تلنگانہ کے سداشیو پیٹ میں ممتاکی ساڑیوں کی دکان ہے۔ سال۲۰۱۸ میں دسہرہ کے دوران شارٹ سرکٹ (Short Circuit)سے ان کی دکان میں آگ لگ گئی ،جس میں انہیں قریب ایک لاکھ روپے کا نقصان ہوا تھا۔ اس حادثے کے بعد اپنا کاروبار پٹری پر لانے کے لیے ممتاکو اپنے حوصلے کے علاوہ جس چیز سے سب سے بڑا سہارا ملا وہ’’ خدمت‘‘ کا بلاسودی قرض تھا۔ خدمت سداشیو پیٹ میں قریب چھ سال پہلے سے عام لوگوں کو بلاسودی قرض مہیا کرا رہا ہے۔
ممتا کی چھوٹی سی فیملی ہے، جس میں اس کے شوہر کے علاوہ پندرہ سال کا ایک بیٹا اور نو سال کی ایک بیٹی ہے۔ ممتا نے دسویں تک پڑھائی کی ہے۔ ممتا نے شادی کے بعد اپنے والد کی حوصلہ افزائی پر یہ کاروبار شروع کیاتھا۔ ان کے والدنے انہیں سمجھایا کہ اگر وہ اپنے پیروں پر کھڑی ہوجائےگی تو اس کا گھر بہتر طریقے سے چلے گا۔ ممتا پہلے پاس کے احمد نگر علاقے میں کرانہ کی دکان چلاتی تھیں۔ یہ کاروبار انہوں نے تقریبا آٹھ سال تک کیا۔ ایک بیٹی کی ماں بننے کے بعد زندگی کے سفر میں آگے بڑھتے ہوئے ممتا نے طے کیا کہ اب اسے کوئی دوسرا کاروبار بڑے پیمانے پر کرنا چاہیے۔اسی سوچ کے تحت اس نے ساڑی کا کاروبار شروع کیا۔ پہلے اس نے اپنے گھر سے یہ کا م شروع کیا۔ پھر اس کے بھائی نے اسے سداشیو پیٹ میں ایک دکان دلائی، جس میں آج ممتا کا ساڑی کا کاروبار ہے۔
ممتا کے بھائی بھی خدمت کے ممبر ہیں۔ ممتا کے کاروبار شروع کرتے وقت ہی اس کے بھائی نے آگاہ کردیا کہ باہر سے قرض لینے پر بہت زیادہ سود لگتا ہے اور مشورہ دیا کہ وہ بھی خدمت میں اپنا کھاتہ کھول لے۔ وہاں تیں ماہ تک صحیح طریقے سے کھاتہ چلانے پر بلاسودی قرض ملنا شروع ہوجاتا ہے،جو کاروبار کو آگے بڑھانے کے کام آئے گا۔
پرائیویٹ فائنانسر (Private Financer)کے قرض کے جال سے باہر
ممتا کرانہ کاروبار کے وقت سے ہی پرائیویٹ فائنانسر سے قرض لیتی رہی تھی۔ ان سے ممتا نے تقریبا ً بیس بار لون لیا تھا۔ ممتا نے بتایا :’’پرائیویٹ سے دس ہزار کا قرض لینے پر وہ سود کا دس فیصد کاٹ کر نو ہزار ہی دیتے تھے۔ اور اگر واپس کرنے میں دیر ہوجائے تو اور زیادہ چارج وصولتے تھے۔‘‘
اب خدمت سے جڑنے کے بعد ممتا پرائیویٹ فائنانسر کے جال سے باہر نکل چکی ہیں۔ملک کے مختلف حصوں میں رہنے والے سیکڑوں چھوٹے کاروباریوں کی طرح ممتا کو بھی خدمت سے جڑتے ہی فائدہ ہونا شروع ہو گیا۔ پہلے وہ بچت نہیں کرپاتی تھی لیکن اب وہ بچت کھاتے میں پیسہ جمع کرتی ہیں جو اس کے کاروبار میں بھی کام آتا ہے۔
خدمت کے بچت کھاتے کے بارے میں بتاتے ہوئے ممتا کہتی ہیں: ’’کھاتے سے اپنا پیسہ منٹوں میں نکل جاتا ہے۔ جب کہ دوسرے بینکوں میں مجھے اس کام میں گھنٹہ بھر لگ جاتا تھا۔ اتنی دیر تک میری دکان بند رہتی تھی تو کاروبار پر اثر پڑتا تھا۔ اُدھر وقت برباد ہوتا تھا، اِدھر وقت بچتا ہے۔‘‘
