اکبر کے نورتن
اکبر اَن پڑھ تھا۔ بعض لوگوں کو گمان ہے کہ اَن پڑھ ہونے کی وجہ سے ہی اتنی عمدہ حکومت کر گیا ۔ اس کے دربار میں پڑھے لکھے نوکر تھے،جو ’’نورتن‘‘ کہلاتے تھے ۔یہ روایت اس زمانے سے آج تک چلی آتی ہے کہ اَن پڑھ لوگ پڑھے لکھوںکو نوکررکھتے ہیں اورپڑھے لکھے اس پر فخر کرتے ہیں۔
ادب کی سرپرستی
’’انار کلی ‘‘ایک کنیز تھی، جس کی وجہ سے شہزادہ سلیم کا اخلاق خراب ہونے کا اندیشہ تھا۔ اکبر نے اُسے دیوار میں چنوا دیا۔ ایک مصلحت اس میں یہ تھی کہ سید امتیاز علی تاج اپنا معرکہ آرا ڈرامہ لکھ سکیں اور اردو ادب کے ذخیرے میں ایک قیمتی اضافہ ہو سکے۔
مجھے خرافات پسند نہیں
پرانے لوگ عروض کے بغیر شاعری نہیں کیا کرتے تھے ۔ آج کل کسی شاعر کے سامنے عروض کا نام لیجئے توپوچھتا ہے وہ کیا چیز ہوتی ہے۔۔۔ ہم نے ایک شاعر کے سامنے زحانات کا نام لیا ہے۔۔۔۔۔ بولے خرافات ؟ مجھے خرافات پسند نہیں ۔ بس میری غزل سینے اور جائے ۔
شاہجہاں کسی معمار یا بلڈر
کا بیٹا نہیں تھا!
شاہ جہاں جہانگیر کا بیٹا اور اکبر کا پوتا تھا، کسی معمار یا عمارتی ٹھیکیدار کا نور نظر نہ تھا۔ نہ کسی پی ڈبلیو ڈی والے کا مورث اعلی تھا جیسا کہ لوگ اسے اتنی ساری عمارتیں بنانے کی وجہ سے سمجھ لیتے ہیں ۔
تاج محل نہ ہوتا تو!
شاہجہاں بہت دور کی نظر رکھتا تھا۔ تاج محل نہ ہوتا تو آج بھارت کی ’’ٹورسٹ ٹرید‘‘کو اتنی ترقی نہ ہوتی ۔ اتنازر مبادلہ نہ حاصل ہوتا ۔ اس کے دیگر نتائج بھی دور رس ہیں۔ تاج محل نہ ہوتا تو’’ تاج محل بیٹری‘‘ بھی نہ ہوتی ، ‘’’تاج محل چپل‘‘ بھی نہ ہوتی،’’تاج محل مکھن‘‘نہ ہوتا، جو صحت بخش اجزا کا مرکب ہے اورجسے تیاری کے دوران میں ہاتھوں سے نہیں چھوا جاتا حتی کہ کپڑے دھونے کی خاطر’’تاج محل صابن‘‘ بھی نہ ہوتا ۔ یہ بھی سوچنا چاہیے کہ تاج محل نہ ہوتا تو لوگ کیلنڈروں پر تصویریں کس چیز کی چھاپتے
حفظ ماتقدم کے طور پر
مہاراجہ رنجیت سنگھ پنجاب کے مہاراجہ تھے اور ان کا نام رنجیت سنگھ تھا۔ اس لئے ان کو ’’مہاراجہ رنجیت سنگھ‘‘ کہتے ہیں ۔مہا راجہ رنجیت سنگھ کا انصاف مشہور ہے ۔ ویسے تو ہندوستان کے سبھی راجاؤں کا انصاف مشہور ہے لیکن یہ واقعی سب کو ایک آنکھ سے دیکھتے تھے۔ سزا دینے میں مجرم اور غیر مجرم کی تخصیص نہ برتتے تھے ۔جو شخص کوئی جرم نہ کرے وہ بھی پکڑا آتا تھا۔ فرماتے تھے علاج سے پر ہیز بہتر ہے۔ اس وقت اس شخص کو سزا نہ ملتی تو آگے چل کر ضرور کوئی جرم کرتا۔بعد کے حکمرانوں نے انہی کی تقلید میں جرم نہ کرنے والے کو حفظ ما تقدم کے طور پر سزا دینے اور جیل بھیجنے کا اصول اختیار کیا۔ کبھی مجرم کو بھی سزا دیتے ہیں اگر وہ ہاتھ آجائے اور اس کا وکیل اچھا نہ ہو تو !
کشش کے اصول
کشش کئی طرح کی ہوتی ہے۔ پیسے کی کشش، کرسی کی کشش، جنسی کشش وغیرہ۔دنیا کے سارے کاروبار اور قوم کی بے لوث خدمتیں پہلی دو کشوں کےباعث ہیں۔ تیسری کشش آج کل ناولوں اور فلموں میں پڑتی ہے ۔ اسے ڈالنے کے بعد ان چیزوں میں اور کچھ کہانی اور پلاٹ تک ڈالنے کی ضرورت نہیں رہتی ۔
متحدہ محاذ
ایک شیر اور گدھا شکار کرنے گئے۔ انھوں نے کئی جانور مارے۔ آخر شکار تقسیم کرنے بیٹھے ۔ شیر نے تین ڈھیریاں بنائیں اور کہا کہ یہ ڈھیری تو جنگل کا بادشاہ ہونے کی حیثیت سے میری ہے ۔ اور یہ دوسری اس لئے میری ہے کہ شکار میں برابر کا حصہ دار ہوں ۔ اب رہی یہ تیسری ڈھیری کسی میں ہمت ہے تو اٹھا لے۔ ہے ہمت ۔۔۔۔؟
ہر متحدہ محاذ میں عموماً ایک شیر اور باقی گدھے ہوتے ہیں۔ تقسیم شکار کی ہو یا گھدوں کی، اس میں شیر کا حصہ خاص ہوتا ہے ۔ اس پر کوئی اعتراض کرتا ہے تو گدھا ہے ۔
ماخوذ : اردو کی آخری کتاب
ابن انشاء
٭ ٭ ٭


بہت خوب پیشکش ۔۔۔
ابن انشاء ایک بہترین اردو داں تھے – ہم نے اپنی درسی کتابوں میں انہیں پڑھا تو ہے لیکن بہت تھوڑا۔۔۔لیکن اب تو شاید درسی کتابوں میں ان کی بو تک نہیں ملتی۔۔۔