ننها باغباں

درخت اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمتوں میں سے ایک بڑی نعمت ہے۔ جس زمین پر درخت نہ ہوں وہ بنجر،بے رنگ اوربے جان محسوس ہوتی ہے۔ درخت صرف سبزپتے یا ٹھنڈی چھاؤں ہی نہیں دیتے بل کہ وہ زمین کی مسکراہٹ، فضا کا سکون اور انسان کی زندگی کا لازمی جزو ہیں۔وہ باغ کتنا ویران ہوتا ہے جس کے پودے سوکھ جاتے ہیں،یاجس کے پھول ٹوٹ جاتے ہیں! لیکن وہ جگہ جہاں پھول کھلے ہوں،پودے ہرے بھرے ہوں، اونچے اور گھنے درخت سے گزر کر ہوا آرہی ہو وہ جگہ کتنی پیاری اور خوبصورت ہوتی ہے ۔
قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:

هُوَ الَّذِي أَنزَلَ مِنَ السَّمَاءِ مَاءً لَّكُم مِّنْهُ شَرَابٌ وَمِنْهُ شَجَرٌ فِيهِ تُسِيمُونَ

(سورہ النحل، آیت ۱۰)
ترجمہ: وہی ہے جس نے آسمان سے پانی اتارا، جس سے تم پیتے ہو، اور اسی سے درخت اُگتے ہیں جن میں تم جانور چراتے ہو۔
اللہ تعالیٰ جس نے یہ زمین بنائی اس نے پیڑ،پودوں،درختوں سےپھول پتیوں سے اسے سجا دیا ہے ! لیکن یہ صرف خوبصورتی کے لیے نہیں ہے بلکہ ہم جس ہوا میں سانس لیتے ہیں، وہ ہمیں درختوں ہی سے ملتی ہے۔
درخت وہ خاموش محافظ ہیں ،جو بولے بغیر ہماری زندگیاں بچاتے ہیں:
آکسیجن دے کر
آلودگی کو کم کرکے
پرندوں کا آشیانہ بن کر
اور زمین کو مضبوط کرکے

أَلَمْ تَرَ أَن َللَّهَ أَنزَلَ مِنَ لسَّمَآءِ مَآءً فَأَخْرَجْنَا بِهِ ثَمَرَٰتٍ مُّخْتَلِفًا أَلْوَٰنُهَا

ترجمہ: کیا تم نے نہیں دیکھا کہ اللہ نے آسمان سے پانی برسایا اور اس سے مختلف رنگوں کے پھل نکالے؟(سورۃ فاطر۲۷:)
لیکن آج ہم کیا کر رہے ہیں؟
درخت کاٹ کرقدرت کے اس حسن کو بگاڑ رہے ہیں،
جو ہمیں آکسیجن دیتا ہے اسی کو ختم کر رہے ہیں، جس سے ٹکرا گر گرم ہوائیں بھی ٹھنڈی ہو جاتی ہیں ان شاخوں کو گرا رہے ہیں،جو پتیاں جو پودے انوارمینٹ کو بہتر بناتے ہیں ان کو جلا کر آلودگی پھیلا رہے ہیں۔ اس طرح ہم خود کی مصیبت بڑھارہے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ آج دنیا کو آلودگی، گلوبل وارمنگ، (Global Warming) اور قدرتی آفات کا سامنا ہے۔
ان تمام مسائل کا ایک حل ہے: درخت لگانا اور اس کی دیکھ بھال کرنا:
“Each seed you plant is a silent promise to the future.”
اور اگر یہ کام بچے کریں تو انسانیت کو یہ پیغام ملتا ہے کہ آنے والی نسلیں بیدار اور ذمہ دار ہے۔
بچے سادہ دل، نرم مزاج اور محبت سے لبریز ہوتے ہیں۔ درخت بھی انہی صفات کا عکس ہیں۔جب بچے پودے لگاتے ہیں تو وہ صرف زمین میں بیج نہیں بوتے بلکہ امید، محبت، خیال، اور انسانیت کا بیج بوتے ہیں۔ان کی چھوٹی چھوٹی انگلیاں جب مٹی کو چھوتی ہیں تو ان میں جان آجاتی ہے۔جب وہ روزانہ پانی دیتے ہیں توان کے اندر احساسِ ذمہ داری پیدا ہوتی ہے۔ درخت کے ساتھ ساتھ ان کی شخصیت بھی پروان چڑھتی ہے۔
اسلام ہمیں صرف نماز، روزہ، زکوٰۃ کا ہی حکم نہیں دیتا، بلکہ ہمیں فطرت سے محبت، زمین سے تعلق اور درختوں کی قدر سکھاتا ہے۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:

 مَن غَرَسَ غَرْساً فأكَلَ منه إنسانٌ أو دابَّةٌ أو طَيرٌ كان لهُ صدقةً

(صحیح البخاری)
’’جو شخص درخت لگائے اور اس سے انسان، جانور یا پرندہ کھائے تو یہ اس کے لیے صدقہ ہے۔‘‘
یعنی درخت لگانے اور اس کی دیکھ بھال کرنے سے دنیا میں بھی فائدہ ہے اور قیامت کے دن انعام بھی ملنا ہے ۔
بچوں کو یہ عبارت یاد رہے !
“Planting a tree is planting a life.”
چلڈرن اسلامک آرگنائزیشن (CIO) نے ایک خوبصورت مہم شروع کی ہے۔ CIO کا پیغام سادہ ہے:
’’زمین اللہ کی امانت ہے۔ ہم اس کی حفاظت کریں گے۔‘‘
’’ہر بچہ ایک پودا‘‘
’’ہر گھر ایک باغ‘‘
آج جو بیج ہم اپنے بچوں کے ہاتھوں سے بوئیں گے وہ کل سایہ، پھل، اور خوشبو بن کر ہمیں لوٹائے گا۔
درخت صرف لکڑی نہیں وہ سانس ہیں، وہ زندگی ہیں!
اپنے بچوں کے ہاتھوں میں کتاب کے ساتھ پودا بھی تھمائیں۔ان کے ذہن میں علم اور دل میں زمین کی محبت اگائیں۔
رسول الله صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
> > ’’اگر قیامت قائم ہو رہی ہو اور کسی کے ہاتھ میں پودا ہو تو وہ اسے لگا دے۔‘‘(مسند احمد)

٭ ٭ ٭

ویڈیو :

اسلام ہمیں صرف
نماز، روزہ، زکوٰۃ کا ہی حکم نہیں دیتا،
بلکہ ہمیں فطرت سے محبت، زمین سے تعلق اور درختوں کی قدر سکھاتا ہے۔

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

جولائی ۲۰۲٥