درس حدیث
زمرہ : النور

 قَالَ رَسُولُ اللَّهِ ﷺ:”طَلَبُ الْعِلْمِ فَرِيضَةٌ عَلَى كُلِّ مُسْلِمٍ
(سنن ابن ماجہ: حدیث۲۲۴، الجامع الصغیر: حدیث۵۸۸۰)

ترجمہ:

رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:’’علم حاصل کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے۔‘‘

حدیث میں واضح طور پر فرمایا گیا کہ ’’علم حاصل کرنا فرض ہے۔‘‘ یہاں ’’فرض‘‘ کا لفظ دین کے دوسرے فرائض کی طرح انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
فرض علم سے مراد ہر مسلمان مرد اور عورت پر وہ علم فرض ہے جس کے بغیر دین پر صحیح عمل ممکن نہ ہو، جیسے:
عقائد کا علم (توحید، رسالت، آخرت)
عبادات کا علم (نماز، روزہ، زکات، حج)
معاملات و اخلاقیات کا علم
حلال و حرام کا فہم
اسی لیے امام غزالیؒ فرماتے ہیں:
’’فرض علم وہ ہے جس کی انسان کو روزمرہ دینی زندگی میں ضرورت ہوتی ہے۔‘‘
اس کے علاوہ اسلام میں ’’علم‘‘ کا دائرہ صرف مذہبی معلومات تک محدود نہیں بل کہ ہر وہ علم جو نفع بخش ہو، انسانیت کی بھلائی کے لیے ہو، اسلام کی جڑوں کو مضبوط کرنے کے لئے ہو،اور جس سے اللہ کی رضا مقصود ہو،وہ علم حاصل کرنا فرض ہے۔ البتہ علمِ دین کی فرضیت اصل مراد ہے،کیونکہ اس کے بغیر عبادت اور زندگی کا کوئی پہلو درست نہیں ہو سکتا۔ اگر مسلمان ہیں تو اس کا علم حاصل کرنا بہت ضروری ہے بلکہ فرض عین ہے۔
علم کے بغیر عبادت ناقص ہے۔ صرف عبادت کرنا کافی نہیں جب تک کہ وہ علم کے مطابق نہ ہو۔ بغیر علم کے عبادت اندھیرے میں چلنے کی طرح ہے، جس میں غلطی کا امکان بہت زیادہ ہے ۔
علم حاصل کرنا محض ایک دنیوی سرگرمی نہیں بل کہ جنت کا راستہ ہے، جیسا کہ احادیث سے ثابت ہے:

’’من سلك طريقًا يلتمس فيه علمًا، سهل الله له به طريقًا إلى الجنة‘‘

ترجمہ: جس نے علم کے لیے کوئی راستہ اختیار کیا، اللہ اس کے لیے جنت کا راستہ آسان فرما دیتا ہے۔(مسلم ۲۶۹۹)

’’العلماء ورثة الأنبياء.‘‘

ترجمہ: علماء انبیاء کے وارث ہیں۔
یہ سب اس بات کا ثبوت ہیں کہ علم حاصل کرنا دین کی روح اور عبادت کا اعلیٰ درجہ رکھتا ہے۔
دین کا علم حاصل کرنا مرد عورت دونوں پر فرض ہے، کیوں کہ حدیث میں ’’کل مسلم‘‘ کا لفظ آیا ہے، جس کا مطلب ہے کہ یہ حکم تمام مسلمانوں پر ہے، مرد ہو یا عورت۔
اسلام نے عورت پر بھی تعلیم حاصل کرنے کو فرض قرار دیا ہے اور ان کو سہولیات فراہم کیں۔نبی کریم ﷺ نے صحابیات کے لیے الگ نشستیں رکھیں، ان کی علمی ضروریات کا خیال رکھا، اور فرمایا:
’’نعم النساء نساء الأنصار، لم يمنعهن الحياء أن يتفقهن في الدين‘‘
ترجمہ: بہترین عورتیں انصار کی عورتیں ہیں، جنھیں حیاء نے دینی علم حاصل کرنے سے نہ روکا۔
• امام شافعی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:

’’من أراد الدنيا فعليه بالعلم، ومن أراد الآخرة فعليه بالعلم، ومن أرادهما معًا فعليه بالعلم‘‘

ترجمہ: جو دنیا چاہتا ہے اسے علم حاصل کرنا چاہیے، جو آخرت چاہتا ہے اسے بھی علم حاصل کرنا چاہیے، اور جس کو دنیا اور اخرت دونوں چاہیے تو اس کے لیے بھی علم حاصل کرنا ضروری ہے۔
آج جب فتنوں کا سیلاب آیا ہوا ہے، دینی اور اخلاقی انحطاط عام ہو چکا ہے، تو علمِ دین کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔
والدین علم حاصل کریں تاکہ وہ اولاد کی صحیح تربیت کرسکیں۔نوجوان علم حاصل کریں تاکہ وہ معاشرتی برائیوں سے بچیں اور بچائیں۔ خواتین علم حاصل کریں تاکہ وہ نسلوں کی بنیاد درست رکھیں۔ آج علم حاصل کرنے کا مقصد صرف دولت کا حصول ہو چکا ہے۔
اپنے مقصد کو صحیح کریں اور اس دھوکے سے باہر نکلیں کہ رزق کا تعلق علم سے ہے۔ علم حاصل کریں صرف دولت کے لیے نہیں بل کہ اپنی تہذیب و ثقافت کے لیے ،اپنی جہالت دور کرنے کے لیے، اپنی ہدایت کے لیے، اور دنیا کو ہدایت دینے کے لیے،خود کو اللہ کا مخلص بندہ بنانے کے لئے،اللہ کے بندوں کو اللہ سے ملانے کے لیے،اللہ ہم کو علم نافع عطا کرے۔۔
دعا:

اللهم ارزقنا علمًا نافعًا، وعملاً صالحًا، ونيةً خالصةً، واجعلنا من الذين يتعلمون ويعلمون ويعملون بما علمتهم، واجعلنا من أهل العلم والفضل، آمين يا رب العالمين۔

٭ ٭ ٭

ویڈیو :

جو دنیا چاہتا ہے اسے علم حاصل کرنا چاہیے، جو آخرت چاہتا ہے اسے بھی علم حاصل کرنا چاہیے، اور جس کو دنیا اور اخرت دونوں چاہیے تو اس کے لیے بھی علم حاصل کرنا ضروری ہے۔

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

جولائی ۲۰۲٥