خواتین کی غیر ضروری اسرافیت اورمردوں پر بڑھتا ہوا معاشی دباؤ

آج کے جدید معاشرے میں جہاں خواتین نے تعلیم، شعور اور خودمختاری کے میدان میں قابلِ قدر مقام حاصل کیا ہے، وہیں بعض معاشرتی رویے ایسے بھی ہیں جو مردوں پر شدید معاشی دباؤ کا باعث بن رہے ہیں۔ ان میں سب سے اہم پہلو خواتین کی غیر ضروری اسرافیت اور زندگی کے ہرپہلو میں بے جا اخراجات کی خواہش ہے، جس کا خمیازہ اکثر مرد حضرات کو بھگتنا پڑتا ہے۔
ایک عام مشاہدہ ہے کہ گھریلو نظام میں بہت سے ایسے اخراجات ہوتے ہیں جنہیں عقل،دین اور فطرت کی روشنی میں ضروری نہیں کہاجا سکتا۔مثلاً ہر چھوٹے بڑے کام کے لیے الگ الگ ملازماؤں کی تقرری، ہر موسم کی مناسبت سے کپڑوں کی خریداری،مہنگے پارلرز کے دورے،آئے دن سیر و تفریح کی فرمائشیں، اور گھر کے کاموں میں اپنی ذمے داریوں کو ترک کر کے سب کچھ شوہر کی آمدنی پر ڈال دینا۔ یہ سب معاملات اکثر بجٹ کو بوجھل کر دیتے ہیں۔
دوسری طرف، سماجی تقریبات جیسے شادی بیاہ، منگنی، سالگرہ، رسم و رواج ان تمام مواقع پر خواتین نہ صرف خود پر بے دریغ خرچ کرنا چاہتی ہیں بلکہ شوہر پر دباؤ ڈالتی ہیں کہ فلاں رشتہ دارکے یہاں جانا ہے،ان کے لیے تحفے لینے ہیں، آنے جانے کے اخراجات الگ، اور عزت و نمود کے چکر میں مرد کو شدید ذہنی اور مالی دباؤ میں ڈال دیتی ہیں۔
اسی طرح بچوں کی تعلیم کے حوالے سے بھی اکثر خواتین خود اپنی ذمہ داری کو نظر انداز کرتے ہوئے ہر چیز ٹیوٹر کے حوالے کر دیتی ہیں۔ بچوں کے ہوم ورک سے لے کر امتحانات کی تیاری تک، سب کچھ ٹیوشن اساتذہ پر چھوڑ دیا جاتا ہے، اور اس کا مالی بوجھ بھی شوہر کو ہی اٹھانا پڑتا ہے۔
ایسے میں یہ سوال اٹھنا فطری ہے کہ آیا شوہر کی کمائی صرف دکھاوے، آرام، اور بے جا رسومات کے لیے ہے؟ کیا ایک مرد کی ذمہ داری صرف کمانا اور سب کچھ برداشت کرنا ہے؟ کیا خواتین کا فرض نہیں کہ وہ اپنے رویوں میں توازن لائیں، فضول خرچی سے بچیں، اور شوہر کا بوجھ بانٹنے کی کوشش کریں؟
یاد رکھیں، خاندان صرف مرد کے کندھوں پر نہیں چلتا، بلکہ عورت کی دانائی، سلیقہ مندی، اور سمجھداری ہی گھر کو جنت بنا سکتی ہے۔ اگر خواتین اپنی اولاد کی تربیت کو اولین ترجیح دیں، گھر کے اخراجات کو سلیقے سے چلائیں، اور شوہر کے ساتھ ہم آہنگی اختیار کریں، تو نہ صرف معاشی مسائل کم ہوں گے بلکہ ایک پرامن اور خوشحال خاندان کی بنیاد بھی پڑے گی۔
آخری بات یہی ہے کہ زندگی سہولت کی نہیں، حکمت کی متقاضی ہے۔ اور حکمت اسی وقت ممکن ہے جب مرد و عورت دونوں اپنی اپنی ذمہ داریوں کو سمجھیں، ادا کریں اور ایک دوسرے کا سہارا بنیں، بوجھ نہیں۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے