نازکوہلکا سابخارتھا،جس کی وجہ سے وہ کالج نہیں آ رہی تھی۔ ثانیہ تنہا کالج کے لئے نکل گئی۔
دن بھر ثانیہ کا موڈ آف رہا۔ ندانے اس کے موڈ کی خرابی کی وجہ جاننے کی بہت کوشش کی، مگر ثانیہ کے سنجیدہ اور سرخ چہرے کو دیکھتے ہوئے خاموش رہنے میں ہی بہتری سمجھی۔ایسا کیا دکھ ہے جس کے سبب اس کا کومل چہرہ مرجھا کر رہ گیا تھا۔؟وہ قریب جاکربڑے پیار سے استفسار کرنا چاہتاتھا ، ایک دو مرتبہ بہانے سے اُس کے قریب بھی گیا ،مگر آج اُس کے چہرے پر چھائی اداسی دور کرنے کی ہمت نہیں ہوئی۔۔۔
’’کاش تم میری دوست ہوتی۔۔۔!!‘‘ رضا بڑی اداسی سے بڑبڑایا۔۔ آج وہ خود بھی کسی ہمراز،ہمدرد کی ضرورت محسوس کررہا تھا۔
واپسی پرٹرین میں تنہا سفر ثانیہ کے لئے ایک عذاب کی مانند محسوس ہو رہا تھا۔ناز ہوتی تو اپنی باتوں اور قصوں سے اس کا سر کھاتی ہوئی ،دماغ کو بہت مصروف کردیتی تھی۔ وہ سست قدموں سے ٹرین میں سوار خالی سیٹ کی تلاش میں نظریں گھمائی۔۔۔مگرکوئی سیٹ خالی نہیں تھی۔اس نے کھڑے رہنے کے لئے کوئی سہارا تلاش کیا ۔ایک جانب تھوڑی سی جگہ مل گئی تو وہیں ٹیک لگاکر آنکھیں موند لی۔
ٹرین کسی طوفان کی طرح چل پڑی۔جب ٹرین طوفانی انداز میں ہواؤں کو چیرتی نکلتی ہے تودل میں ایک طمانیت سی چھاجاتی کہ منزل قریب سے قریب ترہے ،اپنوں کے چہرے یک لخت نگاہوں میں گھوم جاتے ہیں۔ مگر آج اس کا دماغ کافی منتشر اور بوجھل تھا۔کلاس میں ٹھیک سے لیکچر بھی نہیں دے سکی تھی۔گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے دادی جان کسی رشتے کے لیے ابو پر کافی دباؤ ڈال رہی تھیں۔ اس سلسلے میں ثانیہ کو گاؤں بھی بلایاگیا تھا، لیکن اس نے چھٹی نہ ملنے کا بہانہ کر دیا۔ مجبوراً ابو، امی گاؤں ہو آئے، تب سے گھر میں عجیب قسم کی خاموشی نے بسیرا کر لیا تھا۔
ندانے پریشانی بھانپ لی جبکہ ثانیہ نے گھریلو مسئلے پر بات کرنا مناسب نہیں سمجھا اور سردرد کا بہانہ کرکے بات ٹال دی تھی۔پاس بیٹھی خواتین کسی دلچسپ موضوع پر گفتگو میں مصروف تھیں۔ اسٹیشن آیا تو وہ بوجھل قدموں کے ساتھ ڈور کی جانب بڑھ گئی۔
گھر واپسی پر یہاں کا ماحول گزشتہ شب سے زیادہ گھٹن آمیز محسوس ہوا۔ ثانیہ کو لگ رہا تھا کہ دادی جان اپنے اندریک گہرا طوفان پوشیدہ کر رکھی ہیں۔ طوفان کے دامن میں تباہی کاکون سا راز پوشیدہ تھا،اس بات کا ثانیہ کو صحیح اندازہ نہیں ہو رہا تھاشام سے سیاہ بادل گھر آئے تھے اور رات ہوتے ہوتے یہ کالی گھٹائیں مزید گہری ہوتی چلی گئیں۔ ماحول پر عجیب ہولناکی طاری تھی۔
