیجہ تھا کہ صرف چار سال کی عمر میں وہ نماز مسجد میں پڑھنے کے عادی ہو گئے۔ اور روزہ کی عمر کوپہنچنے سے پہلے ہی روزہ رکھنا شروع کر دیا تھا۔

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے