خان شبنم فاروق
انسان کی زبان پر اکثر ایسے جملے ہوتے ہیں ، ’’یہ حالات میرے ساتھ ہی کیوں پیش آتے ہیں؟ سارے دکھ درد میرے ہی حصہ میں کیوں لکھ دیے گئے؟ کبھی کبھی تو لگتا ہے کاش مرنے کا بھی آپشن ہوتا، کم از کم کچھ دنوں کے لیے ان تکالیف سے آزادی تو نصیب ہوتی۔”
کیا واقعی انسان کے دکھ اتنے زورآور ہوتے ہیں کہ وہ موت کا طالب ہو جائے؟ اس کی فہمائش کے لیے ہم کچھ مثالوں سے روشناس ہوتے ہیں۔
حضرت یعقوبؑ کی زندگی سے سبق
حضرت یعقوب علیہ السلام جن کے متعلق یہ عام ہے کہ اپنے بیٹے یوسف علیہ السلام کی جدائی میں کئی سالوں تک بینائی سے محروم ہو گئے۔ ہم ان کے بارے میں بہت مختصر جانتے ہیں یا شاید جانتے ہیں لیکن کبھی اس پر غور نہیں کیا۔ چلو آج ہم آپؑ کی زندگی کے کچھ ابواب سے مزید روشناس ہوتے ہیں تاکہ آپ کی زندگی سے ہمیں کئی اصول سیکھنے کو ملیں۔
اول تو آپ نبوت کے عہدے پر فائز تھے۔یہ دور ہی آزمائشوں کے لیے کافی تھا لیکن اس پر مزید آزمائش یہ کہ آپ کو اپنے گھر سے ہجرت کرنا پڑا۔ ہجرت کے بعد یوں نہ ہوا کہ ساری آزمائشیں ختم ہو گئیں بلکہ ابھی تو آزمائشوں کا سلسلہ شروع ہوا تھا۔ آپؑ کی چار بیویاںتھیں،جن کے درمیان توازن قائم رکھنا قوی اعصاب کے مالک کو بھی ہلا سکتا ہے لیکن ان کی پوری زندگی کا مطالعہ کریں تو لمحہ بھر کے لیے محسوس نہ ہو گا کہ اس کے باعث آپ ذہنی اضطراب کا شکار ہوئے ہوں،حالانکہ آپ کے بارہ بیٹے تھے۔بیٹے بھی ایسے جن میں حسد جیسی سنگین برائی موجود تھی، لیکن پھر بھی آپ کی زبان میں کوئی شکوہ نہ تھا۔ یہاں تک کہ آپ کو اپنے عزیز ترین بیٹے کی جدائی برداشت کرنا پڑی تب بھی آپ نے صبر جمیل کی دعا فرمائی۔ کہیں بھی یوں نہ کہا کہ ’’رب میں ہی کیوں؟‘‘
کیا کچھ سمجھ آیا؟ یہاں بہت باریکی ہے۔ پہلا نکتہ: آپ نے اپنی ذمہ داری قبول کی۔ آپ نبی تھے، آپ کو معلوم تھا کہ دورانِ تبلیغ آپ کو بے شمار تکلیفوں کا سامنا ہو گا۔ آپ تیارتھے۔ آپ نے ہجرت کرنا گواراکیا، آخر کیوں؟ تاکہ رشتہ باقی رہے اور دشمنی بھی پیدا نہ ہو۔مجھے لگتا ہے اتنا علم ہونے کے بعد اب ہماری زبان سے شکوہ ختم ہو جاناچاہیے۔نہیں، شاید اب بھی آپ یہ سوچ رہے ہوں کہ موجودہ دور میں تو رزق کے لیے کئی لوگ دوسرے ممالک ہجرت کر کے جاتے ہیں۔
حضرت ایوبؑ کی آزمائش اور صبر
چلو پھر ایک مثال اور حضرت ایوب علیہ السلام کی! اللہ، اللہ! جن کے پاس مال و دولت کا انبار تھا، صحت مند و توانا جسم، آنکھوں کی ٹھنڈک اور دل کا سکون اولادیں تھیں، خدمت کرنے والی رفیقہ حیات تھی۔ لیکن یہ کیا ہوا؟ مال و دولت ختم، اولادیں فوت ہو گئیں، اور جسم موذی بیماری کی لپیٹ میں آ گیا۔ یہاں تک کہ لوگ آپ سے کنارہ کش ہونے لگے۔ قارئین! کیا آپ تصور کر سکتے ہیں کتنا بڑا دکھ نہیں بلکہ صدمہ ہونا چاہیے تھا؟ مال و دولت تو واپس آ سکتا ہے لیکن اولادوں کاپے درپے فوت ہوجانا؟یہ دکھ درد ناقابلِ تلافی ہے۔ میرے قارئین توجہ دیں اور بہت غور سے پڑھیں، اتنے توجہ سے کہ آپ کے دل و دماغ میں یہ بات نقش ہو جائے،نہ آپ کو صدمہ ہوا اور نہ ہی آپ نے کوئی واویلا کیا بلکہ آپ صبر و استقامت پر ثابت قدم رہے۔
کیا ہماری تکلیف ان سے زیادہ ہے؟
بس یہاں پر میرا ایک سوال ہے: کیا ہماری تکلیف ان سے زیادہ ہے جو ہم موت کا ورد زبان پر جاری رکھتے ہیں یا خودکشی کی طرف رغبت محسوس کرتے ہیں؟آپ کے ذہن میں سوال آ سکتا ہے کہ یہ تو نبی علیہ السلام تھے، ان کی روحانی طاقت اور اعصابی قوت عام لوگوں سے کئی گنا زیادہ ہے۔ تو ٹھیک ہے، میں آپ کے خیالات کو قطع نہیں کروں گی۔ میں آپ کو ایسی شخصیات سے واقف کراتی ہوں جو ہماری ہی طرح بالکل عام سے لوگ تھے لیکن استقامت و صبر اور ان کے ایمان نے انہیں عظیم مرتبے پر فائز کیا اور قیامت تک کے لیے مثال بن گئے۔
شیخ احمد یاسین: استقامت کی ایک زندہ مثال
شیخ احمد یاسین جن کی قیادت میں فلسطین کی سر زمین نے آزادی کی جدوجہد شروع کی۔ کیا کوئی سوچ سکتا تھا وہ بچہ جو پانچ سال کی عمر میں یتیم ہو گیا ہو، جو ریڑھ کی ہڈی کی پیچیدگیوں کے باعث وہیل چیئر استعمال کرتا ہو، وہ بچہ بڑا ہو کر پوری دنیا میں آزادی کا استعارا بن جائے گا؟ ابھی اور حیرت کے در کھلنے باقی ہیں۔
شیخ احمد یاسین نے اپنی کمزوری کو خود پر حاوی نہیں ہونے دیا۔ اسی معذوری کی حالت میں معلم بنے، درس و تدریس کا سلسلہ جاری کیا۔ کیا صبر تھا ان کا اور کیسا ایمان تھا! اسی دوران ظلم کی مخالفت کرنے پر آپ کو اپنے گھر سے دستبردار ہونا پڑا۔ اسرائیلی جیل میں قید و بند کی مشقتیں برداشت کیں۔ خدا را! کیا اب بھی آپ کہیں گے کہ ہمارے مسائل زیادہ ہیں؟ رکو! ابھی اور سنو، شیخ یاسین کو پھانسی کی سزا سنا دی گئی۔ دوران قید آپ پر ظلم کے پہاڑ توڑے گئے۔ ایسی سزائیں دی گئیں جسےسن کر روح کانپ اٹھے۔واللہ قربان جائیے آپ کے صبر و استقامت پر، پھر بھی حق پر قائم رہے،یہاں تک اس صبر نے اجر کی صورت اختیار کر لی اور آپ کو معاہدے کے تحت رہا کر دیا گیا۔
اگر آپ محسوس کر سکتے ہیں تو کچھ دیر کے لیے آنکھیں بند کریں اور تصور کیجیے، وہیل چیئر پر بیٹھے شخص نے ابتدائی عمرسے کتنی تکالیف برداشت کیں لیکن واللہ اپنے موقف سے نہ ہٹا۔
مشکلات سے نکلنے کی راہ: صبر، استقامت اور ایمان
اب ہم اپنے اصل مدعے کی طرف آتے ہیں۔ میں آپ کو یہ سب کیوں بتا رہی ہوں ! میرے پیارے قارئین، زندگی مشکل ترین مسائل کی آماجگاہ ہے۔ یہاں ہر کوئی کسی نا کسی ناقابلِ برداشت مسئلہ میں الجھا ہواہے ۔ لیکن فاتح کون ہے جوبے شمار مسائل کے باوجود بھی ڈٹا رہے ،ثابت قدم رہے، صبر کرے اور مسائل کو یہ باور کرادے کہ ا س کا رب ہر اس خوف،تکلیف اور غم سے بڑا ہے جو وہ محسوس کررہا ہے ۔ یقیناً آپ کو بھی کئی مسائل درپیش ہوں گے ۔۔ میں کہوں گی یعقوب علیہ السلام کی طرح صبر کریں، ایوب علیہ السلام کی طرح ثابت قدم رہیں اور شیخ یاسین کی طرح ترکیبیں کریں ۔ شکوہ کرنا یاواویلا کرنا یہ کمزور لوگوں کی نشانی ہے ۔ا ﷲتعالیٰ نے آپ کو ہر لحاظ سے قوی بنایا ہے ،اس کی اس عطا کو سمجھیے، اس کا استعمال کیجیے ۔۔ اور سب سے اہم نکتہ کسی بھی صورت میں اپنے ایمان سے نہ ڈگمگائیں۔ آپ کا ایمان کسی بھی دنیاوی مسئلے سے بہت بڑا ہے، اس کےلیے کسی چیز سے کمپرومائز (Compromise)نہ کریں ۔
ا ﷲ ایمان کی آخری حالت تک آزماتا ہے، لیکن جو ڈٹ جائے اس کی جیت یقینی ہے ۔ آپ ڈٹ جائیے ۔اس دوران آپ سے آپ کی عزیز ترین شئ لے لی جائے گی، لیکن یقین رکھیں آپ کا اجر آپ کو مطمئن کر دے گا۔
آخر میں ایک مشورہ ہے، ایسی شخصیات کا مطالعہ کریں جو آپ کے ایمان کو مضبوط کریں،جو آپ کو مشکلات سے نکلنے کی راہ فراہم کریں،جو آپ کو عظمت کی طرف مائل کریں۔
٭ ٭ ٭
میرے پیارے قارئین، زندگی مشکل ترین مسائل کی آماجگاہ ہے۔
یہاں ہر کوئی کسی نا کسی ناقابلِ برداشت مسئلہ میں الجھا ہواہے ۔ لیکن فاتح کون ہے جوبے شمار مسائل کے باوجود بھی ڈٹا رہے ،ثابت قدم رہے، صبر کرے اور مسائل کو یہ باور کرادے کہ ا س کا رب ہر اس خوف،تکلیف اور غم سے بڑا ہے جو وہ محسوس کررہا ہے ۔ یقیناً آپ کو بھی کئی مسائل درپیش ہوں گے ۔۔ میں کہوں گی یعقوب علیہ السلام کی طرح صبر کریں، ایوب علیہ السلام کی طرح ثابت قدم رہیں اور شیخ یاسین کی طرح ترکیبیں کریں ۔ شکوہ کرنا یاواویلا کرنا یہ کمزور لوگوں کی نشانی ہے ۔
ا ﷲتعالیٰ نے آپ کو ہر لحاظ سے قوی بنایا ہے


واقعی کسی وجہ سے اج میرا دل بہت پریشان تھا لیکن جب اپ کی یہ پوسٹ پڑی تو میرے دل کو بہت زیادہ سکون ملا جزاک اللہ خیرا
بہت صحیح وقت میں یہ پڑنے کو ملا۔ کافی اُلجھنیں ہیں زندگی میں ۔مگر ماڈل تو قران میں دے دیا گیا۔