مئی ۲۰۲٥
ملکی و عالمی منظر نامہ

ملکی منظرنامہ

یہ جنگ ہے بقا کے اصولوں کے واسطے

قارئینِ کرام! گزشتہ ماہ ملک میں ’’مسئلہ اوقاف‘‘ موضوعِ بحث رہا۔ ایک مرتبہ پھر حکومت کی جانب سے مسلمانوں کے حقوق پر ناانصافی اور ذاتی مفاد کو ترجیح دیتے ہوئے صریح ظلم کی تصویر حاکموں اور منصفوں کی جانب سے کھینچی گئی۔جہاں تک یہ بل پاس کرنے کی آڑ میں افادہ عام کی بات ہے تو افراد ملت کسی قدر غافل ہی سہی مگر اتنے شیر خوار نہیں کہ کھلی زیادتی اور گھناؤنے سیاسی داؤ پیچ نہ سمجھ سکیں۔ اگرچہ اس تعلق سے عدالت کی جانب سے عبوری راحت ملی ہے مگر ایک مثبت لائحہ عمل بنانے کی اور شعوری طور پر اس مسئلے کو سمجھنے کے ساتھ ساتھ ملت میں بیداری لانے کی فی الفور ضرورت ہے۔

 بات واضح ہے کہ اگر یہ بے ضمیرحاکم اسی رویے پر قائم رہے اور مسئلے کو غلط رخ دینے کی کوشش کی تو منفی نتائج توہمارے حق میں آئیں گے ہی ساتھ ہی مذہبی حقوق اور انصاف کے ضمن میں ایک ناختم ہونے والی جنگ کا پیام بھی ساتھ آئے گا۔ وقف کی زمینوں پر حکومت اور حکومت کے قریبی لوگ بھوکے کتوں کی مانند جھپٹ پڑیں گے۔ ساتھ ہی دستور میں درج Places of Worship Act سوالیہ نشان بن کر رہ جائے گا۔ ہماری مساجد، قبرستان، درگاہیں اور زمینیں ہم سے یوں چھین لی جائیں گی گویا ہماری ملک تھی ہی نہیں۔ اس کے علاوہ ظالم اور اندھی حکومت کی جانب سے مسلمانوں پر لگام کسے جانے کا مسلسل غوغہ ہوگا۔ محترم وزیر اعظم نے، جو فضیلتہ الشیخ کا فریضہ انجام دے رہے ہیں ایک مرتبہ پھر اپنے آپ کوبے ضمیرثابت کردکھایا ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ملت کے غیور طبقے کو مثبت لائحہ عمل اور مناسب بیانیے کے ساتھ میدانِ عمل میں لایا جائے اور پر امن طریقے سے بقا کی اس جنگ کو قائم رکھا جائے۔
اس نازک صورتحال میں جب کہ مسلمان کچلے جارہے ہیں اور حقوق کی پامالی کا نظارہ کررہے ہیں،اگر خواب غفلت سے بیدار نہ ہوئے تو ہم قوم کے مجرم ہوں گے۔ تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔

ظالم کو جو نہ روکے وہ شامل ہے ظلم میں

گزشتہ ماہ پہلگام میں ہونے والا واقعہ انسانیت سوز ہے۔ دہشت گردی کے اس شرمناک عمل سے ملک عزیز میں نہایت کشمکش کا ماحول ہے۔ کسی بے قصور اور معصوم پر ظلم ہوا تو ظالم خواہ کوئی بھی ہو ظالم ہی کہلائے گا۔ ظلم کرنے کا حکم اور اجازت کسی مذہب میں نہیں۔ تب بھی اس معاملے کو ایک مخصوص طبقہ مذہبی رخ دے کر فساد کو ہوادینے کی مکمل کوشش میں ہے۔ہلاک ہونے والے ہندوستانی تھے خواہ وہ ہندو ہوں یامسلمان۔ اور سب سے پہلے وہ انسان تھے۔ انسانیت کا تقاضا ہے کہ جب ظلم ہورہا ہو تو ظلم کے خلاف لب سینے کی بجائے،ببانگِ دہل ان بے قصور معصوموں کے حق میں صدائے احتجاج بلند کیا جائے جو بغیر کسی گناہ کے مار دیے گئے۔ پہلگام میں جو کچھ ہوا نہایت افسوسناک ہے لیکن اس واقعے کے بعد میڈیا نے جس طرح زہریلے انداز میں لوگوں کے ذہنوں میں خناس بھرا ہے انتہائی شرمناک ہے۔
اس دردناک واقعے کے دوسرے پہلو پر غور کریں تو سوال اٹھتا ہے کہ پہلگام میں جو سیاحوں کا پسندیدہ مقام گمان کیا جاتا ہے وہاں سیکورٹی فورسز کیوں نہیں تھیں؟ ملک میں تمام بڑے سیاحتی مراکز سی سی ٹی وی سے لبریز ہوتے ہیں۔درجنوں اہلکار ہوتے ہیں۔ سخت حفاظتی اقدامات کیے جاتے ہیں تو کشمیر کو جنت کہنے کے بعدیوں بے یار و مددگار کیوں چھوڑ دیاگیا ہے؟ کشمیر ایک حساس علاقہ ہے،اس بات سے واقف ہونے کے بعد بھی حکومت کا غیر ذمہ دارانہ رویہ سمجھ سے پرے ہے‌۔یہ سراسر حکومت کی ناکامی ہے۔ تقریباً۳۰ کے قریب بے گناہ لوگوں نے اپنی جانیں گنوائیں۔وہ لوگ جو سیر و سیاحت اور معمولات زندگی سے دور سکون پانے کی نیت سے آئے تھے، ابدی نیند سلا دیے گئے۔ یہ واضح طور پر حکومت کی ذمہ داری تھی کہ مضبوط سیکیورٹی فورسیز رکھی جاتیں لیکن حاکموں کے پاس حساس مسئلوں کے لیے سنجیدگی نہیں ہے۔یہ صریح طورپرغیر ذمہ دارانہ رویہ ہے جس کے نتائج ہمارے سامنے ہیں کہ معصوم نہتے لوگ اپنی جان گنوا بیٹھے۔
اس مسئلے کو ایک تیسرے پہلو سے دیکھیں تو اس واقعے کو غلط رخ دے کر شدت پسندوںکو مسلمانوں کے کردار کو نہایت ہی غلط انداز میں پیش کرنے کا موقع ہاتھ آیاہے۔جبکہ مرنے والوں میں مسلمان بھی شامل ہیں۔ یہ شدت پسند افراد اب نفرت گھول کر لوگوں کی ذہن سازی کررہے ہیں اور اس ضمن میں مسلمانوں کو تختہ مشق بنایاجارہاہے۔جبکہ حکومت اپنی ناکامی پرپردہ پوشی کرنے کی حتی الامکان کوشش کررہی ہے۔ اس نازک ماحول میں صحیح اور حق بات کہنے کی ضرورت ہے، وہ یہ کہ پہلگام میں ہوئی دہشت گردی کے مجرموں کو سخت ترین سزا دی جائے اور انصاف کا یہ معاملہ مؤخر نہ کیا جائے۔
مزید توجہ طلب پہلو یہ بھی ہے کہ وطن عزیز میں اس قسم کا واقعہ اس وقت پیش آنا جب مسلمان اپنے حقوق کی خاطرتگ و دو کررہے ہوں، نہایت الجھا ہوا ہے۔مسئلہ اوقاف پرہورہی بحث اورمسلسل کوششوں کے بیچ اچانک ایسی خبر موصول ہونا جس سے مسلمانوں کی غلط تصویر میڈیاکو پیش کرنے کا موقع ملے غور طلب ہے!!

عالمی منظرنامہ

ستم کا ظلم و جور کا ہے ہر طرف اٹھا عَلم

اردن میں اخوان المسلمین پر پابندی عائد کردی گئی نیز اس کے تمام اثاثے بھی ضبط کرلیےگئے ہیں۔ تاریخ پر نظرثانی کریں تو اسلام کے مثالی سیاسی نظام کو پیش کرنے والی اس جماعت کو پہلے بھی زد و کوب کیا جا چکا ہے ۔ اس کی بنیاد رکھی جانے کے بعد سے اخوان کے مجاہدین مسلسل تکلیفوں کا سامنا کرتے رہے ہیں۔ ان کا جرم صرف قولِ فیصل کے خلاف سازش کے الزام میں اسے ایک مرتبہ پھر تختہ دار تک لایا گیاہے۔

صبح آزادی سے پہلے کتنی لمبی رات ہے

مسئلہ فلسطین پر لکھنے کو اب قلم لرزتاہے۔ خدا کے ان پسندیدہ بندوں کی استقامت کمال درجے کی ہے کہ اب بھی ہورہی مسلسل بم باری اور دھماکوں کے بعد بھی شکوہ تک لبوں پر نہیں ہے! ظالم کی طرف سے کی جانے والی جارحانہ کاروائیوںکے سبب معصوم بچے دم توڑرہے ہیں۔مگر ان بچ جانے والوں نے اپنے آپ کو ثابت کردکھایا ہے۔ انہیں صبح آزادی کا یقین ہے، مگر ہم جیسے احقر العباد کمزور کلیجے والے لوگ سسکی سمیت ان مناظر کو دیکھنے کے بعد بس یہ کہہ پاتے ہیں کہ ’’صبح آزادی سے پہلے کتنی لمبی رات ہے!‘‘

٭ ٭ ٭

توجہ طلب پہلو یہ بھی ہے کہ وطن عزیز میں اس قسم کا واقعہ اس وقت پیش آنا جب مسلمان اپنے حقوق کی خاطرتگ و دو کررہے ہوں، نہایت الجھا ہوا ہے۔مسئلہ اوقاف پرہورہی بحث اورمسلسل کوششوں کے بیچ اچانک ایسی خبر موصول ہونا جس سے مسلمانوں کی غلط تصویر میڈیاکو پیش کرنے کا موقع ملے غور طلب ہے!!

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے