میں اس ماں کی درد بھری کہانی سن رہی تھی جس کے بچے کے گردے بچپن ہی میں خراب ہو گئے تھے۔کیا وجہ تھی وہ ایک الگ تفصیل ہے،بہرحال بات چل رہی تھی گردے بدلنے کی ۔۔۔ ماں اپنا گردہ دینے پر مصر تھی، سب نے بہت منع کیا، مگر ماں کے اصرار کے آگے کسی کی نہ چلی۔۔۔۔ اور ماں کا ایک گردہ بیٹے کے کام آگیا۔
کتنی بڑی نعمت تھی جو ماں نے اپنے بیٹے کو دی تھی، مگر انسان بہت ناشکرا ہے، بہت ناقدرا ہے، اس بیٹے نے بھی اس قربانی کی ناقدری کی۔۔۔ ماں بتا رہی تھی کہ وہ ٹھیلے کا چاٹ اور چھولا کھاتا، پڑوسی کے بچے آکر شکایت کرتے، مگر وہ نہ مانتا۔ پھر کیا ہوا اس نے کوئی احتیاط کی، نہ کوئی پرہیز،نہ کوئی سمجھداری،چنانچہ اس کا وہ گردہ بھی خراب ہوگیاجو ماں نے قربان کیا تھا۔ ماں اپنی صحت سے محروم ہوگئی تھی، اور بیٹے کی حالت پھر ویسی ہی ہوگئی تھی۔
بہرحال، آج وہ بچہ بھی اپنے کیے پر پچھتا رہا ہے، اور ظاہر ہے کہ پچھتانے کے سوا اُس کے پاس اور بچابھی کیاہے۔آپ سوچیں کہ اس ماں کے لاڈلے بچے نے جو خود دو بچوں کا باپ تھا ایسی غلطی کیوں کی تھی؟ محض زبان کے ذائقے کے لیے!
آج اس کے چار بچے ہیں اور وہ ڈائلسیز (Dialysis) پر چل رہا ہے۔یہ زبان کا ذائقہ بہت بڑا فتنہ ہے، بہت بڑی آزمائش ہے، کیا آپ نے اس ذائقے کی حقیقت کو سمجھا ہے؟ کیا ہے یہ؟ یہ صرف چند لمحے کا ہوتا ہے۔ آپ بھی اس کا اعتراف کریں گی کہ کوئی چیز کتنی ہی مزیدار کیوں نہ ہو یا کتنی ہی بدمزہ کیوں نہ ہو، اس کا ذائقہ ذرا سی دیر کا ہوتا ہے اور اثرات؟ اثرات تو بہت گہرے ہوتے ہیں۔ آپ مذکورہ مثال سامنے رکھیں، ٹھیلے کی چٹپٹی پلیٹ اور ڈائلسیز کا مریض۔
دانت میں شدید درد ہوتا ہے،بے قراری بڑھتی جاتی ہے،دل بھی دکھی لگتا ہے اور سارا جسم بھی تکلیف میں شریک ہوتا ہے، پھر کڑوی سی ایک گولی منھ میں رکھ لیتے ہیں، کڑوا مزہ تو چند لمحوں کا ہوتا ہے، مگر آرام بہت دیر کے لیے مل جاتا ہے۔
مزہ اچھا ہو یا برا دونوں صورتوں میں اس کی مدت مختصر اور اثرات دوررس ہوتے ہیں، مگر مزے پر سب کی توجہ ہوتی ہے اور اثرات پر کم ہی لوگ نظر رکھتے ہیں۔ آپ کسی پارٹی کا منظر دیکھ لیں، جوس کے مقابلے میں کوک کی، اور سلاد کے مقابلے میں فرائی کی طلب زیادہ ہوتی ہے۔ افطار کے دسترخوان پر سب سے زیادہ بچنے والی یا آخر میں کھائی جانے والی چیز پھل ہوتے ہیں۔میری سہیلی کی بیٹی حمل سے تھی، خون کی کمی کی شکایت تھی، بہت بڑا مسئلہ نہیں تھا، مگر اس کو چقندر میں مہک آتی تھی، پالک بدمزہ لگتے تھے، انجیر كرکراتی تھی، کھجور اور کشمش دانت میں چپکتی تھی، کسی بھی طرح کے جوس پینے میں ابکائی آتی تھی، اچار، چٹنی، چھولے چاٹ بہت پسند تھے، اور پھر جو مسائل سامنے آئے اس کا اندازہ آپ سب کر سکتى ہیں۔ماں کی جان تو بچ گئی، مگر بچہ۲۵ دن آئی سی یو میں رہ کر اللہ تعالی کے پاس واپس چلا گیا۔
ایک بہن ذیابیطس کی مریض ہیں اور موٹاپا بھی کافی ہےہ کسی محفل میں آپ ان کودیکھ لیںو ان کی نظریں دوسروں سے نظر بچاکر میٹھا تلاش کرتی ہوتی ہیں۔ ایک ملاقات کا ذکر ہے، چھوٹے والے رس گلے ٹرے کی زینت تھے، سب نے ایک ایک دو دو لیے، نمکین چلی،پھرچائے، اور پھر نارمل باتیں ہونے لگیں۔ لیکن جب محفل برخاست ہونے لگی، تو انہوں نے نکلتے نکلتے ایک رس گلہ پھر اٹھایا اور یہ کہتے ہوئے منھ میں رکھ لیا کہ بہت اچھا ہے، کہاں سے منگاتی ہو؟ اس رس گلے کا مزہ منھ میں کتنی دیر باقی تھا؟ اور اس کے اثرات کتنی دیر تک تھے وہ تو بے چارے ان کے گھر والے ہی بتائیں گے۔
ایک بچی کو شادی کے دس پندرہ دن بعد اس بات کا اندازہ ہوا کہ اس کے شوہر نشہ کرتے ہیں۔ بہت بڑے گھر میں شادی ہوئی تھی، پڑھے لکھے لوگ تھے، شوہر اچھے بزنس مین، مگر یہ اطلاع اس کے لیے کسی بجلی سے کم نہ تھی۔ شوہر نے اس کی وجہ یہ بتائی کہ بزنس کے مسائل اور فکر مندی بہت بڑھتی ہے تو ایک آدھ بوتل لے لیتا ہوں،کوئی عادت تھوڑی ہے۔ آپ بتائیں اس بوتل کا اثر کتنی دیر رہتا ہے اور اس کے اثرات کتنے دور رس ہوتے ہیں؟ اور کیا اس سے مسائل حل ہوجاتے ہیں اور فکریں ختم ہو جاتی ہیں؟
ذائقے کی بھی دو شکلیں ہوتی ہیں، ایک شکل تو یہ ہے کہ کوئی چیز آپ کو پسند ہے اور آپ عمر، ضرورت اور مصلحت کے تقاضوں کو نظرانداز کر کے اپنی زبان کو ذائقہ عطا کر دیں،دوسری شکل یہ ہے کہ عمر، ضرورت اور مصلحت کے تقاضوں کا خیال رکھتے ہوئے زبان کو اسی ذائقے کا عادی بنادیں اور وہ اسی میں مزہ لینے لگے۔
آپ اپنی زبان کو چپس اور چاکلیٹ کے بجائے مونگ پھلی اور بادام کا، پھلکی اور سموسے کے بجائے سلاد اور یخنی کا، چائے اور کافی کے بجائے دودھ اور لسی کا، كوک کے بجائے جوس کا عادی بنا دیں، پھر یہی چیزیں آپ کو اچھی لگنے لگیں گی۔ دوسری چیزوں کے ذائقے سے پہلے ان کے بھیانک اثرات یاد آجائیں گے، اور آپ اس سے منھ پھیر لیں گى۔ آپ کہیں گى کہ مجھے کوک پسند نہیں، میں چٹپٹا نہیں کھاتی، میں چائے نہیں پیتی، مجھے باہر کی چیزیں نقصان کرتی ہیں۔
اس کے علاوہ ایک تیسری شکل بھی ہے، وہ یہ کہ کوئی چیز آپ کو پسند نہ ہو، اور اس میں آپ کو کوئی خیر بھی نظرنہ آئے، پھر بھی آپ کھائیں،کیا آپ کے ساتھ کبھی ایسا ہوا ہے۔ آپ کہیں گی کہ میں ایسا نہیں کرسکتی، میں صاف کہہ دوں گی کہ یہ چیز مجھے پسند نہیں ہے، اور میں اس کو چھوڑ دوں گی۔ لیکن کبھی کبھی ایسی چیز بھی کھانی پڑتی ہے۔
ہماری ایک سہلی ایپل بیز نامی مشہور ہوٹل میں گئی۔ ایسے ہوٹلوں کے اپنے انداز اور بڑے رکھ رکھاؤ ہوتے ہیں۔ کوئی آپ کی گاڑی پارک کر آئے گا، کوئی آپ کے لیے دروازہ کھولے گا، کوئی آپ کی کیبن تک رہنمائی کرے گا، کوئی لاکر شاندار سا مینو کارڈ پیش کرے گا، ان سب خدمات کا بدلہ وہ آپ سے کاؤنٹر پرلے لیں گے۔ بہرحال، انہوں نے خوبصورت سی ایک ڈش پسند کرلی اور آرڈر کردیا۔ آدھا گھنٹہ صبر کرنے کے بعد کھانا حاضر ہوگیا۔ پہلا چمچہ منھ میں رکھتے ہی دونوں کا منھ بگڑگیا۔ دونوں نے ایک دوسرے کو دیکھا، پھر اس کھانے کی قیمت کا خیال آیا تو لقمہ حلق سے نیچے اتار لیا۔ اسی طرح بلکہ کسی طرح دونوں نے تین چوتھائی کھانا ختم کیا۔ کاؤنٹر پر بل ادا کیا۔ بل ادا کرنے کی تکلیف کا اندازہ آپ خود کرلیں۔ اور پھر وہاں سے باہر نکلی اور سیدھے کون زون آئس کریم پہنچیں۔ وہاں سے آئس کریم کھا کر منھ کا ذائقہ ٹھیک کیا۔ اس کو آپ کیا کہیں گی، نہ کسی خیر کی امید، نہ کوئی ذائقہ، پھر بھی کھا ہی لیا۔ یہ سب سے اعلی درجے کا تکلف ہے اور اس کی تکلیف بھی بہت اعلی درجے کی ہوگی۔
ذائقے کے تعلق سے ایک بات اور یاد رکھیں۔ ایسا نہیں ہوتا ہے کہ کوئی بهت زیادہ چائے پیے تو چہرہ چائے کے رنگ کا ہو جائے گا یا کھجور کھانے والے کے منھ پر کھجور نظر آئے گی، مگر دل ودماغ، کھال وبال، عموماً پوری صحت پر ہی غذا کے اثرات نظر آتے ہیں۔ بھوکے انسان اور سیر انسان کے چہرے سے پیٹ کا حال پتہ چل جاتا ہے۔ یہ تو تھی بات زبان کے ذائقے اور مزے کی، مگر مزہ صرف زبان ہی تک محدود لفظ نہیں ہے،نہ منھ تک محدود احساس ہے، منھ اور زبان کے بغیر بھی مزہ آتا ہے۔ کوئی بات سن کر، کوئی چیز دیکھ کر مزہ آجاتا ہے، اور اس مزے کے اثرات بھی بہت وسیع ہوتے ہیں۔ مزہ کڑوا ہوا تو کڑوے اثرات، مزہ اچھا ہوا تو اچھے اثرات، کوئی خبر سن کر مریض اچھا ہو جاتا ہے تو کوئی خبر سن کر صحت مند انسان بیمار ہوجاتا ہے، زبان کے ذائقے کی طرح جو کام بھی انسان کرتا ہے اس میں ایک مزہ ہوتا ہے اور ایک اثر، مزه بہت مختصر اور اثر بہت گہرا، تصور کریں کہ ایک آدمی صدقہ کرتا ہے، صدقہ کرتے وقت وہ ایک مزہ محسوس کرتا ہے۔ ایک آدمی سود لیتا ہے، سود لیتے وقت اسے بہت مزہ آتا ہے، پھر دونوں کی صحت، زندگی اور آخرت پر اس کے گہرے اثرات مرتب ہوجاتے ہیں، جب کہ مزہ یاد نہیں رہتا ہے۔
ایک لڑکی آدھی رات سے اٹھ جاتی ہے، تہجد پڑھتی ہے، حفظ کرتی ہے، مطالعہ کرتی ہے، اس خاموشی اور سناٹے میں سکون سے عبادت کا مزہ لیتی ہے۔ ایک دوسری بچی آدھی رات گزرنے پر اٹھتی ہے، ماں کے سرہانے سے موبائل اٹھاتی ہے، چرائے ہوئے پاسورڈ سے موبائل کھولتی ہے، ایئر فون لگا کر کمبل کے اندر سیریل دیکھتی ہے، الارم کا وقت آنے سے پانچ منٹ پہلے سب کچھ ڈیلیٹ کرتی ہے، موبائل ماں کے سرہانے رکھ دیتی ہے، اسے اس کام میں بہت مزہ آتا ہے۔ صبح ہوتی ہے، مزہ دونوں لے چکی ہوتی ہیں، اب صرف اس کے اثرات باقی ہیں، وہ اثرات جو بہت گہرے ہوتے ہیں، بہت دوررس ہوتے ہیں، جس طرح سموسہ اور چائے پینے والے اور کھجور اور دودھ پینے والوں کے چہرے پر اثرات دیکھتے ہیں، کہیں کیل مہاسے اور جھائیاں اور کہیں گلابی سی سرخی، اسی طرح عبادتوں اور گناہوں کے اثرات بھی چہرے سے دکھتے ہیں۔ ایک نورانی چہرہ ہوتا ہے اور ایک بے نور چہرہ۔ آپ کو اندازہ ہوگا، سیریل اور فلمیں دیکھنے والی بچیوں کے چہرے سے معصومیت اور بچپن ختم ہو جاتاہے،بے پردہ رہنے والی بچیوں کے چہرے سے حیا کی سرخی اور چہرے کی رونق ختم ہوجاتی ہے۔ ایک گوری لڑکی کے مقابلے میں ایک سانولی سی لڑکی اگر اس کے چہرے پر معصومیت ہو، حیا ہو، نور ہو، تو زیادہ پرکشش اور آبدار لگتی ہے۔ یہ تو دنیا کے اثرات ہیں، آخرت کے اثرات تو اشد وابقى ہیں۔
ایک لڑکی شیشے پر نظر ڈالتے ہوئے گھر سے نکلتی ہے، یہ اطمینان کرکے کہ میں اچھی لگ رہی ہوں، متوجہ کرنے والے انداز سے چلتی ہے، اور کنکھیوں سے لوگوں کے تاثرات کا جائزہ لیتی ہے۔ بسا اوقات یہ کام حجاب کے نام پر ہوتا ہے،اسے اس کام میں مزہ آتا ہے، مگر اس کے اثرات قابل تعریف نہیں ہوتے ۔۔۔دل سے ایمان،چہرے سے حیا، اور شخصیت سے وقار چلا جاتا ہے، رحمت کے فرشتے دور ہو جاتے ہیں اور شیطان اسے اپنا جال بنالیتا ہے، وہ لعنت کی مستحق ہوتی ہے اور آخرت کا حساب تو بہت سخت ہوگا۔ اس سے پہلے دنیا میں ہی آہوں،کراہوں اور سسکیوں کے عذاب میں مبتلا ہوجاتی ہے۔
ایک آدمی فجر بعد ورزش کرتا ہے، چہل قدمی کرتا ہے، باغبانی کرتا ہے، دوسرا آدمی نو بجے سو کر اٹھتا ہے،دونوں کو اپنے اپنے کام میں مزہ آتا ہے، جس کو دوسرا محسوس نہیں کرسکتا، جبکہ دونوں کے کاموں کے کچھ ایسے اثرات ہوتے ہیں جنہیں دوسرے بھی محسوس کرسکتے ہیں۔
ایک نشہ آور پکار کا پتہ کتنی دیر مزہ دیتا ہے اور دانتوں سے لے کر آنتوں تک، بلکہ پوری شخصیت پر اس کے کتنے گندے اثرات پڑتے ہیں۔
شروع میں ڈائلسیز کے مریض کا واقعہ بیان ہوا ہے، ایک بار پھر سے اس پر نظر ڈالیں اور سوچیں کہ بدپرہیزی کر کے جو مزہ آیا تھا وہ کتنے لمحوں کا تھا، اور اس کے جو اثرات پڑے وہ کتنے خطرناک ثابت ہوئے،اور اب کف افسوس مل کر کیا فائدہ، اپنی اور ماں کی صحت گنوا کر جو مزہ آيا تھا وہ کتنی دیر کا تھا؟ اور جو پریشانیاں اٹھائیں اور جو مالی نقصانات برداشت کیے وہ کتنے تھے؟
ذائقے کا ایک رخ اور بھی ہے، ایک شخص مزے کے لیے گناہ کرلیتا ہے، ایک شخص کو عبادت کر کے مزه آتا ہے، مزے کے اثرات تو بعد میں نظر آئیں گے، ہاں مزہ دونوں کو آجاتا ہے، لیکن اس کو کیا کہیں گے جو گناہ بھی ایسا کرے جس میں مزہ نہ ہو، بلکہ دوسروں کی خوشی کے لیے کرتا ہو، اور جو عبادت بھی مزے کے لیے نہ کرے، بلکہ دوسروں کو دکھانے کے لیے۔ بالکل انہی کی طرح جو ذائقے میں تکلف کے سب سے اعلی درجے پر ہوتے ہیں،کچھ بھی حلق سے اتارنے کو تیار ہو جاتے ہیں،چاہے اس میں نہ کوئی مزہ آئے، اور نہ اس سے کوئی فائدہ ہو۔
