میرابچپن رنگوں سے بھرا، خوابوں سے سجا،اور خوشبوؤں سے مہکتا ہوا ایک خوبصورت زمانہ تھا۔ اس سنہرے دور کی سب سے روشن کرن ایک عظیم ہستی کی صورت میں میری زندگی میں موجود تھی ۔
“دادا جی‘‘
—میرے اولین دوست، میرے پہلے استاد، اور میرے کردار کا پہلا نمونہ۔میرے بچپن کا گھر، جو اب ماضی کا حصہ بن چکا ہے، میری یادوں کے جھروکوں میں آج بھی پوری محبت اور حفاظت کے ساتھ محفوظ ہے۔ اس گھر کی ہر دیوار، ہر کھڑکی، ہر دروازہ، اور ہر روشندان میرے دل کے نہاں خانوں میں آج بھی ویسا ہی زندہ ہے جیسا وہ ماضی میں تھا۔
ان ہی یادوں میں ایک خاص مقام رکھتا ہے میرا آنگن۔ چھوٹا سا، مگر دل کی وسعتوں میں بے حد کشادہ۔ وہ آنگن جہاں بچپن کی قہقہے بھری صدائیں گونجا کرتیں، جہاں معصوم شرارتیں پروان چڑھتیں، اور جہاں ایک آم کا درخت ہمارے ہر لمحے کا خاموش گواہ ہوا کرتاتھا۔
یہ درخت،کبھی اپنی ٹھنڈی چھاؤں سے ہمیں سکون دیتا،کبھی پتوں کی بارش میں ہمیں محوِ رقص کرتا، تو کبھی ننھی چڑیوں کا آشیانہ بن کر ہمیں زندگی کے لطیف اسباق سکھاتا۔یہی وہ درخت تھا جس کے سائے تلے میرا بچپن پروان چڑھا، اور یہی وہ منظر ہے جو میری یادوں میں ایک تصویر کی مانند نقش ہے۔جب کبھی ماضی کی جانب پلٹ کر دیکھتی ہوں تو دل میں ایک عجیب سی کیفیت جاگ اٹھتی ہے۔ایک طرف خوبصورت یادوں کی مٹھاس،اور دوسری طرف اُن دنوں کا غم جو اب لوٹ کر نہیں آئیں گے۔ان ہی یادوں میں ایک منظر خاص ہے وہ لمحہ جب اسکول سے لوٹنے پر دادا جی مجھے گھر پر نہ ملے۔میری عادت تھی کہ روز اسکول سے آکر اپنے دن بھر کے واقعات دادا جی کو سنایا کرتی۔ وہ نہایت محبت اور دلجمعی سے سنتے،اور اپنے قیمتی تجربات سے رہنمائی بھی فرماتے۔
وقت گزر گیا۔ حالات نے نیا رنگ اختیار کیا، معمولات بدل گئے۔اور پھر ایک رات،میں نے ایک خواب دیکھا۔میرے آنگن میں نیم کا درخت اپنی آخری سانسیں لے رہا ہے۔منظر دل کو چیر دینے والا تھا۔پاس ایک عورت (جو خادمہ تھی) کھڑی تھی۔ میری اداسی کو دیکھ کر کہنے لگی:’’اس درخت میں کوئی خرابی آ گئی تھی۔ اس کی وجہ سے دوسرے پودے پروان نہیں چڑھ رہے تھے، اس لیے اسے کاٹنا پڑا۔‘‘
گو کہ اُس کی بات درست تھی، لیکن میرے جذبات کا سمندر موجزن ہو گیا۔نیم کے اس گرے ہوئے تنِ تنہا وجود کو دیکھ کر یوں لگا جیسے میرا کوئی حصہ مجھ سے ہمیشہ کے لیے جدا ہو گیا ہو۔
بچپن کے تمام مناظر ایک ایک کر کے نگاہوں کے سامنے رقص کرنے لگے۔
اس خواب نے میرے ذہن کو دن بھر جکڑے رکھا۔میں سوچتی رہی آخر اس خواب کا مطلب کیا تھا؟پھر رفتہ رفتہ میں ایک نتیجے پر پہنچی۔
ہم اپنی زندگی میں بہت سی چیزوں کو، بہت سے تعلقات کو، اور بہت سے خیالات کو، tightly تھامے رکھتے ہیں۔ہمیں اُن سے انسیت ہو جاتی ہے، وہ ہمارےکنفرٹ زون (Comfort Zone) بن جاتے ہیں۔لیکن بعض اوقات یہی چیزیں ہماری ترقی، ہماری ذہنی صحت، اور ہمارے آگے بڑھنے کی راہ میں رکاوٹ بن جاتی ہیں۔ضروری نہیں کہ ہم ہر شے کو چھوڑ دیں، مگر وقت کے ساتھ خود کو نئے تجربات، نئے لوگوں، اور نئی حقیقتوں کے لیے تیار کرنا ازحد ضروری ہے۔
جب ہم گزرے لمحوں میں ہی کھوئے رہتے ہیں، تو نہ موجودہ نعمتوں کا شکر ادا کر پاتے ہیں، اور نہ ہی نئے امکانات کو گلے لگا پاتے ہیں۔زندگی ایک سفر ہے آگے بڑھنے کا، سیکھنے کا، اور ہر لمحہ نیا ہونے کا۔
شاید خواب میں نیم کا درخت اسی تبدیلی کا پیغام بن کر آیا تھا۔وہ آم کا درخت، جو حقیقت میں میرے آنگن میں تھا،خواب میں نیم کی صورت کیوں نظر آیا؟شاید اس لیے کہ نیم شفا، صبر،خاموشی،اور حکمت کی علامت ہے ،بالکل ویسا ہی جیسا کہ میرے دادا جی تھے۔
یہ درخت اب میرے خواب میں علامتی صورت اختیار کر چکا تھا۔وہ پیغام جو دادا جی کی تربیت، محبت، اور شفقت نے مجھے دیاکہ اب وقت ہے آگے بڑھنے کا۔ماضی کی قیمتی یادوں کو دل میں محفوظ رکھنا چاہیے،مگر ان کے سائے میں ہمیشہ رُکے رہنا، ہمیں نیا سورج دیکھنے سے روک دیتا ہے۔زندگی ہمیں سکھاتی ہے کہ ہر تعلق، ہر مقام، اور ہر لمحہ اپنے مقصد کو پورا کر کے رخصت ہوتا ہے۔سورج طلوع ہوتا ہے،روشنی بکھیرتا ہے،اور وقت پر غروب ہو جاتا ہے۔چاند اپنی رفتار پر رواں دواں ہے کبھی پورا، کبھی آدھا، مگر اپنے مدار سے باہر نہیں جاتا۔میرے دادا جی اور آنگن کا وہ نیم کا درخت دونوں میری روح میں رچے بسے ہیں۔ان کی محبت، رہنمائی، اور موجودگی میرے اندر صبر، حکمت، اور نرمی بن کر ہمیشہ کے لیے سمٹ چکی ہے۔اب وقت ہے۔۔۔کہ اُن سائے سے ملنے والی روشنی کو سینے میں سمو کرنرمی، شکر، اور امید کے ساتھ آگے بڑھا جائے۔
٭ ٭ ٭


ماشاءاللہ بہت ہی بہترین لکھا ہے۔