’’پتا نہیں یہ طوفانی رات اپنے دامن میں کون سے طوفان و تباہی چھپا لائی ہے؟‘‘ ثانیہ ایک جھرجھری لیتی ہوئی سوچنے لگی۔
’’ثانیہ دی! آپ کو ہٹلردادی یاد فرمارہی ہیں! انہوں نے آپ کو امی کے کمرے میں بلایا ہے۔‘‘ ناز نے پیغام دیا۔ دادی جان کو ہٹلر کہنابھی کوئی خوشگوار تاثر پیدا نہ کر سکا۔
’’کیوں، سب خیریت تو ہے؟‘‘ وسوسوں کے درمیان گھری اس نے تشویش بھرے لہجے میں استفسار کیا۔
’’مجھے کوئی اندازہ نہیں۔‘‘ ناز نے بے پروائی سے شانے اچکائے تو وہ بوجھل قدموں تلے امی کے کمرے کی جانب بڑھ گئی۔
“ہم نے تمہاری شادی طے کر دی ہے!‘‘ دادی جان نے کسی تمہید کے بغیر، براہ راست اطلاع دی۔ طوفانی رات پہلے ہی اپنی دھمک سے ماحول کو سیاہ کر رہی تھی، اور دادی جان کی گونج دار آواز نے خاموشی کی گتھی کو چاک کر دیا۔ جیسے ثانیہ کی سماعت میں گرم شیشہ گھلنے لگا ہو۔ اپنی کم گوئی کے باوجود، وہ اپنی آنکھوں کو نم ہونے سے نہ بچا سکی، اور یہ نم آنکھیں پتھرا گئیں۔اس خاموشی میں کچھ ٹوٹا،یہ اس کا نازک دل تھا۔۔۔ خوف زدہ دل کی کرچیاں چہار سو بکھر گئیں، جنہیں وہ بڑی بے بسی سے دیکھتی رہی۔ان کرچیوں کو سمیٹنے کی کوشش میں وہ جاننا چاہتی تھی کہ ان پر لکھا نام کیا ہوسکتا۔۔۔؟لیکن اس نے اپنی خواہش کا سختی سے گلا گھونٹ دیا۔
بدن پر کپکپاہٹ سی طاری تھی،جیسے اس کے حواسوں پر بجلی سی کوند گئی ہو۔ ایک تیز سنسناہٹ جو ریڑھ کی ہڈی سے لہراتی ہوئی دماغ کی باریک رگوں میں پھیل گئی۔
’’ہمارے اس فیصلے پرکسی کو کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہیے!‘‘ دادی جان نے فیصلہ سنانے کے ساتھ ہی حکم بھی صادر کر دیا۔باہر بجلی کوندی اوربادل خوفناک انداز میں گرج اٹھے۔ وحشت آمیز رات کسی آسیب کی طرح قہقہے لگاتی ہوئی محسوس ہوئی، قہقہے جو اس کی بے بسی پر بلند ہو رہے تھے۔کشتی کے محافظ ہی کشتی ڈبوانے میں کمربستہ نظر آئے۔
’’دادی جان! آپ کا یہ فیصلہ مناسب نہیں!‘‘ ثانیہ کی آواز کسی گہری کھائی سے ابھرکر دم توڑ دی۔ وہ خاموش کھڑی رہی،جیسے پتھر کی کوئی مورت۔ دل و دماغ سسک اٹھے اور چیخ چیخ کر دہائی دینے لگے کہ کچھ تو لب کشائی کرلے، مگر۔۔۔وہ مکمل گونگی ہو گئی،جیسے اس کی قوتِ گویا ئی چلی گئی ہو! خاندانی وقار اور اصولوں کے درمیان گھری وہ بے بسی کا مجسمہ نظر آئی۔ آخرکار ایک آندھی سی اٹھی اور دادی جان نے بہ رعب آواز میں اپنے فیصلے پر مہر لگا دی:
