زمین اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے۔ اس کی فضا،دریا، پہاڑ، درخت، جانور، پرندے اور سبزہ اللہ کی قدرت کی نشانیاں ہیں۔
اللہ تعالیٰ فرماتاہے:
إِنَّ فِي خَلْقِ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ وَاخْتِلَافِ اللَّيْلِ وَالنَّهَارِ لَآيَاتٍ لِّأُولِي الْأَلْبَابِ
ترجمہ: ’’بیشک آسمانوں اور زمین کی پیدائش میں اور رات دن کے بدلنے میں عقل والوں کے لیے نشانیاں ہیں۔‘‘ (آلِ عمران ۱۹۰)
لیکن انسان نے اس نعمت کی قدر کرنے کی بجائے اسے نقصان پہنچایا ہے۔ بے تحاشا درختوں کی کٹائی،گاڑیوں کا دھواں،پلاسٹک کا استعمال یہ سب ہماری زمین کو بیمار کر رہے ہیں۔
قرآن مجید ہمیں یاد دلاتا ہے:
ظَهَرَ الْفَسَادُ فِي الْبَرِّ وَالْبَحْرِ بِمَا كَسَبَتْ أَيْدِي النَّاسِ
ترجمہ: ’’خشکی اور تری میں فساد ظاہر ہو گیا لوگوں کے اعمال کی وجہ سے۔‘‘ (روم۴۱:)
انسان نے ضرورت سے زیادہ قدرتی وسائل کا استعمال کیا اور زمین کے توازن کو بگاڑ دیا ماحولیاتی بحران کی وجوہات درختوں کی اندھا دھند کٹائی!
عالمی ماحولیاتی رپورٹوں کے مطابق۲۰۰۰سے۲۰۲۳تک بھارت نے تقریباً۲۳ لاکھ۳۰ ہزار ہیکٹر ( ۲۳۳۰۰۰۰ہیکٹر) جنگلات کھو دیے ہیں۔ یہ بھارت کے کل درختوں کے رقبے کا تقریباً۶فیصد بنتا ہےز شاعر نے سچ کہا:
ہم اپنی بے قرینہ کاوشوں سے
خود ہی راہ میں حائل ہو گئے ہیں
ہمیں قدرت نے بخشے ہیں جو وسائل
مسائل در مسائل ہو گئے ہیں
اس کے علاوہ صنعتی آلودگی،گاڑیوں کی بھرمار،پلاسٹک اور کیمیکل کا استعمال، اور زمین کا غلط استعمالزیہی ماحولیاتی بحران کے اثرات ہمارے مد نظر ہیں اورانسانی غلطیوں کا نتیجہ سامنے ہے،جیسے گلوبل وارمنگ (Global warming) یعنی زمین کا درجہ حرارت بڑھنا،برفانی علاقوں کا پگھلنا،سمندری سطح بلند ہونا،شدید طوفان،سیلاب اور خشک سالی،زراعت متاثر ہونا،جانوروں کی نسلوں کا خاتمہ،انسانی صحت پر مضر اثرات رونما ہے۔اسلام ہمیں زمین کو سنوارنے اور آباد رکھنے کا حکم دیتا ہے۔
اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
وَلَا تُفْسِدُوا فِي الْأَرْضِ بَعْدَ إِصْلَاحِهَا
ترجمہ: ’’زمین کی اصلاح کے بعد اس میں فساد نہ پھیلاؤ۔‘‘ (اعراف ۵۶)
جوشخص کوئی درخت لگاتا ہے،وہ اس کے لیے صدقہ جاریہ ہے۔(مسلم شریف)اور فرمایا:’’پانی کے استعمال میں بھی اسراف نہ کرو، چاہے بہتے دریا پر ہی کیوں نہ ہو۔‘‘ (ابن ماجہ)
ہماری بھی ذمہ داریاں ہیں کہ آج ہمیں چاہیے کہ ہم اسلام کی ان تعلیمات پر عمل کریں اور زمین کو دوبارہ سرسبز و شاداب بنائیں۔زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں ،جنگلات کی حفاظت کریں،پانی اور بجلی کا محتاط استعمال کریں، پلاسٹک کے تھیلے چھوڑیں،کپڑے یا کاغذ کے تھیلی استعمال کریں،ری سائیکلنگ کو فروغ دیں،گاڑیوں کا کم استعمال کریں،سائیکل یا پبلک ٹرانسپورٹ اپنائیں۔ گھر، محلہ، اسکول اور دفتر کو صاف رکھیں۔ بچوں کو ماحولیاتی تحفظ کی تعلیم دیں۔
آپ اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ جماعت اسلامی ہند مہاراشٹرا ماحولیات کے تحفظ کے بارے میں خود باخبر رہنے اور عوام الناس کو بھی با خبر رکھنے نیز ماحولیات کے سلسلے میں عملی اقدامات کے لیےشجر کاری مہم منارہی ہے ۔ مہم بعنوان :مٹی میں ہاتھ، دل وطن کے ساتھ
چلڈرن اسلامک آرگنائزیشن (بچوں کی تنظیم ) نے بھی اس میں شامل ہو کر اس مہم کو کامیاب بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ بچوں کو بچپن ہی سے ماحولیات کے تحفظ کا شعور اور احساس ذمہ داری کی تربیت دی جائے تو انشاء اللّٰہ وہ بڑے ہوکر وہ ماحولیات کے محافظ بن سکتے ہیں۔ اللّٰہ تعالیٰ اس مقصد میں کامیاب کرے۔ (آمین)
٭ ٭ ٭
ہم اسلام کی ان تعلیمات پر عمل کریں اور زمین کو دوبارہ سرسبز و شاداب بنائیں۔زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں ،جنگلات کی حفاظت کریں،پانی اور بجلی کا محتاط استعمال کریں، پلاسٹک کے تھیلے چھوڑیں،کپڑے یا کاغذ کے تھیلی استعمال کریں،ری سائیکلنگ کو فروغ دیں،گاڑیوں کا کم استعمال کریں،سائیکل یا پبلک ٹرانسپورٹ اپنائیں۔ گھر، محلہ، اسکول اور دفتر کو صاف رکھیں۔ بچوں کو ماحولیاتی تحفظ کی تعلیم دیں۔


0 Comments