وقف: اسلامی ادارہ سازی کا تاریخی ماڈل(قسط:۲)

اوقاف اور اسلامی اصولوں کی عملی شہادت

اوقاف نے متعدد اسلامی اصولوں کی بہت طاقت ور عملی شہادتیں پیش کی ہیں۔ سب سے اہم شہادت تو یہی ہے کہ انسان اللہ کی پیداکردہ اس دنیا میں ایک ذمے دار مخلوق ہے اور اللہ کے دیے ہوئے اختیارات کا استعمال کرکے اور اس کے احکام کی روشنی میں اسے دوسرے انسانوں کی فلاح و بہبود اور عمارة الارض یعنی تمدن کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کرنا ہے۔اسلام نے اس مزاج کو عام کردیا تھا۔ جس کا نتیجہ تھا کہ چھوٹے بڑے سرمایہ دار اور دولت رکھنے والے لوگ بڑے پیمانے پر آگے آئے اور اپنی اپنی سمجھ کے مطابق ا ن کاموں میں بھرپور حصہ لیا۔
مسلمانوں نے اوقاف کے اس نظام کے ذریعے دین اور دنیا کی تفریق کے راہبانہ تصور پر بھی ضرب لگائی۔اوقاف ایک مقدس مذہبی ادارہ تھا اور ثواب و اجر کی نیت سے لوگ اپنی املاک وقف کرتے تھے۔ لیکن انھیں یقین تھا اور اس یقین کی شہادت انھوں نے ساری دنیا کے سامنے پیش کی کہ اس مقدس سنت نبوی ﷺ کی پیروی کے ذریعے جہاں وہ مسجدیں تعمیر کرسکتے ہیں، مدرسے بناسکتے ہیں اور خانقاہوں کے اخراجات کا انتظام کرسکتے ہیں وہیں اسپتال بھی بناسکتے ہیں،رصد گاہوں اور تجربہ گاہوں کے اخراجات بھی پورے کرسکتے ہیں،نیز کتوں اور بلیوں کے علاج کا اور پلوں اور سڑکوں کی مرمت کا کام بھی کرسکتے ہیں۔یہ کام دین کے دائرے اور اجر وثواب کے احاطے سے باہرنہیں ہیں۔ان’دنیوی‘ اور’مادی‘سمجھے جانے والے کاموں کے لیے بھی زندگی بھر کی کمائی ہوئی جائیداد وقف کی جاسکتی ہے اور اُس ثواب جاریہ کی امید کی جاسکتی ہے جس کی بشارت رسول اللہ ﷺ نے دی تھی۔ ایک مغربی مصنف نے اوقاف کو’ اسلامی سماج کی مادی اساسmaterial) (Foundation of Islamic societyقرار دیا ہے۔[25] روح اور مادے کے درمیان توازن و اعتدال کا جو راستہ اسلام دکھاتا ہے، اوقاف نے اس کا بہت خوب صورت عملی ماڈل پیش کیا۔
مسلمانوں نے اوقاف کے ذریعے مال کے استعمال کے اسلامی اصولوں کابھی عملی نمونہ پیش کیا۔ اسلام نے مال کمانے اور دولت کی تخلیق و تکوین پر نہ صرف یہ کہ کوئی روک نہیں لگائی بلکہ اس کی ہمت افزائی کی ہے۔ لیکن دولت کے اسراف اوراتراف یعنی عیش و عشرت،ہوس اور انفرادیت پسندی (Individualism) کی(جو مغربی تہذیب میں دولت کے اصل مصارف ہیں) یقیناًہمت شکنی کی ہے۔ ان دو اصولوں یعنی دولت کی تخلیق وتکوین کی ہمت افزائی اوراسراف و اتراف کی ہمت شکنی کا نتیجہ تھا کہ اسلامی تاریخ میں دین دارمسلمانوں نے دولت حاصل کی لیکن اس کےمصرف کے لیے عوامی فلاح و بہبود کے نت نئے طریقے بھی ڈھونڈ نکالے۔
اوقاف کے ان اداروں نے اسلامی مساوات اور اخوت کے تصورات کے عملی نمونے بھی دنیا کے سامنے پیش کیے۔اوپر اوقاف کی جو جھلکیاں پیش کی گئی ہیں ان سے ایک ایسے ہم درد معاشرے کی تصویر سامنے آتی ہے جس کے دولت مند افراداپنے غریب بھائیوں کی چھوٹی سے چھوٹی ضرورت سے واقف اور اس کے تئیں حساس رہتے تھے۔یہ غریب لوگ مختلف نسلوں، قبیلوں، ذاتوں اور قوموں سے تعلق رکھتے تھے۔ان کے مذاہب بھی مختلف اور متنوع تھے۔ لیکن یہ اسلام کا پیدا کردہ انسان دوستی اور مساوات انسانی کا مزاج تھا کہ غریبوں کا درد امیر ترین لوگ بھی اپنے دلوں میں محسوس کرتے تھے اور ان کی ضرورتوں کو جان کر ان کی تکمیل کی خاطر آگے آتے تھے۔ذات پات اور طبقات میں بٹی ہوئی عہد وسطی کی دنیا میں دولت مندوں کا یہ سوچنا کہ غریب لوگوں کو کھانے کے لیے مستقل پھل اور میوے ملتے رہیں، ان کو سردیوں اور گرمیوں میں موسم کی مناسبت سے الگ الگ کپڑے میسر آئیں یاغریب ملازموں کے ہاتھوں سے مالکوں کی کوئی چیز ٹوٹ پھوٹ جائے تو ان کو غیظ و غضب کا سامنا نہ کرنا پڑے یا غریب لوگ اپنے بیوی بچوں اور عزیزوں کو اہم موقعوں پر تحفے دے کر ان کے چہروں پر خوشی دیکھ سکیں یاجو بیمار شفاخانے میں شریک زیر علاج ہے، اس کے علاج کا انتظام ہو بلکہ اس کی غیر موجودگی میں اس کے گھر والوں کی روزی روٹی کا بھی انتظام ہو، یہ سب ایک نہایت حساس سماج کی نشان دہی کرنے والے شواہد ہیں۔ اوقاف نے اسلام کی پیدا کردہ اس حساسیت کی گویا عملی شہادت فراہم کی تھی۔ متعدد معاشی مورخین نے یہ بات لکھی ہے کہ مساوات پر مبنی سماج (egalitarian society)کے اسلامی وژن کی تکمیل میں اوقاف نے اہم کردار ادا کیا تھا۔ [26]
قرآن مجید نے بعض ضرورت مندوں کا خاص طور پر وضاحت کے ساتھ ذکر کیا ہے۔یتیم،غلام،مسکین،قیدی،مقروض،مسافر،سب کا الگ الگ ذکر کر کے ان کی طرف توجہ دینے کی تلقین کی۔چناں چہ اوقاف میں بھی ان سب کی ضرورتوں کا خاص طورپرلحاظ رکھاگیا۔اسلامی اوقاف کی تفصیلات کو دیکھنے سے اندازہ ہوتا ہے کہ ان اوقاف کو تشکیل دینے والے قرآن کی ان تعلیمات سے متاثر تھے اورغربت و محرومی کی ان مختلف شکلوں کا انھوں نے لحاظ رکھا اور ان کے لیے الگ الگ وقف تشکیل دیے۔[27]
پیاسے کو پانی پلانا اسلام میں نیکی کا کام ہے۔ تاریخ کے اولین اوقاف میں سے ایک وقف وہ تھا جو خلیفہ سوم سید نا عثمان بن عفان ؓ نے ایک یہودی کا کنواں’’بئر روما‘‘ خرید کر وقف فرمایا تھا اور مدینے میں پینے کے پانی کا ایک اہم مسئلہ حل فرمایا تھا۔[28] چناں چہ بعد میں پانی کا خصوصی اہتمام ہمیشہ واقفوں کی ترجیحات میں شامل رہا اور مصر،ترکی،ہندوستان ہرجگہ مسلمانوں کے اوقاف کے ذریعے پانی کی فراہمی کے وسیع انتظامات کیے گئے۔[29]
اسلام نے عفت و عصمت کو خصوصی اہمیت دی اور حفظ نسل اسلامی شریعت کے مقاصد میں سے ایک مقصد قرار پایا۔ قرآن مجید نے خاص طور پر حکم دیا وَاَنْكِحُوا الْاَیَامٰى مِنْكُمْ (تم میں جو بے نکاح ہیں ان کے نکاح کردو۔ النور 32)۔چناں چہ اوپر کے چارٹ سے معلوم ہوتا ہے کہ نکاح کو بھی اوقاف کی ادارہ جاتی کوششوں کاایک اہم ہدف بنایا گیا۔ اس کی تفصیلات بھی بہت حیرت انگیز ہیں۔دولہوں کو مہر کی ادائیگی میں مدد کے لیے وقف موجود تھے۔ نیا گھر بسانے اور گھر کا ضروری سامان فراہم کرنے کے لیے،دلہن کو تحفے دینے کے لیے، نکاح کی خاطر زیب و زینت اور سنگھار سنوا ر کے لیے، عروسی لباس کے لیے،کچھ وقت تک نان نفقے کے لیے، ایسے متعدد اغراض کے لیے اوقاف تشکیل دیے گئے تھے۔بیواؤں کی شادیوں کے لیے خصوصی اوقاف قائم کیے گئے تھے۔[30]جو بیوا ئیں یاغیر منکوحہ خواتین نکاح نہیں کرنا چاہتیں،ان کے تحفظ اورپاکباز زندگی کے لیے خصوصی’رباط قائم تھے جہاں نہ صرف ان کے رہنے اور کھانے پینے ودیگر ضرورتوں کے سامان تھے بلکہ ان کی دلجوئی، تربیت و تزکیہ اور پاکیزہ زندگی میں مدد کے لیے خصوصی روحانی پروگرام بھی موجود تھے۔ [31]
اسلام نے سود اور سودی قرضوں کو حرام کیا ہے۔ چناں چہ عام ضرورتوں کے لیے اور تجارت و صنعت کے لیے بلاسودی قرض حسنہ فراہم کرنے کی خاطر ہر دور میں متعدد اوقاف وجود میں آئے۔ان اوقاف نے یہ ثابت کیا کہ سود سے بچ کر بھی تجارت و صنعت کی ضرورتوں کی تکمیل کی جاسکتی ہے۔چناں چہ مصر وشام میں مملوک دور حکومت ہو یا ترکی کا عثمانی دور حکومت ہو یا ہندوستان کا مغلیہ دور ہو، مسلمانوں کے ہر دور حکومت میں قرض حسنہ کی فراہمی کے لیے اوقاف کے متعدد نمونے تاریخی ریکاڑد میں ملتے ہیں۔ [32]
اوقاف نے اُس عزت و مساوات کی بھی شہادت قائم کی جو اسلام نے خواتین کو دی ہے۔ ایک ایسی دنیا میں جہاں خواتین کو مالی حقوق بالکل حاصل نہیں تھے، اوقاف کے ذریعے دنیا کو معلوم ہواکہ مسلمان خاتون نہ صرف بڑی دولت اور جاگیر کی مالک ہوسکتی ہے بلکہ اپنی مرضی کے مطابق آزادانہ دولت خرچ بھی کرسکتی ہے۔مسلمان خواتین کو مہر کی صورت میں، شوہر کی جانب سے تحائف کی صورت میں اور وراثت میں مال ملتا تھا۔ اگر خاندان دولت مند ہو تو خطیر مال حاصل ہوجاتا تھا۔کئی دفعہ یہ مال بارآور اور نفع بخش جائیدادوں کی صورت میں بھی ہوتا۔ ان خواتین پر کوئی معاشی ذمے داری نہیں تھی اس لیے کہ اسلام نے خواتین کو ہر طرح کی معاشی ذمے داری سے آزاد رکھا ہے اور ان کی کفالت بھی ان کے شوہر کے ذمے رکھی ہے۔ چناں چہ مسلمان خواتین اپنی اس دولت کو نیکی اور رفاہ عام کے کاموں میں استعمال کرتی رہیں۔[33] دنیا کے تمام مسلمان ملکوں میں اوقاف میں خواتین کا حصہ اچھا خاصا رہا ہے۔ بعض صورتوں میں تو مردوں سے زیادہ بھی رہا ہے۔ مثلاً اٹھارہویں صدی کے حلب کے ریکارڈسے معلوم ہوتا ہے کہ وہاں پائے جانے والے بے شمار اوقاف میں خواتین واقفوں کی تعداد مردوں سے کہیں زیادہ تھی۔[34]خود ہندوستان میں،خواتین مسجدنہیں جاتی تھیں لیکن مساجد کی تعمیر اور ان کے وقف میں ان کا اہم حصہ رہتا تھا چناں چہ آج بھی بہت سی قدیم مسجدیں وقف کرنے والی خواتین کے ناموں سے موسوم ہیں۔
اوقاف کے اداروں نے یہ شہادت بھی پیش کی کہ اسلام اللہ کی تمام مخلوقات کے لیے رحمت ہے۔ اوقاف کے ذریعے چرند،پرند، حیوانات، نباتات،ہر ایک کی حفاظت اور ان کی ضرورتوں کی تکمیل کاسامان ہوا۔ آوارہ کتوں کی خاطر وقف قائم کیے گئے۔ بوڑھے اور بیکار بیل بکروں کے لیے ادارے بنے۔ کبوتر،جنگلی جانور، پیڑ،پودےاور درخت وغیرہ، سب کی ضرورتوں کو سمجھا گیا اور ان کی تکمیل کے انتظامات کیے گئے۔[35] آج ساری دنیا میں تحفظ ماحولیات اور شجر کاری وغیرہ کا غلغلہ ہے۔ شجر کاری، پیڑ لگانے اور اس کی حفاظت کرنے کی ترغیب احادیث رسول میں موجود ہے۔چناں چہ شجر کاری کو نیک کام سمجھا گیا اور اس کے لیے خصوصی وقف قائم ہوئے۔[36]
عہد وسطی کےسماج میں جہاں مذہبی تفریق بہت شدید تھی اور دوسرے مذہب کے ماننے والوں کو انسان سمجھنے کے بھی لوگ روادار نہیں تھے،مسلمانوں نے خاص طور پرذمیوں اور غیر مسلموں کی ضرورتوں کا اندازہ کیا اور ان کے لیے خصوصی اوقاف قائم کیے۔[37] ‘بین مذہبی تعلقات کی خوش گواری میں اوقاف کا کردار‘،محققین کی دل چسپی کا اہم موضوع رہا ہے اور اس پر متعدد تحقیقات ہوچکی ہیں۔
اس طرح گذشتہ مضمون میں فلاحی اداروں کے جو مقاصد ہم نے بیان کیے تھے، اوقاف کے یہ ادارےان تمام مقاصدکے حصول کے ایک تاریخی ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں۔عہد وسطی کے اکثرمسلمان معاشروں میں تہذیب و تمدن کو اسلام کی قدروں اور تعلیمات کی روشنی میں مخصوص رنگ دینے اور اسلام کی ان تعلیمات کی صداقت اور ان کی نافعیت کو دنیا پر واضح کرنے میں ان اداروں نے اہم کردار ادا کیا۔ آج ہمارے فلاحی ادارے بدقسمتی سے نہ کمیت (Volume)کے اعتبار سے اس روایت کو جاری رکھ سکے اور نہ کیفیت(Quality) کے اعتبار سے۔ ہمارے ادارے ہیں بھی تو وہ عام طور پر معاصر مغربی ماڈلوں کی بھونڈی اور ناقص نقل ہیں۔ ان کا اسلامی تہذیبی امتیاز نمایاں نہیں ہے۔تعلیم،طب،رفاہ عام،ازالہ غربت وغیرہ مختلف میدانوں میں ہمارے ادارے کیسے اس روایت کے تسلسل کو یقینی بناسکتے ہیں، ان سب میدانوں میں ہمارے ادارے کیسے اپنا تہذیبی امتیاز اسی طرح نمایاں کرسکتے ہیں جس طرح تاریخ میں وقف کے اداروں نے کیا تھااور اس کے لیے ان کا وژن، اصول، طریق کار وغیرہ کیا ہونا چاہیے؟ ان سوالات کو اگلی قسطوں میں ہم زیر گفتگو لائیں گے اور متعلق میدانوں کے تاریخی نمونوں سے استفادے کی کوشش کریں گے۔ ان شاء اللہ۔

 حواشی و حوالہ جات

[1] ابن سعد، الطبقات الکبريٰ (دراسة وتحقيق: محمد عبد القادر عطا)؛
دار الكتب العلمية – بيروت؛1990؛ ج1 ص 388-389
[2] صحيح البخاري؛ کتاب الشروط؛ باب الشروط في الوقف؛ حديث2737؛
رواہ عبد اللہ بن عم
[3] ابوبكر الشيباني الخصاف؛ احكام الأوقاف؛ ديوان عموم الأوقاف المصرية؛ قاهرة؛ 1904؛ ص 5-18
[4] خانقاہ اور ديگر صوفي اداروں کي تاريخ اور تفصيلی معلومات کے ليے ايک دل چسپ مجموعہ مقالات
Alexandre Papas(Ed) Sufi Institutions. Netherlands: Brill, 2020.
[5] Amy Singer, Charity in Islamic Society; Cambridge University Press,New York; 2008;page 186
[6] ibid
[7] A.K.Rafeq;Traditional and Institutional Medicine in Ottoman Damascus. Turkish Historical Review; 2015 6(1), 76–102.
[8] T. Kuran ;‘‘The provision of public goods under Islamic law: origins, impact and limitations of the waqf system‘‘, Law & Society Review, Vol. 35 No. 4; 2001; pages 841-898.
[9] Murat Çizakça; A History of Philanthropic Foundations: The Islamic World From the Seventh Century to the Present; Bogazici University; 2001; page 9
[10] Asher, C. (1992). Architecture of Mughal India. Cambridge University Press, pp. 130-175
[11] اس جدول کو درج ذيل مراجع کي مدد سے مرتب کيا گيا ہے
Directorate General of Foundations (2014). Marvelous Pious Foundations (Waqfs) throughout History. Ankara: DGF Publications Turkiye as cited in A.S Rusydiana and D.A. Miraj;A Study of the Various Waqf Model in Ottoman History; Islamic Economic and History. 1.1.
Jamal Krafess;The influence of the Muslim religion in humanitarian aid;International Review of the Red Cross;Volume 87 Number 858 June 2005,pages 327-342
Ebru Boyar and Kate Fleet;A Social History of Ottoman Istanbul;Cambridge University Press; New York;2010
[12] رحلة ابن بطوطة (تحقيق علي المنتصر الكتاني)؛1985؛ المجلد 1 ؛ مؤسسة الرسالة؛ بيروت؛ ص 118
[13] Monica M.Gaudiosi ’’The Influence of the Islamic Law of Waqf on the Development of the Trust in England: The Case of Merton College.‘‘ University of Pennsylvania Law Review, vol. 136, no. 4, 1988, pp. 1231–1261.
[14] ملاحظہ ہو متعلقہ يونيورسٹيوں کي ويب سائٹوں پر ان کے تفصيلي تعارفي نوٹ
[15] https://www.investopedia.com/articles/markets/081616/top-5-largest-university-endowments.asp
[16] تفصيل کے ليے ملاحظہ ہو:
https://www.tata.com/community/education/tata-institutes-education
[17] As quoted in George Makdisi; The Rise of Colleges: Institutions of Learning in Islam and the West; Edinburgh University Press; 1981; Pages 294-296
[18] Ibid pages 234-237
[19] Ibid page 163 also 58-75
[20] تفصيل کے ليے ملاحظہ ہو:
Arjmand, R. (2018). Waqf and Financing Islamic Education. In: Daun, H., Arjmand, R. (eds) Handbook of Islamic Education. International Handbooks of Religion and Education, vol 7. Springer, Cham.
