میرا وطن

 اسکول میں ’’یومِ وطن‘‘ منایا جا رہا تھا۔بچوں نے رنگ برنگے لباس پہن رکھا تھا۔کسی جماعت میں ترانے گائےجارہے تھے تو کہیں حب الوطنی پر پُرجوش تقریریں ہو رہی تھیں۔
مس جویریہ ادھر سے گزریں تو حیران رہ گئیں!
’’ فرزین بیٹا! آج تو بڑے دلچسپ مقابلے چل رہے ہیں !! آپ نے کسی میں شرکت نہیں کی؟
فرزین نے کہا،’’ مس ! کیا وطن سے محبت اسلام میں جائز ہے؟ بعض لوگ کہتے ہیں کہ ہمیں صرف دین سے محبت کرنی چاہیے، وطن سے نہیں۔‘‘
مس جویریہ مسکرائیں اور اپنے شاگرد کے قریب بیٹھ گئیں۔
’’بیٹا! آؤ، سب بچوں کو جمع کرو، میں آج یہی راز سمجھاؤں گی۔‘‘
سب بچے گراؤنڈ میں اکٹھے ہو گئے۔ مس جویریہ نے گراؤنڈ سے تھوڑی سی مٹی لی اور پوچھا،’’بچو! یہ کیا ہے؟‘‘
’’مٹی!‘‘ سب نے کہا۔‘‘
نبی کریم ﷺ جب مکہ سے ہجرت کر رہے تھے تو مٹی کو دیکھ کر فرمایا تھا: ‘اے مکہ! تو مجھے سب شہروں سے زیادہ محبوب ہے، اگر تیری قوم مجھے نہ نکالتی تو میں کبھی نہ جاتا۔(ترمذی، حدیث۳۹۲۵)
یہ وطن کی محبت تھی،ایمان کے خلاف نہیں تھی۔ بلکہ فطری تھی۔
’’جو شخص اپنی جان، مال یا وطن کی حفاظت کرتے ہوئے مارا جائے، وہ شہید ہے۔‘‘(مسند احمد)
’’بچو! اگر کوئی دشمن ہمارے وطن پر حملہ کرے، یاملک میں فساد پھیلائے، اور تم اس کی حفاظت میں اپنی جان دو، تو اللہ تمہیں شہید کا درجہ دیتا ہے!‘‘
فرزین نےحیرت سے کہا:
’’مس! پھر تو جو سپاہی ملک کی حفاظت کرتے ہیں، وہ بھی مجاہد ہیں؟‘‘
مس جویریہ : ’’بالکل! اگر وہ نیت خالص رکھیں، تو وہ دین اور وطن، دونوں کی خدمت کرتے ہیں۔‘‘
مس نے اگلا سوال پوچھا،’’اگر تم سڑک پر ریڈ سگنل توڑو، جھوٹ بولو، بجلی کا بل ادا نہ کرو اور کہو کہ ہم مسلمان ہیں،توکیا اللہ میاں آپ سے راضی ہو ں گے؟‘‘
’’نہیں!‘‘ سب بچوں نے کہا۔
مس نے حدیث سنائی:
>’’مسلمان وہ ہے جس کی زبان اور ہاتھ سے دوسرے مسلمان محفوظ رہیں۔‘‘ (صحیح بخاری)
’’یعنی قانون توڑنا،دوسروں کو نقصان پہنچانا،اسلام کی تعلیمات کے خلاف ہے۔ وطن کا قانون اگر عدل پر مبنی ہو، تو اس کی پاسداری بھی عبادت ہے۔‘‘
آخر میں فرزین نے کھڑے ہو کرکہا:
’’ڈیر مس ! اب میں سمجھ گیا ہوں۔میرے ہاتھ میں مٹی ہو،دل میں ایمان ہو، اور دماغ میں قانون تو میں سچا مسلمان اور سچا بھارتی ہوں!‘‘
مس جویریہ نے مسکرا کر سب بچوں سے کہا:
>’’وطن کی مٹی تمہاری امانت ہے۔اسے سنوارنا، بچانا، اور اس کے قانون کی عزت کرنا، تمہارا اسلامی فریضہ ہے۔‘‘
سبق:وطن سے محبت فطری اور سنت ہے۔
وطن کی حفاظت ایمان کا حصہ ہے۔
قانون کی پاسداری نیکی ہے۔
امن قائم رکھنا اسلامی تعلیم ہے۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

جولائی ۲۰۲٥