اس بچی کو پیانو اور میوزک کی آواز پسند نہیں ہے، رات کو گھر سے دور رہنا بھی اچھا نہیں لگتا، جنس اور شرٹ میں آرام نہیں ملتا ہے، چائنیز اور رشین کھانے حلق سے نیچے نہیں اترتے ہیں، پھر بھی دوستوں کی خوشی کے لیے ایسی پارٹیوں میں شرکت کرلیتی ہے، اور بہت سارے غلط کام کر لیتى ہے، جن میں ذرا بھی مزہ آتا ہے اور نہ وہ ذرا بھی اچھے لگتے ہیں، اور اس کے اثرات تو پڑنے ہی ہیں، ان کو تو دنیا سے آخرت تک دیکھنا ہی ہے،یہ ہیں عاملة ناصبة تصلى نارا حاميه۔
ایک وہ عورت ہوتی ہے جس کو صدقے کے نام پر غربت نظر آنے لگتی ہے، نماز کا ارادہ کرے تو سستی کی لہر دوڑ جاتی ہے، حلقہ درس کے نام سے بیزاری طاری ہوجاتی ہے، نقاب لگا کر گھٹن ہوتی ہے،سچ بولنابے وقوفی لگتی ہے، خدمت کرنا ذلت معلوم ہوتی ہے، رشتہ داروں سے حسن سلوک كو چاپلوسی اورامانت داری کو حماقت کہتی ہے، مگر کیا کریں، وہ اس ماحول میں ہے جس میں یہ سب ہوتا ہے تو وہ یہ سب کچھ کرتی ہے۔ آپ سوچیے کہ اگر کسی كو عبادت میں مزہ نہیں آتا تو کیا اثرات میں اجر وثواب اور نور و سرور نظر آئے گا، قطعاً نہیں۔ دوا کے نام پر کڑوا پانی صحت عطا نہیں کرتا، پانی ملے دودھ سے مکھن نہیں نکلتا، عبادت میں تو اخلاص ضروری ہے،تبھی اس کا مزہ آتا ہے اور تبھی اس کے اثرات نظر آتے ہیں۔
اچھے برے ہر کام کا مزہ ہوتا ہے، اور اس مزے کے اثرات ہوتے ہیں۔ کل قیامت کے روز جب ہماری آنکھیں، ہمارے کان، ہمارے ہاتھ اور ہمارے پیر گواہی دینے کھڑے ہو جائیں گے، فیصلہ بہت عدل وقسط پر مبنی ہوگا، اور نتیجہ بہت عظیم ہوگا، اس وقت یہ مزہ یاد آئے گا، لیکن اس وقت یاد آنا کیا کام آئے گا ؟؟ بس یہی کہ حسرت میں اور حسرت بڑھ جائے گی، یا مسرت میں اور مسرت کا اضافہ ہو جائے گا!!!
ہر لقمے سے پہلے، ہر گھونٹ سے پہلے، ہر حرکت سے پہلے، ہر کام سے پہلے، اور ہر بات سے پہلے اس کے اثرات پر فکریہ نظر ڈال لیں، غور کرلیں، اس کے مزے پر بھی اور اس کے اثرات پر بھی۔
یہ زبان عبرت ہے دوراندیشوں کے لیے
یہ ذائقہ نصیحت ہے عقل والوں کے لیے
یہ مزہ موعظت ہے سمجھ داروں کے لیے
٭ ٭ ٭
ہر لقمے سے پہلے، ہر گھونٹ سے پہلے، ہر حرکت سے پہلے، ہر کام سے پہلے، اور ہر بات سے پہلے اس کے اثرات پر فکریہ نظر ڈال لیں، غور کرلیں، اس کے مزے پر بھی اور اس کے اثرات پر بھی۔


ماشاءاللہ بہترین
محترمہ نے زندہ مثالوں کے ذریعے اپنی بات سمجھائی-
بڑے ہوں یا بچے واقعات اور حکایات شوق سے سنتے اور پڑھتے ہیں ہر ذائقے کی ایک کہانی نے قاری کو آخر تک مضمون سے باندھے رکھا.
مصنفہ نے منہ کے مختلف ذائقوں کے فائدے و نقصانات کے ساتھ ساتھ خدمت، اخلاق و عبادات اور اس کے نفع بخش و پائیدار ذائقے کو بڑی ہوشیاری سے غیر محسوس انداز میں قاری کے ذہن میں منتقل کیا-