[21] ‘‘Nasir al-Din al-Tusi and Astronomy; The Institute of Ismaili Studies’’ https://www.iis.ac.uk/learning-centre/scholarly-contributions/lifelong-learning-articles/nasir-al-din-al-tusi-and-astronomy/ retrieved 18-01-2025
[22] Ibid.
[23] Abdul Azim Islahi , 2004. ’’Role of awqaf in promotion of scientific research,‘‘ MPRA Paper 75596, University Library of Munich, Germany, revised 2004.
[24] Muhammad Syafii Antonio et. al.‘‘Islamic Library: History, Classification, and Waqf Role‘‘ (2021). Library Philosophy and Practice (e-journal). 6222.
[25] Marshall G.S. Hodgson; The Venture of Islam, Chicago University Press, Chicago; 2009; page 124
[26] تفصيل ملاحظہ ہو:
Shehu Usman Rano Aliyu; A treatise on socioeconomic roles of waqf; Bayero University Kano;MPRA Paper No. 91413, posted 13 Jan 2019
[27] ibid
[28] سنن الترمذي؛ باب في مناقب عثمان بن عفانؓ؛ حديث 3703؛ قال الشيخ الألباني: حسن، الإرواء (1594)
[29]https://muslimheritage.com/waqf-endowment/; retrieved on 18-01-2025
[30] Suraiya Faroqhi; Subjects of the Sultan: Culture and Daily Life in the Ottoman Empire. I.B. Tauris, 2005, p. 125.
[31] see the chapter: Working women, single women and the rise of the female ribāt in Yossef Rapoport; Marriage, Money and Divorce in Medieval Islamic Society; Cambridge University Press;2005; page 31-50
[32] Murat Çizakça ‘‘Ottoman Cash Awqaf Revisited: The Case of the Bursa 1555–1823’’, Foundation for Science Technology and Civilization, June 2004, Publication ID: 4062 (2004b)
[33] وقف ميں خواتين کے غير معمولي کردار پر کئي مطالعات موجود ہيں:
Loiseau, Julien. 2019. ’’Boy and Girl on Equal Terms: Women, Waqf and Wealth Transmission in Mamluk Egypt.‘‘ Orient 54: 23–39., 8
Sonbol, Amira el-Azhari, ed. 2005. Beyond the Exotic: Women‘s Histories in Islamic Societies – Gender, Culture and Politics in the Middle East. Syracuse: Syracuse University Press.(Sonbol 2005, xxv)
Zarinebaf, Fariba. 2005 ’’Women, Patronage, and Charity in Ottoman Istanbul.‘‘ In Beyond the Exotic. Women‘s Histories in Islamic Societies, edited by Amira al-Azhari Sonbol, 89–101. Syracuse: Syracuse University Press.
[34] Madeline C Zilfi,(1997). ’’Women and Waqf Revisited: The Case of Aleppo 1770–1840 (Author: Margaret L. Meriwether)‘‘. Women in the Ottoman Empire: Middle Eastern Women in the Early Modern Era. Brill. pp. 131–132
[35] الدکتور مصطفي السباعي؛ اشتراکیۃ الاسلام؛ الدار القومية لطباعة والنشر؛ روض الفرج؛1960؛ص212
[36] Zoe Griffith; Environment, Political Ecology, and the Culture of Waqf n the Eighteenth-Century Northern Egyptian Delta in Mamlūk Studies Review; The Middle East DocumentationCenter; 2022
[37] Suraiya Faroqhi; Subjects of the Sultan: Culture and Daily Life in the Ottoman Empire. I.B. Tauris, 2005

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

جولائی ۲۰۲٥