تقریباً چار سال پہلے خدمت سے جڑنے کے بعد ممتا نے اب تک چھ بار قرض لیا ہے۔ خدمت سے پہلا قرض پچاس ہزار روپے کا گولڈ لون لیا تھا۔ اور اس پورے پیسے سے اس نے حیدرآبادسے دکان کے لیے کاٹن (Cotton) اور سنتھیٹک (Synthetic)جیسی مختلف قسم کی ساڑیوں کا اسٹاک خریدا تھا۔
ممتا کہتی ہیں: ’’اب دو پیسے بچنے لگے ہیں، جس سے دکان دھیرے دھیرے بڑی ہورہی ہے۔‘‘
وہ چاہتی ہیں کہ رمضان، دسہرہ، دیوالی اور لگن جیسے موقعوں پر پچاس ہزار سے زیادہ کا قرض ملے تا کہ وہ زیادہ مال لا کر بڑے پیمانے پر کاروبار کرسکے۔ ممتا کے شوہر بھی خدمت کے ممبر ہیں اور خدمت سے قرض لے کر اپنا کاروبار کرتے ہیں۔
لمبی بھاگ دوڑ سے نجات
ممتا نے ایک بار ایک سرکاری بینک سے پچا س ہزار روپے کا قرض لیا تھا۔ دو وجہوںسے بینک سے قرض لینا ممتا کو زیادہ پسند نہیں آیا۔ ایک تو اسے قرض لینے کے لیے بہت زیادہ چکر کاٹنے پڑے، اور دوسرا بینک ہر مہینے ایک فیصد ( ۱۲فیصد سالانہ) کی در سے سود وصول رہا تھا۔ ممتا یاد کرتے ہوئے کہتی ہیں، ’’بینک کے قرض دینے کی کارروائی بہت لمبی ہے۔ وہ کاغذات نہ ہونے پر قرض نہیں دیتے ۔ بینک میں چکر لگانے سے لون ملتا ہے۔ خدمت میں جتنی جلدی قرض مل جاتا ہے اتنی جلدی کہیں نہیں ملتا۔‘‘
آپ نے دوبارہ بینک سے قرض کیوں نہیں لیا؟ اس سوال کے جواب میں ممتا کہتی ہیں کہ خدمت والے اچھے ہیں، اس لیے میںاب کہیں اور نہیں جاتی ۔
خدمت سے ہمیں دس منٹ میں قرض مل جاتا ہے۔ہمیں ان کے پاس جا کر قرض چکانے کی ضرورت بھی نہیں پڑتی۔ ان کا ڈیلی کلکٹر(Daily Collector) آکر پیسے لے جاتا ہے۔یہ سہولتیں ہم عورتوں کے لیے بہت موزوں ہیں۔
خدمت کے قرض کے دوسرے فائدے بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہاں کے قرض پر سود نہیں لگتا۔ سروس چارج لگتا ہے لیکن وہ بھی بہت کم۔ اور قرض واپسی میں دیر ہوجائے تو پریشان بھی نہیں کیا جاتا۔
خدمت کے قرض سے ممتا کا کاروبار بڑھ رہا ہے۔ ساتھ ہی ان کی زندگی بھی آسان اور بہتر ہورہی ہے۔ ممتا نے بتایا کہ پہلے بچوں کی پڑھائی کے لیے پیسے کم پڑتے تھے مگر اب خدمت کے قرض سے ہو رہی آمدنی سے بچوں کو اچھی طرح سے پڑھا پارہی ہوں۔ اب اسکول کی فیس بھرنے میں دقت نہیں ہوتی۔ دکان کا کرایہ دو ہزار ہے، کرایہ ادا کرنے کا تناؤ بھی اب نہیں رہتا۔
آمدنی بڑھنے سے ممتا نے گھر میں فریج ، کولر، اور واشنگ مشین خریدلی ہے، ساتھ ہی انہوں نے تھوڑا سا سونا بھی خریدا ہے۔ سونا خریدنے سے انہیں دوہرا فائدہ ہوا ہے۔پہلا یہ کہ اس کا اثاثہ بڑھا ہے، دوسرا یہ کہ وہ ضرورت پڑنے پر پہلے سے زیادہ بڑا گولڈ لون (Gold Loan)لے سکتی ہیں۔
ممتا کو خدمت سے ابھی صرف گولڈ لون (Gold Loan)ہی ملتاہے۔ اس لیے ممتا کے سب زیورات بالعموم خدمت کے پاس ہی جمع رہتے ہیں۔ اور ایسا ہونا اسے کئی دوسری طرح کی پریشانیوں سے دور رکھتا ہے۔ ممتا کہتی ہیں: ’’گھر میں سونا رکھنے سے ٹینشن رہتا ہے۔ خدمت میں سونا جمع ہے تو کوئی ٹینشن نہیں۔ شادی یا تہوار میں کبھی گہنوں کی ضرورت پڑتی ہے تو قرض چکا کر سونا لے آتے ہیں۔‘‘
خدمت کی اپنی انٹرنل آڈٹ (Internal Audit)کے بعد ایک بار ممتا کو قریب ساڑھے تین ہزار روپے واپس ملے۔ یہ اس سروس چارج کا حصہ تھا جو ممتا نے قرض کے عوض چکائے تھے۔ وہ بتاتی ہیں کہ ایسا ہونے پر انہیں بہت اچھا لگا۔
ممتا نے رحمت نگر علاقے میں پانچ چھ لوگوں کو خدمت سے جوڑا ہے۔ ممتا نے بتایا: ’’میں نے عورتوں سے بتایا کہ خدمت بہت اچھا ہے۔ آپ وہاں سے قرض لیں۔‘‘
عورتوں کو بھی ملے چیک کے عوض قرض
ممتا کا یہ بھی کہنا ہے کہ خدمت کو عورتوں کو بھی گولڈ لون کے ساتھ ساتھ چیک کی گارنٹی پر بھی قرض دینا چاہیے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ایسا ہونے پر ممتا کو اپنے کاروبار کے لیے بڑا قرض ملنے لگے گا۔
مگر خدمت ابھی عورتوں کو چیک کے عوض قرض نہیں دیتا ہے۔ کیو نکہ خدمت کا ماننا ہے کہ گوکڈ لون کی جگہ عورتوں کو اگر چیک کے عوض قرض دیا جائے اور قرض کی واپسی میں دیر ہونے لگے تو مردوں کے مقابلے عورتوں سے پیسے واپس حاصل کرنا سماجی اور دوسری وجوہات کی بنا پر بہت مشکل ہوتا ہے۔
ممتا چاہتی ہیں کہ خدمت قرض پر آنے والے سروس چارج کو اور کم کرے، قرض کی واپسی کے لیے جو مدت طے ہے اسے بڑھائے۔ وہ کہتی ہیں:
’’ابھی خدمت پچاس ہزار روپے کے گولڈ لون (Gold Loan)پر بطور سروس چارج قریب چار سو روپے لیتا ہے،یہ تین سو روپے ہونے چاہئیں۔ قرض کی ادائیگی کی مدت ابھی تین ماہ ہے، اسے اور زیادہ کرنے سے مجھے سہولت ہوگی۔ خاص کر تب جب میں مستقبل میں بڑا قرض لوں گی۔ بڑے قرض کی واپسی کے لیے چھ ماہ کا وقت ملنا چاہیے۔‘‘
ممتا کو خدمت کی سالانہ میٹنگ کا دعوت نامہ پابندی سے ملتا ہے۔ وہ دو تین بار میٹنگ میں گئی بھی ہیں، مگر کبھی اپنی بات رکھ نہیں پائیں۔ ممتا کی خواہش ہے کہ مستقبل میں وہ کسی میٹنگ میں جائیں تو وہ سب کچھ شیئر کریں جو انہیں خدمت کے بارے میں اچھا لگتا ہے، ساتھ ہی وہ قرض کی رقم، سروس چارج(Service Charge) اور قرض واپسی کی مدت پر بھی گفتگو کرنا چاہتی ہیں۔
ابھی چھوٹا قرض ملنے کی وجہ سے ممتا اپنی دکان میں مہنگی ساڑیاں نہیں رکھ پاتی ہے۔ اس وجہ سے اس کا کاروبار پوری رفتار سے نہیں بڑھ پارہا ہے۔ ممتا کی خواہش ہے کہ بڑے قرض سے وہ دس ہزار تک کی مہنگی ساڑیاں اپنی دکان میں رکھے، تاکہ اس کا کاروبار بھی بڑا ہوتاجائے۔ آنے والے وقت میں وہ اپنی دکان میں مردانہ کپڑے اور بیوٹی پروڈکٹس (Beauty Products)وغیرہ بھی رکھنا چاہتی ہے۔ ممتا خدمت کے ساتھ اپنے چار سال کے رشتے کو ان الفاظ میں بیان کرتی ہیں:
’’خدمت میں عزت کے ساتھ سروس بھی ملتی ہے، کچھ کہنے سے پہلے ہی خدمت والے میری ضرورت سمجھ لیتے ہیں۔ خدمت کے بارے میں جتنا بھی کہا جائے کم ہے۔‘‘
٭ ٭ ٭
ممتا خدمت کے ساتھ اپنے چار سال کے رشتے کو ان الفاظ میں بیان کرتی ہیں:
’’خدمت میں عزت کے ساتھ سروس بھی ملتی ہے، کچھ کہنے سے پہلے ہی خدمت والے میری ضرورت سمجھ لیتے ہیں۔ خدمت کے بارے میں جتنا بھی کہا جائے کم ہے۔‘‘


0 Comments