ملکی منظر نامہ
یہ تازہ دھبے خون کے سنا رہے ہیں داستاں
قارئینِ کرام! وطنِ عزیز میں گزشتہ ماہ ہونے والے کربناک ہوائی حادثے سے سبھی کے کلیجے منہ کو آگئے۔ ائیر انڈیا کی فلائٹ جو لندن جارہی تھی،چند ہی سیکنڈز میں بری طرح تباہ ہوگئی۔جب تک سوچنے سمجھنے کا موقع مل پاتا اس سے قبل ہی دل دہلا دینے والے شعلے اٹھے اورسینکڑوں جانیں ریزہ ریزہ ہوکر ہوا میں تحلیل ہوگئیں۔ اطلاعات کے مطابق اس طیارے میں تقریباً 242 مسافر سوار تھے، جنہوں نے بلند عزائم،نئے خواب اور خوشیوں کا تصور لیے رختِ سفر باندھا تھا مگر وہ خواب ان معصوموں کی دردناک موت پرکفِ افسوس ملتے رہ گئے۔یہ مکمل معاملہ ہی اپنے آپ میں ایک سوال ہے۔وہ سوال کہ جس کے جواب کی خاطر بے چینی سے عوام و پسماندگان کی نگاہِ منتظر حکومت پر ٹکی ہوئی ہے۔ اس معاملے میں دردناک اطلاع یہ بھی ہے کہ کل مسافروں میں سے فقط ایک مسافرکے علاوہ کوئی نہ بچ سکا۔ وہ خوش نصیب ’’وشواس کمار‘‘ تھے کہ جن کی حیات ابھی باقی تھی۔طیارے سے ایمرجنسی دروازے سے زندگی و موت کی کشمکش کے درمیان چھلانگ لگا کر بھڑکتی آگ کے درمیان سے نکل آیا۔نہ صرف یہ بلکہ یہ اطلاع بھی دل مٹھی میں لے لیتی ہے کہ یہ طیارہ ایک رہائشی علاقے میں ایک میڈیکل طلبہ کے ہاسٹل کی عمارت پرجاگرا، جس کے سبب تقریباً 20 زندگیاں لقمۂ اجل بن گئیں۔ اس پورے معاملے میں ایسے متعدد سوالات پیش نظر ہیں جو توجہ طلب ہے۔
اول تویہ کہ لندن کی جانب اڑان بھر رہے اس ایئر انڈیا کے طیارے 171 میں پہلے بھی مسافروں کی جانب سے تکنیکی خرابیوں کی شکایت موصول ہوئی تھی۔ اس طیارے میں بیٹھے ایک مسافر نے ویڈیو کے ذریعے اطلاع دی تھی کہ جہاز کے اے سی میں مسئلہ ہےساتھ ہی الیکٹرانکس اشیاءبھی کام نہیں کررہی ہیںمگر افسوس کہ اس شکایت کو مکمل طور پر نظر انداز کردیا گیاتاکہ 300 کے قریب جانوں کے نذرانے کی صورت نتیجہ دیکھا جاسکے۔
تحقیقات کے مطابق اس طیارے کو بنانے والی کمپنی بوئنگ (Boeing) میں کام کرنے والوں کی ویڈیو بھی عوام نے دیکھی جس میں ایک ملازم سے پوچھا گیا کہ ’’کیا آپ اس طیارے میں سفر کریں گے؟‘‘ تو اس ملازم نے بلا تردد انکار منہ پہ دے مارا۔بالکل اسی طرح اس معاملے کی تحقیق کرنے والے(Aircraft Accident Investigation Bureau AAIB) نے جب بلیک باکس کی تحقیق کی (جس میں جہاز کا مکمل ڈیٹا ہوتا ہے ساتھ ہی پائلٹ کے درمیان ہونے والی گفتگو بھی ریکارڈڈ ہوتی ہے) تو معلوم ہوا کہ ہوائی جہاز کو thrust نہیں مل سکا،جس کا مطلب تھا انجن میں خرابی یا یوں کہہ سکتے ہیں کہ مکمل پاور آف کے نتیجے میں گویا کہ خطرناک صورت حال کا سامنا تھا اور کیپٹن نے بروقت Mayday کال بھی دے دیا مگر 30 سیکنڈز سے بھی کم عرصے میں کپتان سمیت سینکڑوں مسافر راکھ ہوچکے تھے۔ اس معاملے میں کیپٹن کو مورد الزام ٹھہرانا سراسر حماقت ہوگی، کیوں کہ جو اس جہاز کی کمان سنبھالے ہوئے تھے اس کیپٹن’’سُمیت سبھَروال‘‘کے پاس آٹھ ہزار سے زائد گھنٹوں کا تجربہ تھا،جو اپنے آپ میں غیر معمولی بات ہے۔لہذا اس واقعے کی مزید تحقیقات پر غور کریں اور کیپٹن کی بہترین صلاحیتوں کے گواہان کو ذہن میں رکھیں تو عام انسانی ذہن اس بات کو قبول کرنے سے انکاری ہے کہ یہ کپتان کی غفلت کا نتیجہ تھا۔گو کہ مکمل تصویر کھل کر واضح ہوجاتی ہے کہ یہاں عوام کی جان و مال کے ساتھ کھیلا گیاہے۔یہ صرف ایک جہاز کی تباہی نہیں تھی بلکہ عوام الناس کے تحفظ، بھروسے اور یقین کا منہدم ہونا تھا۔ یہ ادارہ جاتی غفلت اور حکومتی نااہلی کا زندہ ثبوت تھا۔
ایک متنازعہ طیارہ جس کی شکایت خود اس میں سفر کرنے والے ایک فرد نے کی تھی، اس کو سنجیدگی سے کیوں نہیں لیا گیا؟ اگرچہ تکنیکی خرابیوں پر تقریباً 300 جانوں کا الزام دے بھی دیا جائے تو Boeing کے ان ملازمین کی ویڈیو جس میں وہ جہاز میں سفر کرنے سے انکاری ہیں،اس الزام کو خود اپنے سرلے لیتی ہے۔ اتنی سنگین تکنیکی خرابی جو زمین چھوڑتے ہی سینکڑوں افراد کو چند سیکنڈز میں دھواں کرگئیں اس کا ادراک قبل از اڑان کیوں نہیں ہوا؟ ہر طیارہ پرواز بھرنے سے قبل کئی پروسس سے گزرتا ہے اور مکمل اطمینان ہونے کے بعد ہی اس کے لیے رن وے کھولا جاتا ہے تو کیا ذہن اس بات کو قبول کرلیں کہ چیکنگ کی ادنیٰ مگر بھاری غفلت کے سبب سینکڑوں روحیں قفس عنصری سے پرواز کرگئیں؟ کیا اب بھی جواب دہی کی کوئی صورت بنتی ہے یا اب بھی تحقیقاتی کمیٹی کی پشت پناہی سے غفلت کو چھپایا جائے گا؟ Boeing, Air India اور اسی طرح ہوائی کمیٹی سے وابستہ تمام ذمہ داران سے سختی سے حساب لیا جائے، اسی صورت حادثے کے حقائق جانے جاسکتے ہیں،ورنہ یہ رواج عام ہونے دیر نہیں لگے گی کہ انسانی جانوں کی قیمت پریس کانفرنس کی معذرت اور چند روپے ہیں۔
عالمی منظرنامہ
ہم سر بکف اٹھے ہیں کہ حق فتح یاب ہو
عزیز قارئین! عالمی منظرنامے پر نظر ڈالیں تو ایک غیر معمولی تبدیلی دکھائی دیتی ہے،جو انقلاب کی نویدہے۔ گزشتہ ماہ اسرائیل نے ایران پر ایک جارحانہ حملہ کیا۔ اس کے بعد بہت ہی غیر متوقع طریقے سے منظرنامہ مکمل طور پر بدلتا نظر آیا۔ غاصبوں کے حملے کے بعد ایران کی جانب سے ہوئی پیش قدمی کو ہر باشعور مسلمان سلام پیش کرتا ہے، ساتھ ہی عرب ممالک کی خاموشی پرناظرین کی جانب سے لعنتوں کا ایک نا ختم ہونے والا سلسلہ ہے۔ ایران کی جانب سے قائد اعظم’’ آیت اللہ خامنہ ای‘‘ کی سربراہی میں غاصب ریاست پر کیے گئے بے باکانہ حملوں نے دشمن کے پرخچے اڑا دیے۔ساتھ ہی غاصبوں کی ایٹمی پاو ر اور ہتھیاروں کا خوف و دبدبہ جو برسوں سے قائم تھا،چند ایک کاروائیوں میں ہی ختم ہوتا محسوس ہوا۔ یوں معلوم ہوتا ہے کہ غاصب ریاست کے’’ آئرن ڈوم‘‘اور میزائل کی طاقت فقط ایک سراب تھا۔ ایٹمی پاور کی لاچارگی میں گدائی کے دن بھی دیکھنے پڑے اور مجبوراً امریکہ کے سامنے دست سوال دراز کیا۔ امریکی صدر نے مدد کی حامی بھرنے کے بعد ایران پر میزائل بھی داغے اور دعوہ کیا کہ ایران کے ایٹمی پلانٹ تباہ کردیے گئے ہیں مگر فوراً ہی آہنی عزائم و استقامت والوں سے جواب آیا کہ ہمارے پلانٹ محفوظ ہیں اورحملےکے نتیجے میں محض معمولی نقصان ہواہے۔بہرحال مقابل کے فطرتاً بزدل ہونے کی شاہد’’ الجزیرہ‘‘کے ذریعے ملنے والی اطلاع تھی کہ غاصبوں نے جنگ بندی کی بات رکھی ہے۔ اس سے معلوم ہوا کہ بہت کامیابی کے ساتھ ایران نے غاصبوں کو ناکوں چنے چبوائے ہیں۔ امریکہ کی پشت پناہی میں ایران نے سایۂ امن ڈھونڈنے کی ناممکن کی کوشش کی مگر جنگ بندی کا فیصلہ اور غاصبوں کی شرمناک ناکامی ہی ایران کی اصل کامیابی تھی۔ اگرچہ ایران کو گہرے نقصانات ہوئے لیکن دونوں ممالک کے مابین چلنے والی بارہ روزہ جنگ میں بہت سے حقائق کھل کر سامنے آگئے ہیں۔ظالم ریاست کا دبدبہ اس کے دفاعی نظام کے سبب تھا جس کے قصیدے ہر ملک میں پڑھے جاتے تھے اور حالیہ جنگ میں غاصبوں کا سب سے بھاری نقصان یہی رہا کہ اس کا دفاعی نظام اور ٹیکنالوجی مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئے۔ وہ تمام مناظر عوام الناس نے اپنی آنکھوں سے دیکھے کہ ایران کی جانب سے غاصب ریاست پر باربار ببانگ دہل میزائل داغے گئے اور ہر حملہ اپنے ہدف پر پہنچنے میں کامیاب رہا۔یہاں غور طلب پہلو یہ ہے کہ ایران نے بروقت بہترین اقدامات کے ساتھ ساتھ دفاع بھی اس قدر زبردست کیا کہ فضائیہ کی دفاعی صلاحیت اخیر تک باقی رہی اور مقابل کی شکست فاش پر سبھی کے کلیجوں میں ٹھنڈک پر گئی۔ مختصراً یہ کہ ایران کو ہوئے نقصانات کا جائزہ لے بھی لیا جائے تو مقابل پر حاصل ہوئی فتح منفی نکات کو دبا دیتی ہیں۔ ایرانی دہشت کا وہ قابل دید منظر بھی میڈیانے ریکارڈکیا جب اسرائیلی باشندے خوف و ہراس کے عالم میں ہڑبڑائے ہوئے بنکرز کی جانب بھاگے ،جبکہ مقابل میں ایران پر ہونے والے حملے کے دوران ایک خاتون صحافی لائیو شو کررہی تھیں کہ اچانک حملہ ہوا مگر اس دوران خاتون کی ہمت قابل دید تھی۔ کل ملا کر یہ ایک جرأت مندانہ کارکردگی رہی جس سے صہیونی ریاست کا جھوٹا دبدبہ بے نقاب ہوکر رہ گیا اور حق کی فتح کے نظارے نے ہر ایک کی آنکھ کو ٹھنڈک بخشی۔
پھر ایک کارواں لُٹا
محترم قارئین! دوسری بڑی عالمی خبر جو سرخیوں کا حصہ رہی وہ مڈلین جہاز کی غزہ کی جانب پیش قدمی تھی۔ یہ حوصلہ، بلند عزائم اور انسانیت کے درد کی وہ مثال تھی جو فقط تقاریرودعاؤں تک محدود نہ رہی بلکہ عملی شہادت پیش کی۔تقریباً 12 افراد پر مشتمل یہ عظیم قافلہ سوئے منزل رواں تھا۔ 22 سالہ صنف آہن ’’گریٹا تھنبرگ‘‘ کی انقلابی آوازپرمختلف جگہوں سے جمع ہوئے۔ان کے ساتھیوں نے رخت سفر باندھا اور سسکتی انسانیت کو مرحم لگانے کی نیت سے غزہ کی سمت پیش قدمی کی مگر دشمنوں کا رخنہ ڈالنا یقینی تھاٗ لہذا ان جیالوں کے قافلے کو لوٹ لیا گیا اور ان کے بلند عزائم پر کاری ضرب لگائی گئی۔انہیں جیلوں میں بند کیا گیا ساتھ ہی چند مطالبے ان کے سامنے رکھے گئے جو انہوں نے بے باکی سے مسترد کردیے۔ اگرچہ یہ قافلہ منزل مقصود تک پہنچنے میں ناکام رہا مگر عالم انسانیت کو بڑا سبق دے گیا۔
٭ ٭ ٭
اگرچہ ایران کو گہرے نقصانات ہوئے لیکن دونوں ممالک کے مابین چلنے والی بارہ روزہ جنگ میں بہت سے حقائق کھل کر سامنے آگئے ہیں۔ظالم ریاست کا دبدبہ اس کے دفاعی نظام کے سبب تھا جس کے قصیدے ہر ملک میں پڑھے جاتے تھے اور حالیہ جنگ میں غاصبوں کا سب سے بھاری نقصان یہی رہا کہ اس کا دفاعی نظام اور ٹیکنالوجی مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئے۔


0 Comments