’’وسیم فراز! تم شادی کی تیاریاں شروع کرو۔۔یاد رہےیہ شادی نہایت سادگی سے انجام پائے گی۔۔ تمہارے مرحوم باباکے دوست بہت بیمار ہیں۔ گزشتہ ماہ انہیں ہارٹ اٹیک ہوا تھا۔ ان کی خواہش ہے کہ ثانیہ جلد از جلد بہو بن کر ان کے گھر جائے۔‘‘
وحشت آمیز سناٹوں کے درمیان دادی جان کی مضبوط آواز کسی بے رحم منصف کی مانند گونج اُٹھی، جو موت کی سزا سنانے کے بعد اپنے قلم کی نوک توڑ دیتی ہے۔ امی خاموش تھیں، جیسے انہیں سانپ سونگھ گیا ہو۔
ثانیہ کی شادی ایک ایسے اجنبی شخص سے طے کر دی گئی تھی جسے اس نے دیکھا تک نہیں تھا ۔
زیست کی کشتی بڑی تیزی سے طوفانی بھنور میں پھنستی محسوس ہوئی، جہاں سے کنارے کا کوئی امکان نظر نہ آیا، ساحل دسترس سے دور بہت دور نظر آتا تھا۔ ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ بزرگوں نے حیات سے روشنیوں کی راہیں مسدود کر دی ہیں، وجود کے گرد صرف خوفناک اندھیروں کا راج تھا۔’’اندھیروں کے ساتھ کوئی کیسے زندگی گزار سکتا ہے؟ میرے اپنوں نے کبھی تو اس بات پر غور کیا ہوتا؟‘‘
’’سزا کی کوئی مدت تو مقرر کردی جاتی، تاکہ ایک مدت کے بعد رہائی کی امید تو جاگتی، لیکن نہیں، ایسا کچھ بھی نہیں۔۔‘‘
’’تاعمر ناکردہ گناہوں کی سزا کوئی کیسے کاٹ سکتا ہے؟ زندگی یوں بھی آزماتی ہے؟‘‘ وہ اپنا چہرہ دونوں ہاتھوں میں چھپا کر بری طرح روپڑی۔
’’کیوں رورہی ہو؟‘‘ ناز ویڈیو گیم کھیلتی بہن کے آنسوؤں پر چونک گئی۔
’’رونے پر کوئی پابندی ہے؟‘‘ ثانیہ غصے سے سرخ ہو گئی۔
’’دادی جان نے کچھ کہا؟‘‘
’’تم، گیم کھیلو ناز، ابھی بچی ہو۔۔۔‘‘امی مداخلت کرتی ہوئی ڈانٹ دیں۔
’’بچی ہوں؟ کیا مطلب؟‘‘ ناز ماں کی باتوں سے چڑ گئی۔
’’تمھاری بہن کی شادی طے کر دی گئی ہے، بس، سن لیا؟‘‘
’’ہائیں، ایسے کیسے بیٹھے بیٹھے شادی طے کردی گئی؟ کیا بچوں کا کھیل ہے کوئی؟‘‘
’’ناز، زبان مت چلاؤ، جاؤ، جا کر میرے لیے وضو کا پانی گرم کرو۔۔۔‘‘ دادی غصے سے سرخ ہو گئی تھیں۔
’’تعجب ہے، مجھ پر کیوں غصہ؟‘‘
’’ناز!‘‘ وسیم فراز نے بیٹی کو تیز نگاہوں سے دیکھا۔
’’بہت زبان چلتی ہے تمھاری۔۔۔‘‘ دادی نے غرایا۔
ثانیہ اٹھ کر اپنے کمرے میں چلی گئی۔ ناز نے موبائل میز پر رکھا اور تیز قدموں سے کچن کی طرف بڑھ گئی۔
گھر کا ماحول عجیب سا ہو گیا تھا۔ تمام مکین ایک دوسرے سے نظریں چرا کر مصروف دکھائی دینے کی ناکام کوشش کرتے نظر آئے۔(جاری )
٭ ٭ ٭


0 Comments