مئی ۲۰۲٥
فلاحی ادارے اور اسلامی تحریک (قسط:2)

فلاحی اداروں کا کردار

جیساکہ عرض کیا گیاکہ نظریاتی تحریکوں کے لیے فلاحی ادارے اس لیے ضروری ہیں کہ وہ ایک متبادل نظام تمدن کی تعمیر و ترقی میں کئی پہلوؤں سے اہم کردار اداکرتے ہیں۔ذیل میں ایسے کچھ اہم پہلوؤں کی طرف اشارہ کیا جارہا ہے۔

۱۔ معاشرے کی تعمیر میں کلیدی کردار:

تحریک اسلامی کا نصب العین اقامت دین ہے۔اقامت دین کا تعلق صرف ریاست یا حکومت سے نہیں ہے بلکہ جماعت اسلامی ہند کے دستور میں فرد کے ارتقا اور معاشرے کی تعمیر کو بھی اقامت دین کا اہم حصہ قرار دیا گیا ہے ۔ [12]
معاشرے کے عناصر ترکیبی تین ہیں۔ ایک تو خود افراد ہیں جن کے ارتقا کو ایک مستقل پہلو کے طور پر بیان کیا گیا ہے اور دوسرے معاشرے کی رسوم و رواج اور معمولات ہیں اور تیسرے سماجی ادارے ہیں۔ ریاست کی سطح پر جو کردار مقننہ، عاملہ اور عدلیہ جیسے اداروں کا ہوتا ہے، سماج کی سطح پر وہی کردار سماجی اداروں کا ہوتا ہے ۔[13] یہ فرق ضرور ہوتا ہے کہ ریاست کے پاس قوتِ قاہرہ و نافذہ ہوتی ہے جوسماج کے پاس نہیں ہوتی۔لیکن سماج معمولات و عرف کی طاقت سے کنٹرول اورنفاذکی اپنی طاقت رکھتا ہے، جس کا مرکز سماجی ادارے ہی ہوتے ہیں۔ اس لیے کوئی مکمل تحریک سماجی اداروں کو نظر انداز نہیں کرسکتی۔ اداروں کو درست رخ دیے بغیر اور مثالی اداروں کی نشوونما کے بغیرمعاشرے کی تعمیر ممکن ہی نہیں ہے۔گویا مثالی اداروں کا قیام اور اداروں کو درست رخ اور سمت فراہم کرنا اقامت دین کا محض ذریعہ نہیں ہے بلکہ یہ اقامت دین کے وژن (Vision)کا راست حصہ اور عین مقصد کا جزو ہے۔

۲۔قوت و طاقت اور اثر پذیری :

اسلام کے حق میں قوت و طاقت کا حصول ہمیشہ تحریک اسلامی کا اہم ہدف رہا ہے۔ قوت و طاقت صرف سیاسی قوت نہیں ہوتی۔ہر زمانے میں قوت کے متعدد سرچشمے رہے ہیں اور تحریکوں نے ان سب قوتوں کو مناسب رخ دینے اور ان پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی ہے۔ موجودہ دور میں سماجی ادارو ں کو قوت کے اہم مرکزکے طور پر تسلیم کیا گیاہے۔ سول سوسائٹی(Civil Society) کو ایک مستقل سیکٹر (sector)کے طور پر تسلیم کیا جانے لگا ہے ۔[14] جو تحریک زندگی کے تمام شعبوں کو اور قوت کے تمام مراکز کو متاثر کرنا چاہتی ہے وہ اداروں کو یعنی قوت کے فوری ممکن الحصول سرچشمے کو کیسے نظر انداز کرسکتی ہے؟ یہی وجہ ہے کہ دنیا کی تمام اسلامی تحریکیں بلکہ تمام نظریاتی تحریکیں اداروں کو بہت زیادہ اہمیت دیتی ہیں۔

۳۔ متبادل عوامی پالیسیوں اور گورننس ماڈلوں کی پیشکش :

سرکاری ادارے رائج الوقت نظام اور مروجہ تمدنی طور طریقوں کے مطابق چلتے ہیں۔ رضاکارانہ سماجی ادارے ان کے مقابلے میں متبادل پالیسیوں اور طور طریقوں کو اپنا کر ایک متبادل تمدنی ڈھانچے کا نمونہ دنیا کے سامنے پیش کرسکتے ہیں۔ تھنک ٹینک (Think Tank)جیسے ادارے متبادل طریقوں کو نظریاتی سطح پر پیش کرتے ہیں جب کہ فلاحی ادارے ان طریقوں کو برت کر ان کے فائدوں کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
اسلام کی ابتدائی تاریخ میں اس کا خوبصورت نمونہ امام اعظم ابوحنیفہؒ کا حلقہ تھا جس نے ایک ادارے کی شکل اختیار کرلی تھی۔ یہ اسلامی تاریخ میں ایک موثر تھنک ٹینک کی اولین مثال تھی۔ مولانا مودودیؒ اس ادارے پر تبصرہ کرتے ہوئے فرماتے ہیں:
’’ امام ابو حنیفہ کو ایک بالکل نرالا راستہ سوجھا اور وہ یہ تھا کہ وہ حکومت سے بے نیاز رہ کر خود ایک غیر سرکاری مجلس وضع قانون ( Private Legislature ) قائم کریں ۔ یہ تجویز ایک انتہائی بدیع الفکر آدمی ہی سوچ سکتا تھا اورمزید برآں اس کی ہمت صرف وہی شخص کر سکتا تھا جو اپنی قابلیت پر، اپنے کردار پر اور اپنے اخلاقی وقار پر اتنا اعتماد رکھتا ہو کہ اگر وہ ایسا کوئی ادارہ قائم کر کے قوانین مدون کرے گا تو کسی سیاسی قوت نافذه (Political sanction)کے بغیر اس کے مدون کردہ قوانین اپنی خوبی ،اپنی صحت، اپنی مطابقت احوال اور اپنے مدون کرنے والوں کے اخلاقی اثر کے بل پر خود نافذ ہوں گے ۔ قوم خود ان کو قبول کرے گی اور سلطنتیں آپ سے آپ ان کو تسلیم کرنے پر مجبور ہوں گی۔۔۔ اس طرح تاریخ کا یہ اہم واقعہ رونما ہوا کہ ایک شخص واحد کی قائم کی ہوئی نجی مجلس وضع قوانین کا مرتب کیا ہوا قانون محض اپنے اوصاف اور اپنے مرتب کرنے والوں کی اخلاقی ساکھ کے بل پر ملکوں اور سلطنتوں کا قانون بن کر رہا ۔ اس کے ساتھ دوسرا اہم نتیجہ اس کا یہ بھی ہوا کہ اس نے مسلم مفکرین قانون کے لیے اسلامی قوانین کی تدوین کا ایک نیا راستہ کھول دیا۔ بعد میں جتنے دوسرے بڑے بڑے فقہی نظام بنے وہ اپنے طرزی اجتہاد اور نتائج اجتہاد میں چاہے اس سے مختلف ہوں، مگر ان کے لیے نمونہ یہی تھا جسے سامنے رکھ کر ان کی تعمیر کی گئی۔[15]
حالیہ تاریخ میں متعدد سماجی اداروں کے نمونے موجود ہیں، جنہوں نے ایک متبادل پالیسی فریم ورک فراہم بھی کیا اور حکومتوں پر بلکہ عالمی قوانین اور بین الاقوامی معمولات(International Norms)تک کو متاثر کیا ہے۔
شمالی یورپ کے اسکیند ینیفائی ممالک(Scandivanian Countries)کی فلاحی ریاستیں (Welfare States)دنیا بھر میں مشہور ہیں۔ ان ممالک کی پالیسیوں کو فلاحی رخ دینے میں بڑا کردار اُن سماجی اداروں کا ہے جنہوں نے انیسویں صدی اور بیسیوں صدی کے نصف اول میں مغربی یورپ کے ظالمانہ سرمایہ داری نظام کے برخلاف متبادل فلاحی پالیسیوں کے مختلف ماڈل تخلیق کیے اور انہیں رائج کیا۔ ڈنمارک (Denmark)میں گزشتہ صدی کے اوائل میں قائم ہونے والے تعلیمی ادارے’لوک اسکول‘ (Folk School or Folkehøjskoler)نے غیر رسمی طریقوں سے سماج کے تمام طبقات کو مساویانہ طور پر تعلیم فراہم کرنے کا تصور عام کیا جس نے بالآخر اس علاقے کے پورے تعلیمی نظام کی شکل بدل ڈالی۔ [16] ۱۹۲۳میں سوئیڈن (Sweden)میں قائم ہونے والی ہاؤسنگ سوسائٹی HSB (Hyresgästernas Sparkasse- och Byggnadsförening)نے امیر و غریب کی تفریق کے بغیر سب کو یکساں رہائش فراہم کرنے کی ایک ایسی انقلابی تحریک شروع کی جس نے بالآخر اس پورے علاقے میں شہری منصوبہ بندی اور ہاؤسنگ کے ایک بالکل منفرد غریب پرو ر نظام کو رائج کردیا ۔ [17] لوتھیرن فرقے کے چرچوں نے اس علاقے میں جو رفاہی ادارے قائم کیے ان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ انہوں نے سماجی ذمے داری، مساوات، احساس ذمے داری اور محروم وکمزور طبقوں کے تئیں ہم دردی کی وہ عام فضا پیدا کی جس نے یہاں فلاحی ریاستوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ [18]
گزشتہ صدی کے وسط میں اسپین (Spain)میں ایک عیسائی پادری فادر آرزمندی (Father Arizmendi)نے اپنے طلبہ کی مدد سے ایک چھوٹا سا ادارہ قائم کیا تھا اور سرمایہ داروں کی جانب سے مزدوروں کے استحصال کی صورت حال کو دیکھ کر ایسی انڈسٹری کا تصور پیش کیا جو مکمل طور پر ورکروں کی ملکیت میں ہو۔آج فادر آرزمندی کی قائم کردہ مونڈریگن کارپوریشن(Mondragon Corporation)اسپین کی سب سے بڑی عالمی کمپنیوں میں سے ایک ہے ۔ [19] اس کے ملازمین کی تعداد اسّی ہزار سے متجاوز ہے جو اس کے مالک بھی ہیں۔ اس کمپنی نے بھی ساری دنیا میں ایک متبادل تجارتی ماڈل کو عام کیاہے۔[20] نوم چومسکی (Noam Chomsky)نے مونڈریگن کارپوریشن کے بارے میں یہ بات لکھی ہے کہ یہ ماڈل آئندہ نظام سرمایہ داری کا کام یاب متبادل بن سکتا ہے۔[21]
یہ چند نمونے ہم نے بطور مثال بیان کیے ہیں۔ مختلف شعبوں سے متعلق ایسے بہت سارے نمونے ساری دنیا میں پائے جاتے ہیں جنہوں نے غیر معمولی تخلیقی طریقوں سے منفرد نمونے تشکیل دیے اور ان نمونوںنے حکومتوں کی پالیسیوں کو بھی متاثر کیا۔ اسلامی اداروں کا اصل مقصد بھی یہی ہونا چاہیے کہ وہ متبادل پالیسیوں کو فروغ دینے کا ذریعہ بنیں۔ وہ اسلام کی تعلیمات کی روشنی میں ایسے اختراعی نمونے تخلیق کریں جن کے ذریعے شریعت اسلامی کے مقاصد کا حصول ممکن ہوسکے اور جو اپنی افادیت اور نافعیت کے باعث دنیا کی توجہ حاصل کریں اور حکومتوں کی پالیسیوں کو متاثر کرسکیں۔ اگلی قسطوں میں ہم تجویز کرنے کی کوشش کریں گے کہ تعلیم، صحت،ہاؤسنگ، مالیات وغیرہ مختلف شعبوں میں کس طرح کے منفردماڈل تشکیل دیے جاسکتے ہیں۔

۴۔نئے معمولات اور طریقوں کی ترویج:

جیسا کہ عرض کیا گیا،معاشرےکے عناصر ترکیبی میں افراد اور اداروں کے ساتھ ساتھ وہ رواج بھی شامل ہیں جنہیں سماجیاتی اصطلاح میں سماجی معمول(Social Norms)کہا جاتا ہے یا جنہیں ہماری فقہ کی روایتی اصطلاح میں معاشرے کا ’عرف‘ کہا جاتا ہے۔ معاشرے کی تعمیر کا مطلب یہی ہے کہ سماجی معمول اور سماج کے عرف اسلام سے ہم آہنگ ہوجائیں۔ اس مقصد کے حصول میں بھی اداروں کا بڑ ا اہم کردار ہوتا ہے۔ ادارے نئے معمولات(New Norms)تشکیل دیتے ہیں اور سماج کے عرف پر اثر انداز ہوکر ان کی تشکیلِ نو میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
ایسے متعدد اداروں کی مثالیں دی جاسکتی ہیں جنہوں نے حالیہ دنوں میں مختلف ملکوں کے اور عالمی رجحانات کو متاثر کیا ہے،نئے معمولات تشکیل دیے ہیں اور قدیم معمولات کو کم زور کیا ہے یا انہیں ختم کیا ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل (Amnesty International)اور ہیومن رائٹس واچ (Human Rights Watch)جیسی تنظیموں نے ساری دنیا میں حقوق انسانی کے نئے تصورات کو انسانی ضمیر کا حصہ بنایا ہے ، عالمی قوانین کو متاثر کیا ہےاور حق تلفی کی بہت سی قسمیں جو مختلف سماجوں کا عرف بن چکی تھیں انہیں ختم کرنے میں کام یابی حاصل کی ہے۔ ریڈ کراس(Red Cross) جیسی تنظیموں نے ریلیف و باز آباکاری کے نئے عوامی طریقے رائج کیے ہیں اور اس حوالے سے ملکی قوانین میں ٹھوس تبدیلیوں کے بھی محرک بنے ہیں ۔ [22] ڈاکٹرز وتھ آوٹ بارڈرز(Doctors Without Borders or Médecins Sans Frontières) MSF ڈاکٹروں کی عالمی تنظیم ہے جس نے سیاسی وابستگیوں ،ریاستی کنٹرول اور تجارتی مفادات سے آزاد طبی خدمات کا ایک نیا معمول تشکیل دیا ۔[23]گرین پیس(Green Peace)اور ورلڈوائلڈ لائف فنڈ (WWF) جیسی تحریکوں نے ماحولیاتی مسائل کے سلسلے میںجو بیداری اور حساسیت پیدا کی اور ماحول دوست طرز زندگی اور پالیسیوں کے حوالے سے جن نئے معمولات کو عام کیا انہیں اب علمی حلقوں میں بڑے پیمانے پر تسلیم کیا جاتا ہے ۔[24]
اخلاقی بحران کی موجودہ صورت حال کو پیدا کرنے میں بھی اصل کردار ان اداروں کا ہے جنہوں نے اپنے تصورات کے مطابق عالم انسانیت کے ذہن و فکر اور رائے عامہ کو متاثرکیا۔چنانچہ جنسی بے راہ روی کا عالمی بحران یا خاندان کے ادارے کی بڑے پیمانے پر ٹوٹ پھوٹ ہو، ہم جنسی اور جنسی رجحان کے عنوانات سے آنے والی اخلاق باختگی ہو یا خواتین کی آزادی کے عنوان سے عریانیت اور بے لباسی کا عالمی طوفان ہو، ان سب رجحانات کی پشت پر متعدد اداروں کی مسلسل کاوشیں ہیں۔ ان اداروں نے مختلف النوع قسم کی سرگرمیوں کے ذریعے انسانی سماجوں کی سوچ ، ان کے تصورات اور ان کی اخلاقی حس کو متاثر کیا، صدیوں پرانے مستحکم معمولات کو ختم کیا اور سماجی کنٹرول کی مضبوط دیواروں کو منہدم کرکے اپنے من پسند رجحانات کی بڑے پیمانے پر ترویج کی ۔[25]
اگر اسلامی ادارے اسلامی تحریک کے اساسی مقصد کے تابع ہوں تو وہ بھی ایسے نئے معمولات تشکیل دے سکتے ہیں۔ اسلام کی بہت سی قدروں کو عا م کرکے نئے معمولات تشکیل دے سکتے ہیں۔ان شاء اللہ اگلی قسطوں کی تفصیلات اور عملی مشوروں سے یہ بات اور زیادہ واضح ہوگی۔

