نظر انداز ہوتے ہوئے سائے، بڑھاپا اور بے رحمی: سماج کا آئینہ

21 جون کی صبح ممبئی کی ایک ساٹھ سالہ سن رسیدہ خاتون ’’یشودھا گائکواڑ‘‘ کوڑے کے ڈھیر پہ پائی گئیں۔ یشودھا جلد کے کینسر کی مریضہ ہیں، اس کے علاوہ ان کا دماغی توازن بھی ٹھیک نہیں ہے۔پولیس کی تفتیش سے پتہ چلا کہ ممبئی میں یہ خاتون اپنے پوتے کے ساتھ رہتی تھیں۔ حادثہ کے قبل ایک رات دماغی توازن کھودینےکے سبب وہ اپنے آپ کو اور اپنے پوتے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہی تھیں۔ گھر والے جب اسپتال لے کے گئے تو وہاں علاج کے لیے منع کر دیا گیا۔ ایسے میں پوتے نے اپنے ساتھی کی مدد سے انہیں واپسی میں ایک کوڑے کے ڈھیرپر چھوڑدیا۔نیشنل کینسرانسٹی ٹیوٹ (National Cancer institute)نے متاثرہ کو مفت علاج کی پیشکش کی ہے ۔ اس کے علاوہ ان کے گھر والوں پہ مقدمہ بھی دائر کیا گیا ہے ۔
مردم شماری رپورٹ -2011کے مطابق ہندوستان میں بزرگ 10.38 کروڑ افراد یا ملک کی آبادی کا 8.6فیصد ہیں۔ 25جولائی 2023کو لوک سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں،سماجی انصاف اور بااختیار بنانے کی وزارت کی وزیر مملکت ’’پرتیما بھومک‘‘نے ترقیاتی کاموں اور مختلف سرکاری اسکیموں کے نفاذ پر روشنی ڈالی، جس کا مقصد بزرگ شہریوں کے لیے مالی تحفظ، صحت کی دیکھ بھال،غذائیت،پناہ گاہ اور بہبود فراہم کرنا ہے۔ حکومت نے اس سلسلے میں مدد فراہم کرنے کی کئی شروعات کی ہے ،لیکن عوام میں بیداری نہ ہونے کی وجہ سے ان کا صحیح استعمال نہیں ہو پاتا۔ 2021 کے سروے کے مطابق مجموعی طور پر ہندوستانی ریاستوں میں مہاراشٹر اس طرح کے جرائم میں پہلے نمبر پہ آتا ہے ، خصوصی طور پر ممبئی۔ اس کے بعد مدھیہ پردیش اور تمل ناڈو ہیں۔
اللہ تعالیٰ نے انسانی زندگی کو ماں باپ کی آغوش سے پروان چڑھایاہے۔ جانور،چرندپرندبھی اپنے بچوں کوپالتےہیں، لیکن انسان اورجانورکی پرورش میں شاید یہی فرق ہےکہ جانور اپنے بچوں کو بالغ ہوتے ہی آزاد کر دیتے ہیں جب کہ انسان اپنی اولاد کے لیے پوری زندگی کھپا دیتا ہے ،مائیں بیس برس کی ہوں یا ساٹھ یا نوے ان کی ترجیحات میں اپنی اولاد کی فکر فوقیت رکھتی ہے۔ پر اولاد کا معاملہ مختلف ہے، ایک بڑی تعداد ان لوگوں کی ہے جو ان قربانیوں کو فراموش کر جاتے ہیں اور والدین جب ایک خاص عمر تک پہنچ جاتے ہیں تویہ ان سے چھٹکارا پانے کی کوشش کرنے لگتے ہیں ۔ انسانی فطرت کے ان زاویوں کو اسلام سے بہتر کون سمجھ سکتا ہے، اسی لیے اللہ تعالٰی نے قرآن میں تاکید کے ساتھ فرمایا ہے:

وَقَضَىٰ رَبُّكَ أَلَّا تَعْبُدُوا إِلَّا إِيَّاهُ وَبِالْوَالِدَيْنِ إِحْسَانًا إِمَّا يَبْلُغَنَّ عِندَكَ الْكِبَرَ أَحَدُهُمَا أَوْ كِلَاهُمَا فَلَا تَقُل لَّهُمَا أُفٍّ وَلَا تَنْهَرْهُمَا وَقُل لَّهُمَا قَوْلًا كَرِيمًا (23) وَاخْفِضْ لَهُمَا جَنَاحَ الذُّلِّ مِنَ الرَّحْمَةِ وَقُل رَّبِّ ارْحَمْهُمَا كَمَا رَبَّيَانِي صَغِيرًا (24) سورۃ الاسراء ۔

ترجمہ: اور آپ کے رب نے حکم فرما دیا ہے کہ تم اللہ کے سوا کسی کی عبادت مت کرو اور والدین کے ساتھ حسنِ سلوک کیا کرو، اگر تمہارے سامنے دونوں میں سے کوئی ایک یا دونوں بڑھاپے کو پہنچ جائیں تو انہیں اُف بھی نہ کہنا اور انہیں جھڑکنا بھی نہیں اور ان دونوں کے ساتھ بڑے ادب سے بات کیا کرو۔ اور ان دونوں کے لئے نرم دلی سے عجز و انکساری کے بازو جھکائے رکھو اور (اللہ کے حضور) عرض کرتے رہو: اے میرے رب! ان دونوں پر رحم فرما جیسا کہ انہوں نے بچپن میں مجھے (رحمت و شفقت سے) پالا تھا۔
یہ قرآنی تعلیمات ہیں جہاں والدین کے لیے جسمانی تشدد تو بہت دور کی بات ہے،ان کے جذبات کا بھی خیال رکھنے کی تعلیم دی جاتی ہے۔ لفظ ’’اف‘‘ کتنا چھوٹالگتا ہے مگر اللہ نے اس سےبھی روک دیا کہ آپ کی جھنجھلاہٹ بھی ان کے ساتھ نرم رویے پر حاوی نہ ہو جائے۔
معلوم ہو کہ دستور ہند والدین اور گھر کے بزرگ کی ذمہ داری ، ان کی دیکھ بھال کے maintenance and welfare of parents and senior citizen act 2007 پاس کر چکی ہے۔ ساتھ ہی اگر ان کے ساتھ بد سلوکی یا کسی طرح کا تشدد کیا جائے تو اس پہ بھی کیس بن سکتا ہے۔ 2022کی رپورٹ کو دیکھا جائے تو معلوم ہوگا کہ 59فیصد ضعیف لوگوں کو ان کے ہی گھر والوں کی طرف سے تشدد کا سامنا کرنا پڑا ہے، جس میں سے محض 10 فیصد نے رپورٹ درج کرائی ہے ۔
والدین یا بڑوں کے تئیں برا رویہ نہ صرف اسلامی تعلیمات کے خلاف بلکہ انسانیت کے بھی خلاف ہے۔ایسے لوگوں کی سماج میں بھرپور مذمت کی جائے اور ساتھ ہی اپنے بچوں کی تربیت میں خاص خیال رکھاجائےکہ وہ بڑوں کی عزت اور دیکھ بھال کو بوجھ نہ سمجھے بلکہ خدمت کرنے کا ایک موقع سمجھے۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے