اس تحریر میں تاریخ کے اس دور کو قلم بند کرنے کی کوشش کی گئی ہے جب وقت کے خلیفہ نے’’ امرھم بینھم‘‘ کی آیات کو بھلا دیا ۔۔۔۔ اہل کوفہ نے بھی اپنی بے وفائی کا لبادہ اوڑھ لیا۔ ظلم اور درندگی کی انتہا! وقت نے دیکھا، مورخ نے رقم کیا۔۔۔۔ صدیوں کے بعد بھی وہ شہادت جو کربلا میں پیش کی گئی اس کا پیغام ہمارے لیے زندہ ہے، یاددہانی ہے ۔
حسن بصری کہتے ہیں کہ خلافت وہ ہے جسے قائم کرنے کے لیے مشورہ لیا گیا ہو اور بادشاہت وہ جسے تلوار کے زور پر حاصل کیا ہو ۔
یہ اسلامی خلافت کے آخری آخری دور کی بات ہے جسے بادشاہت نے جکڑ لیا۔ یزید بن معاویہ برسراقتدار لیکن خلیفہ کی صفات سے کوسوں دور۔ مکہ مدینہ میں خبر پہنچتی ہے۔ اکابر صحابہ کے بیٹے خلافت کو خطرے میں محسوس کر رہے تھے۔ عبداللہ بن عباس، عبد اللہ بن عمر مکہ میں رہ کر وعظ و نصیحت سے حالات کا سامنا چاہتے ہیں، جبکہ حسین بن علیؓ اہل کوفہ کے خطوط کا ڈھیر لیے مقابلے کے لیے تیار ہیں۔سب نے روکنے کی کوشش کی ، راستے میں آکر بیٹھ گئے، پر امام تو عزم کر چکے تھے ، اہل خانہ کے ساتھ آخری سفر پر نکل پڑے۔ پھر وہی ہوا جو تقدیر کے صفحات پر نقش تھا۔ اہل کوفہ نے اپنی بے وفائی کے جوہر دکھائے۔ ابن علی آواز لگاتے رہے،’’اے فلاں ابن فلاں!کیاتم نے مجھے کوفہ آنے کی دعوت نہ دی تھی۔۔۔ کیسے لوگ ہو ،میں تمھارے رسول کا نواسہ ہوں میرے خون سے اپنے ہاتھوں کو نہ رنگو۔۔۔ عبداللہ بن عمر نے کہا تھا ’’کوفی لا یؤفی۔۔۔‘‘
جو کربلا میں شاہِ شہیداں سے پھِر گئے
کعبہ سے منحرف ہوئے قرآں سے پھِر گئے
یوں تمام خیمے جلا دیے گئے۔۔۔۔ تاکہ وہ خطوط کسی کے ہاتھ نا لگیں۔ مگر کیا وہ نہیں جانتے تھے کہ جہنم کی آگ بہت شعلوں والی ہے! پھر پانی بند کر دیا جاتاہے۔’’العتش العتش‘‘کی آوازیں ہیں۔۔۔اہل بیت کی پیاس۔۔۔
اللہ رے تشنگانِ شہادت کا مرتبہ
اے بحرؔ آب خون ہوا ہے فرات میں
ایسے حلات میں علی اکبر اپنے بابا سے کہتے ہیں:
’’ ہمیں کیا ڈر جبکہ ہم حق پر ہیں۔۔۔ ‘‘ کربلا کا میدان ہے۔۔۔
۱۰ محرم۔۔۔امام کی کوئی بات نہیں مانی گئی۔۔ اور پھر جو کچھ ہوا وہ قلم لکھنے سے قاصر ہے۔۔۔۔! اس دردناک تاریخ کو بیان کرنا ضروری ہے۔ اس لیے کہ لوگوں کو امام حسین کا وہ خون تو یاد رہے کہ انھوں نے شہادت کیوں پیش کی۔۔۔۔ وہ اللہ کے بندوں کی آزادی چاہتے تھے۔ ایک بندہ مومن کسی ایسے شخص کی حکمرانی کیسے قبول کرسکتا ہے جس کا کردار کوئی نہیں۔۔۔!؟؟؟
نکل کے جبر کے زنداں سے جب چلی تاریخ
نقاب اٹھاتی گئی قاتلوں کے چہروں کا
زندگی کے دیوانو، سوئے کربلا دیکھو
عشق کس سلیقے سے زندگی میں ڈھلتا ہے
سلام خانۂ زہراؑ ترے چراغوں پر
بجھے ہیں شمعِ رسالت کی روشنی کے لیے
٭ ٭ ٭


0 Comments