۵۔اسلام کی عملی شہادت اور رائے عامہ پر اثر اندازی:

تحریک اسلامی کی مطلوبہ تبدیلی کے لیے اسلام کے حق میں رائے عامہ کی تبدیلی درکار ہے۔ اس کے لیے جہاں دعوت دین یا قولی شہادت کی ضرورت ہے وہیں عملی شہادت بھی درکار ہے، یعنی اپنے کردار اور عمل سے اسلام کی تعلیمات کا نمونہ پیش کیا جائے اور اسلامی تعلیمات کی نافعیت کو اپنے عمل اور نمونے سے واضح کیا جائے۔انفرادی زندگی سے متعلق اسلام کی تعلیمات کی عملی شہادت کا ذریعہ تربیت یافتہ افراد کی زندگیاں ہوتی ہیں اور اجتماعی زندگی سے متعلق اسلام کی عملی شہادت کا اہم ذریعہ ادارے ہوتے ہیں۔ریاست یا حکومت سب سے بااثر اور اہم ترین ادارہ ہوتا ہے۔ اس لیے ایک مثالی اسلامی ریاست اسلام کی عملی شہادت کا موثر ترین ذریعہ ہوتی ہے۔ لیکن اگر ریاست موجود نہ ہو تو جزوی طورپر ہی سہی لیکن اسلامی اجتماعیات کے عملی نمونے اداروں ہی کے ذریعے سامنے آتے ہیں۔ ادارے نہ ہوں تو اسلامی اجتماعیات کی عملی شہادت دشوار ہوجاتی ہے۔اس لیے اسلامی اداروں کی اہم ذمے داری اور اصل کام یہ ہے کہ وہ اسلام کی مختلف تعلیمات کی عملی شہادت دنیا کے سامنے پیش کریں۔ اسکولوں اور کالجوں سے معلوم ہو کہ اسلام کا مثالی نظام تعلیم کیسا ہوتا ہے اور اسلامی تعلیمات کے زیر سایہ تعلیم و تربیت حاصل کرنے والی جنریشن کیسی ہوتی ہے ۔اسپتال اورطبی ادارے اسلام کے نظام صحت کانمونہ پیش کریں۔ وہ اُن عام اسپتالوں سے مختلف ہوں جو انسان کو محض جسم اور پرزوں کے مجموعے سے بننے والی مشین سمجھتے ہیں۔مالیاتی ادارے اسلام کے منفرد مالیاتی نظام کا شعور عام کریں اور اس کا عملی نمونہ پیش کریں۔

۶۔متبادل قیادتوں کی تیاری:

جو ادارے مذکورہ بالا مقاصد حاصل کرنے میں کام یاب ہوتے ہیں وہ سماج میں ایک متبادل قیادت ابھارتے ہیں۔ اسلامی تحریکوں کا ایک اہم مقصد صالح قیادت کا فروغ ہے۔ صالح قیادت کی ایک لازمی خصوصیت صالحیت ہے جو اسلامی تحریکوں کے تربیتی نظاموں کے ذریعے فروغ پاتی ہے اور دوسرا اہم پہلو صلاحیت ہے۔ قیادت محض صالحیت کی اساس پر تخلیق نہیں پاسکتی۔ وہ صلاحیت بھی چاہتی ہے۔سماج کی قیادت کے لیے اصلاً سماج کے تمدنی امور کو چلانے کی صلاحیت درکار ہوتی ہے۔ یہ صلاحیت ہوا میں پیدا نہیں ہوسکتی۔ یہ ان اداروں ہی میں فروغ پاتی ہے جو سماج کےتمدنی امور سے متعلق مختلف ذمے داریاں اپنے سر لیتے ہیں اورموجود طریقوں اور رواجوں سے کامیابی کے ساتھ نئے طریقے اور رواج فروغ دیتے ہیں۔ اوپر جن اداروں کا ذکر کیا گیا ہے ان سب کے تفصیلی مطالعے سے معلوم ہوتا ہے کہ انہوں نے ملکوں کی اور عالمی لیڈرشپ کے لیے ایک تربیت گاہ کا کردار بھی ادا کیا ہے۔ لوک اسکولوں کے تجربے نے نہ صرف فن لینڈ (Finland)جیسے ملکوں میں بہت اعلیٰ معیار کے نظام تعلیم کو فروغ دیا بل کہ آ ج اس تجربے سے وابستہ متعدد ماہرین تعلیم پوری دنیا کے نظام تعلیم کی قیادت کررہے ہیں ۔ [26]گرین پیس اور ڈبلیو ڈبلیو ایف جیسے اداروں نے ماحولیاتی جہد کاری کو ساری دنیا میں عام کیا اور وہ ماحولیاتی امور میں ساری دنیا کی قیادت کررہے ہیں۔[27]ایم ایس ایف کے ڈاکٹروں نے پوری دنیا کے نظامہائے صحت پر گہرے اثرات ڈالے ہیں اور طب و صحت کے میدانوں میں خدمت اور جہد کاری کو متعارف کراکے ایک نئی قیادت فراہم کررہے ہیں۔[28]
اسلامی اداروں کا اصل کام بھی یہی ہونا چاہیے کہ ان کے زیر سایہ مختلف میدانوں کی اعلیٰ درجے کی صلاحیتیں اور متبادل قیادتیں فروغ پا سکیں۔ایسے مردان کار سامنے آئیں جن کی نافعیت ان کے متعلقہ اداروں میں ثابت ہوجائے ۔
اس دفعہ ہم نے صرف اداروں کے کرداراور مقاصد پر گفتگو کی ہے۔ آئندہ مباحث سے واضح ہوگا کہ اسلامی تاریخ میں اداروں نے یہ کردار کیسے ادا کیا اور آج مختلف میدانوں کے اداروں میں اس طرح کے کردار کے لیے کن جوہری تبدیلیوں کی ضرورت ہے اور اداروں کی قیادت و تنظیم کی کیا شکل مطلوب ہے۔ نیز یہ بھی کہ اس کردار کی ادائیگی کے لیے تحریک اور اداروں کے درمیان تعلق کی احسن اور متوازن شکل کیا ہوسکتی ہے۔ ان سب حوالوں سے قارئین کے تبصروں اور مفید تجاویز کا استقبال ہے۔

  حواشی و حوالہ جات

[1] Salamon, Lester M (1995) Partners in Public Service: Government-Nonprofit Relations in the Modern Welfare State. Johns Hopkins University Press; pages 9-12
[2] إبراهیم البیومی غانم؛ تجدید الوعی بنظام الوقف الإسلامی؛ دار البشیر للثقافة والعلوم؛ القاهره2016 ;
[3] اس موضوع کی تفصیل کے لیے ملاحظہ ہو:
پروفیسر ڈاکٹر یاسین مظہر صدیقی (2002) عہد نبوی میں سماجی تحفظ کا نظام؛ مجلہ تحقیقات اسلامی؛ اکتوبر تا دسمبر 2002؛ ص21-47
[4] عبد الملك بن هشام؛ السیرة النبویة (ابن هشام)؛ مؤسسة علوم القرآن؛ ج1 ص134
[5] البلاذری، احمد بن یحی، انساب الاشراف (تحقیق محمد حمید اللہ) دارالمعارف مصر، ;1951ج١، ص ٢٧٠، ابن حبیب المحبر، ٧٠، ٧١
[6] ابن سعد ،تذکرہ ارقم ؓ بن ابی الارقم ۳/۲۴۲
[7] صحیح البخاری؛ کتاب الصلوٰة،باب المسجد فی الطریق.ح:476
[8] ابن حجر العسقلانی؛ فتح الباری شرح صحیح البخاری؛ باب مسجد قباء؛1134؛3/82؛دارالریان للتراث؛ 1986
[9] صحیح مسلم، فضائل الصّحابة، باب مؤاخاة النبیﷺ بین أصحابه رضی الله عنهم
[10] مفتی مبشر ؛ صفہ اوراصحاب صفہ؛ بیت العلوم؛ لاہور؛ 2007
[11] راغب السرجانیے روائع الأوقاف فی الحضارة الإسلامیة؛ شرکۃ نھضۃ مصر للنشر والتوزیع؛ القاھرہ؛ 2010
[12] دستورجماعت اسلامی ہند؛ مرکزجماعت اسلامی ہند؛ 2017؛ دفعہ 4 ص8
[13] Talcott Parsons;The Social System;Routledge;1991
[14] Civil Society, the Third Sector and Social Enterprise: Governance and Democracy. United Kingdom: Taylor & Francis, 2015.
[15] مولانا سید ابوالاعلی مودودی؛ خلافت و ملوکیت؛ادارہ ترجمان القرآن لمیٹیڈ؛ لاہور؛ 1966؛ ص 238-239
[16] اس نظام تعلیم اور اس علاقے کے نظام تعلیم پر اس کے اثرات کو سمجھنے کے لیے:
Tove Stjern Frones et. al. (edited); Equity, Equality and Diversity in the Nordic Model of Education. Germany: Springer International Publishing, 2021.
[17] Lundquist, Lennart. Housing and the Welfare State: The Development of Housing Policy in Sweden. Nordic Academic Press, 2004
[18] Nelson, Robert H. Lutheranism and the Nordic Spirit of Social Democracy: A Different Protestant Ethic. Denmark: Aarhus University Press, 2017.
[19] Whyte, William Foote., Whyte, Kathleen King. Making Mondragón: The Growth and Dynamics of the Worker Cooperative Complex. United States: Cornell University Press, 2014.
[20] Employee Ownership and Employee Involvement at Work: Case Studies. United Kingdom: Emerald Publishing Limited, 2018.
[21] https://www.alternativeradio.org/products/chon227/
[22] Hopgood, Stephen. Keepers of the Flame: Understanding Amnesty International. United Kingdom: Cornell University Press, 2006.
[23] اس ادارے کے کاموں کی تفصیل اور اس کے اثرات کے لیے ملاحظہ ہو:
Bortolotti, Dan. Hope in Hell: Inside the World of Doctors Without Borders
United States: Firefly Books, 2011.
[24] عالمی پالیسی سازی پرگرین پیس کے اثرات کو سمجھنے کے لیے:
Weyler, Rex. Greenpeace. New York: Rodale Books, 2004.
[25] اس موضوع کو تفصیل سے سمجھنے کےلیے ملاحظہ ہو:
سید سعادت اللہ حسینی؛ اصلاح معاشرہ منصوبہ بند عملی طریقے؛ مرکزی مکتبہ اسلامی پبلشرز؛ نئی دہلی؛ 2021؛ ص 70-87
[26] کس طرح اس سوسائٹی نے پورے یورپ کی پالیسیوں کو متاثر کیا اس کو سمجھنے کےلیے ملاحظہ ہو:
Andersen, Lene Rachel. The Nordic Secret: A European Story of Beauty and Freedom. Denmark: Nordic Bildung, 2024.
[27] Weyler, Rex. Greenpeace. New York: Rodale Books, 2004.
[28] Bortolotti, Dan. Hope in Hell: Inside the World of Doctors Without Borders. United States: Firefly Books, 2011.

٭ ٭ ٭

کوئی مکمل تحریک سماجی اداروں کو نظر انداز نہیں کرسکتی۔ اداروں کو درست رخ دیے بغیر اور مثالی اداروں کی نشوونما کے بغیرمعاشرے کی تعمیر ممکن ہی نہیں ہے۔گویا مثالی اداروں کا قیام اور اداروں کو درست رخ اور سمت فراہم کرنا اقامت دین کا محض ذریعہ نہیں ہے بلکہ یہ اقامت دین کے وژن (Vision)کا راست حصہ اور عین مقصد کا جزو ہے۔

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے