درس قرآن
زمرہ : النور

اَعُوْذُ بِاللہ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ
يٰـاَيُّهَا الَّذِينَ اٰمَنُوا كُونُوا قَوَّامِينَ لِلّٰهِ شُهَدَآءَ بِالقِسط وَلَا يَجرِمَنَّكُم شَنَاٰنُ قَومٍ عَلٰٓى اَ لَّا تَعدِلُوا‌ؕ اِعدِلُوا هُوَ اَقرَبُ لِلتَّقوٰى‌ وَاتَّقُوا اللّٰهَ‌ ؕ اِنَّ اللّٰهَ خَبِيرٌ بِمَا تَعمَلُونَ (سورۃ المائدہ، آیت۸)

ترجمہ:

اے لوگو جو ایمان لائے ہو! اللہ کی خاطر راستی پر قائم رہنے والے اور انصاف کی گواہی دینے والے بنو۔کسی گروہ کی دشمنی تمہیں اتنا مشتعل نہ کردے کہ انصاف سے پھر جاؤ۔ عدل کرو، یہی تقویٰ سے زیادہ قریب ہے۔ اللہ سے ڈر کر کام کرتے رہو، اللہ تمہارے اعمال سے بخوبی باخبر ہے۔

یہ سورۃ المائدہ کی آیت نمبر۸ہے۔ سورۃ المائدہ قرآن کی پانچویں سورت ہے۔یہ سورۃ المائدہ کی آیت نمبر۸ہے۔ سورۃ المائدہ قرآن کی پانچویں سورت ہے۔حضرت اسماء بنت یزید رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اونٹنی’’ عضباء‘‘ کی نکیل تھامے کھڑی تھی کہ اس وقت آپؐ پر پوری سورۃ المائدہ نازل ہوئی۔ ایسا محسوس ہوتا تھا کہ وحی کے بوجھ سے اونٹنی کے بازو ٹوٹ جائیں گے۔ایک اور روایت میں ہے کہ نزولِ وحی کے وقت آپؐ سفر میں تھے، اور وحی کا بار ایسا تھا کہ اونٹنی کی گردن جھک گئی۔مسند احمد کی ایک روایت کے مطابق جب اونٹنی پر بار زیادہ ہو گیا تو حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم خود اس پر سے اتر گئے۔ان روایات سے یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ یہ سورت احکامِ الہی سے بھرپور، وزنی اور غیرمعمولی اہمیت کی حامل ہے۔حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ فرمایا کرتے تھے:’’جب تم قرآن میں يَا أَيُّهَا لَّذِينَ آمَنُوا سنو تو کان لگا کر دل سے متوجہ ہو جاؤ، کیونکہ اس کے بعد یا تو کوئی خیر کا حکم ہوتا ہے یا کسی شر سے روکا جاتا ہے۔‘‘اسی ترتیب میں یہ آیت بھی يَا أ َيُّهَا لَّذِين آمَنُوا سے شروع ہوتی ہے:’’اے ایمان والو! تم اللہ کے لیے حق پر قائم ہو جاؤ، دکھاوے یا کسی غرض کے لیے نہیں، اور عدل کے ساتھ گواہ بنو۔‘‘صحیح بخاری و مسلم کی روایت میں ہے:حضرت نعمان بن بشیر رضی اللہ عنہ کے والد نے انہیں ایک عطیہ دیا۔ والدہ (عمرہ بنت رواحہ) نے کہا: ’’جب تک رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو گواہ نہ بنا لو، میں مطمئن نہ ہوں گی۔‘‘جب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے یہ معاملہ آیا تو آپؐ نے دریافت فرمایا:’’کیا تم نے اپنی بقیہ اولاد کو بھی ایسا ہی عطیہ دیا ہے؟‘‘والد نے جواب دیا: ’’نہیں۔‘‘آپؐ نے فرمایا: ’’اللہ سے ڈرو اور اپنی اولاد کے درمیان عدل کرو۔ میں کسی ظلم پر گواہ نہیں بنتا۔‘‘چنانچہ انہوں نے وہ عطیہ واپس لے لیا۔یہ تعلیم ہمیں یاد دلاتی ہے کہ نہ کسی کی دوستی اور نہ کسی کی دشمنی میں عدل سے ہٹنا چاہیے۔ یہی تقویٰ کے قریب تر ہے۔دراصل کائنات کا سارا نظام عدل و انصاف کے توازن پر قائم ہے۔عادل حاکم کا وجود دنیا کے لیے اللہ کی رحمت ہے، جبکہ ظالم حکمرانوں کا تسلط بندوں کے گناہوں کی پاداش میں ایک عذابِ الٰہی کی صورت ہوتا ہے۔صحیح بخاری میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’سات قسم کے لوگ ہوں گے جنہیں اللہ تعالیٰ اپنے عرش کے سائے میں جگہ دے گا، جس دن اور کوئی سایہ نہ ہو گا۔ ان میں سب سے پہلا عادل بادشاہ ہوگا۔‘‘عدل قائم کرنا صرف حکمرانوں یا قاضیوں کا کام نہیں، بل کہ ہر مومن اس کا مکلف ہے۔صحیح مسلم میں ہے:’’عدل کرنے والے اللہ تعالیٰ کے یہاں نور کے منبروں پر ہوں گے۔‘‘ترمذی میں روایت ہے:’’عدل سے حکومت کرنے والا قیامت کے دن اللہ کے نزدیک سب سے محبوب اور پیارا بندہ ہوگا۔‘‘عدل و انصاف ہی وہ عنصر ہے جو کسی بھی معاشرے میں امن، سکون، خوشحالی اور بھائی چارہ قائم کرتاہے۔اس کے بغیر معاشرے فساد اور ظلم کا شکار ہو جاتے ہیں۔دنیا کی مختلف تہذیبوں اور حکومتوں نے مختلف اصول و ضوابط پر مبنی عدالتی نظام قائم کیے، مگر سفارش،طاقت،دولت یا لالچ کی وجہ سے اکثر ناکام رہے۔لیکن نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے جب اللہ کے حکم سے عدل و انصاف کا ایک ایسا آفاقی نظام قائم کیا، تو بڑے بڑے ظالم اور مجرم بھی اس کے سامنے سرنگوں ہو گئے۔ یہی نظام آج بھی انسانی تاریخ کا سب سے کامیاب اور مکمل ترین عدل و انصاف کا نظام ہے۔عصرِ حاضر کی چند اصلاحی مثالیں:۱۔خاندانی سطح پر:آج جائیداد کی تقسیم، وراثت میں بیٹیوں کے حقوق کا انکار، بھائیوں کے درمیان ناانصافیاں، اگر ہم قرآن کے اس حکم کو اپنائیں تو گھریلو فتنوں اور رنجشوں کا خاتمہ ہو سکتا ہے۔۲۔تعلیمی اداروں میں:اساتذہ اور منتظمین اگر سفارش یا تعصب کے بغیر عدل کے تقاضے پورے کریں تو طلبہ میں میرٹ کا نظام قائم ہوگا اور حق دار کو اس کا حق ملے گا۔۳۔کاروباری دنیا میں:کاروباری لین دین، قیمتوں میں انصاف، محنت کشوں کے حقوق کا خیال، اگر عدل کے اصولوں پر ہو تو اعتماد اور برکت پیدا ہوگی۔۴۔سوشل میڈیا پر:آج کسی پر الزام لگانا، جھوٹے پروپیگنڈے پھیلانا آسان ہو چکا ہے۔ اگر ہر شخص عدل کا دامن تھامے تو کسی کی عزت پامال نہ ہو اور معاشرتی بگاڑ رُک جائے۔۵۔سیاست اور حکومت میں:اگر لیڈر حضرات، سیاست دان اور منتظمین قرآن کے اس عدل و تقویٰ کے حکم کو اپنائیں تو معاشرے سے کرپشن اور ظلم کا خاتمہ ممکن ہو سکتا ہے۔قرآن کا یہ آفاقی پیغام آج بھی ہماری زندگیوں کے ہر شعبے میں مکمل ہدایت فراہم کرتا ہے۔ اگر ہم اس حکمِ الٰہی کو شعوری طور پر اپنے دل و دماغ اور کردار کا حصہ بنا لیں تو نہ صرف ہمارا گھر، محلہ، معاشرہ بلکہ پورا ملک عدل و انصاف کا گہوارہ بن سکتا ہے۔یاد رکھیں، عدل صرف عدالتوں میں نہیں بلکہ ہر لمحے، ہر تعلق، ہر عمل میں لازم ہے۔یہی وہ صفت ہے جو اللہ تعالیٰ کو سب سے زیادہ محبوب ہے۔اللہ تعالیٰ ہمیں سچا،باعمل مسلمان بنائے،جو ہرحال میں عدل و انصاف کو اپنائے، اور اللہ کی رضا کا مستحق بنے۔آمین یا رب العالمین۔

٭ ٭ ٭

ویڈیو :

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

جولائی ۲۰۲٥